Tag: In Action

  • تسنیم حیدر شاہ کی درخواست پر اسکاٹ لینڈ یارڈ حرکت میں آگیا

    تسنیم حیدر شاہ کی درخواست پر اسکاٹ لینڈ یارڈ حرکت میں آگیا

    لندن : نوازشریف اور مریم نواز پر ارشد شریف کے قتل اور عمران خان پر حملے کی سازش کا الزام عائد کرنے والے ن لیگی ترجمان تسنیم حیدر شاہ کی درخواست پر اسکاٹ لینڈ یارڈ حرکت میں آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق تسنیم حیدر شاہ کے وکیل کا کہنا ہے کہ اسکاٹ لینڈیارڈ نے اگلے ہفتے گواہان کو طلب کرلیا، اسکاٹ لینڈیارڈ شواہد کا باریک بینی سے جائزہ لے رہا ہے۔

    وکیل مہتاب عزیز کے مطابق اسکاٹ لینڈ یارڈ کا تفتیشی آفیسر گواہان کا انٹرویو کرےگا، نوازشریف اور مریم نے تسنیم حیدر کے الزامات پرخاموشی اختیارکررکھی ہے،۔

    وکیل کا کہنا ہے کہ تسنیم حیدر کی درخواست پر اسکاٹ لینڈ یارڈ کی کارروائی روکنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، ناصربٹ، انجم چوہدری اور زبیرگل نے تسنیم حیدر کے خلاف پولیس کو شکایت درج کرا رکھی ہے۔

    تسنیم حیدر شاہ کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے ن لیگی کارکنان کی شکایت پر تاحال مجھ سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔

  • کراچی : گاڑیاں چوری کرنے والے گروہ اب نہیں بچ سکیں گے

    کراچی : گاڑیاں چوری کرنے والے گروہ اب نہیں بچ سکیں گے

    کراچی : اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کراچی (اے وی ایل سی) نے شہر میں کار چوری میں ملوث گروہوں کو گرفت میں لینے کیلئے پوری تیاری کرلی، دکانداروں اور کباڑیوں کو  بھی نہیں بخشا جائے گا۔

    کراچی میں گاڑیاں چوری کرکے ان کا سامان فروخت کرنے والے گروہوں کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا، اس سلسلے میں اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کراچی (اے وی ایل سی) نے باقاعدہ کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔

    اس حوالے سے ایس ایس پی اے وی ایل سی عارف راؤ نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ پہلے مرحلے میں موٹر سائیکل اور گاڑیوں کا سامان بیچنے والے کباڑیوں کی رجسٹریشن شروع کردی گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کباڑیوں اور استعمال شدہ اسپیئر پارٹس بیچنے والوں کے کوائف بھی جمع کئے جارہے ہیں، کارروائی کے دوران دکانداروں اور کباڑیوں کے فنگر پرنٹس کو بھی ریکارڈ کاحصہ بنایا جارہا ہے۔

    ایس ایس پی عارف راؤ کا مزید کہنا تھا کہ ان افراد کے مکمل کوائف جمع کرنے سے جرائم پیشہ افراد کے رابطے تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔

    واضح رہے کہ کراچی میں پرائیویٹ گاڑیوں کے ساتھ ساتھ سرکاری گاڑیوں کی چوری کی وارداتیں بھی کی جارہی ہیں، رواں سال درجنوں پرائیویٹ اور سرکاری گاڑیاں چوری کی جا چکی ہیں۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں سرکاری گاڑیاں چوری ہونے لگیں

    پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ دو سال کے دوران شہر کراچی میں 25 سرکاری گاڑیاں چوری اور 39 گاڑیاں چھینی گئیں۔ ایک اندازے کے مطابق ان گاڑیوں کی مالیت تقریباً 10 کروڑ روپے بنتی ہے ۔