Tag: inaugurates

  • منگھو پیر میں انسداد منشیات اسپتال کا افتتاح

    منگھو پیر میں انسداد منشیات اسپتال کا افتتاح

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں منشیات کے علاج کے اسپتال کا افتتاح کردیا گیا، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ہم سب ساتھ مل کر صوبے اور ملک کو ڈرگ فری بنائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے منگھو پیر میں بے نظیرشہید ماڈل ایڈکشن ٹریٹمنٹ اینڈ ری ہیبلی ٹیشن سینٹر کا افتتاح کیا گیا، تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔

    صوبائی وزرا شرجیل میمن، مرتضیٰ وہاب، سعید غنی اور مکیش کمار چاولہ جبکہ گیسٹ آف آنر وفاقی وزیر نارکوٹکس کنٹرول نوابزادہ شاہ زین بگٹی بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

    اسپتال میں نشے کے عادی افراد کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ مریضوں کو سماجی سرگرمیوں کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔

    افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم سب ساتھ مل کر صوبے اور ملک کو ڈرگ فری بنائیں گے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ معاشرے میں بیشتر گھرانوں کے افراد نشے کی لت میں مبتلا ہیں، نشے کی روک تھام اور ترسیل کے سدباب کے لیے ہنگامی اقدامات ناگزیر ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ نشے کا معاملہ پوری دنیا کے لیے سنگین مسئلہ بن چکا ہے، چند پیسوں کی خاطر لوگ اپنے ضمیر کا سودا کرتے ہیں۔

  • میانوالی میں مدر چائلڈ اسپتال کا افتتاح

    میانوالی میں مدر چائلڈ اسپتال کا افتتاح

    میانوالی: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے میانوالی میں مدر چائلڈ اسپتال کا افتتاح کردیا، عمران خان کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت میں شروع کیے گئے ہیلتھ کارڈ سے 29 لاکھ لوگ فائدہ اٹھا چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے میانوالی میں مدر چائلڈ اسپتال کا افتتاح کردیا، اس موقع پر عمران خان نے میڈیا سے گفتگو بھی کی۔

    سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ڈلیوری کے دوران سب سے زیادہ خواتین کی اموات پاکستان میں ہوتی ہیں، اپنی حکومت کے ساڑھے 3 سال میں سب سے زیادہ خوشی ہیلتھ کارڈ کی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ اب تک ہیلتھ انشورنس پر 30 ارب روپے خرچ ہو چکے ہیں۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ آج پورا خیبر پختونخواہ ہیلتھ کارڈ سے کور ہے، کسی بھی نجی اسپتال سے 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کروایا جا سکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ افسوس ہے ہماری حکومت گئی تو ہیلتھ کارڈ پر وفاق کی توجہ نہیں ہے، وفاقی حکومت ہیلتھ کارڈ کو فنڈ نہیں کر رہی، ہیلتھ کارڈ آنے کے بعد لوگوں نے اسپتال بنانا شروع کر دیے تھے۔

    سابق وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ پوری کوشش کر رہے ہیں ہیلتھ کارڈ سے پورا پنجاب کور کریں، ہیلتھ کارڈ سے 29 لاکھ لوگ فائدہ اٹھا چکے ہیں۔

  • وزیر اعلیٰ کا ضلع باجوڑ میں ایک روز میں درجنوں منصوبوں کا افتتاح

    وزیر اعلیٰ کا ضلع باجوڑ میں ایک روز میں درجنوں منصوبوں کا افتتاح

    پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے قبائلی ضلع باجوڑ میں ایک روز کے اندر اربوں روپے مالیت کے 18 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا، وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ قبائلی اضلاع میں تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے قبائلی ضلع باجوڑ میں اربوں روپے مالیت کے 18 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا، وزیر اعلیٰ نے 6 مختلف مقامات پر 52.5 کلو میٹر رابطہ سڑکوں کی تعمیرکا سنگ بنیاد رکھا۔

    وزیر اعلیٰ نے ضلع باجوڑ میں 12 پرائمری اسکولوں کا افتتاح بھی کیا جبکہ 6 پرائمری اسکولز، 17 مڈل اسکولز اور 17 ہائی اسکولز کی اپ گریڈیشن کا افتتاح کیا۔

    علاوہ ازیں انہوں نے اسپورٹس کمپلیکس خار میں مکمل ہونے والی ہاکی ٹرف، فٹبال گراؤنڈ، ہاسٹل، اسپورٹس اسٹیڈیم ماموند اور باجوڑ ناوگئی میں مکمل ہونے والے ریسکیو 1122 کی بلڈنگ کا افتتاح بھی کیا۔

    اس موقع پر وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو خوشحال اور صحت مند ماحول کی فراہمی صوبائی حکومت کی ترجیح ہے، قبائلی اضلاع میں تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

  • وزیر اعظم نے لاہور میں سلیم میموریل ٹرسٹ اسپتال کا افتتاح کردیا

    وزیر اعظم نے لاہور میں سلیم میموریل ٹرسٹ اسپتال کا افتتاح کردیا

    لاہور: وزیر اعظم شہباز شریف نے لاہور میں سلیم میموریل ٹرسٹ اسپتال کا افتتاح کیا، جدید مشینری پر مشتمل اسپتال مریضوں کو علاج کی مفت سہولت فراہم کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف لاہور کے سلیم میموریل ٹرسٹ اسپتال کی افتتاحی تقریب میں پہنچے جہاں انہوں نے اسپتال کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔

    وزیر اعظم کو ٹرسٹ اسپتال انتظامیہ کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔

    سلیم میموریل ٹرسٹ اسپتال مریضوں کو علاج کی مفت سہولت فراہم کرے گا، اسپتال میں سٹی اسکین اور او پی ڈی کی سہولتیں بھی موجود ہیں، اسپتال 350 بستروں پر مشتمل ہے۔

    افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سلیم میموریل ٹرسٹ اسپتال دکھی انسانیت کی خدمت کرے گا، اسپتال میں عالمی معیار کی مشینری موجود ہے۔ دل کے امراض کے لیے بھی مشینری یہاں پر موجود ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جن کے پاس وسائل نہیں ان لوگوں کا اسپتال میں مفت علاج ہوگا، اسپتال کی تعمیر میں معاونت کرنے والوں نے دنیا اور آخرت میں بھلائی کمائی۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گندی سیاست نے اس اسپتال کو 2 سال سرد خانےمیں ڈالے رکھا، اس سے بڑا ظلم غریب قوم کے ساتھ کیا ہوسکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سنہ 2008 میں ہماری حکومت آئی تھی تو ریسکیو 1122 پرویز الٰہی کا منصوبہ تھا، میں نے منصوبے کو آگے بڑھایا کیونکہ یہ پرویز الٰہی نہیں پورے پاکستان کے لیے تھا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ذاتی پسند نا پسند سے اوپر سوچنا ہوگا، آپ نے کسی حکومت سے پیسہ نہیں لیا خود اسپتال بنایا۔

  • وزیر اعظم عمران خان 23 نومبر کو ٹریک اینڈ ٹریس نظام کا افتتاح کریں گے

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان 23 نومبر کو ٹریک اینڈ ٹریس نظام کا افتتاح کریں گے ، نیا نظام ملکی ریونیو میں اضافے اور ٹیکس چوری کا سد باب کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان 23 نومبر کو ٹریک اینڈ ٹریس نظام کا افتتاح کریں گے، نظام کے تحت تمباکو، کھاد، چینی، سیمنٹ کی پیداوار و فروخت کی الیکٹرانک نگرانی ہوگی۔

    اس حوالے سے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ الیکٹرانک نگرانی کا دائرہ کار اشیا کی پیداوارسے صارف کو پہنچنے تک رہےگا ، نیا نظام ملکی ریونیو میں اضافے اور ٹیکس چوری کا سد باب کرے گا۔

    اعلامیے کے مطابق تمبا کو سیکٹر میں ٹریک اینڈ ٹریس نظام لاگو کیا جا چکا ہے ، تمباکو اور شوگر سیکٹر کے بعد بقیہ سیکٹرز کی الیکٹرانک نگرانی کا نظام لاگو ہو گا۔

    جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نوٹیفائیڈ سیکٹرز کے تمام پیداواری اشیا کی الیکٹرانک نگرانی ہو سکے گی جبکہ اگلے مرحلے میں مشروبات اور پٹرولیم سیکٹر میں ٹریک اینڈ ٹریس نظام لاگو ہوگا۔

  • ٹیکنالوجی کے استعمال کی جانب ایک قدم، وزیراعظم نے شپ لفٹ اینڈ ٹرانسفر سسٹم کا افتتاح  کردیا

    ٹیکنالوجی کے استعمال کی جانب ایک قدم، وزیراعظم نے شپ لفٹ اینڈ ٹرانسفر سسٹم کا افتتاح کردیا

    کراچی :وزیراعظم عمران خان نے شپ لفٹ اینڈ ٹرانسفر سسٹم کا افتتاح کردیا اور کہا شپ لفٹ اینڈ ٹرانسفرسسٹم ٹیکنالوجی کے استعمال کی طرف قدم ہے، اس سسٹم سے ہم باہر سے ڈالر کما سکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے ، زبیدہ جلال اوراسد عمربھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں ،ایئرپورٹ پر گورنر سندھ اور صوبائی قیادت نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔

    جس کے بعد وزیراعظم نے کراچی شپ یارڈ میں شپ لفٹ اینڈ ٹرانسفرسسٹم کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور شپ لفٹ اینڈ ٹرانسفر سسٹم کا افتتاح کیا۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ شپ لفٹ اینڈ ٹرانسفرسسٹم کے افتتاح پر مبارکباد دیتاہوں، خوشی ہوئی کہ ہم ٹیکنالوجی کی فیلڈ میں آگے بڑھ رہے ہیں، میں پاکستان کےساتھ ساتھ ہی بڑا ہواہوں لیکن جس تیزی سے پاکستان نے آگے بڑھنا تھااس تیزی سے نہیں بڑھا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ اپنی صلاحیت پراعتماد کے بجائے ہم امپورٹ لینڈ اکنامی بن گئے ، جب بھی کوئی بیساکھی پر چلتا ہے تو جسمانی قوت کم ہوجاتی ہے، اللہ نے صلاحیت دی ہے کہ بوجھ اٹھائیں تو بازو مضبوط ہوتا ہے، قومیں جب پیروں پرکھڑے ہونے کا فیصلہ کرتی ہیں تو اللہ مضبوطی دیتاہے۔

    انھوں نے کہا کہ اللہ ہمیں نبیﷺ کی زندگی سے سیکھنے کا کہتاہے، جو ریاست نبیﷺ کی سنت پر چلے گی وہ عظیم بن جائے گی ، ہم نے اپنی قوت کو نہیں پہچانا، خوشی ہے کہ پھر سے اپنے پیروں پر کھڑے ہونے کی کوشش ہورہی ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شپ لفٹ اینڈ ٹرانسفرسسٹم ٹیکنالوجی کے استعمال کی طرف قدم ہے، اللہ کا کرم ہے کہ پاکستان صحیح راستے پر چل گیا ہے، ملک کا خسارہ ریکارڈ پر تھا لیکن معیشت اب آگے بڑھ رہی ہے۔

    عمران خان نے مزید کہا کہ شپ لفٹ اینڈ ٹرانسفرسسٹم سے ہم باہر سے ڈالر کما سکیں گے، ہم نے ملک میں منی لانڈرنگ کو روکنا ہے ، یہ پوری دنیا کامسئلہ ہے کہ کرپٹ صاحب اقتدار پیسہ چوری کرکے باہر بھیجتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ ہم ٹیکنالوجی کے شعبے میں آگے بڑھ رہے ہیں، ہمیں ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے اپنے ملک کا پیسہ بچانا ہے، اس سے ہمارے فارن ایکسچینج اور ڈالر بچیں گے۔

  • وزیراعظم رواں ماہ مزدوروں کیلیے نئی ہاؤسنگ سوسائٹی کا افتتاح کریں گے

    وزیراعظم رواں ماہ مزدوروں کیلیے نئی ہاؤسنگ سوسائٹی کا افتتاح کریں گے

    پشاور: معاون خصوصی زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ  200 گھروں پر مشتمل سوسائٹی میں مزدوروں کو مالکانہ حقوق دیے جائیں گے، وزیراعظم اسی ماہ ہاؤسنگ سوسائٹی کا افتتاح کرنے پشاور آئیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی زلفی بخاری نے بے سہارا بچوں کے مرکز زمونگ کور کا دورہ کیا ، اس موقع پر زلفی بخاری نے کہا کہ1500 بچوں کی گنجائش کا اسکول جلد تعمیر کررہے ہیں۔

    معاون خصوصی نے مزدوروں کے لیے نئی ہاؤسنگ سوسائٹی پرشوکت یوسفزئی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا 200گھروں پر مشتمل سوسائٹی میں مزدوروں کو مالکانہ حقوق دیے جائیں گے، وزیراعظم اسی ماہ ہاؤسنگ سوسائٹی کا افتتاح کرنے پشاور آئیں گے۔

    زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ سیاحت کے فروغ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیےجارہے ہیں، گرمیوں میں سیاحوں کونئے خوبصورت مقامات دیکھنے کو ملیں گے۔

    انھوں نے مزید کہا نئے سیاحتی مقامات سے سیاحوں کی بڑی تعداد خیبرپختونخوا کا رخ کرے گی۔

    یاد رہے دسمبر 2020 میں وزیراعظم نے مزدوروں کیلئے بننے والے فلیٹس کی تکمیل کا نوٹس لیتے ہوئے شوکت یوسفزئی کے توجہ دلانے پر 20 کروڑ روپے جاری کرنے کی ہدایات کی تھی۔

    وزیراعظم نے کہا  تھا کہ شوکت یوسفزئی معاون خصوصی زلفی بخاری کیساتھ معاملے کوحل کریں، حکومت اورپارٹی مزدوروں کےحقوق پر کوتاہی برداشت نہیں کرے گی۔

  • وزیراعظم عمران خان نےایئرسیال کا افتتاح کردیا

    وزیراعظم عمران خان نےایئرسیال کا افتتاح کردیا

    سیالکوٹ: وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ کے صنعت کاروں کا دیرینہ خواب پورا کرتے ہوئے ایئر سیال کا افتتاح کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان مختصر دورے پر سیالکوٹ پہنچے، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، معاون خصوصی عثمان ڈار، وفاقی وزیرحماداظہر، رزاق داؤد، گورنر پنجاب غلام سرور سمیت عامرکیانی وزیراعظم کےساتھ تھے۔

    سیالکوٹ پہنچنے پر وزیراعظم نے ایئر سیال کا افتتاح کیا، لائسنس یافتہ ایئر لائن ایئر سیال سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اراکین کی سوچ کا نتیجہ ہے جنہوں نے اپنے پہلے اقدام سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ کی کامیابی کے بعد اس منصوبے کا آغاز کیا ہے۔

    اپنے دورہ سیالکوٹ میں وزیر اعظم 17 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کریں گے، ان منصوبوں کے تحت کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت 5 نئے پارکس قائم کیے جائیں گے، اس کے علاوہ شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے کا بھ افتتاح کیا جائے گا، منصوبے سے پہلے مرحلے میں چار لاکھ شہریوں کو پینے کا صاف پانی مہیا کیا جائے گا،جبکہ کامیاب نوجوان پروگرام کے تحت چیک بھی تقسیم کیے جائیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم کا ملک کے بڑے صنعتی شہروں کو بڑی مراعات دینے کا فیصلہ

    وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سیالکوٹ کے بعد شہر میں ٹریفک مسائل کے حل کےلیے بھی منصوبہ شروع کیا جائے گا۔

    عمران خان کے معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے منصوبے سیالکوٹ کی تقدیر بدل دیں گے، ترقیاتی پیکج کی منصوبہ بندی ویژن 2050 پلان کے پیش نظر کی گئی، سیالکوٹ سے ڈھائی ارب ڈالر کی ایکسپورٹ کی جاتی ہے، سیالکوٹ10 ارب سے زیادہ ٹیکس دینے والا شہر ہے۔

  • 65 سال سے زائد عمر کے شہریوں کیلئے 2 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ

    65 سال سے زائد عمر کے شہریوں کیلئے 2 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ

    لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے باہمت بزرگ پروگرام کا افتتاح کردیا ، جس کے تحت 65 سال سے زائد العمر شہریوں کو ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے باہمت بزرگ پروگرام کا افتتاح کردیا ، پروگرام کےتحت65سال سے زائد عمر کے مستحق شہریوں کوماہانہ2ہزارروپےملیں گے ، باہمت بزرگ پروگرام کیلئے ابتدائی طور پر 2 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

    اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پروگرام سے مستحق بزرگ شہریوں کی معاشی بحالی ہوگی،حکومت کی تمام پالیسیوں کا محور پسماندہ طبقے کی بحالی ہے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ریاست مدینہ کاجوتصور دیاہم اسکی جانب بڑھیں گے، ریاست مدینہ کا حصول ایک لمبا اور صبر آزما کام ہے، ہمارے بزرگ ہماری زمہ داری ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ حکومت نےبزرگوں،متاثرہ افراد کیلئے پروگرام شروع کیا ہے، یہ سوشل پنشن پروگرام ہے، ابتدائی طور پر 2 ارب روپے مختص کئے ہیں، ریاست مدینہ کے اصولوں پر چل کر کمزور طبقوں کو اوپر لیکر جائیں گے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ بزرگ افراد کو عمر کے آخری آیام میں سکھ ملنا چاہیے ، حکومت پنجاب نے احساس پروگرام کا بھی آغاز کیا گیا ، یہ منفرد پروگرام ہے،65 سال سے زائدالعمر کو ماہانہ وظیفہ دیں گے۔

  • وزیراعظم آج گبین جبہ سوات میں سیاحتی مقام کا افتتاح کریں گے

    وزیراعظم آج گبین جبہ سوات میں سیاحتی مقام کا افتتاح کریں گے

    لاہور: وزیراعظم عمران خان آج گبین جبہ سوات میں سیاحتی مقام کا افتتاح کریں گے ، گبین جبہ پہنچنے کے لئے 5گھنٹے پیدل جانا پڑتا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا وزیراعظم عمران خان آج گبین جبہ سوات میں سیاحتی مقام کا افتتاح کریں گے ، گبین جبہ پہنچنے کے لئے 5گھنٹے پیدل جانا پڑتا تھا۔

    شہبازگل کا کہنا تھا کہ مراد سعید اور محمود خان کی کاوش سےاب سڑک بنا دی گئی ہے اور یہاں سیاحوں کیلئےرہائشی انتظامات بھی کر دئیے گئے ہیں، انشاللہ یہ ہے عمران خان کا پاکستان۔

    معاون خصوصی نے مزید کہا کہ انشاللہ گبین جبہ کی طرز پر بہت جلد اور بھی نئے سیاحتی مقامات بھی کھولے جائیں گے ، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان ہر شعبے میں آگے بڑھ رہا ہے۔