Tag: Imran Khan

عمران خان نیازی پاکستانی سیاست دان, سابق کرکٹ کھلاڑی اور پاکستان کے سابق وزیر اعظم ہیں اور پی ٹی آئی کے بانی بھی ہیں۔ اس سے پہلے وہ 2002ء تا 2007ء اور 2013ء تا 2018ء تک پاکستان قومی اسمبلی کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔ سیاست میں قدم رکھنے سے قبل عمران خان ایک کرکٹر اور مخیر تھے۔ انھوں نے دو دہائیوں تک بین الاقوامی کرکٹ کھیلی اور بعد میں خدمت خلق کے منصوبے بنائے جیسے کہ شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اور ریسرچ سینٹر اور نمل کالج وغیرہ۔[10][11] عمران خان کی پیدائش لاہور میں اونچے درمیانے طبقے کے نیازی پشتون خاندان میں ہوئی، ان کے والد انجینئر اکرام اللہ خان نیازی تھے، عمران خان نے ابتدائی تعلیم ایچیسن کالج لاہور پھر رائل گرائمر اسکول ویلسٹڑ انگلینڈ اور بعد میں کیبل کالج آکسفورڈ سے حاصل کی۔ انھوں نے 13 سال کی عمر میں کرکٹ کھیلنا شروع کر دی تھی

اسلام آباد کی ضلعی اور سیشن عدالت کی جانب سے جاری کیے گئے وارنٹ گرفتاری کے نتیجے میں، اسلام آباد پولیس اور لاہور پولیس نے 14 مارچ 2023ء کو خان کی گرفتاری کے لیے آپریشن شروع کیا۔ [69] [70] 9 مئی کو، عمران خان کو اسلام آباد ہائی کورٹ سے نیم فوجی دستوں نے گرفتار کیا تھا۔ [71] [72] یہ القادر ٹرسٹ کیس میں ان کے مبینہ کردار پر تھا، [73] [73] [74] جس کے بعد پی ٹی آئی پارٹی کے اراکین نے ملک گیر احتجاج کی کال دی تھی۔ [75] [76] ان کی گرفتاری سے مظاہرے ہوئے اور 9 مئی کے فسادات ہوئ

  • 190 ملین پاؤنڈ کیس: بانی پی ٹی آئی کو درست سزا ہوئی، مفتاح اسماعیل

    190 ملین پاؤنڈ کیس: بانی پی ٹی آئی کو درست سزا ہوئی، مفتاح اسماعیل

    لاڑکانہ: رہنما عوام پاکستان پارٹی مفتاح اسماعیل نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو ملنے والی سزا کو درست قرار دے دیا۔

    مفتاح اسماعیل نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ عمران خان نے نیب نیب کھیل کر مخالفین کو جیلوں میں ڈالا، ان کو درست سزا ہوئی لیکن بشریٰ بی بی کے پاس عہدہ نہیں تھا ان کی سزا عجیب بات ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی بیرون ملک لابنگ اور ملک میں مذاکرات کر رہی ہے، امريکا کا مثبت عمل دخل نہیں رہا وہ چاہے تو آئی ایم ایف کے قرضوں سے نکلوا سکتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: مذاکرات کہیں اور ہوں گے حکومتی کمیٹی اس کی توثیق کرے گی، مفتاح اسماعیل

    سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شريف نے ’ووٹ کو عزت دو‘ کا نعرہ لگایا لیکن مسلم لیگ (ن) نے اقتدار کی سیاست کی، ان کو عام انتخابات میں اپنی شکست تسلیم کر لینی چاہیے تھی۔

    مفتاح اسماعیل نے مزید کہا کہ پنجاب میں شہباز شریف اور عثمان بزدار کا دور اچھا گزرا، شہباز شریف کے دور میں پنجاب میں کرپشن کی باتیں نہیں تھیں جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی حکومت میں کرپشن کی باتیں سامنے آ رہی ہے۔

    نیوز کانفرنس میں مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ 40 فیصد عوام غربت کی لکیر سے نیچے کی زندگی گزار رہے ہیں، 2 کروڑ 65 لاکھ روپے بچے اسکول سے باہر ہیں، وفاق سے سندھ کو ملنے والے اربوں روپے کہاں جاتے ہیں؟

    انہوں نے کہا کہ حکومت زحمت بن چکی ہے عوام اشیائے ضروریہ پر 25 فیصد ٹیکس دیتی ہے، میرے دور میں انکم ٹیکس 15 تھا جو اب 49.50 فیصد ہو چکا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بجلی اور گیس سری لنکا، کینیا اور ایتھوپیا سے بھی مہنگی ہے۔

  • تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکہ 190 ملین پاؤنڈ کا تھا، عطا اللہ تارڑ

    تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکہ 190 ملین پاؤنڈ کا تھا، عطا اللہ تارڑ

    لاہور: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکہ 190 ملین پاؤنڈ کا تھا۔

    ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پیسہ اپنی جیبوں میں ڈالا گیا 25 کروڑ کا گھر بنایا ہیرے کی انگوٹھیاں لی گئیں، عدالتی فیصلے نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے کرپٹ ہونے پر مہر ثبت کر دی۔

    عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ بند لفافے کی منظوری کر کے اربوں روپے کی کرپشن کی گئی، جرم چھپانے کیلیے مذہب کارڈ کا استعمال کیا جا رہا ہے، پی ٹی آئی کے پاس 190 ملین کرپشن کا حساب نہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ ہائیکورٹ کو 2 سماعتوں میں ہی پھینک دینا چاہیے

    انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کرپشن میں پکڑا گیا ہے، پوری دنیا نے اس کی کرپشن دیکھ لی۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تقدیر بدلنے کیلیے کام کر رہے ہیں، غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ معیشت استحکام کی راہ پر گامزن ہے۔

    وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ مہنگائی میں کمی ہوئی ہے، عالمی سطح پر پاکستان کی معیشت کا اعتراف کیا جا رہا ہے، پوری دنیا پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ تعریف کر رہی ہے، ملک میں مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے 4 فیصد پر آگئی۔

  • پی ٹی آئی کا القادر کیس کا فیصلہ 48 گھنٹے میں چیلنج کرنے کا فیصلہ

    پی ٹی آئی کا القادر کیس کا فیصلہ 48 گھنٹے میں چیلنج کرنے کا فیصلہ

    پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی کے اجلاس میں القادر کیس کا فیصلہ اڑتالیس گھنٹے میں چیلنج کرنےکافیصلہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم نے بریفنگ میں بتایا کہ 190 ملین پاؤنڈ کے فیصلے میں قانونی سقم ہیں، کور کمیٹی کو حکومت پی ٹی آئی مذاکرات پر بھی اعتماد میں لیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اراکین کور کمیٹی نےکور کمیٹی کا اجلاس ہر ہفتے بلا نے کا مطالبہ کیا ہے، ارکان نے کہا ہمیں میڈیا سے تمام باتوں کا پتہ چلتا ہے، اعتماد میں لیا جائے، ارکان نے کہا حکومت مذاکرات سے فرار چاہتی ہے ان کا رویہ غیر جمہوری ہے، انہیں لگتا تھا بانی تحریک انصاف مذاکرات کی ٹیبل پر نہیں آئیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر ایوب نے کہا تمام تر ہتھکنڈوں کے باوجود ہم مذاکرات کے لیے سنجیدہ ہیں، حکومتی مطالبے پر اپنے مطالبات تحریری طور پر بھی دیے ہیں، عالیہ حمزہ نے بانی کو سزا کے فیصلے کے بعد احتجاج نہ کرنے پر تنقید کی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ارکان نے کہا بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر آٹھ فروری کو بھرپور احتجاج کیا جائے گا، اس پر گنڈاپور سے مشاورت کے بعد پارٹی سطح پر انتظامات کو جلد حتمی شکل دیے جانے پر اتفاق کیا گیا۔

  • اطلاعات ہیں نواز شریف نے ٹیم کو مذاکرات ناکام بنانے کا مشن سونپ دیا، بیرسٹر سیف

    اطلاعات ہیں نواز شریف نے ٹیم کو مذاکرات ناکام بنانے کا مشن سونپ دیا، بیرسٹر سیف

    پشاور: خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ اطلاعات ہیں کہ میاں نواز شریف نے اپنی ٹیم کو حکومت پی ٹی آئی مذاکرات ناکام بنانے کا مشن سونپ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان کے پی حکومت بیرسٹر سیف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ دنوں ہونے والی ملاقات کے بعد نواز شریف کیمپ میں کھلبلی مچ گئی ہے، اور انھوں نے مذاکرات کی ناکامی کے لیے اپنی ٹیم کو مشن سونپا ہے۔

    انھوں نے دعویٰ کیا کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کو غیر مؤثر بنانے کا کام شروع ہو چکا ہے، ایسے عناصر سرگرم ہو چکے ہیں جو نہیں چاہتے کہ سیاسی استحکام کی راہیں کھلیں، جب کہ پی ٹی آئی ملک میں امن کے لیے مذاکرات کی راہ پر چل رہی ہے۔

    بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ غیر منتخب ٹولہ ناجائز اقتدار کو بچانے کے لیے مذاکرات ناکام بنانے کے مشن پر ہے، حکومتی وزرا حلف کا پاس رکھتے ہوئے ملاقات کے معاملے پرسیاست نہ کریں۔

    190 ملین پاؤنڈ کیس کے فیصلے کے بعد مذاکرات جاری رہیں گے یا نہیں؟ بیرسٹر گوہر کا اہم بیان آگیا

    دوسری طرف حکومت سے مذاکرات کے حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ بانی نے کہا ہے کہ ان کے خلاف عدالتی فیصلے کے باوجود مذاکرات جاری رہیں گے، لیکن اگر 7 دن میں کیمشن پر پیش رفت نہیں ہوئی تو مذاکرات نہیں ہوں گے۔

    واضح رہے کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی کو 14 سال قید، 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی گئی ہے، جب کہ بشریٰ بی بی کو 7 سال قید، اور 5 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا ہے، سزا سنائے جانے کے بعد بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت سے گرفتارکیا گیا۔

    احتساب عدالت نے تحریری فیصلے میں کہا بانی پی ٹی آئی کرپشن میں ملوث پائے گئے، بشریٰ بی بی نے جرم میں معاونت کی، احتساب عدالت نے القادر یونیورسٹی کو سرکاری تحویل میں لینے کا بھی حکم دے دیا ہے۔ یہ فیصلہ جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں سنایا۔

  • کل شادیانے بجائے جا رہے تھے کہ ہماری بات ہوگئی اور آج اس کا جواب مل گیا، فیصل واوڈا

    کل شادیانے بجائے جا رہے تھے کہ ہماری بات ہوگئی اور آج اس کا جواب مل گیا، فیصل واوڈا

    اسلام آباد: سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ پونے 4 سال پہلے جب یہ معاملہ آیا تھا تو اُس وقت کہا تھا کہ اس پر کیس بنے گا، عرصے سے کہہ رہا ہوں کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا ہوگی۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’اعتراض ہے‘ میں سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ شہزاد اکبر کو بات چیت کیلیے لندن بھیجا گیا تھا جو آج ملک سے مفرور ہے۔

    فیصل واوڈا نے کہا کہ ویٹو پاور استعمال کر کے وفاقی کابینہ سے بند لفافے پر منظوری لی گئی تھی، اُس وقت بھی کہا تھا یہ معاملہ غلط ہے اور اس پر سزا ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ سیاستدان ہوں اسی لیے سزاؤں سے متعلق تجزیہ دیا تھا، کہا تھا دونوں کو سزا ہوگی اور آج فیصلہ بھی آ چکا ہے، کل تک شادیانے بجائے جا رہے تھے کہ ہماری بات ہوگئی ہے، کہا جا رہا تھا کہ معاملات سیٹ ہوگئے ہیں اور آج اس کا جواب بھی مل گیا۔

    سینئر سیاستدان نے مزید کہا کہ پہلے کہا گیا 9 مئی ہم نے نہیں کیا لیکن علی امین گنڈاپور نے اعتراف کر لیا، انکوائریاں ابھی کھلیں گی اور بہت نام سامنے آئیں گے، جو لوگ آج صفائیاں دے رہے ہیں یہ کابینہ کا حصہ نہیں تھے، میں کابینہ کا حصہ تھا اس وقت بھی کہا تھا یہ غلط ہو رہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ آج احتساب ہو رہا ہے کیونکہ اس سے پہلے تگڑے شخص کا احتساب ہوا ہے، یہ کیس ابھی کھلے گا تو مزید چیزیں سامنے آئیں گی، جمہوریت میں بادشاہت ہے کیونکہ عہدہ مل جائے تو احتساب نہیں ہوتا، حکومت اور پی ٹی آئی دونوں چاہتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان جیل میں رہیں۔

    پروگرام میں فیصل واوڈا کا یہ بھی کہنا تھا کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کا کورٹ مارشل ہوگا اور سزا ہوگی کیونکہ انہوں نے ملک، جمہوریت اور اپنے ادارے کا بیڑا غرق کیا، ان کو سزا کا فیصلہ آنے میں 45 سال نہیں لگیں گے۔

  • فیصلہ جلد ختم ہو جائے گا اس لیے اہمیت نہیں دے رہے، سلمان اکرم راجہ

    فیصلہ جلد ختم ہو جائے گا اس لیے اہمیت نہیں دے رہے، سلمان اکرم راجہ

    اسلام آباد: رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ چند ہفتوں میں ختم ہو جائے گا اس لیے اہمیت نہیں دے رہے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’سوال ہے‘ میں سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں اسی قسم کے فیصلے کی توقع تھی، بیانیہ بنایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اختیارات کا غلط استعمال کیا لیکن فیصلے میں یہ کہاں کہا گیا؟

    سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ این سی اے معاہدے میں کہیں نہیں لکھا کہ رقم ریاست کو ملنی چاہیے، رقم منتقلی سے متعلق حکومت پاکستان کا کوئی عمل دخل ہی نہیں ہے، کابینہ میں جو کچھ بھی ہوا رقم اس سے پہلے ہی آ رہی تھی، رقم برطانوی قانون کے مطابق سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں آ رہی تھی، رقم سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں آئی اور پھر نیب کو آگاہ کیا گیا، سپریم کورٹ کی جانب سے نیب کو کہا گیا کہ رقم سے متعلق کیا کرنا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: 190 ملین پاؤنڈ سے مزید 20 ارب روپے کا منافع ریاست نے حاصل کیا، فیصل چوہدری

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ مقدمہ پراسیکیوشن نے ثابت کرنا تھا ہمیں گواہ پیش کرنے کی ضرورت نہیں تھی، 190 ملین پاؤنڈ کیس کے فیصلے کو چیلنج کریں گے، عوام کی عدالت میں بھی واقعات بیان کرتے رہیں گے، فیصلہ آنے کے بعد بھی مذاکرات جاری رہیں گے، آئندہ چند ہفتے میں اس فیصلے کو اعلیٰ عدلیہ اڑا دے گی۔

    انہوں نے کہا کہ ملک کی اہم سیاسی شخصیت کے ساتھ اس قسم کا کھلواڑ کیا جا رہا ہے، جوڈیشل کمیشن نہیں بنتا تو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے آگے کیلیے رائے لیں گے، آج شاہد خاقان عباسی، محمود اچکزئی سمیت دیگر رہنماؤں سے ملاقات ہوئی، آئین و قانون کے تحفظ کیلیے تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان سے بھی بات کریں گے ان کی اپنی ایک رائے ہے لیکن اسمبلی کی سطح پر ساتھ ہیں، اس وقت کون گارنٹی دے سکتا ہے جو 9 فروری کو ہوا وہ دوبارہ نہیں ہوگا، ایسی گارنٹی کیلیے ہمیں عوام کو ساتھ ملا کر چلنا ہوگا، 9 فروری کو جو ہوا دوبارہ ہوگا تو کوئی مستقبل میں کسی بات پر یقین نہیں کرے گا۔

  • بانی پی ٹی آئی کرپشن اور کرپٹ پریکٹسز میں ملوث پائے گئے،  احتساب عدالت

    بانی پی ٹی آئی کرپشن اور کرپٹ پریکٹسز میں ملوث پائے گئے، احتساب عدالت

    راولپنڈی : 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں احتساب عدالت کے فیصلے میں کہا گیا ہے بانی پی ٹی آئی کرپشن اور کرپٹ پریکٹسز میں ملوث پائے گئےاور بشریٰ بی نے معاونت کی۔

    تفصیلات کے مطابق 190ملین پاؤنڈ ریفرنس کا تحریری فیصلہ سامنے آگیا ، احتساب کی خصوصی عدالت کےجج ناصرجاوید رانا نے ریفرنس کا فیصلہ سنایا۔

    جس میں کہا ہے کہ نیب ریفرنس کے مطابق عمران خان کرپشن میں ملوث پائے گئے اور بشریٰ بی بی کو سہولت کاری پر مجرم قرار دیا جاتا ہے۔

    عدالت نے کہا کہ عمران خان ،بشریٰ بی بی کونیب قانون کے سیکشن 10اے کے مطابق سزا سنائی گئی ، دونوں فیصلہ سننے کیلئے پیش ہوئے۔

    مزید پڑھیں : 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس ، بانی پی ٹی آئی کو 14 اور بشریٰ بی بی کو 7 سال قید کی سزا

    احتساب عدالت کا کہنا تھا کہ 190ملین پاؤنڈ ریفرنس کے فیصلے کی کاپیاں مجرموں کو فراہم کی جائیں، ریفرنس کے فیصلے کیخلاف دونوں مجرمان اپیل کا حق رکھتے ہیں۔

    عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی کو چودہ سال قید اور دس لاکھ جرمانے کی سزا سنادی گئی جبکہ بشریٰ بی بی کو سات سال قید اور پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔

    جرمانہ ادا نہ کرنے پربانی پی ٹی آئی کو مزید چھے ماہ اور بشریٰ بی بی کو مزید تین ماہ قید کی سزا ہوگی جبکہ احتساب عدالت نے القادر یونیورسٹی کوسرکاری تحویل میں لینے کا حکم دے دیا۔

  • ’190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کے فیصلے کیخلاف دنیا بھر میں مذمتی قراردادیں پیش کرنے کا اعلان‘

    ’190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کے فیصلے کیخلاف دنیا بھر میں مذمتی قراردادیں پیش کرنے کا اعلان‘

    بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس فیصلے کے خلاف دنیا بھر میں قراردادیں پیش کریں گے۔

    190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو سزا سنائے جانے کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کے وکیل فیصل چوہدری مذکورہ فیصلے کے خلاف ہر فورم پر جانے کا اعلان کیا ہے۔

    فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں ایک بھی ثبوت نہیں تھا۔ ہم نے پہلے دن کہا تھا کہ یہ بریت کا کیس ہے۔ ہم اس فیصلے کے خلاف دنیا بھر میں مذمتی قراردادیں پیش کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ نیب ایک آلہ کار بن چکا ہے اور اس کی تحقیقات فراڈ ہیں۔ ہم نیب کے ریفرنس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

    فیصل چوہدری نے مزید کہا کہ آج کے دن بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سیاسی طور پر ٹارگٹ کرنے کی کوشش کی گئی اور عدالتیں شہری بنیادی حقوق کا تحفظ نہیں کر سکیں۔ بشریٰ بی بی کو بانی کی اہلیہ ہونے پر سزا دی جا رہی ہے۔

    واضح رہے کہ احتساب عدالت نے القادر ٹرسٹ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں محفوظ فیصلہ تین بار ملتوی کرنے کے بعد آج سنا دیا۔

    احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو 14 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانہ جب کہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 7 سال قید اور پانچ لاکھ جرماے کی سزا سنائی۔

    عدالت نے کہا کہ جرمانہ ادا نہ کرنے پر بانی پی ٹی آئی کو مزید 6 ماہ قید اور بشریٰ بی بی کو مزید 3 ماہ قید کی سزا ہوگی۔

    https://urdu.arynews.tv/190m-case-verdict-imran-khan-sentenced-to-14-years-in-prison/

  • پی ٹی آئی مینڈیٹ واپسی کے مطالبے سے دستبردار ہوگئی، رانا ثنا اللہ

    پی ٹی آئی مینڈیٹ واپسی کے مطالبے سے دستبردار ہوگئی، رانا ثنا اللہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اپوزیشن مینڈیٹ واپسی کے مطالبے سے دستبردار ہوگئی، انہوں نے اپنے چارٹر آف ڈیمانڈ میں مینڈیٹ واپسی کو شامل نہیں کیا۔

    رانا ثنا اللہ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پی ٹی آئی نے چارٹر آف ڈیمانڈ ہمیں دینے سے پہلے میڈیا کو جاری کیا، وزیر اعظم شہباز شریف تحریری مطالبات پر ایک کمیٹی تشکیل دی ہے، کمیٹی میں تمام اتحادی اور پاکستان پیپلز پارٹی بھی شامل ہے، کمیٹی پی ٹی آئی کے مطالبات کا جائزہ لے کر جواب دے گی، کمیٹی مطالبات پر جو جواب دے گی وہ حتمی ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں: عدالتوں میں زیر سماعت معاملات پر بات نہیں کی جا سکتی، عرفان صدیقی

    انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی نے کسی مقدمے کی ایف آئی آر ساتھ نہیں دی اور نہ کسی کارکن کا نام دیا، ہم نے پی ٹی آئی سے سیاسی مقدمات میں قید کارکنوں کی تفصیل مانگی تھی لیکن انہوں نے کسی سیاسی کارکن کا نام بتایا اور نہ کسی سیاسی مقدمے کا حوالہ دیا۔

    وزیر اعطم کے مشیر نے بتایا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کے کیسز انسداد دہشتگردی کی عدالت میں زیر التوا ہیں، ککینٹ ایریا میں جو کچھ توڑ پھوڑ ہوئی آگ لگائی گئی اس پر ملٹری کورٹس سے سزا ہو چکی ہے، سپریم کورٹ سینئر ججز پر مشتمل کمیشن چیزوں کو دیکھے تو عدالت میں درخواست دیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ سوشل میڈیا اور میڈیا پر پروپیگنڈے کے سوا کوئی کام نہیں کرتے، یہ قابل مذمت ہے کہ انہوں نے پوری دنیا میں 26 نومبر احتجاج کا پروپیگنڈا کیا لیکن انہیں یہی نہیں معلوم کہ ان کے لاپتا لوگ کون ہیں۔

    رانا ثنا اللہ نے واضح کیا کہ تمام کیسز اے ٹی سی میں زیر سماعت ہیں جبکہ کچھ فوجی عدالتوں میں ہیں، عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات پر کمیشن کارروائی نہیں کر سکتا۔

    پریس کانفرنس میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ملک کی سکیورٹی کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں سے ملاقات کی، صرف پی ٹی آئی کے لوگ وہاں نہیں تھے بلکہ باقی لوگ بھی تھے۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان کسی کے ساتھ بیٹھنے کیلیے تیار نہیں، پی ٹی آئی نے آزادانہ ماحول میں بانی سے ملاقات کا مطالبہ کیا، پہلے بھی آزادانہ ماحول فراہم کیا گیا تھا اب بھی کوشش کریں گے۔

  • عدالتوں میں زیر سماعت معاملات پر بات نہیں کی جا سکتی، عرفان صدیقی

    عدالتوں میں زیر سماعت معاملات پر بات نہیں کی جا سکتی، عرفان صدیقی

    اسلام آباد: حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے رکن سینیٹر عرفان صدیقی نے واضح کیا ہے کہ جو معاملات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں ان پر بات نہیں کی جا سکتی۔

    عرفان صدیقی نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم انکار یا اقرار نہیں کرتے لیکن کمیٹی تمام پہلوؤں کا جائزہ لے گی، پی ٹی آئی نے دو کمیشن کے حوالے سے 15 ٹی او آرز پیش کیے، ان کو مطالبات مرتب کرنے میں 42 دن لگے۔

    انہوں نے کہا کہ مطالبات کے ساتھ انہوں نے الزامات کی فہرست نتھی کی، یہ مطالبات کم حکومت کے خلاف چارج شیٹ زیادہ ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: علی امین گنڈا پور کی طاقتور حلقوں سے بیک ڈور رابطوں کی تصدیق

    ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کا ایک بار پھر مطالبہ کیا گیا ہے، ہم نے پرآمادگی ظاہر کی ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہو جائے گی۔

    سینیٹر عرفان صدیقی نے مزید کہا کہ معاملات آگے بڑھتے ہیں تو پھر 31 جنوری کی ڈیڈ لائن نہیں ہونی چاہیے۔

    ’دعا کرتے ہیں عمران خان کو کل سزا ہو جائے‘

    قبل ازیں، عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ دعا کرتے ہیں بانی پی ٹی آئی کو کل سزا ہو جائے اور کیس جیل سے نکل کر باہر آ جائے، یہ بانی کا نہیں عدلیہ کا امتحان ہے۔

    علمیہ خان نے کہا کہ القادر ٹرسٹ احمقانہ کیس ہے، اتنی تاریخیں ڈالی ہیں ہم تو صرف تاریخیں بھگت رہے ہیں، عمران خان کو کریڈٹ ملنا چاہیے سارے کیسز کا سامنا کر رہے ہیں، کوئی پاس ہوگا کوئی فیل اب بانی پی ٹی آئی نے سب کو امتحان میں ڈالا ہوا ہے۔

    انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا عمران خان ڈیڑھ سال اس لیے جیل میں رہے کوئی آ کر انہیں نکال دے، نواز شریف رحم کرے بانی رحم کیلیے نہیں بیٹھے وہ کیسز کا سامنا کر کے سرخرو ہونا چاہتے ہیں۔

    عمران خان کی ہمشیرہ کا مزید کہنا تھا کہ اگر بریت نہیں ہوتی تو یہ پہلے دن فیصلہ سنا دیتے کیس میں تھا ہی کچھ نہیں، پہلے 23 دسمبر کو فیصلہ دینا تھا پھر 6 جنوری اور اب 17 جنوری تاریخ دی گئی۔