Tag: In Quetta

  • کوئٹہ : پولیس موبائل پر فائرنگ، 3 اہلکار شہید

    کوئٹہ : پولیس موبائل پر فائرنگ، 3 اہلکار شہید

    کوئٹہ : بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں مسلح افراد نے پولیس موبائل پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 3 اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کوئٹہ کے بیورو چیف مصطفیٰ خان ترین کی رپورٹ کے مطابق فائرنگ کا واقعہ مستونگ روڈ پر نیو سریاب تھانے کی حدود میں پیش آیا، جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔

    پولیس موبائل پر حملہ اُس وقت ہوا جب وہ علاقے میں گشت کررہی تھی، شہید اہلکاروں میں ایک سب انسپکٹر بھی شامل ہے واردات کے بعد نامعلوم ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    شہید ہونے والے اہلکاروں کی میتیں قانونی کارروائی کیلیے اسپتال منتقل کردی گئیں جبکہ زخمی اہلکار کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق کوئٹہ کی نیوسریاب پولیس موبائل پر حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، 6ملزمان 2موٹر سائیکلوں پر آئے، 4 ملزمان نے بیک وقت فائرنگ کی، فوٹیج میں ملزمان کو کلاشنکوف اور پستول سے فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پولیس موبائل پر بزدلانہ حملہ قابلِ مذمت ہے، شہدا کے لہو کا حساب لیا جائے گا۔

    اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گے، کمزور نہیں ہیں، دشمنوں کو بھرپور جواب دیا جائے گا۔

    سرفرازبگٹی کا کہنا ہے کہ شہر کا امن تباہ کرنے والوں پر زمین تنگ کردیں گے، پولیس اہلکاروں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، بلوچستان میں امن دشمنوں کیلئے کوئی رعایت نہیں۔

  • کوئٹہ : سی ٹی ڈی کی کامیاب کارروائی، 2 خطرناک دہشت گرد گرفتار، ذرائع

    کوئٹہ : سی ٹی ڈی کی کامیاب کارروائی، 2 خطرناک دہشت گرد گرفتار، ذرائع

    کوئٹہ : محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے دہشت گردی کی منصوبہ بندی ناکام بناتے ہوئے 2 مشتبہ  دہشت گرد حراست میں لے کر بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا۔

    کوئٹہ سے اے آر وائی نیوز کے نمائندے عبداللہ مگسی کی رپورٹ کے مطابق کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) بلوچستان کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی کے اہلکاروں نے سریاب کے علاقے میں کارروائی کی اور 2مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

    سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق سریاب روڈ کے علاقے میں دہشت گردوں کی کمین گاہوں پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں دھماکہ خیز مواد، خودکار ہتھیار اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

    دہشت گردوں کا آئندہ 72گھنٹوں میں تخریب کاری کی بڑی واردات کا منصوبہ تھا جسے ناکام بنا دیا گیا، گرفتار دہشت گردوں سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار کارروائیاں جاری ہیں جب کہ صوبے کا امن خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔

  • کوئٹہ : معروف عالم دین قاتلانہ حملے میں جاں بحق

    کوئٹہ : معروف عالم دین قاتلانہ حملے میں جاں بحق

    کوئٹہ : ایئرپورٹ روڈ پر فائرنگ سے معروف عالم دین مفتی عبد الباقی جاں بحق ہوگئے، مقتول تراویح پڑھنے کیلئے مسجد جارہے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے ایئرپورٹ روڈ پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے عالم دین مفتی عبد الباقی شدید زخمی ہوگئے جنہیں تشویشناک حالت میں طبی امداد کیلیے فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مفتی عبدالباقی کو تراویح کیلئے مسجد جاتے ہوئے حملہ آوروں نے اپنی گولیوں کا نشانہ بنایا۔

    پولیس کے مطابق سول اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زیادہ خون بہہ جانے کے باعث مفتی عبدالباقی نے دم توڑ دیا۔

    پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے واقعہ کے فوری بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، ملزمان کی گرفتاری کیلئے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی تاہم تمام زاویوں سے واقعہ کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    مزید پڑھیں : داماد کی فائرنگ سے 2 سالیاں قتل، بیوی زخمی

    واضح رہے کہ گزشتہ روز چنیوٹ میں گھریلو تنازع پر داماد کی سسرال والوں پر فائرنگ کے نتیجے میں دو سالیاں جاں بحق اور بیوی زخمی ہوگئی، ملزم رستم کی بدسلوکی کے باعث اس کی بیوی اسے چھوڑ کر 2 بچوں سمیت میکے آئی تھی۔

    پولیس کے مطابق واقعہ محلہ پورن پلاد میں پیش آیا تاہم زخمی خاتون کو تشویشناک حالت میں الائیڈ اسپتال فیصل آباد بھجوادیا گیا ہے اور واقعہ کی تحقیقات جاری ہے اور گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

     

  • کوئٹہ میں روٹی کی بلیک میں فروخت، قیمت 60 روپے ہوگئی

    کوئٹہ میں روٹی کی بلیک میں فروخت، قیمت 60 روپے ہوگئی

    کوئٹہ : بلوچستان کے دارالحکومت میں روٹی بھی بلیک میں فروخت ہونے لگے گی، ریستوران مالکان نے روٹی کی قیمت 60 روپے کردی۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں گیس کی بندش کے باعث شہریوں کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے، قیمتی اشیاء نے پہلے ہی عوام کی کمر توڑ رکھی تھی اب روٹی کی بلیک میں فروخت نے عوام کو رلا دیا ہے۔

    کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں گیس کی بندش سے گھر میں روٹی بنانا مشکل ہوگیا، اسی موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ریستوران نے روٹی مہنگے داموں بلیک میں خرید و فروخت شروع کردی، ریستورانوں میں آدھی روٹی 30 جبکہ پوری روٹی 60 روپے کی بیچ رہے ہیں۔

    کوئٹہ میں گزشتہ 12 روز آٹے کی قیمتوں میں کمی کےلیے نان بائی ایسوسی ایشن کی ہڑتال جاری ہے جبکہ ایسوسی ایشن نے آٹے کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے کی صورت میں وزیر اعلیٰ ہاوس کے باہر دھرنے کا اعلان کردیا ہے۔

    نان بائی ایسوسی ایشن کا مطالبہ ہے کہ حکومت آٹا سستہ کرکے 300 گرام والی روٹی 20 روپے میں فروخت کرنے کی اجازت دے کیونکہ 20 روپے میں فروخت ہونے والی 200 گرام کی روٹی خشک اور پاپٹر جیسی ہوجاتی ہے جس پر گاہک ناراض ہوتا ہے۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اورنگزیب بادینی نے کہا کہ یہ نان بائی ایسوسی ایشن نام نہاد ہے کیونکہ یہ رجسٹرڈ نہیں ہے اور یہ زبردستی غریب تندور والوں سے تندور بند کروا رہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ 2015 میں 20 روپے میں 400 گرام کی روٹی فروخٹ ہوتی تھی لیکن نان بائی ایسو ایشن نے آہستہ آہستہ روٹی کی قیمت بڑھا کر 200 گرام کی روٹی 20 روپے میں کردی۔