Tag: Imran Khan attack

  • عمران پر حملے کے ملزم کا اعترافی ویڈیو بیان کس نے ریکارڈ کیا، حقیقت سامنے آ گئی

    لاہور: سابق وزیر اعظم عمران خان پر حملے کے ملزم نوید بشیر کا اعترافی ویڈیو بیان کس نے ریکارڈ کیا، حقیقت سامنے آ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز وہ سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی ہے جس میں ڈی پی او گجرات کو اپنا موبائل فون ایس ایچ او کو حوالے کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    ایس ایچ او نے اس موبائل فون سے ملزم نوید کا اعترافی بیان ریکارڈ کیا تھا، ایس ایچ او نے بیان ریکارڈ کرنے کے بعد موبائل ڈی پی او کو واپس دے دیا۔

    اس فوٹیج پر تاریخ 3 نومبر 2022 اور ریکارڈنگ کا وقت 5 بج کر 28 منٹ درج ہے، اور عمران خان پر بھی 3 نومبر ہی کو وزیر آباد کے قریب حملہ کیا گیا تھا، جس میں وہ زخمی ہوئے تھے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق یہ ڈی پی او گجرات اب بھی اپنے عہدے پر موجود ہیں۔

  • عمران خان حملہ کیس، جے آئی ٹی نے عبوری چالان تیار کرنا شروع کر دیا، ذرائع

    اسلام آباد: ذرائع نے بتایا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان پر حملے کے کیس میں جوائنٹ انویسٹیگیشن ٹیم نے عبوری چالان تیار کرنا شروع کر دیا ہے۔

    ذرائع جے آئی ٹی کے مطابق حملہ کرنے والے ملزم نوید کی ویڈیوز پر جے آئی ٹی نے علیحدہ رپورٹ تیار کر لی، ویڈیوز بنانے کی رپورٹ بھی چالان میں شامل کی گئی ہے۔

    جے آئی ٹی رپورٹ کے مطابق ملزم نوید کی پہلی ویڈیو مقامی سینئر پولیس افسر کے موبائل سے بنائی گئی تھی، جے آئی ٹی نے متعلقہ مقام کا سی سی ٹی وی فوٹیج سے سراغ بھی لگا لیا ہے۔

    فوٹیج میں سینئر پولیس افسر نے اپنا موبائل ماتحت اہل کار کو ریکارڈنگ کے لیے دیا تھا، جے آئی ٹی نے متعلقہ پولیس افسر سے تفتیش کی اور پوچھا کہ ایسا کیوں کیا؟ پولیس افسر نے جے آئی ٹی کو جواب میں کہا سینئرز نے کہا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق ملزم کی دوسری ویڈیو پر سی ٹی ڈی کا مؤقف بھی اطمینان بخش نہیں ہے۔

    پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ ملزمان کے موبائل ڈیٹا تک رسائی کے لیے وفاقی حکومت تعاون نہیں کر رہی ہے، اس لیے ڈیٹا تک رسائی کے لیے غیر ملکی کمپنی سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

    ذرائع جے آئی ٹی کا کہنا ہے کہ 3 حملہ آوروں کے واضح ثبوت مل چکے ہیں، تیسرا حملہ آور اسٹیج کے دائیں طرف اونچی بلڈنگ پر تھا، اس بلڈنگ سے 30 بور اسلحے کے 9 خول ملے ہیں۔