Tag: In balochistan

  • بھارت کا بلوچستان میں بڑی دہشت گردی کا منصوبہ بےنقاب، ناقابل تردید ثبوت

    بھارت کا بلوچستان میں بڑی دہشت گردی کا منصوبہ بےنقاب، ناقابل تردید ثبوت

    نام نہاد جمہوری ملک ہونے کے دعویدار بھارت کا پہلگام فالس فلیگ میں بدترین ناکامی کے بعد بلوچستان میں بڑی دہشت گردی کا منصوبہ بےنقاب ہوگیا۔

    اس حوالے سے مصدقہ انٹیلی جنس ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی ایجنسی ’’را‘‘ نے بلوچستان میں پراکسیز کو سرگرم کردیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے)، فتنہ الخوارج اور پاکستان میں غیرقانونی طور پر مقیم افغانیوں کو دہشت گردی کی ہدایات دی گئی ہیں۔

    مصدقہ انٹیلی جنس ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی ایجنسی’’را‘‘نے دہشت گردوں کو افغانستان سے متعلقہ علاقوں میں بھجوا دیا اور چند خودکش بمباروں کو علاقوں کی ریکی بھی کروا دی گئی ہے۔

    اطلاعات کے مطابق خودکش بمبار دہشت گردی کی واردات میں گاڑی، موٹر سائیکل کا استعمال کرسکتے ہیں، گوادر، کوئٹہ اور خضدار میں دہشت گردی کی ہدایات دی گئی ہیں۔

    بھارتی سرپرستی میں دہشت گردی منصوبے کو ناکام بنانے کیلئے قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک ہوگئے۔

    یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے بلوچستان میں کی جانے والی دہشت گردی کی وارداتوں کے واضح اور ناقابل تردید ثبوت پہلے ہی منظر عام پر آچکے ہیں۔

    بھارت گزشتہ کئی سال سے بلوچستان میں دہشت گردی کروا کر پاکستان میں بدامنی پھیلانے کے ناپاک منصوبوں پر عمل درآمد کررہا ہے۔

  • کوئٹہ : کوئلے کی کان سے 4 مزدوروں کی لاشیں برآمد

    کوئٹہ : کوئلے کی کان سے 4 مزدوروں کی لاشیں برآمد

    کوئٹہ : کوئلے کی کان میں پھنسے 12 میں سے 4 کان کنوں کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں، دیگر کی تلاش میں ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔

    بلوچستان کے علاقے سنجدی میں کوئلے کی کان میں گیس بھرنے سے دھماکے کے بعد کی جانے والی کارروائی کے دوران اب تک 4 کان کنوں کی لاشیں نکال لی گئیں، مزید 8 مزدوروں کی تلاش کیلیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

    چیف مائنز انسپکٹر کے مطابق نواحی علاقے اسپین کاریز سنجدی کے مقامی کوئلے کی کان میں گزشتہ رات زہریلی گیس بھرنے کے باعث دھماکہ ہوا جس کے بعد پوری کان بیٹھ گئی۔

    اطلاعات کے مطابق پی ڈی ایم اے ترجمان کا کہنا ہے کہ ریسکیو ٹیموں نے3600فٹ تک ملبہ نکال کر راستہ صاف کردیا گیا ہے، امید ہے کہ ریسکیو ٹیمیں جلد جلد اندر پھنسے ہوئے مزید کان کنوں تک پہنچ جائیں گی۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر ریسکیو اصغر جمالی کا کہنا ہے کہ کان کن 4200 فٹ گہرائی میں پھنسے ہوئے ہیں، کان میں بجلی کی ایک ہی لائن تھی جو حادثے میں تباہ ہو گئی، پنکھا چلانے کے لئے بجلی کی دوسری لائن بچھانے اور ملبہ ہٹانے کی وجہ سے امدادی سرگرمیاں تاخیر کا شکار ہوئیں۔

    واضح رہے کہ بلوچستان اور کے پی میں اس سے قبل بھی کوئلے کی کانوں میں دھماکوں کے کئی واقعات ہوچکے ہیں اور ان واقعات میں کئی کانکن جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوچکے ہیں۔

    مزید پڑھیں : کوئلے کی کان سے 12 کان کنوں کی لاشیں نکال لی گئی

    یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ سال مارچ میں بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں کوئلے کی کان میں دھماکہ ہوا تھا اور اس میں موجود 18 کان کن پھنس گئے تھے۔ ریسکیو آپریشن کے دوران 8 کان کنوں کو زندہ نکالا گیا تھا۔

  • بلوچستان : 32ارب سے زائد مالی بےضابطگیوں کا انکشاف

    بلوچستان : 32ارب سے زائد مالی بےضابطگیوں کا انکشاف

    کوئٹہ : بلوچستان میں مالی سال 22-2021کے دوران 32ارب 63کروڑ سےزائد مالی بےضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔

    اس حوالے سے جاری آڈٹ رپورٹ کے مطابق بلوچستان حکومت بجٹ کا 11.67فیصد حصہ 53ارب 44کروڑ روپے خرچ نہیں کرسکی، صوبائی حکومت کی جانب سے ترقیاتی کاموں پر بجٹ کا صرف 29فیصد خرچ کیا گیا۔

    آڈٹ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 239 ارب کے پی ایس ڈی پی میں صرف 68.7 ارب روپے خرچ کئے گئے ہیں، محکمہ بورڈ آف ریونیو بلوچستان میں 3ارب39کروڑ روپے سے زائد کی مالی بے ضابطگیاں ہوئیں۔

    اس کے علاوہ 2099.7ملین روپے کے غیرقانونی اخراجات شامل ہیں،33.7ملین روپے سے زائد کا ریکارڈ پیش نہیں کیا، محکمہ انڈسٹریز میں 2ارب 17کروڑ روپے سے زائد کی بے ضابطگیاں ہوئیں۔

    مذکورہ رپورٹ کے مطابق منصوبہ بندی و ترقیات بلوچستان میں 1ارب 78کروڑ سے زائد کی مالی بےضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی ہے جبکہ مواصلات و تعمیرات میں 1ارب 87کروڑ سے زائد کی مالی بے ضابطگیاں ریکارڈ ہوئیں۔

    آڈٹ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ محکمہ صحت بلوچستان میں 3ارب 89کروڑ روپے سے زائد کی مالی بےضابطگیاں اور محکمہ مائنز اینڈ منرلز میں 4ارب روپے سے زائد کی مالی بے ضابطگیاں ہوئیں، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ میں بھی 2ارب 45کروڑ سے زائد کے غیر قانونی اخراجات ہوئے۔

    اس کے علاوہ بلوچستان پولیس میں 1ارب 38کروڑ روپے سے زائد کی بےضابطگیوں کا انکشاف ہوا، زراعت میں 263.3ملین روپے کی بےضابطگیاں ہوئیں،209ملین روپےریکوری کی سفارش کی گئی، محکمہ ہائیر ایجوکیشن میں 959.2ملین روپے سے زائد کی بے ضابطگیاں ہوئیں۔

    رپورٹ کے مطابق محکمہ خزانہ میں 480.8ملین روپے سے زائد کی بے ضابطگیوں کی نشاندہی ہوئی، محکمہ خوراک میں 213.2ملین روپے سے زائد کے غیر قانونی اخراجات ہوئے، محکمہ لائیو اسٹاک میں 194.5ملین روپے کی بے ضابطگیوں کی نشاندہی ہوئی۔

    آڈٹ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ محکمہ آبپاشی میں 312.6ملین روپے کی بے ضابطگیوں کی نشاندہی ہوئی، محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی میں 70.9ملین روپے کی مالی بے ضابطیگیاں ہوئیں، خزانہ، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، ٹرانسپورٹ اتھارٹی کیلئے کسی بھی اسکیم پرعمل دآمد نہیں ہوا۔

    مذکورہ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پی ایس ڈی پی میں 28شعبوں میں سے 24ایسے تھے جن میں صرف ایک فیصد سے کم ایلوکیشن رکھی گئی تھی، سرکاری محکموں کی جانب سے 62کروڑ روپے کی رقم کا ریکارڈ پیش نہیں کیا گیا، 25ملین سے زائد رقم فراڈ اور خورد برد کی نذر ہوئی۔

     

  • بلوچستان میں باکسنگ کےعالمی مقابلے کرانے کا اعلان

    بلوچستان میں باکسنگ کےعالمی مقابلے کرانے کا اعلان

    لاہور : پاکستان کے مایہ ناز باکسر محمد وسیم نے ملک میں باکسنگ کے فروغ کیلئے بلوچستان میں انٹرنیشنل باکسنگ ایونٹ کرانے کا اعلان کیا ہے۔

    اس حوالے سے لاہور میں اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے باکسر محمد وسیم نے کہا کہ رواں برس ٹائٹل فائٹ بلوچستان میں کراؤں گا۔

    انہوں نے کہا کہ مذکورہ ایونٹ میں امریکا اور برطانیہ سمیت دیگر ممالک کے باکسرز آئیں گے، اس ایونٹ میں مین بذات خود امریکی باکسر کے خلاف فائٹ کروں گا۔

    باکسرمحمد وسیم کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ایونٹ کرانے سے صوبے کا مثبت امیج دنیا میں جائے گا، اس سے قبل لاہور میں ہونے والا انٹرنیشنل باکسنگ ایونٹ بہت شاندار رہا، امید ہے بلوچستان میں بھی یہ ایونٹ لاہور کی طرح کامیاب ہوگا۔

    خیال رہے کہ دنیا بھر میں باکسنگ بھی بہت مقبول کھیل ہے جس کے پاکستان میں فروغ کے لیے باکسر محمد وسیم اپنی تمام ترصلاحیتیں بروئے کار لارہے ہیں، لاہور کے بعد اور بڑا باکسنگ میلہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔