Tag: in karachi

  • کراچی : بارش کے بعد سے شہر بھر میں بجلی کا بریک ڈاؤن جاری

    کراچی : بارش کے بعد سے شہر بھر میں بجلی کا بریک ڈاؤن جاری

    کراچی میں دوسرے روز بھی بارش جم کر برسی جس کے بعد کے الیکٹرک کے 2200 میں سے 1400فیڈرز بند ہوگئے، متعدد علاقوں میں 24 گھنٹے سے بجلی معطل ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں حالیہ بارش کے بعد بجلی کا بحران مزید شدت اختیار کرگیا، منگل کو ہونے والی بارش کے بعد سے شہر میں بجلی کا بریک ڈاؤن جاری ہے۔

    نارتھ ناظم آباد بلاک اے اور گلستانِ جوہر بلاک 9 میں 34 گھنٹے سے بجلی کی فراہمی بند جبکہ نانک واڑہ، یوسف گوٹھ، رامسوامی میں 22گھنٹے سے بجلی تعطل کا شکار ہے۔

    اس کے علاوہ سعودآباد، خدا کی بستی،ابراہیم حیدری، شانتی نگر، اسٹیڈیم روڈ پر 28 گھنٹے سے اور کیماڑی، اعظم بستی اور دیگرعلاقوں میں بھی بجلی بند ہونے سے عوام شدید ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔

    واضح رہے کہ بجلی کی طویل بندش پر شہریوں کے صبرکا پیمانہ لبریز ہوگیا اور وہ بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے۔

    مختلف علاقوں میں علاقہ مکینوں نے احتجاجاً سڑک ٹریفک کے لیے بند کردی۔ کے الیکٹرک صارفین کا کہنا ہے کہ کراچی شہر کے بیشتر علاقے 36 گھنٹے سے بجلی سے محروم ہیں، گھروں میں پانی تک نہیں ہے، بچوں اور بزرگوں کو شدید اذیت سے گزرنا پڑ رہا ہے۔

  • کراچی : مغوی شہری کو گولی مار کر چلتی کار سے پھینک دیا

    کراچی : مغوی شہری کو گولی مار کر چلتی کار سے پھینک دیا

    کراچی : سپرہائی وے جمالی پل کے قریب کار سے ایک مغوی شہری کو گولی مار کر پھینکنے کا واقعہ پیش آیا ہے جسے تاوان کیلیے اغوا کیا گیا تھا۔

    متاثرہ زخمی شہری عابد نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ مجھ کو ملیر کے علاقے گلشن قادری سے کار سوار ملزمان نے اغوا کیا تھا۔

    عابد کے مطابق میں پراپرٹی کے کاروبار سے وابستہ اور شاہ لطیف ٹاؤن کا رہائشی ہوں، کار سوار مسلح ملزمان نے ملیر سے اغوا کرکے رقم کا تقاضا کیا۔

     مغوی شہری نے بتایا کہ ملزمان نے میرے ہاتھ پلاسٹک کی ٹائی سے باندھے اور مختلف علاقوں میں گھمایا گیا، کار سوار ملزمان نے10لاکھ روپے کاتقاضا کیا۔

    زخمی عابد نے بتایا کہ میری جیب میں50ہزار روپے سے زائد رقم اور پرس میں بینک چیکس تھے، ملزمان نے تشدد کیا، پاؤں پر گولی ماری اور سامان لوٹ کر پھینک دیا۔

     مغوی شہری عابد نے بتایا کہ کار سوار ملزمان نے مجھے کس علاقے میں پھینکا اس کا مجھے علم نہیں
    پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی شخص کے بیان پر مقدمہ درج کرنے کے بعد واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔

  • کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور شہری جان سے گیا

    کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور شہری جان سے گیا

    کراچی کے علاقے گلزار ہجری میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، 7 ماہ میں جاں بحق افراد کی تعداد 55 ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈکیتی کے بڑھتے ہوئے واقعات شہریوں کے لیے ایک بڑا چیلنج ہیں، پولیس کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں، لیکن ناقص تفتیش اور حکومتی خاموشی کی باعث رپورٹ میں اضافہ ہورہا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق شہر قائد میں ڈاکوؤں نے ایک اور شہری کی جان لے لی اور اس بار ڈاکوؤں نے گلزار ہجری میں 36 سالہ شخص کو مزاحمت کرنے پر گولیاں مار دیں۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق شخص کی شناخت 36 سالہ کریم کے نام سے ہوئی ہے، ڈکیتی مزاحمت پر شہری کو قتل کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق گرفتارملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور چھینا گیا سامان برآمد ہوا ہے۔

    مقتول کریم کے لواحقین نے بتایا کہ وہ گزشتہ 15 سال سے کراچی میں مقیم اور 3 سال سے ایک چائے کے ہوٹل پر ویٹر کی حیثیت سے کام کررہا تھا۔

    مقتول 4 بچوں کا باپ تھا اور آبائی تعلق عمر کوٹ سے تھا، اسے موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے مزاحمت پر فائرنگ کرکے قتل کیا

    واضح رہے کہ رواں سال کے 7 ماہ میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 55 ہوگئی ہے۔

    مزید پڑھیں : ملازمت کیلئے کراچی آنے والا نوجوان ڈکیتی مزاحمت پر قتل

    حال ہی میں نارتھ کراچی میں پاور ہاؤس چورنگی کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر تھرپارکر کے شہری کو قتل کا واقعہ پیش آیا ہے، نوجوان روزگار کے لیے کراچی میں مقیم تھا۔

    پولیس حکام کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ نارتھ کراچی میں پاور ہاؤس چورنگی کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر قتل موٹر سائیکل سوار ڈاکو صدام نامی شہری کو گولی مار کر فرار ہوگیا۔

  • غریب بچوں کے بہتر مستقبل کیلیے کراچی کے نوجوان کا قابل فخر کارنامہ

    غریب بچوں کے بہتر مستقبل کیلیے کراچی کے نوجوان کا قابل فخر کارنامہ

    کراچی : شہر قائد کے ایک نوجوان جھونپڑیوں میں رہنے والے غریب بچوں کے بہتر مستقبل کیلیے قابل فخر اور قابل تقلید کارنامہ انجام دے رہا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ملک کے دیگر صوبوں کی طرح صوبہ سندھ میں آج بھی ہزاروں غریب بچے بنیادی تعلیم حاصل کرنے سے تاحال محروم ہیں۔

    شہر قائد کے ایک نوجوان نے ایسے غریب بچوں کو تعلیم دینے کا بیڑا اٹھایا ہے۔ یہ نوجوان کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں عظیم گوٹھ کی کچی بستی میں رہنے والے بچوں کو بغیر کسی معاوضے کے بنیادی تعلیم فراہم کررہا ہے۔

    شبیہہ الحسن جھونپڑ پٹی میں رہائش پذیر خانہ بدوش بچوں کو تعلیم و ہنر کے زیور سے آراستہ کرکے انہیں ایک مہذب شہری بنانے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شبیہہ الحسن نے بتایا کہ ان کا یہ کام کرنے کا مقصد ایسے غریب نادار بچوں کو بنیادی تعلیم اور تربیت دینا ہے جن کے والدین کسی پرائیویٹ اسکول کی فیس ادا نہیں کرسکتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس وقت میرے پاس تقریباً 100 کے قریب طلباء و طالبات ہیں میں ان کو اردو انگریزی ریاضی پڑھانے کے ساتھ ساتھ سماجی سرگرمیوں سے متعلق بتاتا ہوں، تاکہ ان میں اٹھنے بیٹھنے کا سلیقہ آجائے۔

    س نوجوان کا غریب اور مستحق بچوں کو تعلیم دینے اور زندگی کے بنیادی اصولوں سے آگاہ کر کے ایک کامیاب شہری بنانے کا یہ عمل تعلیم کو عام کرنے اور معاشرے میں سدھار لانے کیلئے ایک مثبت قدم ہے۔

     

  • کراچی : ڈکیتی میں مزاحمت پر 20سالہ نوجوان قتل

    کراچی : ڈکیتی میں مزاحمت پر 20سالہ نوجوان قتل

    کراچی : شہر قائد کا ایک اور نوجوان ڈکیتوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا، ڈاکوؤں نے مزاحمت پر موسیٰ کے سینے میں گولی مار دی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے سچل تھانے کی حدود میں ڈکیتی میں مزاحمت پر 20 سالہ نوجوان کے قتل کا واقعہ پیش آیا ہے۔

    واقعہ عبداللہ شاہ غازی گوٹھ بلاک جی کچا پکا روڈ کے قریب پیش آیا، ڈاکو نوجوان سے موبائل یا پرس چھیننے میں کامیاب تو نہیں ہوسکے لیکن اس کی جان لے لی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ 20 سالہ نوجوان موسیٰ موبائل فون چھیننے پر مزاحمت کرتے ہوئے ایک ڈاکو سے گتھم گتھا ہوگیا تھا، اس دوران ڈاکوؤں نے اس کے سینے پر گولی ماری اور فرار ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق موسیٰ جائے وقوعہ پر جان کی بازی ہار گیا، مزید کارروائی کیلیے نوجوان کی لاش اسپتال منتقل کردی گئی، پولیس نے مقدمہ درج کرکے ڈاکوؤں کی تلاش شروع کردی ہے۔

  • کراچی : تیز رفتار ڈمپر کار پر گر گیا، خاتون اور بچی کچل کر جاں بحق

    کراچی : تیز رفتار ڈمپر کار پر گر گیا، خاتون اور بچی کچل کر جاں بحق

    کراچی : شہر قائد میں تیز رفتار خونی ڈمپر نے دو افراد کی جان لے لی، ریتی سے بھرا ڈمپر کار پر الٹ گیا، حادثے میں ایک خاتون بچی سمیت جاں بحق ہوگئیں۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق راشد منہاس روڈ پر ایک خوفناک حادثہ پیش آیا جس میں خاتون اور بچی سمیت دو افراد جاں بحق اور ایک خاتون شدید زخمی ہوگئی۔

    حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، خونی ڈمپر ریت سے بھرا ہوا تھا جو کار پر گرگیا، ابتدائی طور پر کار سے ایک بچے کو نکال کر زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

    ریسکیوحکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے کافی دیر بعد بھاری بھرکم ڈمپر کو ہیوی مشینری کی مدد سے اٹھایا گیا دبی ہوئی کار میں سے ایک بچی اور ایک خاتون کی لاش نکال لی گئی۔

    ریسکیوحکام کے مطابق ایک خاتون کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

  • سیلز ٹیکس چوری کیخلاف ایف بی آر کی بڑی کارروائی، کروڑوں کا مال برآمد

    سیلز ٹیکس چوری کیخلاف ایف بی آر کی بڑی کارروائی، کروڑوں کا مال برآمد

    کراچی : فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے وزیراعظم کی ہدایت پر سیلز ٹیکس چوری کے خلاف مشروبات بنانے والے یونٹ میں کارروائی کی۔

    اس حوالے سے ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کے عملے نے کراچی کے علاقے لانڈھی میں مشروبات کے مینوفیکچرنگ یونٹ پر چھاپہ مار کر سیلز ٹیکس چوری پکڑلی۔

    ذرائع کے مطابق یونٹ مالک نے کئی سالوں سے سیلز ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کرائے تھے، یونٹ سے کروڑوں مالیت کے مشروبات کی بوتلیں اور مشینری برآمد کرلی گئی۔

    چھاپے کے دوران مختلف مشروبات کی57ہزاربوتلیں برآمد کی گئیں اس کے علاوہ دو گوداموں میں کارروائی کے دوران ڈھائی لاکھ خالی بوتلیں بھی ملی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ یونٹ سے سندھ، بلوچستان اور ملتان تک مال سپلائی کیا جاتا ہے، یونٹ میں غیر رجسٹرڈ برانڈز بڑے پیمانے تیار کیے جارہے تھے۔

    بوتلوں پر مشہور برانڈز سے مشابہت رکھنے والے نام کے اسٹیکرز چسپاں ہیں، علاوہ ازیں غیرقانونی سپلائی چین سے منسلک ڈسٹری بیوٹرز، ایریا سیلز منیجرز کی فہرست بھی برآمد کی گئی ہیں۔

    مزید پڑھیں : معروف فیشن برانڈ کی 10کروڑ کی ٹیکس چوری پکڑی گئی

    یاد رہے کہ کراچی میں ایک اور کارروائی میں ایف بی آر ریجنل ٹیکس آفس ٹو کے عملے نے سائٹ ایریا میں فیکٹری پر چھاپہ مار کر معروف گارمنٹس آؤٹ لیٹ کی10کروڑ کی سلیز ٹیکس چوری پکڑلی۔

    حکام کے مطابق گارمنٹس آؤٹ لیٹ نے یو اے ای اور امریکا میں بھی کاروبار کی آمدنی ظاہر نہیں کی تھی جبکہ آمدنی کو غیر قانونی بینک اکاؤنٹس، شیل کمپنیوں میں منتقل کیا گیا تھا۔

  • مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی معطل کرنے کا اعلان

    مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی معطل کرنے کا اعلان

    کراچی : سوئی سدرن گیس کمپنی کے ترجمان نے کہا ہے کہ تعمیراتی کاموں کے باعث کچھ علاقوں میں گیس کی فراہمی آج معطل رہے گی۔

    اس حوالے سے ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی کا کہنا تھا کہ صفورا چورنگی کے قریب بی آرٹی کے روٹ پر گیس پائپ لائن کی منتقلی کا کام کیا جائے گا، جس کے باعث صفورا چورنگی کے اطراف آج رات گیس کی فراہمی منقطع رہےگی۔

    ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی کے مطابق کراچی کے علاقوں میں بی آر ٹی پروجیکٹ کی تعمیر اور گیس لائنوں کی تبدیلی آج رات جاری رہے گی۔

    ترجمان کے مطابق گلستان جوہر بلاک3،2،1اور7میں صبح 7بجے تک گیس معطل رہے گی، جبکہ صفورا چورنگی اور اطراف میں بھی صبح7بجے تک گیس معطل رہے گی۔

    خیال رہے کہ ایس ایس جی سی سسٹم میں گیس کی کمی سے شہر میں گیس بحران شدت اختیارکر گیا ہے، شہری لکڑی کے چولہوں پر کھانا پکانے پر مجبور ہے۔

    کراچی کے مختلف علاقوں میں اچانک گیس غائب ہوجاتی ہے، جس سے گیس بحران شدت اختیارکر گیا ہے اور گھروں میں خواتین کو کافی مشکالات کا سامنا ہے۔

    مزید پڑھیں : گیس صارفین قیمتوں میں اضافے کے لئے تیار رہیں!

    یاد رہے کہ سوئی ناردرن کی جانب سے آئندہ مالی سال کے لیے گیس کی قیمتوں میں اضافہ طلب کیا گیا، سوئی ناردرن نے گیس قیمت میں اسطا 735روپے59پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی درخواست کردی۔

    سوئی کی گیس نے اوسط قیمت میں207روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی درخواست کی ہے، سوئی سدرن نے سابقہ شارٹ فال سمیت گیس قیمت میں 2443 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ مانگا ہے۔

  • کراچی : شہری نے ڈاکو کو کیسے گولی ماری ؟ فوٹیج اے آر وائی نیوز پر

    کراچی : شہری نے ڈاکو کو کیسے گولی ماری ؟ فوٹیج اے آر وائی نیوز پر

    کراچی کے علاقے گلشن اقبال 13 ڈی ٹو میں شہری نے ڈکیتی کی کوشش کا ناکام بناتے ہوئے فائرنگ کرکے ایک ڈاکو کو موقع پر ہی مار ڈالا۔

    پولیس حکام کے مطابق موٹرسائیکل پر سوار تین مسلح ڈکیتوں نے شہری کو لوٹنے کی کوشش کی، اس دوران وہاں موجود دوسرے شہری نے ڈاکوؤں پر فائرنگ کر دی، جس سے ایک ڈکیت مارا گیا۔

    واقعے کے بعد ہلاک ہونے والے ڈاکو کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مارے گئے ڈکیت کے پاس سے اسلحہ ملا ہے۔

    پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والا شہری موقع سے چلا گیا، ہلاک ڈاکو کی لاش کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک سفید گاڑی فٹ پاتھ کے قریب آکر رکتی ہے، شہری جیسے ہی گاڑی سے نکلا پیچھے سے موٹر سائیکل آکر رکی، مشتبہ شخص کو دیکھتے ہی شہری واپس گاڑی میں جھکا اور پستول نکال لیا۔

    فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مبینہ ڈاکو نے بھی شہری کو دیکھتے ہی پستول نکالا، ڈاکو پستول ہاتھ میں تھام کرجیسے ہی قدم اٹھایا شہری نے فوراً گولی چلادی۔

    گولی چلتے دیکھ کر ڈاکو نے بھاگنے کی کوشش کی مگر گر پڑا اور شہری ڈاکو پر مسلسل گولیاں چلاتا رہا، سڑک کی دوسری جانب شہری کھڑے ہو کر سارا منظر دیکھتے رہے۔ کار سوار نے گاڑی ریورس کی اور موقع سے چلا گیا۔

    پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو کی شناخت نبیل احمد کے نام سے ہوئی ہے، جو ماضی میں بھی ڈکیتی کے الزام میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔

    ملزم کے خلاف 2013 سے لے کر آج تک متعدد مقدمات درج ہیں، ہلاک ہونے والا ملزم ڈکیتی، غیرقانونی اسلحہ سمیت دیگر مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔

  • کراچی : خونی ٹریلر کی ٹکر سے 2 نوجوان جاں بحق

    کراچی : خونی ٹریلر کی ٹکر سے 2 نوجوان جاں بحق

    کراچی : شہر قائد میں شہریوں کے ہیوی گاڑیوں کا نشانہ بن کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھنے کے واقعات تسلسل سے جاری ہیں، ایک بار پھر خونی ٹریلر کی ٹکر سے مزید دو نوجوان لقمہ اجل بن گئے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے بولٹن مارکیٹ کے قریب ٹریلر کی ٹکر سے 2افراد جاں بحق ہوگئے۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد مشتعل افراد کی جانب سے ٹریلر ڈرائیور پر تشدد کی کوشش کی گئی جس پر قابو لیا گیا۔

    پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت زید اور نور کے نام سے ہوئی ہے، متوفیان کے لواحقین نے پولیس کو بتایا کہ دونوں نوجوان لیاری عثمان آباد کے رہائشی اور آپس میں گہرے دوست تھے۔

    پولیس اہلکاروں نے ٹرالر ڈرائیور کو حراست میں لے کر ٹریلر کو بھی تحویل میں لے لیا اور تھانے منتقل کردیا، ملزم کیخلاف مزید قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔

    مزید پڑھیں : ٹریلر کی ٹکر سے شہریوں کی ہلاکت کے دیگر واقعات 

    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں نارتھ کراچی کے واقعے کے بعد 11 ہیوی گاڑیاں اور واٹر ٹینکر جلا دیے گئے تھے، اس کے بعد بھی کورنگی ویٹا چورنگی پر ٹریلر کی ٹکر سے عدنان نامی شہری جاں بحق ہوا،مرحوم عدنان نجی کمپنی میں سیکیورٹی سپروائزر تھا

    پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا تھاؤ حادثے کے بعد شہریوں نے ٹریلر کے شیشے توڑ ڈالے، معلوم ہوا ہے کہ مرحوم عدنان نجی کمپنی میں سیکیورٹی سپروائزر تھا۔

    دوسرے واقعہ مانسہرہ کالونی لانڈھی میں پیش آیا، جس میں ایک ٹریلر کی ٹکر کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار 25 سالہ مسعود خان جاں بحق ہو گیا، پولیس نے اس واقعے میں بھی ٹریلر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔