Tag: immigrants

  • سعودی عرب : پاکستان قونصلیٹ نے قونصلر وزٹ بحال کردیے

    سعودی عرب : پاکستان قونصلیٹ نے قونصلر وزٹ بحال کردیے

    ریاض : سعودی عرب میں پاکستان قونصلیٹ جدہ نے کرفیو کے خاتمے کے بعد مدینہ منورہ اور دیگر علاقوں میں قونصلر وزٹ بحال کردیے ہیں۔ اس حوالے سے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

    قونصلر خدمات کے لیے آنے والوں سے تمام احتیاطی اقدامات کی پابندی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ قونصلیٹ ذرائع کے مطابق مدینہ منورہ میں قونصلر ٹیم دس اور گیارہ جولائی کو دورہ کرے گی۔

    اس کا قیام پاکستان ہاؤس میں ہوگا, جازان، ابہا، ینبع، باحہ اور دیگر علاقوں کے لیے بھی قونصلر وزٹ کی تاریخوں کا اعلان کیا گیا ہے۔

    قونصلیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ قونصلر ٹیم ہرعلاقے میں دو دن قیام کرتی ہے، پہلے دن دستاویزات جمع کی جاتی ہیں اور دوسرے دن انہیں واپس کیا جا تا ہے۔

    یاد رہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عائد پابندیوں کے باعث قونصلر خدمات اور وزٹ معطل کردیے تھے۔

    کرفیو اٹھائے جانے کے بعد ریاض میں پاکستانی سفارت خانہ اور جدہ میں قونصلیٹ ویزا سروسز کےعلاوہ اپنی تمام قونصلرخدمات بحال کر چکا ہے۔ اس میں پاسپورٹ، نادرا شناختی کارڈ، دستاویزات کی تصدیق اور کمیونیٹی ویلفیئر سے متعلقہ تمام سروسز شامل ہیں۔

    قونصلر خدمات کے لیے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی سفارتخانے اور قونصلیٹ سے رجوع کر سکتے ہیں۔ سفارتخانے اور قونصلیٹ نے کمیونٹی سے درخواست کی ہے کہ وہ کورونا وبا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور سماجی فاصلے کا خصوصی خیال رکھیں۔

    پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد قونصلر خدمات کے لیے ہر روز سفارت خانے اور قونصلیٹ سے رجوع کرتی ہے۔ سعودی عرب میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حفاظتی تدابیر کے تحت پچاس سے زیادہ افراد کے جمع ہونے پر مکمل پابندی ہے۔ عوامی مقامات پر ماسک اور دو میٹر کا سماجی فاصلہ برقرار رکھنا بھی لازمی ہے۔

  • سعودی عہدیدار کا تارکین وطن کے حوالے سے اہم بیان

    سعودی عہدیدار کا تارکین وطن کے حوالے سے اہم بیان

    ریاض : سعودی عرب کی شوری ٰ کونسل کے رکن ڈاکٹر محمد عبداللہ آل عباس نے کہا ہے کہ مختلف ممالک سے روزگار کے لیے آنے والے لوگ مملکت کیلئے ناسور نہیں بلکہ ملکی تعمیر ترقی میں شراکت دار ہیں۔

    یہ بات انہوں نے سعودی اکنامک فورم میں خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ بعض لوگوں کا خیال ہے کہ غیر ملکی افراد سعودی عرب کے لیے کینسر کی طرح ہیں جو قطعی طور پر غلط بات ہے۔

     ان کا کہنا تھا کہ حقیقت یہ ہے کہ غیر ملکی افراد بھی ملکی تعمیر و ترقی میں ہمارے برابر کے شریک رہے ہیں بلکہ سعودی عرب کو اب بھی ماہر اور تربیت یافتہ ہنر مند کارکنوں کی ضرورت ہے۔

    ڈاکٹر محمد عبداللہ آل عباس کا کہنا تھا کہ میں غیر ملکیوں کا دفاع نہیں کر رہا لیکن ہمیں سچ بات کہنی چاہئے اور حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے بات کرنی چاہیے جو لوگ غیر ملکی افراد کو مملکت کے لیے نقصان دہ تصور کرتے ہیں وہ غلطی پر ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ جب سعودی عرب معاشی ترقی کی جانب گامزن ہوا تھا تو ہمیں غیر ملکی افراد کی اشد ضرورت تھی ہمیں غیر ملکی کارکنوں کو اس نظر سے نہیں دیکھنا چاہئے۔

    رکن شوری ٰ کونسل نے مزید کہا کہ یہ بات بھی درست ہے کہ آغاز میں مملکت میں ٹیکس اور فیسیں نہیں تھیں نہ ہی رقوم بھیجنے پر کسی قسم کی پابندی عائد تھی جس سے انہوں نے فائدہ اٹھایا تاہم یہ بھی درست ہے کہ غیر ملکی افراد نے سعودی عرب کی تعمیر و ترقی کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔

  • سعودی عرب نے تیز ترین جنگی کشتیاں حاصل کرلیں

    سعودی عرب نے تیز ترین جنگی کشتیاں حاصل کرلیں

    ریاض : سعودی عرب اور فرانس کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا ہے جس کے مطابق فرانس نے تیز ترین جنگی کشتیاں سعودی حکومت کے حوالے کی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فرانس نے ایک معاہدے کے تحت سعودی عرب کو3جنگی کشتیاں سپرد کی ہیں اس حوالے سے سعودی عرب کے مشرقی ریجن میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت سعودی بحریہ کے کمانڈر فہد بن عبداللہ الغفیلی نے کی۔

    تقریب میں فرانس نے ایچ ایس132 ساخت کی تیز رفتار تین جنگی کشتیاں جمعرات کے روز سعودی عرب کے سپرد کیں۔

    سعودی خبررساں ادارے کے مطابق اس موقع پر الغفیلی نے کہا کہ یہ جنگی کشتیاں سعودی عرب کے تزویراتی اور اہم مفادات کے تحفظ میں معاون ثابت ہوں گی۔ ان سے ہماری حربی استعداد اور ہمارا جنگی معیار بلند ہو گا۔

    انہوں نے کہا کہ یہ مخالف کشتیوں کو گھیرنے میں بے حد مؤثر ہیں، یہ دنیا بھر میں جدید ترین مانی جا رہی ہیں اور بہت ساری جنگی خوبیوں سے آراستہ ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ تین کشتیاں پہلی کھیپ کے طور پر ہمیں ملی ہیں، دوسری کھیپ آئندہ چند ماہ کے دوران مل جائے گی، ان کشتیوں کی بدولت سعودی عرب کا سمندری دفاع مزید مضبوط ہو جائے گا۔

    سعودی عرب نے فرانس کی سی ایم این کمپنی کے ساتھ ایچ ایس132 ساخت کی تیز رفتار جنگی کشتیاں بنانے اور برآمد کرنے کا معاہدہ کر رکھا ہے، معاہدے کے تحت جنگی کشتی کا ایک حصہ فرانس اور دوسرا حصہ سعودی عرب میں تیار کیا جائے گا۔

  • اب تک 37لاکھ غیرقانونی تارکین وطن گرفتارکرلیے ہیں، سعودی وزارت داخلہ

    اب تک 37لاکھ غیرقانونی تارکین وطن گرفتارکرلیے ہیں، سعودی وزارت داخلہ

    ریاض :سعودی وزارت داخلہ نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر قانونی تارکین سے پاک مہم کے تحت اب تک 37 لاکھ سے زائد غیر قانونی تارکین گرفتار ہوئے ہیں۔

    سعودی ایجنسی میں جاری ہونے والے اعلامیہ میں کہا گیا کہ گرفتار شدگان میں سعودی شہری بھی شامل ہیں جو اقامہ و لیبر قوانین کی خلاف ورزی کر نے والوں کی مدد کر رہے تھے۔

    سرکاری اعداد وشمار کے مطابق گرفتار شدگان کی مجموعی تعداد37 لاکھ14 ہزار418 ہے جن میں سے 28 لاکھ 99 ہزار 318 اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب تھے۔

    لیبر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے گرفتار شدگان کی تعداد 5 لاکھ 72 ہزار573 ہے جبکہ دو لاکھ 42 ہزار 527 ایسے افراد گرفتار ہوئے جو ملک کے سرحدوں کی خلاف ورزی کر رہے تھے۔

    وزارت داخلہ نے کہا کہ غیر قانونی طور پر سعودی عرب میں دراندازی کرنے والے 62 ہزار825 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں سے 46 فیصد یمنی ،51 فیصد ایتھوپین جبکہ 3 فیصد دیگر ممالک سے تعلق رکھتے ہیں۔

    اسی طرح 2718 ایسے افراد بھی گرفتار ہوئے ہیں جو غیر قانونی طور پر سعودی عرب کی سرحد عبور کرکے باہر جانے کی کوشش کر رہے تھے۔

    اقامہ ولیبر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو پناہ دینے ، ان کے ساتھ تعاون کرنے یا انہیں مختلف سہولتیں فراہم کرنے کے الزام میں4139 افراد گرفتار ہوئے، ان میں سے سعودی شہریوں کی تعداد1543 ہے جنہیں گرفتار کیا گیا ۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گرفتار شدگان میں سے 9 لاکھ 18 ہزار203 غیر ملکیوں کو مملکت سے بیدخل کردیا گیا ہے جبکہ باقی گرفتار شدگان میں سے بعض سزا پوری کر رہے ہیں اور بعض مملکت سے بیدخل کئے جانے کی کارروائی کے منتظر ہیں۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب نے ملک میں مقیم تارکین کو مملکت میں قیام اور کام کو قانون کے دائرے میں لانے کے لئے 6 ماہ کی مہلت دی تھی جس کے ختم ہونے پر”غیر قانونی تارکین سے پاک مہم“ کا آغاز کیا گیا تھا۔

  • جرمنی: تارکین وطن اور بے روزگاری سے نبرد آزما

    جرمنی: تارکین وطن اور بے روزگاری سے نبرد آزما

    برلن: یورپ کا ترقی یافتہ ملک جرمن اس وقت بے روزگاری اور تارکین وطن کے مسئلے سے دو چار ہے.

    تفصیلات کے مطابق جرمنی میں‌ پہلی بار بے روزگاری میں‌ اضافے کے اشارے ملے ہیں، جو آئندہ چند روز میں مزید واضح ہوسکتے ہیں.

    جرمن خبر رساں ادارے کے مطابق وفاقی ادارہ برائے شماریات کی جانب سے بدھ کو ایک رپورٹ جاری ہوئی، جس میں‌ موقف اختیار کیا گیا کہ یورپ کی اس سب سے بڑی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق اپریل میں بے روزگاری کی شرح 4.9 فی صد تھی، البتہ مئی میں یہ بڑھ کو پانچ فیصد ہو گئی۔

     اعداد وشمار واضح کرتے ہیں کہ اس ماہ کے دوران بے روزگار افراد کی تعداد بڑھ کر 2.24 ملین تک پہنچ گئی.

    مزید پڑھیں: جرمنی میں پانچ مسافروں کے لیے’اڑن ٹیکسی‘کی کامیاب پرواز

    ایک اور رپورٹ کے مطابق جرمنی 2018 سے اب تک ایک لاکھ بارہ ہزار تین سو غیر ملکیوں کو شہریت دے چکا ہے، جس سے اس کی معیشت پر بوجھ بڑھا ہے.

    شہریت حاصل کرنے والوں‌ میں اکثریت ترک باشندوں کی ہے. ایک رپورٹ کے مطابق 2018 میں سولہ ہزار سات سو ترک باشندوں کو جرمنی شہریت ملی۔

    خیال رہے کہ اسلاموفوبیا کے باوجود یورپ کے کئی ممالک نے اپنے دروازے مسلمان تارکین وطن کے لیے بند نہیں کیے.

  • وفاقی وزراء کے وفد نے نیو اسلام آباد ایئر پورٹ میں سہولیات کا جائزہ لیا

    وفاقی وزراء کے وفد نے نیو اسلام آباد ایئر پورٹ میں سہولیات کا جائزہ لیا

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وفاقی وزراء کے وفد نے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کرکے مسافروں اور تارکین وطن کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزراء کے وفد نے وزیر اعظم کی خاص ہدایت پر اسلام آباد ایئر پورٹ میں مسافروں اور تارکین وطن کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ وزراء میں فواد چوہدری، شہریارآفریدی، محمدمیاں سومرو، عامرمحمود کیانی شامل تھے۔

    وزرا کے وفد نے مسافروں اور تارکین وطن کو ایئرپورٹس پر دی جانے والی سہولیات کاجائزہ لیا، اس موقع پرسول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے وفاقی وزراء کو بریفنگ دی گئی۔

    وزراء نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر افرادی قوت کی کمی کی تفصیلات بھی مانگ لیں، اس کے علاوہ ایئرپورٹ منصوبے کی لاگت میں اضافے اورتعمیر میں غیرمعیاری کام کے ذمہ داروں کی تفصیلات بھی15روز میں طلب کرلیں۔

    اس موقع پر وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ تارکین وطن کئی گھنٹوں کی طویل مسافت طے کرکے واپس آتے ہیں، انہیں غیر رجسٹرڈ موبائل کی رجسٹریشن کیلئے لائن میں لگنا پڑتا ہے، ایئرپورٹ پر بیت الخلاء کی صفائی یقینی بنائی جائے۔

    وزیر مملکت برائے داخلہ شہریارآفریدی نے کہا کہ کسٹم، اےاین ایف اور ایف آئی اے کی کارکردگی قابل تحسین ہے، تینوں حکام ایک ساتھ مسافروں کے سامان کی چیکنگ کرتے ہیں، اسلام آباد ایئرپورٹ پرجدید اسکینر نصب کیے جائیں، جوں ہی کسی غیر ملکی کا پاسپورٹ اسکین ہو اس کی زبان میں ویلکم کہا جائے۔

  • ٹرمپ کو ایک اور جھٹکا : سپریم کورٹ سے بھی تارکین وطن پر پابندی کی درخواست مسترد

    ٹرمپ کو ایک اور جھٹکا : سپریم کورٹ سے بھی تارکین وطن پر پابندی کی درخواست مسترد

    واشنگٹن : امریکی سپریم کورٹ نے ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے تارکین وطن پر پابندی کی درخواست مسترد کردی، عدالت نے وفاقی جج کے فیصلے کو برقرار رکھا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک بار پر ہزمیت کا سامنا کرنا پڑا۔ امریکی سپریم کورٹ نے بھی وفاقی جج کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو میکسیکو سے امریکہ میں داخل ہونے والے غیر قانونی تارکینِ وطن کے داخلے پر پابندی لگانے سے روک دیا۔

    واضح رہے کہ رواں سال 4 اپریل کو ڈونلڈ ٹرمپ نے اس بات کا عزم کیا تھا کہ ملک کے جنوب میں واقع میکسکو کی سرحد کی حفاظت کے لیے وہ امریکی فوج تعینات کریں گے۔

    امریکی صدر نے اس سے قبل غیر قانونی تارکین وطن کے معاہدے کو ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے شمالی امریکہ کے آزاد تجارت کے معاہدے ’نافٹا‘ کو بھی ختم کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

    مزید پڑھیں: تارکینِ وطن پر پابندی، وفاقی جج نے ٹرمپ کا حکم نامہ معطل کردیا

    بعد ازاں عدالت کی جانب سے پناہ گزینوں سے متعلق نئے قوانین کی بحالی کی درخواست رد کی گئی تھی، وفاقی جج نے ٹرمپ کے تارکین وطن سے متعلق احکامات پرعمل درآمد رکوا دیا تھا۔

    وفاقی جج کے فیصلے کے خلاف امریکی صدر نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا، ٹرمپ نے عدالت سے غیرقانونی تارکین وطن پر پابندی بحال کرنے کی اپیل کی تھی لیکن اب سپریم کورٹ نے بھی ٹرمپ کے فیصلے کو ناقابل عمل قرار دیا ہے۔

  • سعودی عرب میں تارکین وطن کو مہلت، 45 دن رہ گئے

    سعودی عرب میں تارکین وطن کو مہلت، 45 دن رہ گئے

    ریاض: سعودی عرب حکومت کی جانب سے غیر قانونی مقیم افراد کو از خود ملک چھوڑنے کی مہلت ختم ہونے میں 50 سے بھی کم دن رہ گئے، اس دوران ملک چھوڑنے والوں کے فنگر پرنٹس نہیں لیے جائیں گے تاکہ وہ دوبارہ ملک آسکیں۔

    تارکین وطن کو تین ماہ کی مہلت دی تھی

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی حکومت نے ملک میں مقیم تارکین وطن کو تین ماہ میں ملک چھوڑنے کی مہلت دی تھی جسے ختم ہونے میں اب 50 سے بھی کم دن رہے گئے ہیں۔

    جرمانہ نہیں ہوگا، حراست میں نہیں لیا جائے گا

    سعودی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ اس مہلت سے فائدہ اٹھانے والے افراد کو خصوصی رعایت دی جائے گی، جرمانہ عائد نہیں کیا جائے گا، اسے حراست میں نہیں رکھا جائے گا۔

    فنگر پرنٹس نہ لے کر بلیک لسٹ نہیں کیا جائے گا

    اعلان کے مطابق غیر قانونی مقیم شخص کی واپسی کے دوران اس کے فنگر پرنٹس نہیں لیے جائیں گے تاکہ اگلی بار وہ شخص اگر درست اور قانونی راستہ اختیار کرتے ہوئے سعودی عرب آنا چاہے تو اسے ویزا مل سکے عام الفاظ میں کہیں تو ایسے شخص کو بلیک لسٹ نہیں کیا جائےگا۔

    مہم کے دوران 32 ہزار افراد ملک چھوڑ چکے

    العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق  سعودی وزارت داخلہ نے بتایا ہے کہ مملکت میں غیر قانونی مقیم افراد اور نظامِ اقامہ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ملک گیر مہم کے آغاز کے بعد سے اب تک 32 ہزار افراد سعودی عرب سے کوچ کر چکے ہیں۔

    مہلت کے بعد پکڑے گئے تو ٹیکس اور جرمانہ عائد، حراست اور بلیک لسٹ

    العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق اسی ضمن میں مہم کے معاون نگراں کرنل سفر بن دلیم نے تارکین وطن کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس رعایت سے فائدہ اٹھائیں ورنہ مہم کے بعد وہ یہاں پکڑے گئے تو ان پر تمام ٹیکسز اور جرمانے عائد کیے جائیں گے ساتھ ہی انہیں حراست میں بھی رکھا جائے گا۔

    ملک میں 78 مراکز قائم، 19 سرکاری ادارے شریک

    کرنل سفر بن دلیم کے مطابق اس مہم میں 19 سرکاری ادارے شریک ہیں اور ملک میں 78 مراکز قائم کیے گئے ہیں جہاں روزانہ غیر قانونی مقیم افراد کی بڑی تعداد خود کو پیش کررہی ہے۔

    مہم کا مقصد 10 لاکھ افراد کو سامنے لانا ہے

    اطلاعات ہیں کہ نوے روزہ اس مہم کا مقصد 10 لاکھ غیر قانونی مقیم افراد کو سامنے لانا ہے جن میں سے 2.85 لاکھ افراد اپنی ملازمتوں سے غائب ہیں۔

    سابقہ مہم میں 55 لاکھ افراد کو نکالا گیا

    چار سال قبل بھی اسی نوعیت کی ایک مہم شروع کی گئی تھی جس کے نتیجے میں 55 لاکھ غیر قانونی مقیم افراد کا کوچ اور ان کے معاملات کی درستی سامنے آئی تھی۔

    ڈیڈ لائن 31 جون تک ہے

    واضح رہے کہ سعودی حکام کی جانب سے غیر قانونی مقیم افراد کو ملک چھوڑنے کے لیے یکم اپریل تا 31 جون 90 روز کی مہلت دی گئی ہے۔


    سعودی عرب: غیرقانونی مقیم افراد کو 3 ماہ میں ملک چھوڑنے کی رعایت


    مہلت دینے سے قبل تمام شہروں میں سعودی حکام نے جگہ جگہ پریس کانفرنس کرکے اس مہم کی تشہیر بھی کی تھی تاکہ کوئی شخص لاعلم نہ رہ جائے۔

  • امریکہ: ایک کروڑ دس لاکھ تارکین وطن کو بے دخل کرنے کا فیصلہ

    امریکہ: ایک کروڑ دس لاکھ تارکین وطن کو بے دخل کرنے کا فیصلہ

    واشنگٹن : امریکہ نے ایک کروڑ دس لاکھ تارکین وطن کو ملک سے بے دخل کرنے کااعلان کر دیا، وائٹ ہاؤس کے ترجمان شان اسپائس نے صاف کہہ دیا کہ غیرقانونی طور پر رہنے والے اپنے ملکوں کو جانے کیلئے تیار رہیں،ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ ٹرمپ اتنظامیہ کا فیصلہ غیرانسانی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکہ نے ایک کروڑ دس لاکھ غیر ملکی تارکین وطن کو بے دخل کرنے کے منصوبے کا اعلان کر دیا۔ ہوم لینڈ سیکورٹی کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن کی گرفتاریوں کیلئے دس ہزار اضافی اہلکار بھرتی کئےجائیں گے۔

    ہوم لینڈ سیکورٹی کا کہنا ہے کہ جرائم میں ملوث اور سرکاری ایجنسیوں کے ساتھ جعل سازی کرنے والو ں کو ملک سے نکال باہر کریں گے اور ایسے افراد کی تعداد ایک کروڑ دس لاکھ کے قریب ہے،اعلامیہ کے مطابق امریکی کانگریس نےغیر قانونی تارکین وطن کیخلاف آپریشن کی منظوری دے دی ہے۔

    ہوم لینڈ سیکورٹی کے اعلامیہ پر انسانی حقوق کی عالمی تنظمیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کے ڈائرکٹر جسٹن میزولا نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ تارکین وطن کیخلاف آپریشن انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہوگی، امیگریشن پالیسیوں پر ٹرمپ انتظامیہ کے فیصلے غیر انسانی ہیں۔

    دوسری جانب ترجمان وائٹ ہاؤس شان اسپائسر نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ جرائم میں ملوث اور امریکی سلامتی کیلئے خطرہ بننے والے غیر قانونی تارکین وطن کو ڈی پورٹ کیا جائے گا۔

    شان اسپائسر نے مزید کہا کہ جرائم اور فراڈ میں ملوث تارکین وطن کو ڈی پورٹ کرنا ہوم لینڈ سیکورٹی کی ترجیح ہوگی، ترجمان وائٹ ہاؤس نے یہ بھی کہا کہ جن ریاستوں نے بغیر دستاویزات کے مقیم تارکین وطن کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کی ہیں ان کیخلاف بھی کاروائی ہوگی، صدر ڈونلڈ ٹرمپ بہت جلد امیگریشن پر نیا ایگزیکٹیو حکم نامہ جاری کریں گے۔