Tag: in home

  • گھر میں خوفناک آتشزدگی، 4 بچے جل کر مرگئے، ماں صدمے سے بے ہوش

    گھر میں خوفناک آتشزدگی، 4 بچے جل کر مرگئے، ماں صدمے سے بے ہوش

    قاہرہ : مصرکے معروف شہر الجیزہ کے ایک فلیٹ میں ہونے والی خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں 4 بچے جان کی بازی ہار گئے، ہیبت ناک واقعے کے بعد پورے علاقے میں رنج وغم کی لہر دوڑ گئی۔

    مرنے والے بچوں میں سب سے بڑے کی بچے کی عمر 8 برس تھی، مصری جریدے الوطن کے مطابق پبلک پراسیکیوشن نے ہیبتناک آتشزدگی کے اسباب کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ الیکٹرانک خرابی کی وجہ سے فلیٹ میں آگ لگی جس سے 4 بچوں کی موت واقع ہوئی- ان میں سب سے کم عمر 2 سالہ تھا۔

    مصری میڈیا نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ فلیٹ کے پڑوسی آگ کے شعلے دیکھ کر گھبرا گئے اور فوری طور پر پولیس کو آگاہ کیا۔

    فلیٹ میں ایک خاتون اپنے 4 بچوں کے ہمراہ سکونت پذیر تھی، فلیٹ سے دھواں نکل رہا تھا، انہوں نے دروازہ توڑ کر آگ بجھانے کی کوشش کی- اسی دوران خاتون خانہ کی چیخ و پکار پر متوجہ ہوئے جو چلا چلا کر کہہ رہی تھی کہ اس کے چاروں بچے فلیٹ میں ہیں۔

    پڑوسیوں نے انہیں تلاش کیا اور انہیں فلیٹ سے باہر نکال لائے، ہمسایوں نے دیکھا کہ سب سے چھوٹا بچہ مر چکا ہے جبکہ دیگر بچیوں کو پرائیویٹ کار سے قریب ترین اسپتال لے جایا گیا مگر وہ بھی وہاں پہنچنے تک دھوئیں سے متاثر ہوکر ہلاک ہوچکی تھیں۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ زبردست دھوئیں کی وجہ سے وہ شروع میں فلیٹ میں داخل نہیں ہوسکے، پہلے انہوں نے پوری بلڈنگ کا بجلی کنکشن کاٹا اور اس کے بعد آگ بجھانے کے لیے فلیٹ میں داخل ہونے کی ہمت کی۔

    ایک پڑوسی بھی شیرخوار کی لاش کو فلیٹ سے نکالتے ہوئے جھلس گیا، ایمبولینس اور سیکیورٹی فورس کے اہلکار مدد کے لیے بعد میں پہنچے۔

    ایک عینی شاہد نے توجہ دلائی کہ آگ سے پورا فلیٹ تباہ ہوگیا، ماں اپنے شیر خوار کی نعش اور تینوں بیٹیوں کی بری حالت دیکھ کر صدمہ میں چلی گئی اور بے ہوش ہوگئی، متوفی بچوں کی والدہ نے میڈیا کو بتایا کہ وہ طلاق یافتہ خاتون ہے اور گزشتہ 10 ماہ سے متاثرہ فلیٹ میں رہائش پذیر تھی۔

  • کورونا وائرس : دبئی حکومت کی عوام کیلئے بڑی سہولت

    کورونا وائرس : دبئی حکومت کی عوام کیلئے بڑی سہولت

    دبئی: شہری اب گھر پر ہی اپنا کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروا سکتے ہیں اور اپنی پروازوں سے قبل ضروری طبی سرٹیفکیٹ بھی حاصل کر سکتے ہیں۔

    متحدہ عرب امارات کی جانب سے سیاحت کے شعبے کی بحالی کے لیے سفری پابندیاں نرم کیے جانے کے بعد گھر پر کورونا ٹیسٹ کی سروس ایک لوجیسٹک فرم ‘ڈبز’ کی طرف سے متعارف کروائی گئی ہے۔

    میڈی کلینک مڈل ایسٹ کی فراہم کردہ ایک میڈیکل ٹیم ٹیسٹ کے خواہش مند صارفین کے گھروں کا دورہ کرے گی جہاں ان کا سواب ٹیسٹ کیا جائے گا۔ صارفین کو ٹیسٹ کے نتائج آن لائن مہیا کیے جائیں گے۔

    ڈبز کمپنی اپنے ہوم چیک ان پیکج میں کورونا ٹیسٹ کے علاوہ دیگر کئی سروسز بھی فراہم کر رہی ہے کہ جن میں سامان کا ڈس انفیکٹ کرنا اور ایئر پورٹ پر ترجیحی پاس کی فراہمی شامل ہے۔