Tag: Important Decisions

  • پاکستان میں کورونا کی سنگین صورتحال، پابندیاں مزید سخت کرنے کا اعلان آج متوقع

    پاکستان میں کورونا کی سنگین صورتحال، پابندیاں مزید سخت کرنے کا اعلان آج متوقع

    اسلام آباد : پاکستان میں کورونا کی سنگین صورتحال کے پیش نظر پابندیاں مزید سخت کرنے کا اعلان آج متوقع ہے ، ہائی رسک شہروں میں سات سے دس دن کا لاک ڈاؤن لگایا جاسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے قومی رابطہ کمیٹی برائے کورونا کا اجلاس آج طلب کرلیا، جس میں کورونا کی تیسری لہر کے باعث پابندیوں پرغورکیا جائے گا، جس کے بعد کورونا پابندیوں میں سختی کا اعلان کیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ این سی او سی نے کورونا صورتحال پر پابندیاں سخت کرنے کیلئے تجاویز تیار کرلیں اور تمام تجاویز صوبوں کو بھجوا دیں، صوبے وفاق کی پابندیوں میں سختی کی تجاویز پر رائے دیں گے۔

    حکومت نے پابندیاں دو مراحل میں سخت کرنے کی تجویز دی ہے، پہلے مرحلے میں شام چھ سے سحری تک کاروباری سرگرمیاں بند رکھنے سمیت ہفتہ اور اتوار کو کاروباری سرگرمیاں مکمل بند کرنے کی تجویز ہے جبکہ دفاتر میں نصف عملےکی حاضری کے فیصلے پر سختی سےعملدرآمد کرانے اور دفاتر کےاوقات کارصبح 9 تا دوپہر 2 بجے تک کرنےکی تجویز بھی شامل ہیں۔

    ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے جم، ایکسرسائز سینٹرز کی مکمل بندش کی تجویز دی ہے اور کہا ہے کہ فیز ون میں کورونا پھیلاؤنہ رکنے پر لاک ڈاؤن کا نفاذ کیا جاسکتا ہے۔

    این سی او سی کے مطابق بیس فیصد سے زائد مثبت شرح والے شہروں میں مکمل لاک ڈاؤن کی تجویز جبکہ ہائی رسک شہروں میں سات سے دس دن کا لاک ڈاؤن کیا جا سکتا ہے۔

    سندھ حکومت نے بھی وفاقی حکومت کی مکمل پیروی کا فیصلہ کرلیا ہے۔۔۔ سندھ این سی اوسی کےفیصلوں پرمن وعن عمل کرے۔

  • پاکستان میں کورونا کیسز کی شرح میں اضافے کے تناظر میں اہم فیصلے

    پاکستان میں کورونا کیسز کی شرح میں اضافے کے تناظر میں اہم فیصلے

    اسلام آباد : کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر این سی او سی نے ملک میں ماسک کے استعمال پر سخت عملدرآمد اور تجارتی مقامات کو رات 10 بجے بند کرنے کی پالیسی دوبارہ نافذ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی، صوبائی متعلقہ حکام نے کورونا صورتحال اور حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی جبکہ کورونا کیسز کی شرح میں اضافے کے تناظر میں اہم فیصلے کئے گئے۔

    این سی او سی نے ملک میں ماسک کے استعمال پر سخت عملدرآمد کا فیصلہ کرتے ہوئے کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کردی۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے کہا کہ کورونا ہاٹ اسپاٹس پراسمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی جاری رہے گی تاہم 50 فیصد عملے کی ورک فرام ہوم پالیسی کا فیصلہ صوبوں کی مشاورت سے ہوگا۔

    این سی او سی نے اسلام آباد میں 50 فیصد اسٹاف گھر سے کام کی پالیسی فی الفور نافذ کرنے اور تجارتی مقامات کورات 10بجے بند کرنے کی پالیسی دوبارہ سے نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    اجلاس میں ملک بھر میں پارکس شام 6 بجے تک بند کرنے فیصلہ کرتے ہوئے انڈور شادی تقریبات اورکھانوں کی اجازت واپس لینے سمیت 15مارچ سے سینماز اور مزارات کھولنے کا فیصلہ بھی واپس لے لیا گیا تاہم آؤٹ ڈور کھانوں ، ٹیک اوے کی سہولت میسر رہے گی۔

    این سی اوسی نے کہا آؤٹ ڈور میں 300 سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی عائد ہوگی ، نئی نافذ کی گئی تمام پابندیوں کا جائزہ 12 اپریل کو دوبارہ لیا جائے گا، تاہم شہروں اور اضلاع میں ایس اوپیز کے اطلاق کیلئے صوبے خود مختار ہوں گے۔

  • اسلام آباد : سی پیک سے متعلق کابینہ کمیٹی کا پہلا اجلاس، اہم فیصلے کیے گئے

    اسلام آباد : سی پیک سے متعلق کابینہ کمیٹی کا پہلا اجلاس، اہم فیصلے کیے گئے

    اسلام آباد : سی پیک سے متعلق وفاقی کابینہ کے پہلے اور اہم اجلاس میں گوادر پورٹ اور سماجی شعبے کو ترقی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک چین اقتصادی راہداری کی کابینہ کمیٹی کا پہلا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات خسرو بختیار نے کی۔

    اس موقع پر کمیٹی اراکین کے علاوہ متعلقہ وزارتوں کے سیکریٹریز اور دیگرحکام بھی موجود تھے۔ اجلاس میں سی پیک منصوبوں،8ویں جوائنٹ کو آپریشن کمیٹی کیلئے جاری تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔

    کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ سی پیک کے تحت گوادر کو ترقی دی جائے گی، اس کے علاوہ خصوصی اقتصادی زونز، ریلویز کی اپ گریڈیشن کو ترجیح دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

    مزیدپڑھیں: سی پیک کی سیکورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جنرل قمر جاوید باجوہ

    اس حوالے سے سماجی شعبے کو ترقی دینے اور سی پیک میں تیسرے فریق کی شرکت پرتوجہ دی جائے گی، کمیٹی نے سی پیک کے تمام جوائنٹ ورکنگ گروپس کے کنوینرز کو ہدایت دی کہ آئندہ اجلاسوں میں تفصیلی ایجنڈا 30ستمبر تک منظوری کیلئے پیش کریں۔

    مزید پڑھیں: تین ماہ میں ’سی پیک صنعتی تعاون کے شعبے‘ میں واضح پیش رفت ہوگی، خسرو بختیار

    ذرائع کے مطابق جوائنٹ ورکنگ گروپس کے اجلاس رواں سال اکتوبر میں بلائے جارہے ہیں،8ویں جوائنٹ کو آپریشن کمیٹی کا اجلاس دسمبر کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے۔

  • وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس، اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے اہم فیصلے

    وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس، اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے اہم فیصلے

    اسلام آباد : حکومت نے اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے قوانین کو مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کرلیا،  وزیر اعظم عمران خان نے  اٹارنی جنرل کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اسمگلنگ کی روک تھام سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیرخزانہ اسدعمر، وزیرمملکت داخلہ، مشیر ادارہ جاتی اصلاحات ودیگر نے شرکت کی۔

    اس موقع پر حوالہ ہنڈی کی روک تھام کے لئے قوانین میں ترامیم مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا،وزیراعظم نے حوالہ ہنڈی کی روک تھام سے متعلق کمیٹی قائم کردی جو ایک ہفتے کے اندر سفارشات مرتب کرکے وزیراعظم کو پیش کرے گی۔

    اٹارنی جنرل کی سربراہی میں قائم کمیٹی میں کسٹم، اسٹیٹ بینک، ایف بی آر اور ایف آئی اے ارکان شامل ہوں گے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وزارت داخلہ انتظامی اقدامات پر اپنی سفارشات مرتب کرے۔