Tag: in camera briefing

  • پوری پارلیمنٹ مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، صادق سنجرانی

    پوری پارلیمنٹ مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، صادق سنجرانی

    اسلام آباد : چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پوری پارلیمنٹ اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ ہم امن چاہتے ہیں مگر ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں ان کیمرہ بریفنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ عسکری اور سول قیادت کی اجلاس میں شرکت پر شکر گزار ہیں۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سفارتی اور آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے دفاعی امور پر بریفنگ دی، سب نے یک آواز ہوکر متحد ہونے کا پیغام دیا ہے۔

    صادق سنجرانی کا مزید کہنا تھا کہ اوآئی سی کے ممبر ممالک کو خطوط لکھ کر تحفظات سے آگاہ کردیا ہے، پارلیمانی ڈپلومیسی پربھی کام کررہے ہیں، پوری پارلیمنٹ اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

    اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ آج کے اجلاس کا مقصد اتحاد کا پیغام دینا تھا، کل قومی اسمبلی کا مشترکہ اجلاس بلایا ہے، جس میں بھارتی جارحیت کیخلاف متفقہ قرارداد منظور کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم امن چاہتے ہیں مگراپنی سلامتی پرسمجھوتہ ہرگز نہیں کریں گے، پوری دنیا کو پرامن ہونے کا پیغام دینا چاہتے ہیں۔

  • پاک فوج کو سعودی عرب نہیں بھیجا جائے گا، سرتاج عزیز

    پاک فوج کو سعودی عرب نہیں بھیجا جائے گا، سرتاج عزیز

    اسلام آباد : وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی تکنیکی اوراسلحے سےمدد کرے گا، فوجی دستے نہیں بھیجے گا، یہ اقدام پالیسی کیخلاف ہے۔

    یہ بات انہوں نے قائمہ کمیٹی برائے خارجہ کو ان کیمرہ بریفنگ دیتے ہوئے کہی ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکام نے سعودی عرب کو کہا ہے کہ وہ تیکنیکی اور اسلحے کے ذریعے مدد فراہم کرے گا ۔

     تاہم کسی ملک پر حملے کیلئے پاک فوج کے دستوں کو نہیں بھیجا جائے گا۔ کیوں کہ کسی بھی ملک میں فوج بھیجنا پاکستان کی خارجہ پالیسی نہیں ہے۔

    ان کیمرہ بریفنگ دیتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان کا سارا تعاون دہشت گردوں کیخلاف اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہے۔

    انہوں نے کمیٹی کو یقین دہانی کرائی کہ حال ہی میں پاکستان کا دورہ کرنے والے سعودی وزیرخارجہ اور وزیردفاع نے نہ ہی پاک فوج سعودی عرب بھیجنے کا مطالبہ کیا اور نہ پاکستان اپنی فوج کسی ملک بھیجے گا۔

    مشیر خارجہ نے بریفنگ دیتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستانی وفود کو دونوں ممالک بھیجنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا.