Tag: in karachi

  • کراچی میں پولیس مقابلوں کے بعد 9 ملزمان گرفتار

    کراچی میں پولیس مقابلوں کے بعد 9 ملزمان گرفتار

    کراچی : شہر قائد میں پولیس نے دو مبینہ مقابلوں کے بعد 09 ملزمان کو حراست میں لے لیا، جن کے قبضے سے بھاری مالیت کے زیورات اور نقدی برآمد کی گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں کٹی پہاڑی کے قریب فائرنگ کے تبادلے میں زخمی سمیت سات ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے دوپستول، کلاشنکوف، موبائل فون اور دو موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں۔

    ملزمان کی شناخت حفیظ، کلیم، محمد صابر، نعیم اللہ، ساجد، حفیظ، رؤف کے نام سے ہوئی، اے وی ایل سی کیماڑی اور پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد دو ملزمان اعجاز اور بلال زخمی حالت میں گرفتار کرلئے۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزمان سے دو عدد پستول، موبائل فون، پرس اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے، ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    علاوہ ازیں کراچی میں ایک شادی کی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

    پولیس کے مطابق ملزمان کو مبینہ ٹاؤن کی حدود میں جھنگوی روڈ سے گرفتار کیا گیا، ملزم حبیب اور عمر خان سے اسلحہ برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    کراچی میں سائٹ سپر ہائی وے چاکر ہوٹل کے قریب ہونے والی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا جس کی شناخت عمران کے نام سے ہوئی ہے، زخمی کو طبی امداد کی فراہمی کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ زخمی شخص جرائم پیشہ اور پہلے بھی گرفتار ہوکر جیل جاچکا ہے اور آج کل عدالت سے ضمانت پر ہے، ابتدائی طو ر پر معاملہ مشکوک لگ رہا ہے، واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

  • کراچی : گھر سے ہاتھ پاؤں بندھی مدفون لاش برآمد

    کراچی : گھر سے ہاتھ پاؤں بندھی مدفون لاش برآمد

    کراچی : سوتیلے باپ نے بیٹے کے ہاتھ پاؤں باندھ کر گلا کاٹنے کے بعد اس کی لاش گھر میں دفنا دی، ملزم اپنی 3  بیٹیوں سمیت فرار ہوگیا۔ 

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے سائٹ سپر ہائی وے نور محمد گوٹھ کے ایک گھر سے نوجوان کی ہاتھ پاؤں بندھی مدفون لاش برآمد ہوئی ہے۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ احسن آباد سے مغوی نوجوان کی ملنے والی مدفون لاش کے ہاتھ پاؤں بندھے ہوئے اور گلا کٹا ہوا تھا، مقتول پیشے سے نائی تھا جو 3 ماہ قبل ہی اسلام آباد سے کراچی آیا تھا۔

    سائٹ سپر ہائی وے پولیس کے مطابق ملزم توقیر مقتول کا سوتیلا باپ تھا واردات کے بعد اپنی 3بیٹیوں کو بھی ہمراہ لے کر گھر سے فرار ہوگیا۔

    مقتول کی والدہ نے توقیر نامی شخص سے کئی سال قبل دوسری شادی کی تھی، مقتول اپنی ماں سے ملنے3 ماہ قبل اسلام آباد سے کراچی آیا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کا اکثر اپنے سوتیلے باپ سے جھگڑا رہتا تھا، ماں بنگلے میں ماسی کا کام کرتی ہے، مقتول کی ماں2دن بعد جب واپس آئی تو گھر میں کوئی بھی موجود نہیں تھا۔

    گھر کے ایک کمرے میں کھدائی کے نشانات دیکھ کر تحقیقات کی گئیں تو پتہ چلا کہ وہاں اس کے بیٹے کی لاش دفن تھی۔

  • کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش

    کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش

    کراچی : شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ہونے والی موسم سرما کی پہلی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، اہلیان کراچی کے چہرے کھل اٹھے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں نارتھ کراچی میں سرسید ٹاؤن، ناگن چورنگی، بفرزون، سرجانی ٹاؤن، حب چوکی، منگھوپیر، نارتھ ناظم آباد اور سائٹ ایریا میں ہلکی بارش ہوئی ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج رات سے ہفتہ کی صبح تک مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ کچھ علاقوں میں درمیانی رفتار سے بارش بھی ہوسکتی ہے۔

    نمائندے کے مطابق محکمہ موسمیات نے گزشتہ روز ہی اس بات کی پیش گوئی کردی تھی کہ ہفتے کے روز سے کراچی میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا کیونکہ بارش برسانے والا سسٹم کل پاکستان میں داخل ہوگا۔

    اس کے علاوہ موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق کراچی میں آج سے شروع ہونے والی سردی کی لہر ایک ہفتہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

    مزید پڑھیں : مختلف شہروں میں آج کا موسم کیسا رہے گا؟

    اس حوالے سے موسمیاتی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کے اثرات بوندا باندی اور ہلکی بارش کی صورت میں نظر آرہے ہیں، اس کے علاوہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ شہر میں مزید پھیلنے پر شام میں بھی بارش ہوسکتی ہے۔

  • کراچی : ایک اور شہری  ڈکیتی میں مزاحمت پر مارا گیا

    کراچی : ایک اور شہری ڈکیتی میں مزاحمت پر مارا گیا

    کراچی : بنارس پُل پر شہری کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کردیا، مقتول کی چند روز بعد شادی طے تھی۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے عدنان راجپوت کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے بنارس فلائی اوور پر مسلح ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے ایک اور شہری کو قتل کردیا، مقتول کے گھر میں اس کی شادی کی تیاریاں جاری تھی۔

    لواحقین نے بتایا کہ35 سالہ جمال خان کو نئے ماڈل کی موٹر سائیکل چھینتے ہوئے قتل کیا گیا، مقتول اپنی نئی موٹر سائیکل پر دوست کے ہمراہ گھومنے نکلا تھا۔

    ڈاکو مقتول کی نئے ماڈل کی موٹر سائیکل چھین کر لے گئے اور اپنی موٹر سائیکل جائے وقوعہ پر ہی اپنی چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق مقتول جمال میٹرو ول سائٹ بلاک فائیو کا رہائشی تھا۔ مقتول جمال کی دو ہفتے بعد شادی تھی، گھر میں شادی کی تیاریاں زور و شور سے جاری تھیں، مقتول کا آبائی تعلق سوات سے ہے، جو پانچ بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا۔

    علاوہ ازیں کراچی کے علاقے پرانا گولیمار میں مبینہ پولیس مقابلہ میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

    ریسکیو حکام کے مطابق گرفتار ڈاکو کی شناخت31سالہ ارشاد کے نام سےہوئی ہے، جسے طبی امداد کی فراہمی کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    اس سے قبل 9 دسمبر کو بہادرآباد میں ایک شخص کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا تھا، پولیس حکام کا کہنا تھا کہ واقعہ ڈکیتی مزاحمت ہے یا ٹارگٹ کلنگ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

    پولیس کے مطابق دھوراجی کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے عدنان عباسی نامی شہری کو نشانہ بنایا اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

  • کراچی میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی

    کراچی میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی

    کراچی : دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 کے موقع پر حفاظتی نکتہ نظر کے تحت کراچی بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق شہر قائد میں دفعہ 144 کا نفاذ 7دن کیلئے کیا گیا ہے، کمشنر کراچی کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی کا اطلاق 18 نومبر سے 24 نومبر تک ہوگا، ان ایام میں جلسے، جلوس، ریلیاں نکالنے پر سخت پابندی ہوگی۔

    کمشنر کراچی کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ نافذ کردہ دفعہ144کے تحت5سے زائد افراد کے ایک جگہ جمع ہونے پر پابندی ہوگی۔

    دفعہ 144ایڈیشنل آئی جی کی درخواست پر لگائی گئی، دفعہ 144کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کے احکامات جاری کردیے گئے۔

    نوٹی فکیشن کے مطابق پابندی کا نفاذ دفاعی نمائش میں شرکت کرنے والے مقامی اور غیرملکی شرکا کی سہولت کے لئے کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے دفعہ 144 کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق اسلام آباد میں 5 یا اس سے زائد افراد کے اکٹھے ہونے پر پابندی ہوگی۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق کسی بھی قسم کے مذہبی اور سیاسی اجتماع کی اجازت نہیں ہوگی۔ اسلام آباد میں دفعہ 144 ایسے وقت میں عائد کی گئی ہے جب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال دی گئی ہے۔

  • کراچی سے ’’را‘‘ کا ایجنٹ گرفتار، اہم دستاویزات برآمد

    کراچی سے ’’را‘‘ کا ایجنٹ گرفتار، اہم دستاویزات برآمد

    کراچی : اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے کراچی میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر بھارتی خفیہ ایجنسی ریسرچ اینڈ اینالائسز ونگ (را) کے ایجنٹ کو گرفتار کرلیا۔

    اس حوالے سے ایس آئی یو حکام کا کہنا ہے کہ ماری پور میں کارروائی کے دوران’’را‘‘کے ایجنٹ کو حراست میں لیا گیا ہے۔

    ایس ایس پی ایس آئی یو شعیب میمن نے میڈیا کو بتایا کہ ملزم محمد سلیم کو مچھلی چورنگی منوڑہ روڈ سے گرفتار کیا گیا۔

    RAW agent arrested in Karachi

    انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزم کے قبضے سے دستی بم، آوان بم، لانچر اور پستول برآمد ہوا ہے، اس کے علاوہ ملزم ککی تلاشی کے دوران اس کے پاس سے مختلف محکموں کے سروس کارڈ بھی ملے ہیں۔

    شعیب میمن کا کہنا تھا کہ ملزم کے پاس مختلف ناموں سے پاسپورٹس اور شناختی کارڈ موجود تھے، ملزم سے منوڑہ اور چائنا پورٹ کے نقشہ جات برآمد کیے گئے ہیں۔

    ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ برآمد ہونے والے پاسپورٹ کے مطابق ملزم نے مختلف اوقات میں پاکستان سے انڈیا کا سفر بذریعہ نیپال کیا۔

    غیر قانونی اسلحہ اور دیگر پاکستان مخالف دستاویزات کی برآمدگی کے بعد گرفتار ملزم کے خلاف مجموعی طور پر تین مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ ملزم کی سرگرمیوں سے متعلق مزید تفصیلات جاننے کے لیے تفتیش کا عمل جاری ہے۔

    یاد رہے کہ رواں سال مئی میں کراچی کے علاقے کورنگی میں حساس اداروں اور پولیس نے مشترکہ کارروائی میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کے مزید دو تربیت یافتہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھا۔

    حساس اداروں اور کورنگی پولیس نے دو بھارتی ایجنٹوں خاور حسین ولد عبدالغنی اور محمد جابر ولد مشتاق کو گرفتار کیا تھا اور ان کی نشاندہی پر مشترکہ ٹیم نے را کے تربیت یافتہ ماسٹر مائنڈ شیخ محمد ایوب عرف ایوب انصاری کو ساتھی حسن رضا سمیت گرفتار کیا تھا۔

    بھارتی ماسٹر مائنڈ ایجنٹ ایوب 1998ء سے پاکستان میں اپنی بھارتی شناخت چھپا کر مقیم ہے، ملزم نے وزٹ ویزا پر کراچی آکر غیر قانونی طور پر پاکستانی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ حاصل کیا۔

  • ڈاکٹر ذاکر نائیک آج کراچی میں عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے

    ڈاکٹر ذاکر نائیک آج کراچی میں عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے

    کراچی : عالمی سطح پر معروف مذہبی اسکالر ڈاکٹر ذاکرنائیک جو ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہیں آج کراچی پہنچیں گے جہاں ایک تقریب میں عوام سے خطاب کریں گے۔

    اس سلسلے میں گورنر ہاؤس کراچی میں گورنر سندھ کی جانب سے ڈاکٹر ذاکر نائیک کے اعزاز میں آج شام7بجے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔

    تقریب میں مختلف مذہبی شخصیات، اسکالرز، دینی جامعات ومدارس کے مہتمم شریک ہوں گے، اس کے علاوہ شہریوں کیلئے گورنر ہاؤس سے متصل پولو گراؤنڈ میں بڑی اسکرینیں نصب کی جائیں گی۔

    اس حوالے سے گورنر ہاؤس کے سبزہ زار لان میں تقریب کی تیاریاں جاری ہیں جہاں ڈیجیٹل اسٹیج تیار کیا جارہا ہے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے رات گئے گورنر ہاؤس اور پولو گراؤنڈ کا دورہ کیا اور جاری انتظامات کا جائزہ لیا۔

    اس موقع پر گورنر سندھ نے سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے انتظامیہ کو اہم ہدایات بھی دیں، ڈاکٹر ذاکر نائیک آج قرآن و حدیث اور حکم خداوندی کے حوالے سےاہم لیکچر دیں گے۔

  • کراچی : 24 گھنٹے کیلئے گیس کی فراہمی بند کرنے کا اعلان

    کراچی : 24 گھنٹے کیلئے گیس کی فراہمی بند کرنے کا اعلان

    کراچی: سوئی سدرن انتظامیہ نے شہر قائد میں گیس کی بندش کا اعلان کردیا، حکام کا کہنا ہے کہ مرمتی کام کے باعث آدھے کراچی میں 24 گھنٹے کیلیے گیس کی فراہمی بند رہے گی۔

    سوئی سدرن حکام کے مطابق کل بروز اتوار کی صبح سے نصف شہر میں24گھنٹے تک گیس کی سپلائی معطل رہے گی۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ٹرانسمیشن پائپ لائن جوڑنے کےکام کے باعث گیس سپلائی معطل کی جائے گی،28جولائی کی صبح5بجے سے29جولائی کی صبح5بجے تک گیس فراہم نہیں کی جائے گی۔

    ترجمان سوئی سدرن کے مطابق گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ صنعتی صارفین کے لیے بھی گیس بند ہوگی، گیس سپلائی معطل ہونے سے سرجانی ٹاؤن کے تمام سیکٹرز متاثر ہوں گے۔

    اس کے علاوہ منگھوپیر، قصبہ ٹاؤن، اورنگی، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد میں بھی24گھنٹے کیلئے گیس کی فراہمی بند رہے گی جبکہ ایف بی ایریا، گلبرگ، بفرزون، سائٹ انڈسٹریل ایریا، بلدیہ میں گیس بند رہے گی۔

    ترجمان نے مزید بتایا کہ اتحاد ٹاؤن, کیماڑی, گلشن معمار، احسن آباد، جنجال گوٹھ اور سپرہائی وے کے اطراف علاقوں میں گیس کی فراہمی معطل رہےگی, انہوں نے کہا کہ صارفین گیس کی عارضی بندش کے دوران متبادل ایندھن کا بندوست کرلیں۔

  • کراچی میں لاکھوں غیرمقامی بھکاری سیزن لگانے آتے ہیں، ایڈیشنل آئی جی

    کراچی میں لاکھوں غیرمقامی بھکاری سیزن لگانے آتے ہیں، ایڈیشنل آئی جی

    کراچی : ایڈیشنل آئی جی عمران یعقوب نے کہا ہے کہ شہر قائد کراچی میں 3سے 4 لاکھ بھکاری ہر سال سیزن لگانے آتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر بھی عید کے سیزن میں وارداتوں کیلئے دوسرے شہروں سے یہاں آتے ہیں، وارداتیں اور بھیک مانگنے والوں کا زیادہ تر کا تعلق کراچی کے باہر سے ہوتا ہے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کہا کہ شہر قائد میں کوئی شخص بلوچستان تو کوئی اندرون سندھ یا دیگر علاقوں سے یہاں پہنچتا ہے۔

    عمران یعقوب کا کہنا ہے کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کیلئے کیمرہ کوریج ضروری ہے، زیادہ سے زیادہ کیمرے لگیں تاکہ بھکاریوں کی شناخت ہو سکے۔

    انہوں نے بتایا کہ اب کراچی میں آبادی بہت زیادہ بڑھ چکی ہے، دستاویزی آبادیاں اب بہت کم ہیں، اس لیے تھانے کا انٹیلی جنس اسٹاف اب تمام لوگوں پر نظر نہیں رکھ سکتا۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی نے مزید کہا کہ کراچی ڈھائی سے 3کروڑ کی آبادی والا شہر ہے، چاند رات اور عید کے لیے خصوصی سیکیورٹی پلان مرتب کیا ہے۔

  • کراچی میں لاکھوں غیر قانونی اسلحہ موجود ہے، انچارج سی ٹی ڈی

    کراچی میں لاکھوں غیر قانونی اسلحہ موجود ہے، انچارج سی ٹی ڈی

    کراچی : انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب نے کہا ہے کہ کراچی میں لاکھوں کی تعداد میں غیر قانونی اسلحہ موجود ہے۔

    کراچی میں اے آر وائی نیوز کے نمائندے نذیر شاہ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرمنلز کے پاس ہتھیاروں کی فراوانی ہے۔

    راجہ عمر خطاب نے بتایا کہ آئی جی سندھ نے اسلحہ سپلائی لائن پر خصوصی ٹاسک سی ٹی ڈی کو دیا تھا، کوشش کے باوجود سی ٹی ڈی ڈیٹا حاصل کرنے میں ناکام رہی، محکمہ داخلہ سندھ سی ٹی ڈی کو معلومات فراہم نہیں کررہا۔

    ان کا کہنا تھا کہ آرمڈ ٹریفکنگ مانیٹرنگ ڈیسک ایسٹ ،ویسٹ، ساؤتھ میں بنائی گئی، اسلحے کو بلیک گرے اور وائٹ کیٹگری میں تقسیم کردیا گیا روزانہ پکڑے جانے والے ایک ایک ملزم سے تفتیش الگ الگ کی گئی۔

    تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ کراچی میں تمام تر اسلحہ باہر سے آتا ہے، ٹرانسپورٹ اور آن لائن پرچیزنگ کے ذریعے اسلحہ یہاں تک پہنچتا ہے، خیبرپختونخواکے 17 ڈیلرز ہیں جو کراچی ہتھیار بھیجتے ہیں، غیر قانونی ہتھیار 2صوبے کراس کرکے کراچی تک پہنچتے ہیں۔

    راجہ عمر خطاب نے بتایا کہ اب تک 17ڈیلرز کے 150 ہتھیار ہم پکڑ چکے ہیں، 5لاکھ والے ہتھیار کی کاپی 50 ہزار میں مل جاتی ہے، جن کی کوالٹی اتنی اچھی ہوتی ہے کہ آپ سوچ بھی نہیں سکتے۔

    انچارج سی ٹی ڈی نے کہا کہ ایک زمانہ تھا جب کرائے پر ہتھیار ملتے تھے، اب تو کرمنلز ایک دوسرے کو ویسے ہی وارات کیلئے دے دیتے ہیں، اسلحے کی دکانوں میں گولیوں کا حساب کتاب بھی نہیں رکھا جاتا۔

    انہوں نے انکشاف کیا کہ کراچی میں لاکھوں کی تعداد میں غیر قانونی اسلحہ موجود ہے، ان کا کہنا تھا کہ میں دفن کیے جانے والے ہتھیاروں کی نہیں بلکہ جو جرائم پیشہ افراد کے ہاتھوں میں ہیں ان کی بات کررہا ہوں۔

    ایک سوال کے جواب میں راجہ عمر خطاب نے کہا کہ ایک دن دیا جائے کہ غیرقانونی اسلحہ رجسٹرڈ کروالیا جائے،اس کے بعد اتنی سخت سزا دی جائے کہ جیسے اغوا برائے تاوان کی ہوتی ہے۔