Tag: in Germany

  • جرمنی : تیز رفتار کار سے کچل کر 2 افراد ہلاک، 80 زخمی ہوگئے

    جرمنی : تیز رفتار کار سے کچل کر 2 افراد ہلاک، 80 زخمی ہوگئے

    میگڈےبرگ : تیز رفتار کار سے کچل کر دو افراد ہلاک جبکہ 80زخمی ہوگئے، پولیس نے کرسمس مارکیٹ میں ہونے والے حادثے میں ذمہ دار ملزم کو گرفتار کرلیا، مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق میگڈے برگ کی کرسمس مارکیٹ میں تیز رفتار کار نے سینکڑوں لوگوں کو کچل دیا جس سے دوافراد ہلاک اور 80 زخمی ہوگئے۔

    Christmas market

    میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ افسوسناک حادثہ کرسمس کی خریداری کے حوالے سے لگی میگڈے برگ کی ایک مارکیٹ میں شام ساڑھے سات بجے پیش آیا، یہ گاڑی ایک سیاہ بی ایم ڈبلیو تھی۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی اداروں کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو سیل کردیا گیا، میگڈے برگ کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

    امدادی ٹیموں کے مطابق متاثرین کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے عارضی خیمے لگائے گئے ہیں یہاں کئی زخمیوں کو علاج کیلیے لایا گیا تاہم کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

    crowded Christmas

    پولیس کے مطابق ڈرائیور نے کرسمس مارکیٹ کے ہجوم پر کار چڑھادی جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کار میں سوار ملزم کو حراست میں لے لیا۔

    جرمن چانسلر نے واقعے میں شہریوں کے ہلاک اور زخمی ہونے پر اپنے شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرسمس مارکیٹ میں ہونے والے واقعے نےبدترین خدشات کو جنم دیا ہے۔ انہوں ںے کہا کہ میری نیک تمنائیں متاثرین اور ان کے خاندان والوں کے ساتھ ہیں۔

  • جرمنی میں 4 روزہ’ہیم ٹیکسٹائل نمائش‘آج سے ہوگی

    برلن : جرمنی میں ٹیکسٹائل کے حوالے سے دنیا کی سب سے بڑی4 روزہ نمائش” ہیم ٹیکسٹائل” فرینکفرٹ کے میسے میں آج10 جنوری سے 13 جنوری 2023 تک منعقد ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں ہوم ٹیکسٹائل کی سب سے بڑی چار روزہ عالمی نمائش ہیم ٹیکسٹائل کا میلہ آج دس جنوری سے سجے گا جو 13 جنوری تک جاری رہے گا۔

    نمائش میں پاکستان کے 260 سے زائد ایکسپورٹرز شرکت کر رہے ہیں، عالمی نمائش میں پاکستان کی ایکسپورٹ سے زرمبادلہ حاصل ہوگا۔ اس حوالے سے میسے فرینکفرٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نمائش میں تمام مندوبین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے مؤثر اقدامات کئے گئے ہیں۔

    چار روزہ عالمی نمائش میں پاکستانی پویلین گزشتہ سال کی طرح اس بار بھی غیرملکیوں کے توجہ کا مرکز بنیں گے، یہاں پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کی زبردست مانگ دیکھنے میں آئے گی۔

    ہیم ٹیکسٹائل نمائش میں شریک پاکستانی ایکسپورٹرز کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیکسٹائل کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے اور یورپی منڈی میں پاکستانی بیڈ شیٹ، گارمنٹس، تولیہ اور دیگر ٹیکسٹائل مصنوعات زبردست آرڈرز ملنے کے امکانات ہیں۔

    توقع کی جارہی ہے کہ رواں سال جنوری2023 میں ہیم ٹیکسٹائل نمائش میں دنیا بھر سے نئے خریداروں کے علاوہ بہت سے معروف بڑے نمائش کنندگان بھی آئیں گے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال پاکستان سے 56 نمائش کنندگان نے ہیم ٹیکسٹائل فرینکفرٹ میں پاکستان پویلین کے تحت حصہ لیا جس میں 175 نمائش کنندگان نے انفرادی طور پر شرکت کی تھی جو کہ پاکستان کی طرف سے کسی بھی نمائش میں سب سے بڑی شرکت ہے۔

  • جرمنی : ٹیکسٹائل نمائش کا اختتام : پاکستانی تاجروں کو بڑی کامیابی مل گئی

    جرمنی : ٹیکسٹائل نمائش کا اختتام : پاکستانی تاجروں کو بڑی کامیابی مل گئی

    فرینکفرٹ : جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں ہیم ٹیکسٹائل کی عالمی نمائش اختتام پذیر ہوگئی ہے۔ نمائش میں پاکستان سمیت تریسٹھ ملکوں کے دو ہزار تین سو سے زائد نمائش کنندگان نے حصہ لیا۔

    ہیم ٹیکسٹائل نمائش پاکستان کے لئے اس سال خاص اور اہم رہی کہ نمائش میں شریک پاکستانی کمپنیوں کو پچھلے سالوں کی بنِسبت اس سال کہیں زیادہ مالیت کے آرڈرز حاصل ہوئے جو پاکستانی تاجروں کی بڑی کامیابی ہے۔ اس سے ملکی زر مبادلہ میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔

    پاکستان کے صنعت کاروں اور تاجروں کی ہیم ٹیکسٹائل کی تجارتی نمائش میں شرکت ٹیکسٹائل کی مصنوعات متعارف کرانے کا بہترین ذریعہ ثابت ہوئی ہے۔

    چار روز تک جاری رہنے والی اس عالمی منڈی میں دو ہزار تین سو سے زائد نمائش کنندگان کی مصنوعات کو دیکھنے کے لئے دنیا بھر سے پچاس ہزار سے زیادہ لوگوں نے فرینکفرٹ کی اس نمائش کا وزٹ کیا۔

    پاکستانی قونصل خانہ فرینکفرٹ میں تعینات کونسلر شفاعت کلیم خٹک نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس نمائش میں پاکستانی تاجروں کی دیدہ زیب مصنوعات نے شرکاء کو بہت متاثر کیا۔

    مزید پڑھیں : جرمنی ٹیکسٹائل نمائش : پاکستانی پویلین توجہ کا مرکز بن گیا

    ان کا کہنا تھا کہ فریکفرٹ میں چار روز تک جاری رہنے والی اس عالمی نمائش میں دو ہزار تین سو سے زائد نمائش کنندگان کی مصنوعات کو دیکھنے کے لئے دنیا بھر سے پچاس ہزار سے زیادہ لوگوں نے شرکت کی، اس نمائش سے پاکستانی مصنوعات کی مانگ میں اضافہ بھی ہوا ہے۔

  • جرمنی میں ملازمتوں کے مواقع، لاکھوں ہنرمندوں کی ضرورت

    جرمنی میں ملازمتوں کے مواقع، لاکھوں ہنرمندوں کی ضرورت

     یورپی ملک جرمنی کو اپنے ملک کے مختلف شعبوں میں کام کرنے کے لیے سالانہ 4 لاکھ غیر ملکی باصلاحیت ہنرمندوں کی ضرورت ہے

    جرمن میں کم ہوتی تازہ دم ورک فورس اور زیادہ ریٹائرمنٹ کی شرح نے ملک میں ہنرمندوں کی کمی پیدا کردی ہے جس سے نبرد آزما ہونے کے لیے جرمنی کو سالانہ 4 لاکھ غیر ملکی ہنرمندوں کی ضرورت ہے۔

    جرمنی کی نئی اتحادی حکومت نے ملک میں آبادی کے عدم توازن اور کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال کے بعد مختلف شعبوں میں کام کے لیے ہر سال بیرون ملک سے 4 لاکھ باصلاحیت ہنرمندوں کی ضرورت کا اظہار کیا ہے۔

    جرمن حکومت کی اتحادی جماعت فری ڈیموکریٹس کے پارلیمانی لیڈر کرسچن ڈیوئر نے ایک بزنس میگزین کو بتایا کہ ملک میں ہنرمندوں کی کمی اس قدر سنگین ہوچکی ہے کہ یہ ہماری معیشت کو ڈرامائی طور پر سست کررہی ہے۔

    ڈیوئر نے مزید کہا کہ زائد العمر لیبر کی سنگین صورتحال سے نکلنے کے لیے ہمارے پاس ایک ہی حل ہے کہ جلد ایک جدید امیگریشن پالیسی بنائیں جس کے تحت ہم بیرونی ممالک سے سالانہ 4لاکھ باصلاحیت ہنرمندوں کو اپنی طرف راغب کریں۔

    اس حوالے سے جرمن چانسلر اولف شولز اور انکے اتحادیوں نے یورپی یونین سے باہر دیگر ممالک سے باصلاحیت لوگوں کو جرمنی کی طرف راغب کرنے کے لیے کچھ نکات پر اتفاق کیا ہے اور جرمن کو زیادہ ملازم دوست ملک بنانے کے لیے فی گھنٹہ اجرت کو 12 یورو (13.60 ڈالر) تک بھی بڑھایا گیا ہے۔

    جرمنی میں لیبر فورس کی قلت کی سنگینی کا اندازہ جرمن اکنامک انسٹیٹیوٹ کی اس تجزیاتی رپورٹ سے بھی ہوتا ہے جس میں رواں سال لیبر فورس میں 3 لاکھ سے زائد افراد کم ہونے کا تخمینہ ظاہر کیا گیا ہے کیونکہ لیبر مارکیٹ میں نئی اور جوان فیلڈ فورس آنے کی نسبت بڑی عمر کے کارکن زیادہ ریٹائر ہوں گے۔

    میگزین رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ فرق 2029 میں بڑھ کر ساڑھے 6 لاکھ سے زائد ہوجائے گا، جس سے 2030 میں کام کرنے کی عمر کے لوگوں کی کمی 5 ملین تک ہوجائے گی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک میں کئی دہائیوں کی کم شرح پیدائش اور غیر مساوی ہجرت کے بعد ایک سکڑتی ہوئی لیبر فورس جرمنی کے عوامی پنشن کے نظام کے لیے آبادیاتی ٹائم بم بھی ثابت ہوسکتی ہے۔

  • عمرشریف کی نمازجنازہ آج جرمنی میں اداکی جائے گی

    عمرشریف کی نمازجنازہ آج جرمنی میں اداکی جائے گی

    نیورمبرگ : کامیڈی کنگ عمرشریف کی نماز جنازہ آج جرمنی کے شہر نیورمبرگ میں اداکی جائےگی، لیجنڈ اداکار کا جسد خاکی کل کراچی لائے جانے کاامکان ہے، ان کی تدفین عبداللہ شاہ غازی کے مزارکے احاطے میں کی جائے گی۔

    اسٹیج کے بے تاج بادشاہ عمر شریف کا آخری سفر جاری ہے، جرمنی کے اسپتال میں زندگی کی آخری سانس لینے والےعمرشریف کی نمازجنازہ آج نیورمبرگ کی مسجد میں نماز ظہرکے بعد ادا کی جائے گی۔

    ذرائع کے مطابق مرحوم کی نماز جنازہ علامہ محمد اشرف قادری پڑھائیں گے جس میں عمرشریف کے مداحوں سمیت پاکستانی قونصل خانے قونصلیٹ کا عملہ شرکت کرے گا۔

    دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ عمرشریف کا جسد خاکی منگل کو کراچی لائے جانے کا قوی امکان ہے، ان کا کلیئرنس سرٹیفیکیٹ آج ملے گا۔ عمرشریف کی اہلیہ زریں غزل میت کو لے کرکراچی پہنچیں گی۔

    اطلاعات کے مطابق کراچی کے پارک کلفٹن میں عمر شریف کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی اور تدفین عبداللہ شاہ غازی مزار کے احاطے میں کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے۔

    مزار انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں عمر شریف کی میت کی تدفین کےانتظامات شروع کردیئے ہیں۔

  • ترک صدر اردوان نے جرمنی میں جامع مسجد کا افتتاح کردیا

    ترک صدر اردوان نے جرمنی میں جامع مسجد کا افتتاح کردیا

    برلن: ترک صدر رجب طیب اردوان نے جرمنی میں جامع مسجد کا افتتاح کردیا، تقریب میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان جرمنی میں مسجد کا افتتاح کردیا جس کا شمار یورپ کی بڑی مساجد میں ہوتا ہے، افتتاحی تقریب میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

    ترک صدر نے جرمن حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسجد امن کی نشانی ہے، کلون شہر کی مرکزی مسجد کو ترکی سے تعلق رکھنے والی ایک مسلم تنظیم نے تعمیر کیا ہے۔

    اردوان نے کہا کہ روشن خیال لوگ جو یہاں جمع ہیں، یہ کسی دہشت گردی کا حصہ نہیں بنیں گے، انہیں مسلمانوں کے لیے دیگر جرمن شہروں میں بھی مساجد دیکھ کر خوشی ہوگی، یہ جامع مسجد لاکھوں ترک باشندوں کے لیے فخر کا باعث ہے۔

    کولون شہر میں تعمیر کی گئی اس جامع مسجد کا انتظام ترک جرمن اسلامی تنظیم ڈی آئی ٹی آئی بی کے پاس ہوگا، واضح رہے کہ ترک صدر اردوان سے قریبی تعلق کی بنا پر اس جرمن تنظیم پر بھی کڑی تنقید کی جاتی ہے۔

    خیال رہے کہ ترک صدر جمعے کو جرمنی پہنچے تھے جہاں ان کا استقبال فوجی اعزاز کے ساتھ کیا گیا جبکہ ان کی میزبانی جرمن ہم منصب نے کی اس دورے کے دوران وہ جرمن چانسلر انجیلا مرکل سے بھی ملاقات کرچکے ہیں۔

    اردوان یہ دورہ ایک ایسے موقع پر کررہے ہیں، جب ترکی اور جرمنی کے تعلقات نہایت کشیدہ ہیں، ترک میں 2016 میں ہونے والی ناکام فوجی بغاوت کے بعد سے جاری کریک ڈاؤن پر جرمن حکومت شدید تحفظات کا اظہار کرتی ہے۔