Tag: Important instructions

  • سعودی عرب : عمرہ زائرین کیلیے اہم ہدایات جاری

    سعودی عرب : عمرہ زائرین کیلیے اہم ہدایات جاری

    مکہ مکرمہ : سعودی وزارت حج و عمرہ نے عمرہ زائرین کے لئے اہم ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پرمٹ میں درج تاریخ اور وقت کی پابندی کریں۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں عمرہ زائرین سے امید ظاہرکی ہے کہ وہ عمرہ پرمٹ میں درج مقررہ تاریخ اور وقت کی پابندی کریں جس پر وہ عمرہ زائرین کے شکر گزار ہوں گے۔

    ترجمان وزارت حج و عمرہ نے کہا کہ ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی ان تمام زائرین کا عمرہ قبول فرمائے۔ واضح رہے عمرہ کی ادائیگی کے لیے پرمٹ کی شرط پر ہنوز عمل درآمد جاری ہے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل سعودی وزارت حج و عمرہ نے خواتین زائرین عمرہ کے لیے ڈریس کوڈ جاری کیا تھا۔

    سعودی وزارت حج وعمرہ جس کے مطابق خواتین عمرے کے لیے غیر آرائشی لباس کا انتخاب کریں۔ لباس ڈھیلا ہونا چاہیے جو جسم کے کسی بھی حصے کو ظاہر نہ کرے۔

     

  • سعودی حکومت کی غیرملکی عمرہ زائرین کیلئے اہم ہدایات

    سعودی حکومت کی غیرملکی عمرہ زائرین کیلئے اہم ہدایات

    ریاض : سعودی وزارت حج و عمرہ نے دنیا بھر سے مملکت میں آنے والے عمرہ زائرین کی رہنمائی کیلئے اہم ہدایات جاری کی ہیں۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق بیرون مملکت سے عمرہ زائرین کی آمد شروع ہوچکی ہے اس حوالے سے وزارت حج وعمرہ کی جانب سے عمرہ زائرین کی رہنمائی کے لیے اہم معلومات سے انہیں مطلع کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

    اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ عمرہ زائرین ضرورت کی اہم اشیاء جن میں شناختی کارڈ اور ہنگامی ٹیلی فون شامل ہیں کو زائرین اپنے ہاتھ والے بیگ میں رکھیں۔

    وزارت حج وعمرہ کا کہنا ہے کہ بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین کو چاہئے کہ وہ اپنے ہمراہ بیگ میں پاسپورٹ، شناختی کارڈ (خلیجی ممالک کے زائرین کے لیے) ، عمرہ ایجنٹ کا نمبر رابطہ نمبر اور ایڈریس، عمرہ کے لیے مخصوص دعاؤں کی کتاب کے علاوہ ہنگامی حالت میں رابطہ کرنے کے لیے ٹیلی فون نمبرز اپنے ہمراہ رکھیں۔

    وزارت حج وعمرہ کا مزید کہنا ہے کہ عمرہ کے لیے زائرین جب بھی اپنی رہائش گاہ سے نکلیں تو موسم کی صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے پانی کی بوتل اور چھتری ضرور اپنے ساتھ رکھیں۔

    اس کے علاوہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے اہم مقامات کے نقشے کی سہولت بھی موجود ہے زائرین کوچاہئے کہ وہ دونوں شہروں کا نقشہ ساتھ رکھیں تاکہ کسی قسم کی دشواری کی صورت میں نقشے کی مدد سے اپنی رہائش یا دیگر مقامات تک پہنچ سکیں۔

    دریں اثنا وزارت حج وعمرہ نے زائرین کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی غیرمعمولی صورتحال میں وزارت کے شکایات مرکز کے نمبر920002814 پررابطہ کیا جاسکتا ہے۔ مذکورہ نمبرمدینہ منورہ، مکہ مکرمہ اورجدہ کے لیے یکساں ہے۔

    خیال رہے کہ وزارت حج وعمرہ کی جانب سے عمرہ سروسز فراہم کرنے والی کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے زیر انتظام آنے والے عمرہ زائرین کا خیال رکھیں اورانہیں وہ تمام سہولتیں مہیا کریں جس کی انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے۔

    اگر عمرہ سروس کمپنی کی جانب سے زائرین کو مقررہ خدمات مہیا نہیں کی جاتیں یا سہولیات کی فراہمی میں کوتاہی ہوتی ہے تو اس صورت میں عمرہ زائر کا حق ہے کہ وہ اپنی شکایت وزارت حج وعمرہ کے شکایت سیل میں درج کرائے۔

    واضح رہے کہ حج سیزن کے اختتام کے ساتھ ہی اس برس نئے سال ہجری کے پہلے دن سے بیرون ممالک سے عمرہ زائرین کی آمد کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے، مختلف ممالک سے عمرہ زائرین کی آمد جاری ہے۔

  • کویت جانے والے تمام مسافروں کے لیے اہم ہدایت جاری

    کویت جانے والے تمام مسافروں کے لیے اہم ہدایت جاری

    کویت : کویتی امیگریشن حکام نے ان تمام غیرملکی تارکین وطن کیلئے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں، جس میں کہا گیا ہے کہ کویت میں داخلے سے قبل ان ہدایات پر لازمی عمل کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق کویت حکومت نے کویت آنے اور جانے والوں کے لیے بائیومیٹرک نظام کو لازمی قرار دے دیا ہے۔ کویتی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزارت داخلہ نے فضائی، زمینی اور بحری راستے سے کویت آنے اور جانے والے ملکی اور تمام غیرملکیوں کے لیے بائیو میٹرک سسٹم کو لازمی قرار دیا ہے۔

    بائیو میٹرک سسٹم کے تحت دونوں ہاتھوں کی تمام انگلیوں کے پرنٹ اور چہرے کی اسکینگ کی جائے گی۔ اس ضمن میں بائیومیٹرک کے خصوصی سسٹم کویت کے تمام امیگریشن آفسز کوفراہم کردیے گئے ہیں۔

    کویتی امن عامہ کے ذرائع کا اس حوالے سے مزید کہنا ہے کہ بائیو میٹرک سسٹم کا اجراء مسافروں کی سہولت کے لیے کیا گیا ہے جس کا مقصد ادارہ امن عامہ کے سسٹم کو فول پروف بنانے کے علاوہ مسافروں کو امیگریشن کی کارروائی میں ہونے والی تاخیرکوختم کرتے ہوئے مسافروں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔

    ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ نئے سسٹم سے مسافروں کو امیگریشن کی کارروائی مکمل کرنے میں محض 40 سیکنڈ کا وقت لگے گا جبکہ کسی قسم کی انسانی غلطی کا امکان بھی ختم ہوجائے گا۔

    نئے نصب کیے جانے والے بائیو میٹرک نظام کو انفارمیشن سسٹمز ایڈمنسٹریشن کے ادارے سے منسلک کیا گیا ہے جہاں مرکزی کنٹرول روم میں تمام ڈیٹا اکھٹا کیاجائے گا۔

    ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ نئے سسٹم کی وجہ سے جعل سازی کے تمام کیسز کی فوری شناخت ممکن ہوسکے گی جبکہ ایسے افراد کے بارے میں بھی معلوم ہوجائے گا جو قانون کو مطلوب ہیں یا وہ جنہیں کویت میں ہمشیہ کے لیے بلیک لسٹ کیا جاچکا ہو اور وہ کسی دوسرے جعلی پاسپورٹ پر دوبارہ کویت آنے کی کوشش کرتے ہیں۔