Tag: Imtiaz Shaikh

  • سندھ میں پی ٹی آئی کو امیدوار مل جائے تو سیاست چھوڑ دونگا، امتیازشیخ

    سندھ میں پی ٹی آئی کو امیدوار مل جائے تو سیاست چھوڑ دونگا، امتیازشیخ

    کراچی : پیپلزپارٹی کے رہنما اور وزیر توانائی سندھ امتیازشیخ نے کہا ہے کہ اگر سندھ میں پی ٹی آئی کو امیدوار بھی مل جائے تو سیاست چھوڑ دوں گا۔

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں میزبان صدف عبدالجبار سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    انہوں نے کہا کہ سیاست ہے ہی مذاکرات کا نام اس میں مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالا جاتا ہے، عمران خان مشروط مذاکرات کی بات کریں گے تو ایسے میں بات کیسے ہوسکتی ہے؟

    امتیازشیخ نے کہا کہ سیاست میں مذاکرات سے کوئی انکار نہیں کرتا، لیکن پی ٹی آئی مذاکرات سے دور بھاگ رہی ہے اورالزامات لگاتی ہے، الزامات پہلے ہی لگادیئے جائیں تو ایسے میں کوئی بات نہیں ہوتی۔

    صوبائی وزیر نے کہا کہ انتخابات کی تاریخ متعین ہے پی ٹی آئی مذاکرات چاہتی ہے تو آئے بات کرے، معیشت سے متعلق فیصلے عوام پر چھوڑ دیں کہ وہ کیا فیصلہ کرتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ مانتے ہیں مشکل حالات ہیں لیکن یہ ہمیں ورثے میں ملے ہیں، پی ٹی آئی نے8ماہ سے پورے ملک میں انتشار پھیلایا ہوا ہے،معیشت میں غیریقینی صورتحال پیدا کی گئی جس کی ذمہ دار صرف پی ٹی آئی ہے۔

    امتیازشیخ نے کہا کہ پہلے جب ہم الیکشن کا مطالبہ کیا کرتے تھے اس وقت تو عمران خان بھاگتے تھے، ایسا نہیں ہوسکتا کہ صرف عمران خان کے مطالبے پر الیکشن کرادیں، حکومت نے فیصلہ کرنا ہے الیکشن کس وقت ہونے چاہئیں۔

    انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کہتی ہے بات کریں تو دوسری طرف اسمبلیاں توڑنے کی دھمکی دیتی ہے، پی ٹی آئی نے اسمبلیاں توڑنی ہے تو توڑ دیں ہمارے پاس جواب بھی ہے۔

    امتیازشیخ کامزید کہنا تھا کہ پرویزالٰہی عمران خان پرحملے کا مقدمہ درج نہیں کراسکے اسمبلی کیا توڑیں گے، سندھ میں پی ٹی آئی کو امیدوار بھی مل جائے تو سیاست چھوڑ دونگا۔

  • لوڈ شیڈنگ سے امن و امان کی صورتحال خراب: وزیر توانائی کا نوٹس

    لوڈ شیڈنگ سے امن و امان کی صورتحال خراب: وزیر توانائی کا نوٹس

    کراچی: صوبائی وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے کراچی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے کے الیکٹرک سے رابطہ کیا اور کہا کہ لوڈ شیڈنگ سے امن و امان کی صورتحال خراب ہو رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے کراچی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے کے الیکٹرک کے سی ای او سے رابطہ کیا۔

    امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے، لوڈ شیڈنگ سے امن و امان کی صورتحال خراب ہو رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نیپرا سے منظور سبسڈیز کی رقم کی فوری ادائیگی کرے اور کے الیکٹرک ہنگامی بنیادوں پر غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کرے۔

    امتیاز شیخ نے وزیر اعظم اور وزیر خزانہ سے کے الیکٹرک کے بقایا جات کی ادائیگی کی اپیل بھی کی۔

    خیال رہے کہ آج کراچی کے علاقے ماڑی پور میں لوڈ شیڈنگ سے تنگ آ کر عوام سڑکوں پر نکل آئی اور ٹریفک بلاک کردیا جس پر پولیس نے بدترین لاٹھی چارج کیا۔

  • نئے سال کی آمد پر گیس کے بڑے بحران کا خدشہ

    نئے سال کی آمد پر گیس کے بڑے بحران کا خدشہ

    کراچی : وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے کہا ہے کہ جنوری میں گیس کا بحران مذید شدت اختیار کرجائے گا، وزارت توانائی کی جانب سے ایل این جی ٹینڈر میں تاخیر کی گئی۔

    وزیر توانائی سندھ کی جناب سے جاری ایک بیان میں ان کا کہنا ہے کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث ایک مرتبہ پھر قوم کو گیس کی شدید قلت کا سامنا ہے، نئے سال کی آمد کے ساتھ ہی صوبے میں گیس کا بحران مذید شدت اختیار کرجائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ وقت پر ایل این جی کی امپورٹ نہ کرنے کی وجہ سے گیس کی قلت کا سامنا ہے، وزیراعظم عمران خان کے فوری نوٹس لینے کے باوجود وزارت توانائی کی جانب سے ایل این جی ٹینڈر میں تاخیر کی گئی۔

    امتیازشیخ کا کہنا تھا کہ عوام کی ضروریات زندگی پر سیاست نہیں ہونی چاہیئے، موجودہ حکومت کا یہ تیسرا موسم سرما ہے اور قوم کو شدید گیس بحران سے اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    انہوں نے اپنے جاری بیان میں مزید کہا کہ اگر آرٹیکل 158 پر عمل کیا جائے تو قدرتی گیس کی مدد سے بحران پر کافی حد تک قابو پایا جاسکتا ہے۔

    واضح رہے کہ کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں گیس کا بحران شدت اختیار کرتا جارہا ہے جس کے باعث شہری سخت پریشانی میں مبتلا ہیں۔

    گیس کی قلت کو کم کرنے کے لیے سی این جی اسٹیشنز اور صنعتوں کو بھی گیس کی فراہمی میں کمی کی گئی ہے اس کے باوجود گیس کا بحران برقرار ہے اور گھریلو صارفین دہرے عذاب میں مبتلا ہو چکے ہیں ان کو کھانا پکانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

  • بجلی بحال کروانے کے لیے صوبائی وزیر کا کے الیکٹرک و دیگر کمپنیوں کو فون

    بجلی بحال کروانے کے لیے صوبائی وزیر کا کے الیکٹرک و دیگر کمپنیوں کو فون

    کراچی: صوبہ سندھ کے وزیر توانائی امتیاز شیخ نے سیکریٹری پاور ڈویژن اور بجلی کی تقسیم کار مقامی کمپنیوں سے رابطہ کر کے سندھ میں بجلی بحال کرنے کی ہدایت کی ہے، ان کا کہنا تھا کہ بجلی بند ہونے سے نکاسی آب میں مشکلات کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے سیکریٹری پاور ڈویژن سے رابطہ کیا ہے، وزیر توانائی نے کے الیکٹرک، حیسکو اور سیپکو کے سی ای اوز سے بھی رابطے کیے ہیں۔

    وزیر توانائی نے سندھ میں موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے منقطع ہونے والی بجلی فوری بحال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ بجلی بند ہونے کی وجہ سے عوام کو پینے کا پانی میسر نہیں جبکہ بجلی بند ہونے سے نکاسی آب میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

    خیال رہے کہ صوبہ سندھ میں ہونے والی موسلا دھار بارش نے نظام زندگی درہم برہم کردیا ہے، دو روز سے جاری بارشوں کے شروع ہوتے ہی بجلی منقطع کردی گئی تھی جو سندھ کے کچھ علاقوں میں اب تک بحال نہ ہوسکی۔

    شہر کراچی میں اربن فلڈ سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں بھی سیلابی صورتحال ہے۔ شہروں کو ملانے والی شاہراہیں اور ہائی ویز کئی کئی فٹ پانی میں ڈوب چکی ہیں۔

    سندھ کے متعدد گاؤں دیہات زیر آب آچکے ہیں جہاں پر امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔

  • ایس ایس پی شکارپور کی رپورٹ میں امتیاز شیخ کے خلاف مزید انکشافات سامنے آگئے

    ایس ایس پی شکارپور کی رپورٹ میں امتیاز شیخ کے خلاف مزید انکشافات سامنے آگئے

    کراچی: ایس ایس پی شکارپور کی رپورٹ میں مزید انکشافات سامنے آئے ہیں، رپورٹ میں امتیاز شیخ کے خلاف سنگین الزامات لگائے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی شکارپور ڈاکٹر رضوان نے اپنی رپورٹ میں پیپلزپارٹی رہنما امتیاز شیخ کے خلاف سنگین الزامات لگائے ہیں، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امتیاز شیخ کے بیٹے فراز شیخ کے گن مین، ڈاکوؤں کو 500 گولیاں بھی فراہم کرچکے ہیں، سیاسی اثر و رسوخ رکھتے ہوئے 115 شیخ برادری کے افراد کو پولیس میں بھرتی کروایا گیا۔

    ایس ایس پی نے رپورٹ میں انکشاف کیا کہ امتیاز شیخ مخالف ووٹرز کو ڈرا دھمکا کر ووٹ بھی حاصل کرتے رہے، تیغو خان تیغانی اور بیلو خان اغوا ہونے والے شہریوں کو کچے کے علاقے میں رکھتے تھے، گن مین علی نواز شیخ پر مختلف تھانہ جات میں ڈکیتی ، قتل اور ریپ کے 30 مقدمات درج ہیں۔

    مزید پڑھیں: صوبائی وزیر امتیاز شیخ کا ایس ایس پی کے خلاف عدالت جانے کا اعلان

    رپورٹ کے مطابق گن مین علی نواز، کرمنل ایوب تیغانی کا گولیوں کے حوالے سے رابطہ بھی ہوا تھا، گن مین علی نواز انسپکٹر رفیع اللہ کے قتل میں بھی ملوث ہے، داؤد شیخ، اتو شیخ کرمنل مخالف ووٹرز کو ڈرا دھمکا کر ووٹ بھی حاصل کرتے رہے ہیں۔

    ایس ایس پی کی رپورٹ کے مطابق ڈرگ پیٹلرز امتیاز اور مقبول شیخ کی گاڑیوں میں، اسلحہ، گولیاں، منشیات منتقل کرتے تھے، امتیاز شیخ ضلع شکارپور میں پسندیدہ افسر لگانا چاہتے تھے، ان کے اسکواڈ میں موجود اہلکار غوث بخش کے خلاف 20 سنگین مقدمات موجود ہیں۔

    ایس ایس پی نے رپورٹ میں بتایا کہ سردار تیغو خان تیغانی امتیاز شیخ کا رائٹ ہینڈ ہے اور اس کے شکارپور، کندھ کوٹ، کشمور اور سکھر میں کرمنل کیمپ قائم ہیں، گھڑی تیغو کے علاقے میں اغوا کیے جانے والے شہریوں کو چھپایا جاتا ہے، تیغانی گروپ کراچی میں بھی اغوا میں ملوث رہا ہے، کراچی کے تاجر سلیم سورٹھیا کو بھی تیغانی گروہ نے اغوا کرکے کچے کے علاقے میں منتقل کیا تھا۔

  • وزیر توانائی کی سندھ میں گیس بحران کو حل کرنے کی کوشش

    وزیر توانائی کی سندھ میں گیس بحران کو حل کرنے کی کوشش

    کراچی: صوبہ سندھ میں گیس کے بحران کے پیش نظر وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے ارکان قومی اسمبلی و سینیٹرز کو خط لکھ دیا، انہوں نے کہا کہ سندھ کو ملکی پیداوار کی 65 فیصد گیس دینے کے باوجود نہایت کم گیس فراہم کی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے صوبے میں گیس کی فراہمی کے حوالے سے ارکان قومی اسمبلی و سینیٹرز کو خط لکھ دیا۔

    اپنے خط میں امتیاز شیخ نے لکھا کہ 65 فیصد گیس پیدا کرنے والے سندھ کو گیس کی فراہمی نے حد کم ہے۔ شدید سردی میں 1 ہزار ایم ایم سی ایف ڈی سے بھی کم گیس دی جارہی ہے۔

    صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ ملکی پیداوار کا 65 فیصد یعنی ڈھائی ہزار سے 26 سو ایم ایم سی ایف ڈی مہیا کرتا ہے جبکہ سندھ کو سالانہ صرف 13 سو سے 14 سو ایم ایم سی ایف ڈی گیس دی جاتی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کو فراہم شدہ گیس میں بجلی اور کھاد بنانے والی کمپنیاں بھی حصے دار ہیں۔ پی پی ایل، ایس ایس جی سی، پی ایس اور وفاقی اداروں کے بورڈز میں سندھ کی نمائندگی نہیں۔

    خیال رہے کہ سردیوں میں اضافہ ہوتے ہی سندھ میں گیس کا بحران شدید ہوگیا تھا۔ گھروں میں لوگ لکڑی کے چولہے استعمال کرنے پر مجبور ہوگئے۔

    گیس پریشر میں کمی کے باعث سی این جی اسٹیشنز مستقل کئی روز بند رہے۔ سندھ میں گیس کی صورتحال تاحال بہتر نہیں ہوسکی ہے۔