Tag: in ukraine

  • روس نے یوکرین کی مدد کیلیے بھیجے گئے امریکی اور مغربی ہتھیار تباہ کردیے

    روس نے یوکرین کی مدد کیلیے بھیجے گئے امریکی اور مغربی ہتھیار تباہ کردیے

    روسی افواج نے سولیدار شہر کے قریب ریلوے اسٹیشن پر  راکٹ حملہ کرکے یوکرین کی مدد کیلئے بھیجے گئے امریکی و مغربی ہتھیاروں کو تباہ کردیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین میں روسی فوج کی کارروائیاں جاری ہیں۔ روس کی وزارت دفاع کے ترجمان ایگور کوناشینکوف نے اپنے ایک جاری بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ روسی ائیر فورس نے یوکرین کے شہر سولیدار کے قریب ایک ریلوے اسٹیشن پر فضائی حملہ کیا ہے، جس میں یوکرین فوج کی مدد کیلئے بھجوائے گئے امریکی و مغربی ہتھیاوں کو نشانہ بنایا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں: یوکرین پر حملہ کیوں کیا؟ روسی صدر نے تہلکہ خیز انکشاف کردیا

    ترجمان نے کہا کہ حملے کیلئے فضا سے زمینی ٹارگٹ کو نشانہ بنانے کیلئے بہترین میزائل استعمال کیے گئے، میزائلوں کے ذریعے ریلوے اسٹیشن پر پہنچائے گئے مغربی ہتھیاروں اور فوجی سازو سامان کو تباہ کردیا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ روس فضائیہ نے یوکرینی فوج کے میزائل اور اسلحہ کے ہتھیاروں کو ذخیرہ کرنے والے چھ ڈپو ؤں کو بھی تباہ کردیا ہے، جبکہ یوکرین کے Su-25 جنگی طیارے کو بھی مار گرایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روسی فضائیہ نے لوہانسک، ڈونیٹسک اور خارکیو کے علاقوں میں اسلحہ ڈپو کو نشانہ بنایا۔

  • یوکرین پر روسی فضائی حملہ، بچوں سمیت 9 افراد ہلاک

    یوکرین پر روسی فضائی حملہ، بچوں سمیت 9 افراد ہلاک

    یوکرین کے سرحدی شہر ’سمی‘ پر روس کے فضائی حملے میں کم از کم 9 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں 2 بچے بھی شامل ہے۔

    غیرملکی میڈیا کے مطابق یوکرین کے سرحدی شہر ’سمی‘ پر روس کے فضائی حملے میں کم از کم 9 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں دو بچے بھی شامل ہیں، واضح رہے کہ سمی وہ شہر ہے جہاں سے شہریوں کو محفوظ انخلا کی آج اجازت دی جانی تھی۔

    یوکرین حکام کا کہنا ہے کہ روس حملوں کے بعد شہروں میں محصور لوگ خوفزدہ ہوکر دوسرے علاقوں کی جانب نقل مکانی کررہے ہیں۔
    یوکرینی حکام نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ اس کی جانب سے کی جانے والی بمباری کے نتیجے میں روس کے سینیئر کمانڈر بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

    غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق یوکرین کی ریسکیو سروس نے بتایا کہ پیر کی رات گئے دشمن جہازوں نے جان بوجھ کر رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا۔

    حملے کا نشانہ بننے والا سمی شہر روس کی سرحد کے قریب اور دارالحکومت کیف کے مشرق میں 350 کلومیٹر دور ہے، اس شہر میں کافی دنوں سے شدید لڑائی جاری ہے۔

    یوکرین کی نائب وزیراعظم ارینا ویرشچکوف کا کہنا ہے کہ روسی حکام نے منگل کی صبح کوریڈور کے زریعے لوگوں کے محفوظ انخلا پر اتفاق کیا تھا اور ریڈ کراس کی کمیٹی کو اس بارے میں خط بھی لکھا تھا لیکن ہمارے پاس اطلاعات ہیں کہ روس کی جانب سے کوریڈورز میں رکاوٹ ڈالنے کی منصوبہ بندی کی جاچکی ہے۔

    اس سے قبل روس کی نیوز ایجنسیز کے مطابق روس کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ شہریوں کے انخلا کے حوالے سے بات چیت میں کسی حد تک پیش رفت ہوئی ہے۔

    منگل یعنی آج روس ماریوپول اور سمی کے رہائشیوں کو یہ موقع دیا جانا تھا کہ وہ یوکرین کے اندر جہاں چاہیں جاسکتے ہیں اور اس کیلیے دن کے کچھ گھنٹے مخصوص کیے گئے تھے۔

  • امریکی سابق فوجی کرائے پر یوکرین میں روس کیخلاف جنگ لڑنے پر آمادہ

    امریکی سابق فوجی کرائے پر یوکرین میں روس کیخلاف جنگ لڑنے پر آمادہ

    امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کے 3 ہزار سابق امریکی فوجی کرائے پر یوکرین جاکر روس کیخلاف جنگ لڑنے پر آمادہ ہیں۔

    امریکی خبررساں ادارے کے مطابق تین ہزار امریکی فوجی کرائے پر یوکرین جاکر روس کے خلاف لڑیں گے۔

    واشنگٹن میں یوکرین کے سفارتخانے کے ایک نمائندے نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ یوکرین کے غیرملکی رضاکاروں کو بھرتی کرنے کے اعلان کا جواب دیتے ہوئے تقریباْ تین ہزار امریکیوں نے یوکرین جاکر روس کا مقابلہ کرنے کی حامی بھری ہے۔

    واضح رہے کہ مغربی ممالک یوکرین میں لڑنے کیلیے اپنی افواج نہیں بھیج رہے ہیں لیکن وہ یوکرین کو اسلحہ فراہم کررہے ہیں تاکہ روس کیخلاف جنگ میں یوکرین کی مدد کی جاسکے۔

    ان مغربی ممالک نے روس، روس کی ارب پتی شخصیات، روسی صدر پیوٹن کے قریبی ساتھیوں اور رہنماؤں پر اقتصادی پابندیاں بھی عائد کردی ہیں۔

    یوکرین کے صدر گزشتہ دنوں ولادیمیر زیلنسکی اور دیگر سینیئر یوکرین حکام نے روس کے خلاف لڑائی کی مدد کیلیے غیرملکی رضاکاروں کے ’’ایک بین الاقوامی لشکر‘‘ کی تشکیل پر زور دیا تھا۔

    زیلنسکی نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ 16 ہزار غیرملکیوں نے رضاکار کے طور پر روس کے خلاف جنگ میں یوکرین کی مدد کرنے کی حامی بھری ہے۔