Tag: in karachi

  • کراچی میں غیر قانونی پورشن مافیا کیخلاف مؤثر کارروائیاں

    کراچی میں غیر قانونی پورشن مافیا کیخلاف مؤثر کارروائیاں

    کراچی : ضلع وسطی کی پولیس اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے گزشتہ روز پورشن مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے متعدد کاروائیاں کیں۔

    مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے پورشن کی آڑ میں غیر قانونی تعمیرات کرنے والے 19 ملزمان کے خلاف 3 مقدمات درج جبکہ 13 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے چیئرمین آباد حسن بخشی نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے اس اقدام کا خیر مقدم کیا ان کا کہنا ہے کہ ایس بی سی اے کی کارروائیاں قابل تعریف ہیں۔

     ایس بی سی اے

    انہوں نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات میں ملوث عناصر کی گرفتاریاں لائق تحسین ہیں، انتظامیہ سے استدعا ہے کہ ان کارروائیوں کو محض ضلع وسطی تک ہی محدود نہ کیا جائے۔

    حسن بخشی کا کہنا تھا کہ پورے شہر میں غیر قانونی تعمیرات میں ملوث عناصر کیخلاف بھرپور کارروائی کی جائے۔ ایسے اقدامات سے عوام کا حکومت پر اعتماد بحال ہوگا۔

  • ظالموں نے میرے سامنے اکلوتے بیٹے کو گولی ماری، والدہ تفصیل بتاتے ہوئے روپڑی

    ظالموں نے میرے سامنے اکلوتے بیٹے کو گولی ماری، والدہ تفصیل بتاتے ہوئے روپڑی

    کراچی : شہر قائد میں گزشتہ کئی برس سے ڈاکوؤں کے ہاتھوں شہریوں کا قتل عام معمول کی بات ہے، مسلح افراد نے والدین کے اکلوتے بیٹے کو گولی مار دی، اس کے علاوہ ڈمپر مافیا نے بھی اپنے ہاتھ معصوم لوگوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔

    ہر سال کی طرح اس بار ماہ رمضان میں بھی متعدد نوجوان مسلح افراد کی گولیوں کا نشانہ بنے اور تیز رفتار ٹرکوں اور ڈمپروں سے کچل کر متعدد مرد و خواتین اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام سرعام کی ٹیم نے مزاحمت پر اور حادثات میں شہید ہونے والے شہریوں کے اہل خانہ سے خصوصی ملاقات کی اور ان کے غم میں شریک ہوکر ان سے اظہار تعزیت کیا۔

    رواں ماہ 19 مارچ کو کورنگی پونے چھ نمبر کے قریب ایک میڈیکل اسٹور پر ڈکیتی کے دوران موٹر سائیکل سوار دو مسلح ملزمان نے فائرنگ سے 20 سالہ صہیب ولد محمد جاوید کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔

    مقتول صہیب کے والدین نے ٹیم سرعام کو بتایا کہ جس وقت ڈاکوؤں نے بیٹے کو گولی ماری تو اتفاق سے ہم دونوں میڈیکل اسٹور کے پاس ہی تھے تو صہیب نے ہاتھ اشارے سے اپنے والد کو آنے سے روک دیا تھا۔

    صہیب کی والدہ نے بتایا کہ میں باہر کھڑی سارا منظر دیکھ رہی کہ ڈاکو سارا کیش سمیٹ رہے تھے اور جاتے ہوئے صہیب کو ایک گولی مار گئے جو جان لیوا ثابت ہوئی۔

    انہوں نے بتایا کہ میرا بیٹا 20 سال 15 دن کا تھا اور رمضان کے مہینے میں پیدا ہوا تھا اللہ پاک نے اسے ماہ رمضان میں ہی واپس لے لیا۔

    مقتول صہیب کے والد کا کہنا تھا کہ پولیس صرف بیانات لے رہی ہے لیکن ابھی تک نہ کوئی گرفتار ہوا اور نہ ہی کوئی کارروائی ہوئی۔

  • کراچی میں ڈبل سواری پر پابندی عائد، نوٹیفکیشن جاری

    کراچی میں ڈبل سواری پر پابندی عائد، نوٹیفکیشن جاری

    کراچی : یوم علیؓ کے موقع پر شہر قائد میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کمشنر کراچی نے شہر قائد میں 2 روز کیلئے دفعہ 144 کے تحت موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی ہے۔

    دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر اور سندھ میں یوم علیؓ کے موقع پر امن وامان برقرار رکھنے کے لئے متعدد سیکیورٹی اقدامات کیے جارہے ہیں، ان اقدامات میں سب سے اہم اور آزمودہ اقدام موٹر سائیکل کی ڈبل سوری پر پابندی ہے۔

    اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق دفعہ 144 یوم علیؓ کے موقع پر سیکیورٹی اقدامات کے تحت عائد کی گئی ہے۔

    اس پابندی کا نوٹیفکیشن کمشنر کراچی کی جانب سے جاری کیا گیا ہے، شہر کے تینوں اضلاع میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پرپابندی ہوگی۔

    موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی اطلاق 21 سے 22 رمضان تک ہوگا، نوٹیفکیشن کے مطابق ڈبل سواری پر پابندی کے فیصلے پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔

    قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، مذکورہ پابندی سے خواتین، بچے، بوڑھے اور صحافی مستثنیٰ ہوں گے۔

    واضح رہے کہ کراچی پولیس نے یومِ علیؓ کے موقع پر مرکزی جلوس کے تحفظ کیلیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے ہیں۔

    اس حوالے سے ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے مرکزی جلوس کے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

    ترجمان کے مطابق مجموعی طور پر 5367 پولیس افسران اور جوان حفاظتی ڈیوٹی پرمامور ہیں، جلوس کے داخلی اور خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹس نصب کیے گئے ہیں۔

    اس کے علاوہ جلوس میں آنے والے شرکاء کی تلاشی کیلئے بم ڈسپوزل اسکواڈ اور اسپیشل برانچ کے اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔

  • کراچی : ڈاکوؤں نے دکاندار کو سینے پر گولیاں مار کر قتل کردیا

    کراچی : ڈاکوؤں نے دکاندار کو سینے پر گولیاں مار کر قتل کردیا

    کراچی میں ڈکیتی میں مزاحمت پر مسلح افراد نے دکاندار کو جان سے مار دیا، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سچل تھانے کی حدود میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک دکاندار کو ڈکیتی میں مزاحمت کرنے پر دکان کے اندر ہی قتل کردیا گیا۔

    پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 55 سالہ خان محمد کے نام سے ہوئی ہے جو پانچ بچوں کا باپ اور پچھلی گلی میں ہی رہائش پذیر تھا۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری طور پر علاقے کی ناکہ بندی کردی تھی اس دوران سپر ہائی وے جمالی گوٹھ میں پولیس نے ڈاکوؤں کے گرد گھیرا تنگ کیا اس موقع پر ملزمان نے پولیس پر فائرنگ شروع کردی، جوابی فائرنگ میں ایک ملزم زخمی بھی ہوگیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن کے قبضے سے چھینا گیا موبائل فون اور نقدی برآمد کرلی گئی ہے جبکہ گرفتار ملزمان نے جرم کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔

    کورنگی میں پولیس مقابلہ، ملزم زخمی حالت میں گرفتار

    ایک اور واقعے میں کراچی کے علاقے کورنگی زمان ٹاؤن میں پولیس اور ملزمان میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، اس دوران ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزم عمر کے قبضے سے ایک پستول اور موبائل فون برآمد ہوا ہے،مقابلے میں پولیس کانسٹیبل یعقوب موٹرسائیکل سلپ ہونے سے زخمی ہوا، ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کررہے تھے کہ پولیس پہنچ گئی۔

  • کراچی : پریڈی تھانے پر کریکر سے حملہ، سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

    کراچی : پریڈی تھانے پر کریکر سے حملہ، سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

    کراچی : پریڈی تھانے پر کریکر سے حملہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں 3پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں، تاہم خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے صدر میں پریڈی تھانے پر نامعلوم افراد نے کریکر سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کیلیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

    اس حوالے سے ایس ایس پی ساؤتھ نے میڈیا کو بتایا کہ 2 اہلکار معمولی زخمی ہیں تاہم ایک اہلکار کی آنکھ کے پاس چھرّا لگا ہے جس کی حالت تشویشناک ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق نامعلوم ملزمان کی جانب سے پھینکا گیا کریکر پریڈی تھانے کے احاطے میں گرا، دھماکے سے مرکزی دروازے کے قریب کھڑی گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے۔

    کریکر دھماکے سے تھانے کی دیوار پر نشانات پڑگئے، واقعے کے فوری بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا گیا، کرائم سین یونٹ نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرناشروع کردیے۔

    پریڈی تھانے پر کریکرحملے کی سی سی ٹی وی اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پریڈی تھانے پر نامعلوم افراد نے کریکر پھینکا۔

    موٹر سائیکل سوار ملزمان کریکر پھینک کر فرار ہوئے جو تھانے میں ڈیوٹی افسر کے کمرے کے باہر گرا،
    زخمی اہلکاروں کی شناخت ارشد عامر اور ریاض کے ناموں سے ہوئی ہے۔

    ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آج دوپہر 12بج کر16منٹ پر تھانے کے اندر ایک گرنیڈ پھینکا گیا۔

    انہوں نے بتایا کہ حملے میں ہمارے3جوان زخمی ہیں، آر جی ڈی5گرنیڈ سےتھانے پر حملہ کیا گیا ہے، تینوں سپاہی اس وقت جائے وقوعہ پر موجود تھے جو زخمی ہوئے۔

    ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق ابھی تک کسی تنظیم نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے، کیمروں کی فوٹیج کے ذریعےحملہ آوروں تک پہنچیں گے، واقعے سے متعلق مزید تفصیلات جمع کی جارہی ہیں۔

    مزید پڑھیں : گلستان جوہر تھانے پر 80 سے زائد افراد کا حملہ، مقدمہ درج

    یاد رہے کہ گزشتہ سال مئی میں کراچی میں گلستان جوہر تھانے پر 80 سے زائد افراد نے حملہ کردیا تھا، پولیس کا کہنا ہے کہ 3 کباڑیوں کو چوری کا مال خریدنے پرحراست میں لیا گیا تھا، ملزمان چھڑانے کیلئے کباڑیوں کے صدر اقبال رند کی سربراہی میں تھانے پر حملہ کیا گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق لاٹھی چارج کے بعد حملہ آور منتشر ہوگئے، جبکہ 6 کباڑیوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ واقعے کے 2 مختلف مقدمات تھانہ گلستان جوہر میں درج کئے گئے۔

  • کراچی : خونی ٹریلر نے ایک اور موٹر سائیکل سوار کی جان لے لی

    کراچی : خونی ٹریلر نے ایک اور موٹر سائیکل سوار کی جان لے لی

    کراچی : شہر قائد میں ایک اور موٹر سائیکل سوار خونی ٹریلر کے پہیوں تلے آکر کچلا گیا، دوسرے واقعے میں ایک راہگیر نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہوا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی فردوس چالی کے قریب تیز رفتار خونی ٹریلر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شہری کچل کر جاں بحق ہوگیا، حادثے میں موٹر سائیکل پر بیٹھا دوسرا شخص زخمی ہوگیا۔

    اس حوالے سے متوفی کے اہل خانہ نے میڈیا کو بتایا کہ خونی ٹریلر کی زد میں آنے والے دونوں افراد آپس میں کزن ہیں، جاں بحق ہونے والے شخص کا نام شہباز اور زخمی ہونے والے کا نام شاہ میر ہے۔

    اہل خانہ کے مطابق دونوں کزن مہران ٹاؤن سے بھینس کالونی بھتیجی کو چھوڑ کر واپس آرہے تھے کہ حادثہ ہوگیا۔

    یہ اندوہناک حادثہ داؤد چورنگی لانڈھی میں پیش آیا، متوفی شہباز ضلع میر پور خاص تحصیل ڈگری گاؤں دیال گڑھ کا رہائشی تھا۔

    دوسرے واقعے میں پرانی سبزی منڈی کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ایک راہگیر کے جاں بحق ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے، ریسکیوحکام کا کہنا ہے کہ فی الحال راہگیر کی شناخت نہیں ہو سکی ہے، لاش کو قانونی کارروائی کیلیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

  • کراچی : ٹریلر کی ٹکر سے ایک اور شہری جان سے گیا

    کراچی : ٹریلر کی ٹکر سے ایک اور شہری جان سے گیا

    کراچی میں تیز رفتار ٹریلر  نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، ٹریلر کی ٹکر کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کراچی کے نمائندے عدنان راجپوت کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر مرغی خانہ کے قریب ٹریلر  نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی ، ٹریلر کی ٹکر  کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔

    اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو حکام  نے جائے حادثہ پر پہنچ کر لاش اور زخمی کو اسپتال منتقل کیا، جہاں زخمی شخص کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

    اس حوالے سے پولیس حکام  نے بتایا کہ ٹریلر کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت عامر اور زخمی کی شناخت واجد کے نام سے کی گئی ہے۔

    پولیس کے مطابق حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جبکہ پولیس نے ٹریلر کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کردیا ہے۔

    علاوہ ازیں کراچی کے علاقے شارع فیصل نرسری اسٹاپ کے قریب ڈبل کیبن گاڑی فٹ پاتھ پر چڑھ گئی، حادثے کی وجہ سے شارع فیصل پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

    اس حوالے سے ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ گاڑی کو حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، تاہم کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں ٹریلر نے ماں اور بیٹے کو کچل دیا

    یاد رہے کہ رواں ماہ کی یکم تاریخ کو کراچی کے علاقے بھینس کالونی میں تیز رفتار ٹریلر نے ماں اور بیٹے کو کچل دیا تھا، حادثے میں بچہ جاں بحق جبکہ ماں شدید زخمی ہوگئی تھی۔

    پولیس کے مطابق جاں بحق بچے کی شناخت 6 سال کے سبحان کے نام سے ہوئی ہے جبکہ حادثے کے بعد ٹریلر ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔

    اس سے قبل گزشتہ ماہ کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں تیز رفتار ٹریلر نے موٹرسائیکل سوار میاں بیوی کو کچل دیا تھا۔

    غنی چورنگی کے قریب ہونے والے حادثے میں بیوی نے موقع پر ہی جان دے دی جبکہ شوہر شدید زخمی ہوگیا جبکہ ٹریلر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا تھا۔

    https://urdu.arynews.tv/truck-hits-motorcycle-arifwala-2-dies/

  • ’یہ گاڑی ایس ایچ او کی ہے‘ جھوٹ بولنے والا شخص فوری پکڑا گیا، ویڈیو دیکھیں

    ’یہ گاڑی ایس ایچ او کی ہے‘ جھوٹ بولنے والا شخص فوری پکڑا گیا، ویڈیو دیکھیں

    کراچی : شہر قائد کی سڑکوں پر آئے روز ٹریفک پولیس اور شہریوں کے درمیان تلخ کلامی اور جھگڑوں کے مناظر دیکھنے میں آتے ہیں۔

    اس کی سب سے بڑی وجہ تو شہریوں کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور اوپر سے چوری اور سینہ زوری کے مصداق اہلکاروں سے بحث اور اپنے اثر رسوخ کا دباؤ ڈالنا ہوتا ہے۔

    اگر دوسری جانب جائزہ لیا جائے تو بعض ٹریفک اہلکار بھی اپنی ڈیوٹی اور فرائض کو بالائے طاق رکھتے ہوئے چند روپے کی رشوت کے عوض ایسے شہریوں کو مزید ڈھیل دیتے ہیں جس کے نتیجے میں ٹریفک حادثات رونما ہوتے ہیں۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام سر عام کی ٹیم نے کراچی کی مختلف شاہراہوں پر شہریوں کی جانب سے ٹریفک اہلکاروں کے ساتھ روا رکھے جانے والے برتاؤ اور رویوں کا جائزہ لیا۔

    پروگرام سر عام کے میزبان اقرار الحسن کے مطابق لاہور میں اور کراچی میں کیے جانے والے پروگراموں کے بعد اس بات کا اندازہ ہوا کہ لاہور کی نسبت کراچی کے ٹریفک اہلکار زیادہ شہریوں کے برے سلوک کا سامنا کرتے ہیں۔

    سیاسی رہنما وڈیروں کی اولادیں اثر و رسوخ رکھنے والے صحافی، وکیل اور پولیس افسران کے بھانجے بھتیجے اکثر ان اہلکاروں کو تضحیک کا نشانہ بناکر ان کی سڑک پر ہی تذلیل کرتے ہیں۔

    اس موقع پر کراچی کی دو اہم شاہراہوں پر ٹریفک اہلکاروں کے ساتھ مل کر خفیہ ریکارڈنگ کی تاکہ شہریوں کے اس رویے کی نشاندہی کرکے اس کا سدباب کرنے کی کوشش کی جائے۔

    ’میں ایم پی کا بھائی ہوں‘

    ٹریفک اہلکاروں نے ایک رنگین شیشوں والی قیمتی گاڑی کو روکا تو اس میں موجود شخص نے خود کو ایم پی اے کا بھائی بتایا اور عب جمانے کی کوشش کی تاہم پولیس افسر کی جانب سے یہی ترغیب دی جاتی رہے کہ چالان کروالیں ترو زیادہ بہتر ہے تاہم کچھ دیر کی بحث و تکرار کے بعد وہ شخص چالان کٹوانے پر راضی ہوگیا۔

    ’یہ گاڑی ایس ایچ او کی ہے‘ شہری کا جھوٹ رنگے ہاتھوں پکڑا گیا،

    اسی دوران ایک اور بڑی گاڑی کو اسی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے روکا گیا تو اس میں موجود شخص نے یہ بتا کر رعب جمانے کی کوشش کی کہ یہ گاڑی ایس ایچ او کی ہے، تاہم جب اس کو احساس ہوا کہ ٹیم سرعام بھی یہاں موجود ہے تو اس نے بغیر کسی پس و پیش کے اپنے جھوٹ کا اقرار کرتے ہوئے بتایا کہ یہ میری ذاتی گاڑی ہے تاہم میں چالان بھی کٹوا رہا ہوں اور یہ شیشے بھی صاف کردوں گا۔،

    سیاسی جماعت کے جھنڈے والی گاڑی کے مالک کی پولیس کو مغلظات

    اس دوران ایک نہایت افسوسناک واقعہ بھی پیش آیا جب ایک ایسی گاڑی کو روکا گیا جس کے باہر پیپلز پارٹی کا جھنڈا لگا ہوا تھا، اس میں موجود صاحب نے روکے جانے کو اپنی بے عزتی گردانتے ہوئے انتہائی برہمی کا مظاہرہ کیا اور بجائے کاغذات دکھانے کے اہلکاروں کو مغلظات بکنا شروع کردیں، صرف اتنا نہیں نہایت غصے کے عالم میں سامنے کھڑے اہلکاروں کی جان کی پرواہ کیے بغیر تیزی گاڑی بھگا کر فرار ہوگیا۔

  • شادی میں فائرنگ : ایک اور بچہ اپنی جان گنوا بیٹھا

    شادی میں فائرنگ : ایک اور بچہ اپنی جان گنوا بیٹھا

    کراچی : شہر قائد کے علاقے سرجانی تیسر ٹاؤن میں شادی کی تقریب میں فائرنگ سے مزید ایک اور بچہ جان کی بازی ہار گیا، اموات کی تعداد دو ہوگئی۔

    ریسکیو حکام کے مطابق فائرنگ سے زخمی ہونے والا چھ سالہ بچہ ایلن شہزاد بھی دوران علاج دم توڑ گیا، فائرنگ کا تیسرا زخمی30 سالہ روبن اسپتال میں زیرعلاج ہے۔

    ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شادی میں فائرنگ میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کرکے3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق تیسر ٹاؤن سیکٹر 35 سی میں ایک شادی کی تقریب کے دوران کچھ افراد نے ہوائی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک بچہ موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ دوسرا بچہ اور ایک شخص زخمی ہوگیا تھا۔

    جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت 6 سالہ بنجو کے نام سے ہوئی تھی جبکہ زخمی ہونے والوں میں 6 سالہ ایلن شہزاد اور 30 ​​سالہ رابن بابر شامل ہیں، انہیں عباسی شہید ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    پولیس نے بتایا کہ اطلاع ملنے پر اہلکار موقع پر پہنچے تو اور فائرنگ میں استعمال ہونے والا 9 ایم ایم پستول برآمد کرلیا، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی جارہی ہے۔

    سرجانی تھانے کے ایس ایچ او کے مطابق شادی کی تقریب کرسچن محلہ میں ہوئی، مشتبہ شخص مقتول کا رشتہ دار ہے، جو فرار ہونے میں کامیاب رہا لیکن اپنی پستول چھوڑ گیا۔

  • کراچی : گلشن معمار کے شادی ہال میں اچانک آگ بھڑک اٹھی

    کراچی : گلشن معمار کے شادی ہال میں اچانک آگ بھڑک اٹھی

    کراچی : گلشن معمار سیکٹر ایکس میں واقع ایک شادی ہال میں آگ لگ گئی، تین فائرٹینڈرز کی 3 گاڑیوں نے بمشکل آگ پر قابو پالیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن معمار سیکٹر ایکس میں واقع ایک شادی ہال میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے۔

    اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کا عملہ جائے وقوعہ پر پہنچ گیا، پولیس حکام کے مطابق آگ شادی ہال کے کچن میں موجود گیس سلنڈر سے لگی تھی۔

    ہال سے مہمان جاچکے تھے، میزبانوں میں سے کچھ لوگ اور انتظامیہ کے افراد موجود تھے، جو خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے وقت میرج ہال سے تقریباً تمام مہمان جاچکے تھے۔ فائربریگیڈ کی تین گاڑیوں کے عملے نے آگ پر قابو پالیا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    مزید پڑھیں : شادی ہال میں آتش بازی کے باعث خوفناک آگ بھڑک اٹھی

    یاد رہے کہ گزشتہ سال بھی کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد کے ایک میرج ہال میں باراتیوں کی جانب سے کی جانے والی آتش بازی کے باعث آگ لگ گئی تھی۔

    آتشزدگی کے بعد وہاں بھگدڑ مچ گئی تھی، آگ اور دھوئیں کی وجہ سے مہمانوں نے فوری طور پر ہال خالی کر دیا تھا۔