Tag: imprisoned

  • امریکا میں امیر قطر کے بھائی پر عملے کو یرغمال بنانے اور اقدامِ قتل کا مقدمہ درج

    امریکا میں امیر قطر کے بھائی پر عملے کو یرغمال بنانے اور اقدامِ قتل کا مقدمہ درج

    واشنگٹن/ دوحہ: متاثرہ افراد نے الزام عائد کیا ہے کہ امیر قطر کے بھائی نے اپنی امریکی سکیورٹی کے عملہ کے ایک رکن کو دوافراد کے قتل پر آمادہ کرنے کی کوشش کی تھی ۔

    تفصیلات کےمطابق امریکا میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے بھائی کے خلاف اپنے عملہ کے دو ارکان کو قتل کرنے کی دھمکی دینے اور ایک کو زیر حراست رکھنے پر مقدمہ دائر کیا گیا ہے،شیخ خالد بن حمد آل ثانی کے خلاف 23جولائی کو امریکا کی ایک وفاقی عدالت میں قانونی درخواست دائر کی گئی تھی۔

    اس میں ان پر الزام عائد کیا گیا کہ انھوں نے اپنی امریکی سکیورٹی کے عملہ کے ایک رکن کو دوافراد کے قتل پر آمادہ کرنے کی کوشش کی تھی اور اس کو ایک تیسرے امریکی کو زیر حراست رکھنے کا حکم دیا تھا،اس قانونی عذر داری میں ایک اور درخواست گزار کی شکایت بھی شامل ہے۔

    اس میں اس دوسرے درخواست گزار نے دعویٰ کیا کہ ا س کو شیخ خالد کے لیے خدمات کی انجام دہی کے دوران میں ایک احاطے میں زیر حراست رکھا گیا تھا اور بندوق سے ڈرایا دھمکایا گیا تھا۔

    اس نے کہا کہ اس کو دیوار سے پھاند کر بھاگ جانے کی کوشش میں زخم آئے تھے جن کے علاج کے لیے اس کو سرجری کی ضرورت پیش آئی تھی،امریکا کی ایک خبری ویب گاہ ڈیلی کالر نے پہلے اس قانونی درخواست کی اطلاع دی تھی۔

    اس کے مطابق دونوں درخواست گزار، سکیورٹی گارڈ میتھیو پیٹارڈ اور طبی اہلکار میتھیو ایلنڈے، شیخ خالد کے لیے امریکا اور قطر میں کام کرتے رہے تھے،اس کے علاوہ قطری شیخ دنیا بھر میں جہاں کہیں سفر پر جاتے تھے تو وہ بھی ان کے ہمراہ ہوتے تھے۔

    شیخ خالد پر مبینہ طور پر یہ الزام عاید کیا گیا ہے کہ انھوں نے پیٹارڈ کو دو افراد کو ستمبر2017ءاور نومبر 2017 میں لاس اینجلس میں قتل کرنے کے لیے کہا تھا۔ان میں ایک مرد اور ایک عورت تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امیر قطر کے بھائی ان دونوں کو اپنی ذاتی شہرت اور سکیورٹی کے لیے خطرہ سمجھتے تھے مگر ان کے محافظ پیٹارڈ نے ان کی غیر قانونی درخواست پر عمل کرنے سے انکار کردیا تھا۔

    ان پر عائد کردہ الزامات میں سے ایک میں کہا گیا کہ انھوں نے ایک امریکی شہری کو ایک سے زیادہ مرتبہ حراست میں رکھا تھا۔

    اس قانونی درخواست میں شیخ خالد پر الزام عائد کیا گیا کہ انھوں نے ایک امریکی شہری کو دو مواقع پر اس کی منشا کے خلاف حراست میں رکھا تھا،دوحہ میں امریکی سفارت خانہ اور پیٹارڈ اس امریکی کی مدد کو آئے تھے اور انھوں نے اس کے قطر سے فرار میں مدد دی تھی۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ جب شیخ خالد کو میتھیو پیٹارڈ کی اس حرکت کا پتا چلا تھا تو انھوں نے یہ دھمکی دی تھی کہ پیٹارڈ کو اس کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔

    شیخ نے پیٹارڈ کو براہِ راست قتل کرنے اور اس کی لاش صحرا میں پھینکنے میں دھمکی دی تھی۔

  • ن لیگی رہنما حنیف عباسی کوجیل سے شیخ زید اسپتال منتقل کرنے کا حکم

    ن لیگی رہنما حنیف عباسی کوجیل سے شیخ زید اسپتال منتقل کرنے کا حکم

    لاہور : لاہورہائی کورٹ نےایفیڈرین کیس میں سزاء یافتہ ن لیگی رہنما حنیف عباسی کوجیل سے شیخ زید ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت گیارہ اپریل تک ملتوی کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی، حنیف عباسی کے وکیل نے کہا کہ حنیف عباسی دل اورگردوں کے عارضہ میں مبتلا ہیں انہیں علاج کے لئے اسپتال منتقل کیا جائے۔

    سرکاری وکیل نے کہا کہ حنیف عباسی کی طبی رپورٹس منگوا لی جائیں، جس پر عدالت نے کہا اگر آپ بیمار ہوں تو آپ کو بھی اسپتال بھجوانا چاہئیے ، یہ انسانی صحت کا معاملہ ہےاتنا سخت رویہ اختیار نہیں کرنا چاہئیے۔

    عدالت نے حنیف عباسی کوجیل سے شیخ زید ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دے دیا اور دو رکنی بنچ نے سزاء کے خلاف حنیف عباسی کی اپیل پرسماعت گیارہ اپریل تک ملتوی کر دی۔

    یاد رہے اپیل میں حنیف عباسی نے موقف اختیار کیا ہے کہ انسدادِ منشیات عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے اہم قانونی نکات کو نظر انداز کیا. ادویات سازی کے لیے ایفیڈرین منگوائی گئی مگر بے بنیاد مقدمہ بنا دیا گیا۔

    مزید پڑھیں : حنیف عباسی کی طبیعت سنبھل گئی، واپس جیل منتقل

    اپیل میں کہا گیا کیس میں نامزد دیگر سات ملزموں کو رہائی مل چکی ہے مگر حنیف عباسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بناتے ہوئے مقدمہ بنایا گیا . ٹرائل عدالت نے فیصلہ جاری کرتے وقت اصل حقائق کو نظر انداز کیا، ہائی کورٹ حنیف عباسی کی سزا معطل کرکے رہا کرنے کا حکم دے۔

    یاد رہے چند روز قبل ایفی ڈرین کیس میں سزا یافتہ مسلم لیگ کے رہنما حنیف عباسی کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا، جس کے بعد جیل انتظامیہ نے انہیں کنگا رام اسپتال منتقل کیا، اسپتال میں الرجی کا مرض بھی سامنے آیا جس کی ادویات فراہم کردی گئیں تھیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال 21 جولائی کو انسداد منشیات عدالت نے ایفی ڈرین کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما کو مجرم قرار دے کر عمر قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

    مسلم لیگ کے رہنما کو سزا سنانے کے بعد اے این ایف نےگرفتار کرلیا تھا۔ بعدازاں حنیف عباسی کو اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا تھا۔

  • غیر ملکی جیلوں میں 11803 پاکستانی سزائیں کاٹ رہے ہیں، رپورٹ

    غیر ملکی جیلوں میں 11803 پاکستانی سزائیں کاٹ رہے ہیں، رپورٹ

    اسلام آباد : وزارت داخلہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غیر ملکی جیلوں میں 11803 پاکستانی قیدوبند کی صعوبتیں کاٹ رہے ہیں،سب سے زیادہ قیدی سعودی عرب کی جیلوں میں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بیرون ملک پاکستانی قیدیوں سے متعلق وزارت داخلہ کی رپورٹ کے مطابق بیرونی ممالک میں 88 لاکھ پاکستانی رہائش پزیر ہیں، مجموعی طور پر 11803 پاکستانی جیلوں میں سزائیں کاٹ رہے ہیں۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ سعودی عرب میں سب سے زیادہ 2937 پاکستانی قید ہیں۔

    وزارت داخلہ کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں 10 ہزار پاکستانی رہائش پزیر ہیں، جن میں سے 582 قید ہیں، افغانستان میں 177 اور ایران میں 186 پاکستانی جیلوں میں ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق چین میں 242 جبکہ امریکہ میں دو پاکستانی جیلوں میں قید ہیں۔

    وزارت داخلہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرون ملک قید پاکستانیوں کی رہائی کے لیے وزارت خزانہ سے 35000 ڈالرز کا فنڈ مانگا گیا ہے، پاکستانیوں کی رہائی میں مختلف محکمے اور ممالک شامل ہیں، جس کے باعث مزید وقت درکار ہے۔

    یاد رہے رواں سال فروری میں سینیٹ اجلاس میں وزیرخارجہ خواجہ آصف نے بیرونِ ملک نظر بند کیے گئے پاکستانیوں سے متعلق رپورٹ جمع کرائی تھی ، جس کے مطابق 10 ہزار 715 پاکستانی باہر ممالک کی جیلوں میں موجود ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق پاکستانیوں کی سب سے زیادہ تعداد سعودی عرب کی جیلوں میں قید ہے جبکہ یو اے ای میں بھی 2 ہزار 710 پاکستانی شہری نظر بند ہیں۔

    واضح رہے کہ اچھی آمدن حاصل کرنے کے لیے پاکستانیوں کی بڑی تعداد مختلف ممالک کا رخ کرتی ہے۔