Tag: Imran Ali

  • تنہا چوٹیاں سر کرنے والا راک کلائمبر عمران علی جاں بحق

    تنہا چوٹیاں سر کرنے والا راک کلائمبر عمران علی جاں بحق

    کوئٹہ: پہاڑوں کی چوٹیاں تنہا سر کرنے والا کلائمبر عمران علی جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے مشہور اور باصلاحیت راک کلائمبر عمران علی ہزارہ کوہ مردار سے گر کر جاں بحق ہو گئے، خاندانی ذرائع نے بھی تصدیق کر دی ہے۔

    خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران علی کوہ مردار پر معمول کی کلائمبنگ پریکٹس کرنے گئے تھے، پہاڑی پر کلائمبنگ کرتے ہوئے عمران علی اونچائی سے گر گئے۔

    راک کلائمبر عمران علی ہزارہ 360 وال کو عبور کرنے کے دوران اونچائی سے گرے، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ان کی موت پر اظہار افسوس کیا ہے۔

    نامور پاکستانی کوہ پیما علی رضا سدپارہ اسکردو میں انتقال کر گئے

    جوان کوہ پیما کی لاش عملدار روڈ منتقل کر دی گئی ہے، عمران علی راک کلائمبنگ میں اپنی پہچان بنانا چاہتے تھے، اور ان کی خواہش تھی کہ پاکستان کی تمام چوٹیاں سر کر لیں۔

    36 سالہ عمران علی کوئٹہ کے رہائشی تھے، ان کا تعلق بلوچستان کے ہزارہ قبیلے سے ہے جو ماڑی آباد میں رہائش پذیر ہے، گزشتہ برس سوشل میڈیا پر ان کی راک کلائمبنگ کی ایک خطرناک ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی، جس میں وہ چار شاخ پہاڑ پر چڑھ رہے تھے، اس پر انھیں نوٹس بھی ملا تھا۔

    واضح رہے کہ پہاڑی چٹانوں پر چڑھنا ایک انتہائی مشکل اور خطرناک کھیل سمجھا جاتا ہے، اس میں کلائمبر کھڑی چٹانوں کو سر کرتے ہیں اور وہ بھی اکثر کسی حفاظتی ساز و سامان کے، اس لیے گرنے کی صورت میں 99 فی صد موت ہی کا امکان ہوتا ہے۔

  • شہباز شریف کے داماد کے دست راست کا کروڑوں روپے کی کرپشن کا اعتراف

    شہباز شریف کے داماد کے دست راست کا کروڑوں روپے کی کرپشن کا اعتراف

    لاہور : سابق وزیر اعلی پنجاب اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کے داماد کے دست راست اکرام نوید نے اختیارات سے تجاوز اور کروڑوں روپے کی کرپشن کا اعتراف کر لیا ہے اور کہا تیرہ کروڑ انیس لاکھ روپے علی عمران کو دیئے۔

    تفصیلات کے مطابق نیب نے شہباز شریف کے داماد علی عمران کے دست راست اکرام نوید کی پلی بار گیننگ کی درخواست احتساب عدالت میں جمع کروا دی۔

    نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ اکرام نوید نے اختیارات سے تجاوز اور کروڑوں روپے کی کرپشن کا اعتراف کر لیا ہے، ملزم نے کہا کہ پنجاب پاور کمپنی، پی ایچ اے اور ایرا میں 49 کروڑ 92 لاکھ 1ہزار 329 روپے کی کرپشن کی۔

    ملزم نے 48 کروڑ میں سے 13 کروڑ 19 لاکھ 37 ہزار 583 علی عمران کو بھی دینے کا اعتراف کیا ہے۔

    چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے ملزم کی پلی بارگیننگ کی درخواست منظوری کے بعد احتساب عدالت بھجوا دی ہے۔

    نیب کا کہنا ہے کہ اکرام نوید نے ارتھ کوئیک ری ہیبلیٹیشن اتھارٹی میں 20 کروڑ 83 لاکھ 43 ہزار 746 روپے، پنجاب پاور ڈویلپمنٹ میں 23 کروڑ 27 لاکھ 86 ہزار 295 روپے، پی ایچ اے میں 3 کروڑ 72 لاکھ 50 ہزار 309 روپے کی کرپشن کا اعتراف کیا ہے۔

    نیب کے مطابق ملزم علی عمران کو 13 کروڑ دینے کے ثبوت فراہم کرے گا ورنہ وہ یہ رقم خود ادا کرنے کا پابند ہو گا، اکرام نوید نے تمام رقم واپس دینے کی یقین دہانی کرادی ہے۔

    مزید پڑھیں : پنجاب پاور ڈویلپمنٹ اسکینڈل، شہباز شریف کے داماد کے مبینہ فرنٹ مین کی جائیداد ضبط

    یاد رہے ستمبر میں پنجاب پاور ڈویلمپنٹ کمپنی کیس میں گرفتار سابق سی ایف او اور سابق وزیر اعلی کے داماد عمران علی کے مبینہ فرنٹ مین اکرام نوید کی 1 ارب روپے سے زائد کی جائیداد ضبط کر لی گئی تھی۔

    خیال رہے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے داماد عمران علی کو متعدد بار طلب کیا گیا تاہم وہ ملک سے فرار ہوگئے، جس کے بعد احتساب عدالت سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے داماد عمران علی کو اشتہاری قرار دے چکی ہے۔

    دوسری جانب احتساب عدالت نے شہباز شریف کے داماد عمران علی کی جائیداد قرق کرنے کا حکم بھی دے چکی ہے ، عمران علی پر پاور ڈویلپمنٹ کمپنی سے 131 ملین رشوت لینے کا الزام ہے۔

  • احتساب عدالت نے شہبازشریف کے داماد کواشتہاری قراردے دیا

    احتساب عدالت نے شہبازشریف کے داماد کواشتہاری قراردے دیا

    لاہور: سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے داماد عمران علی کو احتساب عدالت نے اشتہاری قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے داماد علی عمران کو اشتہاری قرار دے دیا۔

    نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ عمران علی کوپنجاب پاورکمپنی اسکینڈل میں بارہا طلب کیا لیکن وہ نیب کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔

    وارث علی نے احتساب عدالت کو آگاہ کیا کہ عمران علی یوسف بیرون ملک فرار ہوچکا ہے۔ نیب پراسیکیوٹرنے بتایا کہ چیئرمین نیب نےعمران علی یوسف کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے۔

    قومی احتساب بیورو (نیب) لاہورنے احتساب عدالت میں علی عمران کو اشہتاری قرار دینے کی درخواست دی تھی۔

    خیال رہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے داماد عمران علی کو پہلے بھی متعدد بار طلب کیا گیا تاہم وہ ملک سے فرار ہوگئے۔

    عمران علی پرملزم اکرام نوید سے 13 کروڑ سے زائد رقم غیرقانونی طور پروصول کرنے کا الزام ہے۔

    قومی احتساب بیورو (نیب) نے عمران علی کو ملک میں واپس لانے کے لیے نیب وزارت داخلہ کو مراسلہ بھی لکھ چکا ہے۔

    پنجاب کمپنیزاسکینڈل: نیب نے شہباز شریف کو پھر طلب کرلیا

    واضح رہے کہ پنجاب کمپنیز اسکینڈل میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو رواں ماہ 20 اگست کو طلب کیا گیا ہے۔

  • زینب کیس: ملزم عمران کے خلاف آئندہ ٹرائل جیل میں ہوں گے

    زینب کیس: ملزم عمران کے خلاف آئندہ ٹرائل جیل میں ہوں گے

    لاہور: انسدادِ دہشت گردی عدالت نے زینب سمیت آٹھ کمسن بچیوں سے زیادتی اور قتل کے ملزم عمران علی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا گیا‘ عدالت نے سرکاری وکیل کی استدعا پر مقدمہ جیل میں چلانے کا حکم دے دیا ۔

    تفصیالت کے مطابق انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں قصور میں 8 بچیوں کے قتل کے ملزم عمران کو دو دن کے ریمانڈ کے بعد سخت سیکیورٹی میں پیش کیا گیا ۔ پراسکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے خلاف تفتیش مکمل کر لی گئی ہے ۔

    عدالت نے استفسار کیا کہ ملزم سے تفتیش کے دوران کیا شواہد اکٹھے کیے گئے۔ عدالت کو بتایا کہ ملزم کے خلاف مختلف نوعیت کے چھ شواہد اکٹھے کیے گئے۔جن میں سی سی ٹی وی فوٹیج‘ فوٹو پرنٹ ‘ پولی گراف ٹیسٹ ‘ ڈی این اے رپورٹ ‘ ملزم کے کپڑے اور میڈیکل ٹیسٹ شامل ہے۔

    عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کرتے ہوئے پوچھا کہ کیا ملزم نے اعتراف بیان ریکارڈ کروا دیا ہے ‘ جس پر عدالت کو بتایا گیا کہ ابھی ملزم نے اعتراف جرم نہیں کیا ۔ ملزم کی جانب سے مہر شکیل نے وکالت نامہ جمع کروایا جس پر عدالت نے انھیں روزانہ کی بنیاد پر سماعت کےلیے پیش ہونے کا پابند کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس ہائیکورٹ کے احکامات کے مطابق کیس کی سماعت روز کریں گے جبکہ سپریم کورٹ کی جانب سے بھی ہائی کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کا کہا گیا ہے ۔

    سرکاری وکیل نے استدعا کی کہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیس کی سماعت جیل میں ہی کی جائے ‘جسے عدالت نے منظورکرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ یہ کیس انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔اس کے فیصلے پر سب کی نظریں لگی ہیں، سب چاہتے ہیں کہ فیصلہ جلد از جلد ہو۔

    عدالت نے ملزم کے وکیل کو چالان کی کاپیاں فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ملزم کو آٹھ کیسسز میں جوڈیشیل ریمانڈ پر جبکہ زینب کیس میں ٹرائل کا حکم دے دیا۔ مہر شکیل ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ مقدمے میں محض جذباتی بیانات ہیں ‘کوئی ایسا ثبوت نہیں جس سے سزا ہو سکے ۔ امید ہے ملزم عمران بری ہو جائے گا ۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے ملزم کے خلاف پریس کانفرنس کی مگر ملزم کو ان کی پریس کانفرنس پر نہیں بلکہ ثبوتوں اور شواہد پر سزاہونی ہے ۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں