Tag: in karachi

  • ‘کراچی میں اس جماعت کی وزارت اعلیٰ ہے جس کا اسٹیک نہیں’

    ‘کراچی میں اس جماعت کی وزارت اعلیٰ ہے جس کا اسٹیک نہیں’

    اسلام آباد : پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان نے ووٹ کی طاقت سے منتخب ہونے والے میئر کو اختیارات دینے کا مطالبہ کردیا۔

    ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں کیا، انہوں نے کہا کہ عوام کو اپنے مسائل کا حل چاہیے اور اچھی قانون سازی کے ذریعے ہی کراچی والوں کو ریلیف مل سکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ووٹ کی طاقت سے جو میئر آتا ہے اسے اختیارات دئیے جائیں لیکن پیپلز پارٹی کو خدشہ ہے کہ میئر کو اختیارات دئیے تو وہ جیت نہیں سکے گی۔

    علی محمد خان کا کہنا تھا کہ المیہ ہے اپوزیشن ممبران کو کمیٹی کی چیئرمین شپ تک نہیں دی گئی۔

    رہنما پی ٹی آئی نے پروگرام میں کہا کہ کراچی میں اس جماعت کی وزارت اعلیٰ ہے جس کا وہاں کوئی اسٹیک نہیں، کراچی والوں پر رحم کریں اور میئر کو اختیارات دیں۔

    انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کو اختیارات دئیے بغیر 18 ویں ترمیم پر عمل درآمد مکمل نہیں ہوگا لیکن پیپلزپارٹی کو خدشہ ہے میئر کو اختیارات دیے تو وہ جیت نہیں سکےگی۔

    علی محمد خان نے کہا کہ مراد علی شاہ نے ریاست کے خلاف بات کی حالانکہ پیپلز پارٹی کے وزیراعلیٰ سے ان الفاظ کی ادائیگی کی امید نہیں تھی۔

  • کراچی میں سیکیورٹی کمپنی کا وین ڈرائیور20 کروڑ روپے لیکر فرار

    کراچی میں سیکیورٹی کمپنی کا وین ڈرائیور20 کروڑ روپے لیکر فرار

    شہر قائد میں نجی سیکیورٹی کمپنی کا وین ڈرائیور طارق روڈ سے بینک کے 20 کروڑ روپے کی خطیر رقم لوٹ کر فرار ہوگیا۔

    شہر قائد میں راہزنی کی وارداتیں تھم نہ سکی کراچی میں رقم لوٹنے کی ایک اور بڑی واردات رونما ہوگئی جس میں سیکیورٹی کمپنی وین ڈرائیور ہی رقم لوٹ کر بھاگ نکلا، واردات 9 اگست کو صبح ساڑھے 9 بجے پیش آئی جس کا مقدمہ میٹھا در تھانے میں درج کیا گیا ہے۔

    پولیس نے واقعے کی تفصیلات کچھ اس طرح بتائیں کہ نجی سیکیورٹی کمپنی کی وین طارق روڈ سے بینک کی رقم منتقل کرنے کےلیے روانہ ہوئی تھی۔

    پولیس نے ابتدائی رپورٹ میں بتایا کہ آئی آئی چندریگر روڈ پہنچنے کے بعد گارڈز کچھ رقم لے کر نیچے اترے اور اسی دوران وین ڈرائیور گاڑی لیکر فرار ہوگیا۔

    اس حوالے سے پولیس نے مزید کہا کہ وین میں 20 کروڑ روپے کی رقم موجود تھی، ڈرائیور نے وین مسکین گلی میں چھوڑ دی اور رقم لیکر بھاگ نکلا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کا مقدمہ میٹھا پولیس نے درج کرکے ڈرائیور کی تلاش شروع کردی ہے۔

    کراچی: 6 ڈاکوؤں کی منی چینجر کی گاڑی پر فائرنگ، لاکھوں لوٹ لیے، 2 افراد جاں بحق
    خیال رہے کہ رواں ماہ 4 تاریخ کو کراچی کے بفرزون ڈپٹی کمشنر آفس کے قریب 6 ڈاکوؤں نے واردات کے دوران منی چینجر کی ایک وین پر اندھا دھند فائرنگ کر کے دو افراد کو قتل کر دیا تھا اور کیش لوٹ کر 3 موٹر سائیکلز پر بیٹھ کر فرار ہو گئے تھے۔

  • کراچی میں مرحلہ وار بجلی کی بحالی کا سلسلہ جاری، بیشتر علاقے دوبارہ روشن ہوگئے

    کراچی میں مرحلہ وار بجلی کی بحالی کا سلسلہ جاری، بیشتر علاقے دوبارہ روشن ہوگئے

    کراچی : شہر قائد میں مرحلہ واور بجلی کی بحالی کا سلسلہ جاری ہے، ائیرپورٹ ون، گلستان جوہر سمیت متعدد علاقوں میں بجلی بحال ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات اچانک بڑے بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کے باعث سارا پاکستان تاریکی میں ڈوب گیا تھا تاہم وزارت توانائی کے اہلکاروں اور بجلی گھروں کے ملازمین نے بروقت مسئلے کی دوری کےلیے کام کا آغاز کیا، جس کے بعد رات ڈھائی بجے کے بعد سے مختلف علاقوں میں بجلی کی بحالی شروع ہوگئی تھی۔

    ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ نیا ناظم آبادد، فیڈرل بی ایریا بلاک 14 اور 16 ، سائٹ ایریا، اورنگی اور منگھوپیر میں بھی بجلی بحال کردی گئی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ کراچی الیکٹرک کی جانب سے اپنے سسٹم سے بجلی بحالی کا کام جاری ہے، ولیکا، کے ڈی اے، فیڈرل بی ایریا کے کچھ علاقوں میں بجلی بحال ہوگئی جبکہ ایئرپورٹ ون،گلستان جوہرکےکچھ مقامات پر بھی بجلی بحال ہوچکی ہے۔

    لانڈھی، ملیر اور شاہ فیصل کے کچھ مقامات پر بجلی بحال کردی گئی تاہم شہر کے تقریباً نصف علاقے میں بجلی تاحال بحال نہ ہوسکی۔

    صدر ، لیاری، بلدیہ، کلفٹن ،نارتھ ناظم آبادمیں بجلی بحال نہ ہوسکی، کھارادر،میٹھادر ،گلشن اقبال کے کچھ علاقوں میں بجلی معطل ہے جبکہ لائنز ایریا، جٹ لائن اور اے بی سینیالائن میں بجلی تاحال معطل ہے۔

  • کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ سے متعلق بڑی خبر

    کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ سے متعلق بڑی خبر

    کراچی : محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے اہلیان کراچی کی مشکلات کے پیش نظر پبلک ٹرانسپورٹ کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے اہم اقدام کرتے ہوئے نئے روٹ پرمٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی میں چھبیس سیٹر منی بس کے روٹس پرمٹس کے اجراء پر عائد پابندی ختم کر دی گئی ہے جس کا نوٹیفیکشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق حکومت سندھ کی جانب سے کراچی کے شہریوں کو اچھی سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے روٹ پرمٹ پابندی ختم کی گئی ہے۔

    روٹ پرمٹس کے اجراء سے نجی سرمایہ کاروں کو ٹرانسپورٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری کا موقع ملے گا اور عوام کو سفر کے دوران پیش آنے والی پریشانیوں میں کافی حد تک کمی آئے گی۔

    محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ چھبیس سیٹر منی بسوں کے روٹ پرمٹ کی اجراء سے پبلک ٹرانسپورٹ کی کمی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

  • کراچی ، ڈرائیور تیز رفتار ٹینکر لیکر گھر میں گھس گیا

    کراچی ، ڈرائیور تیز رفتار ٹینکر لیکر گھر میں گھس گیا

    کراچی : ڈیفنس میں تیز رفتار آئل ٹینکر بے قابو ہوکر گھر میں جاگھسا، خوش قسمتی سے حادثے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق آئل و واٹر ٹینکر کے ڈرائیوروں کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث شہر قائد میں روزانہ کسی نہ کسی شہری کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑتا ہے۔

    روزانہ کی بنیاد پر ہیوی ٹریفک کی زد میں آکر شہریوں کے جاں بحق یا زخمی ہونے کے باوجود ٹریفک انتظامیہ ہیوی ٹریفک کےلیے پہلے سے موجود قوانین پر عمل درآمد کروانے میں ناکام ہے۔

    ٹریفک قوانین پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث آج پھر کراچی میں خوفناک حادثہ پیش آیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق شہرقائد کے پوش علاقے ڈیفنس میں تیز رفتار آئل ٹینکر ڈرائیور سے بے قابو ہوکر گھر میں جاگھسا جس کے باعث گھر کی بیرونی دیواروں کو نقصان پہنچا ہے۔

    ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ مبینہ طور پر بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا جس کے بعد ٹینکر ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہوگیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے ٹینکر کو قبضے میں لے لیا گیا ہے۔

  • کراچی میں پالتو شیر باہر نکل آئے، شہری گھروں میں‌ محصور

    کراچی میں پالتو شیر باہر نکل آئے، شہری گھروں میں‌ محصور

    کراچی : گھر میں پالے ہوئے پانچ شہر گھر سے نکل کر نجی مدرسے میں گھس گئے، شیروں کے گھر سے نکلنے پر لوگوں میں بھگڈر مچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے علاقے گلشن حدید کے قریب واقع نجی سوسائٹی میں گھر میں پالے گئے خطرناک شیر سڑکوں پر نکل آئے، شہریوں میں جنگلی جانوروں کو دیکھ کر شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شیر گھر سے نکلنے کے بعد قریب واقع مدرسے میں داخل ہوگئے، شیروں کے گھر سے نکلنے اور مدرسے میں گھسنے پر لوگوں میں بھگڈر مچ گئی۔

    جنگلی جانوروں کو باہر کھلے عام گھومتا دیکھ کر نجی سوسائٹی کے رہائشی گھروں میں محصور ہوگئے، سوسائٹی کے مکینوں نے مدد کےلیے فوراً صحافیوں و پولیس کو فون پر اطلاع دی۔

    واقعے کی اطلاع ملنے کے باوجود بن قاسم پولیس اور وائلڈ لائف کے اہلکار جائے وقوعہ پر نہیں پہنچے۔

    شیروں کے باہر نکلنے کو موقع غنیمت جانتے ہوئے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے مسلم لیگ نواز کی رہنما مریم نواز پر بھی تنقید کے نشتر چلا دئیے، انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ’کراچی میں پانچ “پالتو شیر “ باہر نکل آئے ، شیر گلشن حدید میں مدرسے میں گھس گئے ، آج شیروں کا بُرا دن ہے، پکڑے جائیں گے , ایک سیاسی رہنما نے شیر پالے ہوئے تھے ‘۔

  • رینجرز اور پولیس کی الفلاح اور شاہ فیصل کالونی میں کارروائی، چار ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

    رینجرز اور پولیس کی الفلاح اور شاہ فیصل کالونی میں کارروائی، چار ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

    کراچی : پاکستان رینجرز سندھ نے کراچی کے علاقے الفلاح اور شاہ فیصل کالونی کے علاقوں میں پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر چار ملزمان کو گرفتار کرکے ان سے اسلحہ برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان رینجرز سندھ نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر الفلاح اور شاہ فیصل کالونی کے علاقوں میں پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان لیاقت چانڈیو اور سرفراز چھوٹو کو گرفتار کرلیا۔

    ملزمان لوگوں سے لوٹ مار کرنے، غیر قانونی اسلحہ رکھنے، ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

    دوسری کارراوئی میں کھارادر اور چاکیواڑہ کے علاقوں میں رینجرز نے ایکشن لیتے ہوئے دو ملزمان محمد نورالزمان اور عبد الوحید عرف ڈیڈھل کو گرفتار کیا۔

    اس حوالے سے ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، ایمونیشن اورمسروقہ ساما ن بھی برآمد کرلیا گیا ہے اور تمام ملزمان کو قانونی کارروائی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

    رینجرز نے اپنے اعلامیہ میں عوام سے اپیل ہے کہ ایسے شر پسند اور جرائم پپیشہ عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی چیک پوسٹ،رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر03162369996 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

  • کراچی : ناجائز منافع خوروں کے خلاف کمیٹیاں قائم ، پرائس کنٹرول مہم شروع

    کراچی : ناجائز منافع خوروں کے خلاف کمیٹیاں قائم ، پرائس کنٹرول مہم شروع

    کراچی : کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی ہدایت پر کراچی میں ماہ رمضان میں سرکاری نرخوں پر کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں کو کنٹرول کو یقینی بنانے کے لئے تمام ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے ضلع میں پرائس کنٹرول مہم شروع کر دی ہے ۔

    تمام ڈپٹی کمشنرز نے اپنے ضلع میں پرائس کنڑول مہم کی کامیابی کے لئے اسسٹنٹ کمشنرز اور مختار کاروں پر مشتمل کمیٹیاں قائم کر دی ہیں خو د ڈپٹی کمشنرز پرائس کنڑول کمیٹیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔

    کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے ڈپٹی کمشنرز سے کہا ہے کہ وہ ہر روز اپنی کارکردگی کا جائزہ لیں اور روزانہ کی بنیاد پر انھیں جرمانوں اور گرفتاریوں کی رپورٹ پیش کریں۔

    پہلے رمضان کو ضلعی انتظامیہ کی پرائس کنٹرول کمیٹیوں نے ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی۔ قبل ازیں کمشنر کراچی کی ہدایت پر ایڈیشنل کمشنر کراچی ون احمد علی قریشی نے دیگر افسران کے ہمراہ سبزی منڈی کا دورہ کر کے مارکیٹ کمیٹی کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔

    انھوں نے مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے فروٹس اور سبزیوں کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار کا معائنہ کیا۔ انھوں نے بعد ازاں کمشنر کراچی کومارکیٹ کمیٹی کے طریقہ کار کے بارے میں تفصیلی رپورٹ پیش کردی۔

    ایڈیشنل کمشنر نے کمشنر کراچی کو مارکیٹ کمیٹی کے کردار کو مؤثر بنانے کے بارے میں اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔ کمشنر کراچی نے مارکیٹ کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس بات کویقینی بنائے کہ فروٹس اور سبزیوں کی قیمتوں کے تعین میں شفافیت نظر آئے ۔

    انہوں نے کہا کہ فروٹس اور سبزیوں کی مناسب قیمتیں مقرر کی جائیں، اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ لوگوں کو ماہ رمضان میں مناسب قیمت پر فروٹس اور سبزیاں دستیاب ہوں اور عوام قیمتوں کے سلسلہ میں ریلیف فراہم کرنے کے مقصد پورا ہو۔

  • کراچی میں قومی ترانے کی دھن پر ورلڈ کپ ٹرافی کی نمائش، کرکٹ شائقین جھوم اٹھے

    کراچی میں قومی ترانے کی دھن پر ورلڈ کپ ٹرافی کی نمائش، کرکٹ شائقین جھوم اٹھے

    کراچی : آئی سی سی ورلڈکپ 2019کی ٹرافی جلوے بکھیرنے کراچی پہنچ گئی، شائقین کرکٹ نے میگا ایونٹ کی ٹرافی کی شہر قائد آمد پر زبردست استقبال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد اور لاہور کے بعد خوشیوں کا رنگ جماتی اور شائقین کا لہو گرماتی ورلڈ کپ ٹرافی کراچی کے مقامی شاپنگ مال میں لائی گئی۔

    شائقین کے سامنے ٹرافی نمائش کیلئے پیش کی گئی تو کرکٹ دیوانے ورلڈ کپ ٹرافی دیکھ کر پرجوش ہو گئے، شاپنگ مال میں خوب سیلفیاں بنوائی گئیں۔

    بچے ہوں یا بڑے سب کی یہی خواہش تھی کہ آئی سی سی ورلڈ کپ ٹرافی پاکستان ہی آئے گی، ان کا کہنا ہے کہ اصل خوشی تب ہوگی جب سرفراز الیون یہ ٹرافی جیت کر ہمیشہ ہمیشہ کے لئے پاکستان لائے گی۔

    اس موقع پر پورٹ گرینڈ میں شاندار کنسرٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں کرکٹ لوورز نے بھرپور انداز میں شرکت کی، تقریب میں قومی ترانے کی دھن میں ٹرافی کو پیش کیا گیا۔

    کنسرٹ میں سجاد علی اور دیگر نامور گلوکاروں کی جادوئی آواز نے سماں باندھ دیا، علی ظفر نے بھی شائقین کا جوش بڑھایا، ورلڈ کپ ٹرافی کا شہر قائد میں آج آخری روز ہوگا، حسین اور یادگار لمحات شائقین کے ذہنوں میں محفوظ رہیں گے۔

  • کراچی میں ایک اور سرکاری گاڑی گن پوائنٹ پر چھین لی گئی

    کراچی میں ایک اور سرکاری گاڑی گن پوائنٹ پر چھین لی گئی

    کراچی: شہرقائد کے علاقے سچل سے گن پوائنٹ پر ایک اور سرکاری گاڑی چھین لی گئی، سرکاری گاڑی سندھ اسمبلی کے افسران کو الاٹ تھی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سچل سے گن پوائنٹ پر ایک اور سرکاری گاڑی چھین لی گئی، گاڑی سندھ اسمبلی کے افسران کو الاٹ تھی، گاڑی کا نمبر جی ایس ایس 748 ہے، سرکاری افسر دوستوں سے ملنے آیا ملزمان نے اسلحہ کے زور پر گاڑی چھین لی۔

    سچل میں سرکاری گاڑی چھیننے کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا، مقدمہ سرکاری افسر کے ملازم فرحان علی کی مدعیت میں تھانہ سچل میں درج کیا گیا۔

    ایف آئی آر کے متن کے مطابق گاڑی میں سوار ملازم کو گن پوائنٹ پر اتارا اور گاڑی لے کر فرار ہوگئے، پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی کی تلاش شروع کردی گئی ہے اور واقعے کی مزید تفتیش بھی جاری ہے۔

    مزید پڑھیں: میئر کراچی وسیم اختر کی گاڑی گن پوائنٹ پر چھن گئی

    واضح رہے کہ گزشتہ روز میئر کراچی کے اہلخانہ کے زیر استعمال سرکاری گاڑی چھینی گئی تھی، واقعہ ڈیفنس خیابان بخاری میں پیش آیا تھا، جہاں مسلح ملزمان نے اسلحہ کے زور پر ان کے ڈرائیور سے گاڑی چھینی۔

    سی پی ایل سی کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں ڈیڑھ سال کے دوران 27 گاڑیاں چھینی جاچکی ہیں زیادہ تر گاڑیاں ڈیفنس اور کلفٹن سے چھینی گئی جن کا مقدمات درخشاں تھانے میں درج ہیں۔

    امن و امان کی صورت حال،  وزیراعلیٰ سندھ نے آج اجلاس طلب کرلیا

    امن و امان کی صورت حال پر وزیر اعلیٰ سندھ نے آج اجلاس طلب کرلیا ہے، اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ، آئی جی سندھ، سیکریٹری داخلہ ودیگر حکام کو طلب کرلیا گیا، میئر کراچی وسیم اختر، سیکریٹری اسمبلی کی گاڑیاں کیسے چھنیں وضاحت طلب کرلی گئی۔

    اسٹریٹ کرائم پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، ایڈیشنل آئی جی امیر شیخ پر برہم ہوگئے، مراد علی شاہ نے پولیس چیف کی کارکردگی پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے جبکہ نئے آئی جی سندھ سید کلیم امام کو اپنی ٹیم بنانے کی ہدایت کردی ہے۔