Tag: In India

  • بے موسم بارشوں نے بھارت کی زراعت تباہ کردی

    بے موسم بارشوں نے بھارت کی زراعت تباہ کردی

    لکھنؤ : بھارت میں مون سون سیزن کے بعد ہونے والی بارشیں زحمت بن گئیں، فصلیں تباہ ہونے کے بعد کسان مالی مشکلات کا شکار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش کے کئی علاقوں میں بے موسم بارشوں نے فصلوں کو تباہ کرکے کسانوں کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔

    پہلے تو مون سون کے دوران بارشیں بہت کم ہوئیں اور اب ستمبر اور اکتوبر کے مہینوں میں ہونے والی بے موسم بارشیں فصلوں پر تباہی بن کر ٹوٹ رہی ہیں۔

    Unseasonal Rainfall Causes Severe Crop Damage Across States | NewsClick

    خریف کی فصل 50 سے 100 فیصد تک تباہ ہوگئی، جس کے بعد کسان معاشی طور پر بدحال ہوگئے، شدید بارشوں کی وجہ سے لاکھوں ہیکٹر زرعی اراضی ڈوب گئی ہے جس سے دھان، مکئی اور آلو کی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش کے 75 اضلاع میں سے تقریباً 67اضلاع ایسے ہیں جہاں بے موسم بارش نے زرعی اراضی پر کھڑی فصلوں کو تباہ و برباد کردیا۔

    Incessant Post-Monsoon Rains Damage Crops in Maharashtra; Cause Losses Over ₹5,000 Crores | The Weather Channel

    کسانوں کا کہنا ہے کہ آج کل ان کے لیے مالی حالات انتہائی قابل رحم اور کورونا کی وبا سے بھی زیادہ بدتر ہیں، کھیتوں میں پانی جمع ہونے سے دھان کی فصل کو 50 فیصد سے 100 فیصد تک کا نقصان ہوا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اتر پردیش میں یکم جون سے 30 ستمبر تک مون سون کے دوران 30 فیصد سے کم بارش ریکارڈ کی گئی۔

    Unseasonal Rain Damages Crops In Various Parts Of North India - CharteredWorld

    اور اب جبکہ مون سون رخصت ہو چکا ہے تو کئی اضلاع میں موسلادھار بارش ہو رہی ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق ریاست میں 683 فیصد سے زائد بارش ہوئی ہے۔

  • بھارت نے ڈیجیٹل کرنسی کے لیے اقدامات کا آغاز کردیا

    بھارت نے ڈیجیٹل کرنسی کے لیے اقدامات کا آغاز کردیا

    نئی دہلی : بھارت نے ڈیجٹل کرنسی (ای روپے) کے نظام کو اپنانے کے لیے اقدامات کا آغاز کردیا ہے، اس حوالے سے ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) مخصوص ادائیگیوں کے لیے ڈیجیٹل روپے کا پائلٹ پروجیکٹ شروع کرنے والا ہے۔

    بھارت میں جلد ہی ڈیجیٹل کرنسی دیکھنے کو ملے گی اس سلسلے میں ریزرو بینک آف انڈیا نے ٹیسٹنگ کا عمل بھی شروع کردیاہے۔ گزشتہ روز ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے ڈیجیٹل روپے کے حوالے سے ایک رپورٹ جاری کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں ڈیجیٹل روپے کو متعارف کرانے کیلئے پائلٹ پروجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو“بلاک چین اور دیگر ٹیکنالوجیز”پر مبنی ہوگا۔

    بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جمعے کو جاری ہونے والے ابتدائی مسودے میں کہا گیا ہے کہ آر بی آئی کچھ عرصے سے ڈیجیٹل کرنسی کے فوائد اور نقصانات کا جائزہ لے رہا ہے اور اسے مرحلہ وار طریقے سے نافذ کرنے کی حکمت عملی پر کام کر رہا ہے۔

    آر بی آئی کے مطابق ای روپے کے استعمال کے معاملات کی جانچ اس طرح کی جا رہی ہے کہ مالیاتی نظام میں کم سے کم یا کوئی رکاوٹ نہ ہو۔

    رواں برس ماہ فروری میں بھارتی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ ڈیجیٹل روپے کو رواں مالی سال کے دوران متعارف کرایا جائے گا۔

    ریزرو بینک آف انڈیا نے کہا ہے کہ یہ مرکزی بینک کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے شہریوں کو خطرے سے پاک ڈیجیٹل منی فراہم کرے، جو صارفین کو نجی کریپٹو کرنسیوں سے وابستہ کسی خطرے کے بغیر ڈیجیٹل شکل میں کرنسی میں لین دین کا وہی تجربہ فراہم کرے گا۔

    بینک نے یہ بھی اشارہ کیا کہ وہ ریٹیل اور ہول سیل ڈیجیٹل کرنسی دونوں پر غور کر سکتا ہے، آر بی آئی نے مزید کہا ہے کہ ہول سیل شکل میں ڈیجیٹل کرنسی سیٹلمنٹ سسٹم کو زیادہ مؤثر اور محفوظ بناسکتی ہے۔

  • ماں نے اپنے بچے کو بھوکے شیر کے جبڑے سے چھڑا لیا

    ماں نے اپنے بچے کو بھوکے شیر کے جبڑے سے چھڑا لیا

    بھارت میں اپنے بیٹے کو موت کے منہ سے بچانے کے لیے نہتی ماں شیر سے مقابلے پر اتر آئی، خاتون نے زخمی ہونے کے باوجود بچے کو بچا لیا۔

    بھارت کے شہر نئی دہلی میں ایک دلیر خاتون اپنے شیر خوار بچے کو شیر کے جبڑے کے بچانے کے لیے نہتی لڑ پڑی اس کوشش میں وہ خود بھی زخمی ہوگئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ارچنا چوہدری نامی خاتون اپنے 15 ماہ کے بیٹے کے ساتھ بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے ایک گاؤں میں گھر کے قریب کھیت میں جارہی تھی۔

    ذرائع کے مطابق شیر قریبی جنگل سے بھٹک کر یہاں پہنچا تھا جس نے اپنی بھوک مٹانے کیلئے بچے پر اچانک حملہ کردیا، شیر نے اپنے جبڑے سے بچے کے سر پر حملہ کیا تھا۔

    ماں اور بچے کی حالت اب خطرے سے باہر ہے، مقامی عہدیدار — فوٹو: بی بی سی

    ماں یہ دیکھ کر ہکا بکا رہ گئی لیکن اس نے اپنے آپ کو فوراً سنبھالتے ہوئے بیٹے کو شیر سے بچانے کی کوشش کی تو شیر نے اُس پر بھی حملہ کردیا۔

    خاتون کی چیخ و پکار پر گاؤں کے مقامی لوگ بھی پہنچ گئے اور ماں بچے کو بچانے کی کوشش کی، تاہم ہجوم کو دیکھ کر شیر جنگل کی جانب فرار ہوگیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ،مذکورہ خاتون اور بچے کو مقامی سپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ماں اور بچے کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

    بھارتی خبر رساں ادارے ’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق علاقے کا سرچ آپریشن کیا جارہا ہے جبکہ مقامی شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ رات کے وقت گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

  • بھارت میں مسلمانوں پر تشدد، پاکستان کا ردعمل سامنے آگیا

    بھارت میں مسلمانوں پر تشدد، پاکستان کا ردعمل سامنے آگیا

    پاکستان نے بھارت میں مسلمانوں کے خلاف تشدد اور ٹارگٹ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ واقعات نے فروری 2020 کی ہولناک یادوں کو پھر تازہ کردیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق دفتر خارجہ پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت کی مختلف ریاستوں میں تشدد اور حملوں کی مہم کی مذمت کرتےہیں۔

    دفتر خارجہ سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ نئی دہلی میں جہانگیر پوری کی مسجد میں افطار کے وقت اشتعال انگیزی کی گئی، حالیہ واقعات نے بھارت میں فروری 2020 کی ہولناک یادوں کوپھر تازہ کردیا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ بھارت مسلمانوں پر تشدد اور پُرتشدد واقعات کی شفاف تحقیقات کرائے اور بھارتی حکومت ایسے واقعات دوبارہ ہونے سے روکنے کی کوششں کرے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پربھارت کو جوابدہ ٹھہرائے۔

    واضح رہے کہ آج ہی امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے بھی بھارت میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق رپورٹ جاری کی ہے، جس میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔

    رپورٹ میں ماورائے عدالت قتل،مسلمانوں پرتشدد،بنیادی حقوق غصب کرنے کے واقعات سمیت مقبوضہ کشمیر میں قتل عام،انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بھی شامل ہیں۔

    مزید پڑھیں: امریکی رپورٹ نے بھارتی بربریت کا پردہ چاک کردیا

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کرناٹک میں اسکولوں کی طالبات پر حجاب پہننے پر پابندی عائد کی گئی ،عالمی تنقید کے باوجود ریاست کے ہائی کورٹ نے اس پابندی کو برقرار رکھا۔

  • بھارت: صحافیوں کے ساتھ پولیس کا شرمناک سلوک

    بھارت: صحافیوں کے ساتھ پولیس کا شرمناک سلوک

     بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں بے جے پی کے مقامی رکن اسمبلی کیخلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین اور اس کی کوریج کرنے والے صحافیوں پر پولیس نے تشدد کیا اور نیم برہنہ کردیا۔

    یہ شرمناک واقعہ بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش کے سدھی ضلع میں پیش آیا جہاں چند افراد بی جے پی کے رکن اسمبلی کیخلاف مظاہرہ کررہے تھے اور جب صحافی وہاں کوریج کرنے گئے مقامی پولیس سب کو حراست میں لے کر تھانے لے گئی اور انہیں نیم برہنہ کردیا جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئیں جس میں پولیس اہلکار بھی نظر آرہا ہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ ہفتے پیش آیا جب کوتوالی پولیس اسٹیشن کے قریب کچھ تھیٹر فنکار بی جے پی ایم ایل اے کیدارناتھ شکلا شکلا اور ان کے بیٹے کیدار گرو دت شکلا کے خلاف جعلی فیس بک پروفائل کا استعمال کرتے ہوئے مبینہ نازیبا ریمارکس کرنے پر تھیٹر آرٹسٹ نیرج کندر کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کررہے تھے اور صحافی وہاں احتجاج کی کوریج کرنے پہنچے۔

    رپورٹس کے مطابق وہاں موجود پولیس اہلکاروں نے مظاہرین اور صحافیوں سے بدتمیزی کی، مارا پیٹا اور اپنی شرٹس اتارنے پر مجبور کیا۔

    اس حوالے سے صحافی کنشک تیواری نے دعویٰ کیا کہ انہیں اور ان کے کیمرہ مین کو گرفتار کیا گیا اور ان پر کئی دفعات کے ساتھ الزام لگایا گیا جس میں بے دخلی اور عوامی امن کو خراب کرنا شامل ہے۔ پولیس نے کہا کہ ’آپ ایم ایل اے کے خلاف نیوز کیوں چلا رہے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ متعدد صحافیوں کو 18 گھنٹے تک پولیس کی حراست میں رکھا گیا تھا، انہوں نے بتایا کہ پولیس نے ہمیں 2 اپریل کو رات 8 بجے کے قریب حراست میں لیا اوراگلے روز شام 6 بجے ہمیں چھوڑا۔

    دوسری جانب سدھی ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ مکیش کمار نے کہا کہ پولیس اسٹیشن کے باہر احتجاج کرنے والے “قابل اعتراض نعرے لگا رہے تھے”۔ “پولیس نے انہیں سمجھایا، لیکن انہوں نے نہیں سنا۔ مظاہرین کو رات گئے حراست میں لیا گیا اور انہیں (دفعہ) 151 کے تحت قانونی طور پر گرفتار کیا گیا۔

    ”حراست میں لیے گئے لوگوں سے زبردستی کپڑے اتارنے اور ان کی تصاویر کھینچے جانے کے بارے میں پوچھے جانے پر ایس پی نے کہا کہ “یہ تصاویر میرے علم میں ہے اور ہم اس حوالے سے تحقیقات کررہے ہیں۔

  • بھارت: مسلمان ایک بار پھر ہندو انتہا پسندوں کے نشانے پر

    بھارت: مسلمان ایک بار پھر ہندو انتہا پسندوں کے نشانے پر

    بھارت میں ہندوانہتا پسندوں نے اپنے مذہبی تہوار کی آڑ میں مسلمانوں کی گوشت کی دکانیں زبردستی بند کرانا شروع کردی ہیں۔

    بھارت میں ہندو انتہا پسندی عروج پر ہے جس کا سب سے زیادہ نشانہ مسلمان بنتے ہیں اور آئے دن کسی نہ کسی بہانے یہ مسلمانوں کو جانی ومالی نقصان پہنچاتے ہیں۔

    اب ہندو انتہا پسند اپنے مذہبی تہوار کی آڑ میں مسلمانوں کے معاشی قتل پر تُل گئے ہیں اور حکمراں جماعت بی جے پی کے کارکنوں نے مسلمانوں کی گوشت کی دکانوں کو بند کرانا شروع کردیا ہے جس کے باعث مسلمانوں میں خوف وہراس بڑھ گیا ہے۔

    غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق دس دن تک جاری رہنے والے مشہور ہندو تہوار درگا مائی کی پوجا کے کے آغاز کے ساتھ ہی بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں مسلمانوں کو گائے کے گوشت کی دکانیں بند رکھنے کیلیے مجبور کیا جارہا ہے اور کئی علاقوں میں زبردستی دکانیں بند کرادی گئی ہیں۔

    اس حوالے سے جنوبی اور مغربی نئی دہلی کے میئرز کی بھی متعصبانہ تجویز سامنے آگئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تہوار کے دس دن تک مندر میں آمدورفت زیادہ ہوجاتی ہے ایسے میں مندر آنے والوں کو دکانوں پر لٹکا گائے کا گوشت دیکھ کر تکلیف ہوگی۔

    میئرز نے اپنے طور اسے امن عامہ سے جوڑ کر کہا ہے کہ اس سے ہندو کمیونٹی کے جذبات بھڑک سکتے ہیں اس لیے مسلمان ان دس دنوں کے دوران اپنی دکانیں بند رکھیں۔

    بلدیاتی اداروں کے سربراہان نے گوشت فروشوں پر شہر میں گندگی پھیلانے کا الزام بھی عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ گائے کی باقیات کو ٹھکانے لگانے کے بجائے سڑکوں پر پھینک دیا جاتا ہے جس سے گندگی پھیلتی ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ہریانہ کے گرو گرام (گڑگاؤں)میں شیوسینا کے کچھ کارکنوں نے گوشت اور چکن کی دکانوں کو نشانہ بنایا  تھا۔ان شیو سینکوں نے نوراتری کے پیش نظر گوشت اور چکن کی تقریبا 500دکانوں کو زبردستی بند کرا دیا تھا۔بھارتی میڈیا  رپورٹوں کے مطابق، جن دکانوں کو بند کرایا گیا  تھا اس میں مشہور فوڈ چین کے ایف سی بھی شامل تھی۔

  • بھارت میں بھی اپوزیشن سڑکوں پر آگئی

    بھارت میں بھی اپوزیشن سڑکوں پر آگئی

    مودی حکومت کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد اپوزیشن جماعت کانگریس بھی سڑکوں پر آگئی۔

    مودی حکومت کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے بھارت میں بھی مہنگائی کی سطح کو انتہائی بلند کردیا ہے جس کے بعد عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔

    بڑھتی مہنگائی پر حکومت کے خلاف اپوزیشن جماعت کانگریس نے تین مرحلوں پر مشتمل ’’مہنگائی سے پاک ہندوستان‘‘ مہم شروع کی ہے جس کے پہلے مرحلے میں کارکنوں اور عوام نے اپنے گھروں کے باہر اور عوامی مقامات پر گیس سلنڈروں کو ہار پہنا کر اور ڈرم گھنٹی اور دیگر آلات بجاکر احتجاج کیا تھا۔

    اعلان کردہ دوسرے مرحلے میں ملک بھر ضلع سطح پر 2 اپریل سے 4 اپریل تک مہنگائی سے پاک ہندوستان دھرنا اور مارچ جاری ہیں جب کہ تیسرے مرحلے میں 7 اپریل کو ریاستوں کے ہیڈکوارٹر پر ریاستی سطح پر مہنگائی سے پاک ہندوستان دھرنا اور مارچ کا انعقاد کیا جائیگا۔

    واضح رہے کہ مودی حکومت نے گزشتہ روز ایک بار پھر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 80 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کر دیا تھا اور گزشتہ پانچ دنوں میں یہ چوتھا اضافہ تھا جس کے بعد تقریباْ ایک ہفتے کے دوران پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 6.40 روپے کا اضافہ ہو چکا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مئی 2014 میں جب بی جے پی نے اقتدار سنبھالا تو پٹرول اور ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی بالترتیب 9.20 روپے اور 3.46 روپے فی لیٹر تھی۔ پچھلے آٹھ سالوں میں بی جے پی حکومت نے ایکسائز ڈیوٹی پٹرول پر 18.70 روپے فی لیٹر بڑھا دی ہے۔ ڈیزل پر 18.34 روپے فی لیٹر یعنی ڈیزل اور پٹرول پر ایکسائز ڈیوٹی میں بالترتیب 531 فیصد اور 203 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جب کہ اسی مدت کے دوران مودی حکومت نے گھریلو گیس سلنڈر کی قیمت 539.50 روپے تک بڑھائی ہے۔

  • بھارت میں سادھو کے ہاتھوں کم عمر لڑکی جنسی زیادتی کا شکار

    بھارت میں سادھو کے ہاتھوں کم عمر لڑکی جنسی زیادتی کا شکار

    نئی دہلی : بھارت میں سادھو نے کم عمر لڑکی کو زبردستی نشہ آوار محلول پلاکر اپنی ہوس کا نشانہ بنا ڈالا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں یہ درندگی کا یہ واقعہ پیش آیا جس میں ایک سادھو نے نابالغ لڑکی کو امتحان میں پاس کروانے کا لالچ دیکر کر سرکاری عمارت میں بلایا اور جنسی زیادتی کا نشانہ بناڈالا۔

    عصمت دری کے اس افسوسناک واقعے میں سادھو سیتارام سمیت چار افراد ملوث ہیں جنہوں نے لڑکی کو زبردستی شراب پلاکر مدہوش کیا اور پھر مرکزی ملزم بابا روی سنت سیتارام کے حوالے کردیا جس نے لڑکی کو اپنی ہوس کی بھینٹ چڑھایا۔

    متاثرہ لڑکی کسی طرح سادھو کے چنگل سے بچ کر تھانے پہنچی اور واقعے کی شکایت درج کرائی لیکن پولیس نے کوئی کارروائی نہ کی، بعدازاں کافی دباؤ کے باعث پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    مظاہرین کی جانب سے لڑکی کو انصاف دینے اور ملزمان کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا جارہا ہے

  • بھارت میں ایک ہفتے میں ساتویں بار پٹرول مہنگا

    بھارت میں ایک ہفتے میں ساتویں بار پٹرول مہنگا

    بھارت میں تیل کی قیمتیں بے لگام ہوگئی ہیں اور ایک ہفتے کے دوران ساتویں بار پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ملک بھر میں پیٹرول کی قیمتوں میں لگاتار اضافہ جاری ہے اور دارالحکومت نئی دہلی میں منگل کے روز ایک بار پھر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔

    گزشتہ ہفتے کے دوران پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل یہ ساتویں بار اضافہ کیا گیا ہے جس کے باعث پٹرول کی قیمتیں ایک بار پھر 100 روپے فی لیٹر سے تجاوز کرگئی ہیں۔

    منگل کے روز پٹرول کی قیمت میں 80 اور ڈیزل کی قیمت میں 70 پیسے کا اضافہ کیا گیا اس طرح ایک ہفتے کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 4 روپے 80 پیسے اضافہ ہوچکا ہے۔

    اس وقت بھارت میں ممبئی میں سب سے زیادہ قیمت یعنی 115.04 روپے فی لیٹر پٹرول فروخت ہورہا ہے اور ڈیزل کی قیمت 99.25 روپے فی لیٹر ہے جب کہ سب سے کم قیمت لکھنؤ میں پٹرول 100.06 فی لیٹر فروخت کیا جارہا ہے۔

    واضح رہے کہ ان دنوں بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں دوبارہ کمی واقع ہورہی ہے پیر کے روز بین الاقوامی تیل بینچ مارک برینٹ کروڈ فیوچر 3.56 فیصد کم ہوکر 116.35 ڈالر فی بیرل رہ گیا وہیں خام تیل کی قیمت پیر کو ہندوستانی فیوچر ٹریڈنگ 2.77 روپے گری اس کے باوجود تیل کی قیمت میں اضافہ کیا گیا۔

    بھارت میں تیل کے ساتھ اشیائے خورونوش کی بڑھتی قیمتوں نے غریب اور متوسط طبقے کا جینا دشوار کردیا ہے اور ان میں حکومتی کیخلاف غم وغصہ پایا جاتا ہے۔

  • بھارت: باحجاب مسلم خاتون نے میدان مار لیا

    بھارت: باحجاب مسلم خاتون نے میدان مار لیا

    بھارتی ریاست اوڈیشہ میں بلدیاتی انتخاب میں باحجاب مسلم خاتون امیدوار گل مکی دلوازی نے بھاری اکثریت سے فتح حاصل کی ہے۔

    بھارت جہاں ہندو انتہا پسندی نے ہر جانب سر اٹھا رکھا ہے اور حجاب وہاں مختلف مقامات پر شجر ممنوعہ قرار دینے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اس ماحول میں ایک مسلم باحجاب خاتون نے بلدیاتی انتخاب میں ہندو انتہا پسند حکومتی جماعت بی جے پی کی امیدوار کو شکست دیکر بلدیاتی الیکشن جیت لیا ہے۔

    ریاست اوڈیشہ کے ضلع بھدرک میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے والی گل مکی دلوازی نے 28115 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی، ان کے قریب ترین بی جے ڈی امیدوار سمیتا مشرا کو 24859 ووٹ ملے اس کے مقابلے میں بی جے پی امیدوار گیتا نجلی پادھیاری کو صرف 6787 ووٹ پڑے۔

    واضح رہے کہ بھارت میں حجاب مخالف مہم گزشتہ کئی ماہ سے عروج پر ہے جس کی پاداش میں کئی مسلم لڑکیوں کے تعلیمی اداروں میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی اور اسی آڑ میں مسلمانوں کی جان ومال کو بھی نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔

    حجاب مخالف تنازع پر کرناٹک کی عدالت کے متنازع فیصلے کے خلاف خود بھارت میں کئی حلقوں سوالات اٹھ رہے ہیں۔