Tag: Income

  • مالی سال 23-2022: عام آدمی کی آمدن میں 11 فیصد کمی

    مالی سال 23-2022: عام آدمی کی آمدن میں 11 فیصد کمی

    اسلام آباد: رواں مالی سال 23-2022 کے دوران ملکی معیشت کے مجموعی حجم میں 33.4 ارب ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ فی کس آمدن میں 11 فیصد کمی ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت کے مجموعی حجم میں 33.4 ارب ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ مالی سال 23-2022 میں معاشی حجم 375 ارب ڈالر سے کم ہو کر 341.6 ارب ڈالر پر آگیا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ مالی سال پاکستان کی فی کس آمدنی میں 198 ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی اور فی کس آمدن 15 سو 68 ڈالرز رہی۔

    سال 2022 کے دوران فی کس آمدنی 17 سو 66 ڈالر اور 2021 میں فی کس آمدنی 16 سو 77 ڈالر تھی۔ ایک سال میں فی کس آمدن میں 11.38 فیصد کمی آئی۔

    ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ صحت کے شعبے میں بہتری دیکھنے میں آئی اور اس شعبے میں کارکردگی 8.3 فیصد ہدف کے مقابلے میں 8.49 فیصد رہی۔

    تعلیم کے شعبے میں بھی بہتری دیکھی گئی اور ہدف کے 9.4 فیصد کے مقابلے میں 10.44 فیصد کارکردگی دیکھی گئی۔ انفارمیشن اینڈ کمیونی کیشن کی کارکردگی 6 فیصد ہدف سے بہتر 6.93 فیصد رہی۔

  • اولمپکس کھلاڑیوں کی آمدنی کتنی ہوتی ہے؟ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    اولمپکس کھلاڑیوں کی آمدنی کتنی ہوتی ہے؟ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    کھیلوں میں عوام کی بڑھتی ہوئی دلچسپی اور اشتہارات کی دنیا میں اسپورٹس اسٹارز کی مانگ اور ان کے مداحوں کی تعداد میں اضافہ وہ چند وجوہات ہیں جس کی وجہ سے کھیلوں میں آمدنی کی شرح میں حیرت انگیز طور پر اضافہ ہوا ہے۔

    ایسا نہیں کہ 80 اور 90 کہ دہائیوں میں کھلاڑیوں کی آمدنی کم ہوا کرتی تھی، ان کی آمدنی تب بھی اچھی خاصی زیادہ تھی لیکن صرف انفرادی اسپورٹس میں جیسا کہ باکسنگ، گالف، فارمولا ون اور ٹینس وغیرہ۔

    اس کے علاوہ اولمپکس کے کھلاڑی بھی کسی سے پیچھے نہیں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ان پر بھی انعامات مراعات اور تحائف کی بھرمارجاری رہتی ہے۔

    فلپائن نے تاریخ میں پہلی مرتبہ اولمپک گیمز میں کوئی سونے کا تمغا جیتا ہے، خاتون ویٹ لفٹر ہڈیلین ڈیاز کو یہ کارنامہ انجام دینے پر فلپائن

    اسپورٹس کمیشن اور ملک کی معروف کاروباری شخصیات کی جانب سے تقریباً 6 لاکھ ڈالرز کے انعامات ملیں گے۔ اس کے علاوہ انہیں دو گھر اور ایک فضائی ادارے کی جانب سے تاحیات مفت پروازوں کی پیشکش بھی ہوئی ہے۔

    بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) تمغے جیتنے والوں کو کوئی نقد انعام نہیں دیتی۔ ان کو صرف وہ تمغہ ملتا ہے جسے دنیا "سونے کا تمغہ” کہتی ہے لیکن در حقیقت وہ بھی ٹھوس سونے کا نہیں ہوتا۔

    ٹوکیو 2020ء اولمپکس میں دیے جانے والے تمغے ہی کو دیکھ لیں کہ جس میں صرف 6 گرام سونا ہے اور 550 گرام چاندی۔ موجودہ نرخوں کے مطابق اس میں شامل سونا 353 ڈالرز کا ہے جبکہ چاندی 466 ڈالرز کی جو کُل ملا کر 820 ڈالرز ہی بنتے ہیں۔

    ہاں! اس کی تاریخی حیثیت اپنی جگہ مسلّم ہے۔ ماضی میں یوکرین کے معروف باکسر ولادیمر کلچکو نے مستحق بچوں کے لیے خیراتی ادارہ بنایا تھا تو اپنا 1996ء کے اٹلانٹا اولمپکس میں جیتا گیا سونے کا تمغہ فروخت کر دیا تھا جس کے انہیں 10 لاکھ ڈالرز ملے تھے۔

    بہرحال، کئی ملک ایسے ہیں جو تمغے جیتنے پر اپنے کھلاڑیوں کو بڑے انعامات پیش کرتے ہیں۔ مثلاً سنگاپور کے 29 رکنی دستے میں سے اگر کوئی کھلاڑی سونے کا تمغہ جیتتا ہے اسے 7 لاکھ 37 ہزار ڈالرز کی خطیر رقم ملے گی۔

    چاندی کا تمغہ جیتنے والوں کو 3 لاکھ 69 ہزار اور کانسی کا تمغہ حاصل کرنے والے کو 1 لاکھ 84 ہزار ڈالرز ملیں گے۔ سنگاپور ٹوکیو میں جاری اولمپکس میں ابھی تک کوئی تمغہ نہیں جیت پایا بلکہ اولمپکس میں اپنی 72 سالہ تاریخ میں صرف ایک بار کوئی سونے کا تمغہ حاصل کر پایا ہے۔ اس لیے اگر کوئی جیتا تو اسے تقریباً 12 کروڑ پاکستانی روپے مل سکتے ہیں۔

    اس کے علاوہ ملائیشیا نے اِس مرتبہ اپنے کھلاڑیوں کے لیے سونے کا تمغہ جیتنے پر 2 لاکھ 36 ہزار ڈالرز کے انعام کا اعلان کیا ہے۔ چاندی کے تمغے پر 71 ہزار اور کانسی پر 24 ہزار ڈالرز کا انعام بھی رکھا گیا ہے۔ ملائیشیا اُن بڑے ممالک میں شمار ہوتا ہے کہ جنہوں نے کبھی اولمپکس میں سونے کا کوئی تمغہ نہیں جیتا۔

    ویسے فلپائن نے سرکاری سطح پر سونے کا تمغہ جیتنے پر 2 لاکھ ڈالرز انعام دینے کا اعلان کیا تھا، چاندی پر 99 ہزار اور کانسی پر 40 ہزار ڈالرز ملیں گے۔

    یہ تو چلیں وہ ممالک ہیں کہ جو بہت کم تمغے جیتتے ہیں اور ان کی جانب سے اتنے بھاری انعام دینا سمجھ بھی آتا ہے، لیکن کئی ممالک ایسے ہیں جو اولمپکس میں وکٹری اسٹینڈ پر نمایاں نظر آتے ہیں لیکن پھر بھی اپنے کھلاڑیوں کو زبردست انعامات سے نوازتے ہیں۔

    مثلاً امریکا ہی کو لے لیں جو اولمپکس کی تاریخ میں سب سے زیادہ تمغے حاصل کرنے والا ملک ہے اور اب تک 1,127 سونے، 909 چاندی اور 798 کانسی کے تمغے حاصل کر چکا ہے لیکن اپنے کھلاڑیوں کو جیتنے پر بھرپور انعامات دیتا ہے۔

    رواں سال جیتنے والے امریکی کھلاڑیوں کو سونے کے تمغے پر 37,500 ڈالرز، چاندی کے تمغے پر 22,500 ڈالرز اور کانسی کے تمغے پر 15,000 ڈالرز کا انعام ملے گا۔

    یورپ کے ملک ہنگری نے ٹوکیو اولمپکس میں سونے کے تمغے پر 1 لاکھ 68 ہزار ڈالرز، چاندی کے تمغے پر 1 لاکھ 26 ہزار ڈالرز اور کانسی کا تمغا جیتنے پر بھی 96 ہزار ڈالرز کی بھاری رقم دینے کا اعلان کر رکھا ہے۔

    قزاقستان نے بالترتیب ڈھائی لاکھ، ڈیڑھ لاکھ اور 75 ہزار ڈالرز کے انعامات مقرر کر رکھے ہیں۔ ملک اب تک چھ اولمپکس میں 16 سونے کے تمغے جیت چکا ہے۔

    ویسے میزبان جاپان نے بھی سونے کا تمغا حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کے لیے 45 ہزار ڈالرز کا اعلان کر رکھا ہے جبکہ چاندی پر 18 ہزار اور کانسی پر 9 ہزار ڈالرز کا انعام ہے۔

    Roznama Dunya: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کرکٹ کو اولمپکس میں شامل کرنے کیلئے دوبارہ متحرک

    پھر آسٹریلیا نے سونے کے تمغے پر 15 ہزار، چاندی پر 11 ہزار اور کانسی پر 7 ہزار ڈالرز، کینیڈا نے 16 ہزار، 12 ہزار اور 8 ہزار، برازیل نے 49 ہزار، 29 ہزار اور 20 ہزار ڈالرز کے انعامات رکھے ہیں اور اٹلی نے تو گویا کمال ہی کر دیا ہے۔ وہ سونے کا تمغہ جیتنے والے کھلاڑیوں کو 2,13,000 ڈالرز کی خطیر رقم دے رہا ہے جبکہ چاندی کے تمغے پر 1 لاکھ 7 ہزار اور کانسی پر71 ہزار ڈالرز دیے جائیں گے۔

    پاکستان نے آخری مرتبہ 1992ء کے بارسلونا اولمپکس میں کوئی تمغا جیتا تھا جب قومی ہاکی ٹیم تیسرے نمبر پر آئی تھی۔ لیکن سونے کا تمغا جیتنے ہوئے تو اس وقت 37 سال گزر چکے ہیں۔ 1984ء کے لاس اینجلس اولمپکس میں پاکستان کی ہاکی ٹیم نے ہی سونے کا تمغا حاصل کیا تھا جو ملک کا مجموعی طور پر تیسرا اور اب تک کا آخری گولڈ میڈل تھا۔

  • نیب نےسلمان شہباز سے اثاثوں، بینک اکاؤنٹس سمیت آمدن اور اخراجات کی تمام تفصیلات مانگ لیں

    نیب نےسلمان شہباز سے اثاثوں، بینک اکاؤنٹس سمیت آمدن اور اخراجات کی تمام تفصیلات مانگ لیں

    لاہور: نیب نے شہبازشریف کےصاحبزادے سلمان شہباز سے اثاثوں، بینک اکاؤنٹس سمیت آمدن اور اخراجات کی تمام تفصیلات مانگ لیں جبکہ بیرون ملک اثاثوں کی تفصیلات بھی طلب کی گئیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیب لاہور نے شہبازشریف کے صاحبزادےسلمان شہبازسے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا ہے اور تمام اثاثوں،بینک اکاؤنٹس سمیت آمدن اور اخراجات کی تفصیلات مانگ لیں جبکہ بیرون ملک اثاثوں کی تفصیلات بھی طلب کی گئیں ہیں۔

    ذرائع کے مطابق سابق وزیراعلٰی کے بیٹے کو پروفارما دیتے ہوئے کہا گیا ہے وہ مختلف کلبوں کی رکنیت ،مختلف کمپنیوں اور  زرعی زمین کی آمدن کی تفصیلات جمع کرائیں۔

    نیب نے میڈیکل سمیت تمام اخراجات اور گھریلو ملازمین کی تفصیلات بھی مانگی گئی ہیں۔

    سلمان شہباز کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ وہ بیرون ملک اثاثوں اور دوروں سمیت اپنے اور اہل خانہ کے نام پر لئے گئے قرضوں کی تفصیلات بھی فراہم کریں۔

    نیب کی جانب سے کہا گیا کہ سلمان شہباز نیب آرڈیننس کے تحت جواب جلد از جلد جمع کرانے کے پابند ہیں۔

    گذشتہ روز سابق وزیر اعلی پنجاب شہبازشریف کے صاحبزادے سلمان شہباز نیب میں پیش ہوئے تھے ، نیب کی تحیقاتی ٹیم نے ان سے ڈیڑھ گھنٹہ سے زائد عرصہ تک پوچھ گچھ کی۔

    سلمان شہباز کا نیب کے سامنے موقف تھا کہ وہ اپنے وکیل کے ساتھ مشورہ کرکے ان سوالوں کے جوابات جمع کروا دیں گے۔

    یاد رہے نیب نے سلمان شہباز کو ناجائز اثاثہ جات کیس کے الزام میں طلب کیا تھا، نیب کو کچھ بینکوں میں سلمان شہباز کے اکاؤنٹس کی معلومات ملی تھیں، اکاؤنٹس میں ضرورت سے زائد رقم کا لین دین ہوا۔

    مزید پڑھیں : شہباز شریف کے بیٹے کی نیب میں طلبی کی اصل وجہ سامنے آگئی

    ذرائع کا کہنا تھا کہ دوران تفتیش شہبازشریف کے بیان پر سلمان شہباز کو طلب کیا گیا، شہباز شریف نے کہا مالی معاملات کی دیکھ بھال سلمان شہباز کرتا ہے جبکہ شیئرز،جائیداد کے معاملات بھی وہی دیکھتے ہیں۔

    واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر کو نیب نے آشیانہ اسکینڈل میں گرفتار کیا تھا، وہ صاف پانی کیس میں نیب میں پیش ہوئے تھے اور نیب لاہورنے آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں گرفتار کیا، آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں یہ سب سے بڑی گرفتاری ہے۔

    قومی احتساب بیورو کا قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کی گرفتاری کی بنیادی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شہبازشریف نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب اپنے اختیارا ت کا غلط استعمال کیا۔

    جس کے بعد اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا ، جہاں عدالت نے دلائل کے بعد شہباز شریف کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا تھا۔

  • آمدنی سے زائد اثاثے: نیب کا امیرمقام و دیگرکیخلاف کارروائی کا فیصلہ

    آمدنی سے زائد اثاثے: نیب کا امیرمقام و دیگرکیخلاف کارروائی کا فیصلہ

    اسلام آباد :  قومی احتساب بیورو نے آمدنی سے زائد اثاثوں اور کرپشن کی شکایات پر اہم لیگی رہنما امیر مقام سمیت قومی اور صوبائی اسمبلی ممبران کیخلاف جانچ پڑتال کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو کا اجلاس چیئرمین نیب جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈ کوارٹرز  میں منعقد ہوا، اجلاس میں رکن قومی اسمبلی اور نواز لیگ خیبر پختونخوا کے صدر امیر مقام کیخلاف آمدنی سے زائد اثاثوں کی شکایت پرجانچ پڑتال کا فیصلہ کیا گیا،۔

    چیئرمین نیب نے ڈی جی نیب خیبرپختونخوا کو امیر مقام کے خلاف شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا، اس کے علاوہ اجلاس میں ایم این اے مولوی امیرزمان کے خلاف سرکاری ترقیاتی فنڈز میں خورد برد اور آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے مبینہ الزام پر بھی تحقیقات کی منظوری دی گئی۔

    امیر زمان پر فنڈز میں خوربرد اور آمدنی سے زائد اثاثوں کا الزام ہے، اجلاس میں ایم پی اےعبدالمالک کاکڑ کےخلاف شکایت کی بھی جانچ پڑتال کی ہدایت کی گئی، عبدالمالک کاکڑ کےخلاف بھی سرکاری فنڈز میں خوربرد کا الزام ہے۔

    مزید پڑھیں: آمدن سے زائد اثاثے، اسحاق ڈارکی درخواست خارج، احتساب عدالت کا حکم برقرار

    اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ ناظم پشاور محمد عاصم خان کے خلاف سرکاری فنڈز کے غیرقانونی استعمال اور قانونی تقاضے پورے کئے بغیر ملازمین میں اعزاز یہ تقسیم کرنے کے الزام پر بھی تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔  

  • یوٹیوب کا پاکستانی ورژن، اب صارفین ویڈیوز سے کما سکتے ہیں

    یوٹیوب کا پاکستانی ورژن، اب صارفین ویڈیوز سے کما سکتے ہیں

    کراچی: دنیا کی سب سے بڑی ویڈیو شیئرنگ سائٹ نے گوگل کے اشتراک سے پاکستان میں اپنی باضابطہ سروس شروع کرنے کا اعلان کردیا جس کے ذریعے صارفین کو پیسے کمانے کا موقع بھی فراہم کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے ڈی ایچ اے گالف کلب میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں گوگل ایشیاء پیسفک کے انڈسٹری کے ہیڈ خرم جمالی نے پاکستان میں یوٹیوب ڈاٹ کام ڈاٹ پی کے کی سروس باضابطہ شروع کرنے کا اعلان کیا۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خرم جمالی نے کہا کہ ’’پاکستان میں علی گُل پیر سمیت کئی ایسے فنکار موجود ہیں جنہوں نے اپنا کیریئر یوٹیوب سے شروع کیا اور کامیابیوں کا سفر طے کرتے ہوئے آج وہ شہرت کی بلندیوں کو چھو رہے ہیں‘‘۔

    you-3

    انہوں نے بتایا کہ ’’فنکاروں کی جانب سے ویڈیوز ریکارڈ کر کے یوٹیوب پر ڈالی گئی تھیں جس کے بعد صارفین نے انہیں دیکھا اور فنکاروں کی صلاحیتوں کے گرویدہ ہوگئے۔ اُن کا کہنا تھا کہ اب پاکستان میں ہنر مند افراد اپنی ویڈیوز یوٹیوب پر پبلش کر کے اُس سے کمائی حاصل کرسکتے ہیں‘‘۔

    خرم جمالی نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس پروگرام اور سروس کے آنے کے بعد پاکستان کا مزید ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا اور دنیا میں ملک کا نام روشن کرتے ہوئے اپنی تخلیقی صلاحیتوں لوگوں کے دلوں میں جگہ بنائیں‘‘۔

    you-1

    سروس کی خصوصیات بیان کرتے ہوئے میزبان خرم جمالی نے کہا کہ اب انٹرنیٹ کے معروف سرچ انجن اور ویڈیو شیئرنگ کی ویب سائٹ کے اشتراک کے ذریعے صارفین یوٹیوب پی کے پر چینل بنا کر ایڈ سینس کے ذریعے کما سکتے ہیں۔

    you-2

    اس موقع پر گوگل ایشیاء پیسیفک کی رکن تانیہ نے کہا کہ ’’پاکستان میں انٹرنیٹ کی تھری جی اور فور جی سروس کی فراہمی کے باوجود انٹرنیٹ کی سہولت بہت خراب ہے اور لوگوں کو ویڈیوز دیکھنے میں بہت پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    you-5

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خراب انٹرنیٹ سروس کو پیش نظر رکھتے ہوئے صارفین کی مشکلات دور کرنے کی کوشش کی گئی ہے، جس کے تحت یوٹیوب استعمال کرنے والے افراد کے لیے آف لائن فیچر بھی متعارف کروایا گیا ہے۔

    اس موقع پر شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی، مہمان گرامی کو محظوظ کرنے کے لیے مختلف میوزیکل بینڈز اور فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ بھی کیا۔

    آف لائن فیچر کی افادیت بیان کرتے ہوئے پیسیفک ایشیاء کے رکن خرم نے کہا کہ ’’اس فیچر کے ذریعے صارف کسی بھی ویڈیو پر کلک کر سکتا ہے اور انٹرنیٹ سروس نہ ہونے کی صورت میں بھی اُس ویڈیو کو دیکھ سکتا ہے‘‘۔

    you-4

    واضح رہے کہ پاکستانی تاریخ میں یوٹیوب کی جانب سے اس طرز کا پہلا فیچر متعارف کروایا گیا ہے جس کے ذریعے مقامی افراد کو پیسے کمانے کی سہولت دی گئی ہوں، کوئی بھی شخص جو یوٹیوب کا صارف ہے وہ اپنے اکاؤنٹ کو ایڈسینس سے منسلک کر کے اشتہارات کے ذریعے حاصل ہونے والی آمدنی سے اپنا حصہ حاصل کرسکتا ہے تاہم کوئی بھی صارف کم از کم 100 ڈالر آمدنی کے بعد ہی اپنے حصے کو نکال سکتاہے۔

    you-6

    پاکستان میں یوٹیوب کی بندش کے بعد بحالی سے اس کے صارفین میں بے پناہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کی پیش نظر گوگل نے پاکستانیوں کے لیے یوٹیوب نے مادری زبان اردو کا ورژن متعارف کروادیا ہے۔