Tag: importers

  • ایرانی کھجور کی ڈیوٹی میں کمی، تاجروں کا اظہار اطمینان

    ایرانی کھجور کی ڈیوٹی میں کمی، تاجروں کا اظہار اطمینان

    فیصل آباد : ایرانی کھجور پر ریگولیٹری ڈیوٹی 74سے کم کرکے 10فیصد کرنے کے حکومتی اقدام پر تاجر برادری نے اظہا تشکر کرتے ہوئے اپیل کی کہ دیگر مسائل پر بھی توجہ دی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کی ہول سیل فوڈ سٹف کے حوالے سے قائمہ کمیٹی کے چیئرمین شیخ محمد فاضل نے کہا ہے کہ ایرانی کھجور پر ریگولیٹری ڈیوٹی 74سے کم کر کے 10فیصد کرنے پر حکومت کے مشکور ہیں۔

    انہوں نے کمیٹی کے اجلاس میں اپیل کی کہ درآمدی اشیائے خورونوش کو ترجیحی بنیادوں پر کلیئر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ریٹیل کسٹمرز کے پاس جی ڈی، بل آف لینڈنگ یا کسٹم پیڈ ڈیوٹی کے کاغذات نہیں ہوتے کیونکہ وہ بڑے درآمد کنندگان سے یہ سامان خریدتے ہیں اس لئے ریٹیل کسٹمرز کو کاغذات کی آڑ میں پریشان نہیں کرنا چاہیے۔

    انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ڈرائی پورٹ پر بعض مسائل کی وجہ سے درآمد کنندگان فیصل آباد سے مال کلیئر کرانے کی بجائے لاہور اور کراچی سے اپنے مال کی کلیئرنس کرانے کو ترجیح دیتے ہیں لہٰذا ارباب اختیار کو اس صورتحال کا تدارک کرنا ہوگا۔

    اجلاس میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے کہا کہ تاجروں کے جائز مسائل کے حل کے لیے چیمبر کی جانب سے ہر سطح پر کوششیں جاری ہیں اور اس سلسلہ میں متعلقہ سیکٹرز کو اپنے مسائل کی نشاندہی کیساتھ ساتھ ان کے حل کے لیے قابل عمل سفارشات بھی پیش کرنی چاہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ چیمبر مختلف ایسوسی ایشنز سے رابطہ کرکے ان کے مخصوص مسائل معلوم کر رہاہے جبکہ ان ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں کو بھی چیمبر آنے کی دعوت دی گئی ہے تاکہ مل کر جائز مسائل کو حل کیا جا سکے۔

    انہوں نے کہا کہ درآمدی اشیائے خورونوش کی کلیئرنس میں غیر معمولی تاخیر سے نہ صرف ان کے خراب ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں بلکہ درآمد کنندگان کو ڈیمرج کی مد میں بھاری چارجز بھی ادا کرنے پڑ رہے ہیں۔ اجلاس میں علی رضا، عبداللہ عابد و دیگر نے بھی شرکت کی اور اپنے مسائل پیش کئے۔

  • چائے کے شوقین پاکستانیوں کیلئے بری خبر

    چائے کے شوقین پاکستانیوں کیلئے بری خبر

    لاہور : پٹرولیم مصنوعات اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اب چائے کی پتی بھی مہنگی کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق چائے کی پتی مزید200روپے اضافے کے بعد اب1800روپے فی کلو تک پہنچ گئی، اس حوالے سے چائے کے بیوپاریوں نے اس کا الزام بھی حکومت پر عائد کردیا۔

    چائے کے درآمد کنندگان کا کہنا ہے کہ چائے کی پتی کی درآمد رکنے کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، چائے کی درآمد گزشتہ4 ماہ سے رکی ہوئی ہے۔

    چائےامپورٹرز کے مطابق چائے کے250کنٹینرز کراچی پورٹ پر کلیئرنس کے منتظر ہیں، چائے کےمزید250کنٹینرز سمندری راستے پر ہیں،  ان کا مزید کہنا ہے کہ پورٹ پر کھڑے کنٹینرز جلد کلیئر نہ کئے گئے تو ماہ رمضان میں چائے بہت مہنگی ہوجائے گی۔

    مزید پڑھیں : پاکستانی عوام کروڑوں ڈالر کی چائے پی گئے

    علاوہ ازیں گزشتہ ماہ ادارہ شماریات کی جاری رپورٹ کے مطابق جولائی تا دسمبر کے 6ماہ میں سالانہ بنیادوں پر غذائی اشیاء کی درآمدات میں 2.4 فیصد اضافہ ہوا، اس دوران31کروڑ87 لاکھ ڈالرز کی چائے درآمد کی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیادوں پر چائے کی درآمدات میں6.05فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ جولائی تا دسمبر2ارب8کروڑ22لاکھ ڈالرز کا پام آئل درآمد کیا گیا۔