Tag: income-tax-returns

  • انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع

    انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع

    اسلام آباد : فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 اکتوبر تک توسیع کردی۔

    اس حوالے سے ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع بینک تعطیلات کی وجہ سے کی گئی ہے۔

    ایف بی آر حکام کے مطابق مختلف ٹیکس بار کے علاوہ تاجرتنظیموں نے بھی تاریخ میں توسیع کی درخواست کی تھی۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیکس گزاروں کی سہولت کیلئے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کی منظوری دی۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل 30 ستمبر کو بھی تجارتی تنظیموں اور ٹیکس بارز کی درخواستوں کے بعد گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں چودہ اکتوبر تک توسیع کی گئی تھی۔

    واضح رہے کہ ایف بی آر کو 30 ستمبر 2024 تک تقریباً 36 لاکھ 60 ہزار انکم ٹیکس گوشوارے موصول ہوئے تھے جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے دوران موصول ہونے والے گوشواروں 19 لاکھ 50 ہزار کے مقابلے میں تقریباً 88 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ برس 62 لاکھ 40 ہزار ریٹرن فائل کیے گئے تھے۔

    ایف بی آر ترجمان کا کہنا ہے کہ یکم جولائی سے تیرہ اکتوبر تک دس لاکھ 35 ہزار نئے فائلرز نے رجسٹریشن کرائی ہے جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے میں تقریباً چھ لاکھ بائیس ہزار نئے فائلر رجسٹرڈ ہوئے تھے۔

  • انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ کا اعلان

    انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ کا اعلان

    اسلام آباد : فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انکم ٹیکس ریٹرن فارم اپ لوڈ کردیے اور ساتھ ہی گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ کا اعلان بھی کردیا۔

    ایف بی آر ذرائع کے مطابق تنخواہ دار اور کاروباری افراد 30ستمبر تک انکم ٹیکس ریٹرنز جمع کراسکتے ہیں۔

    ایف بی آر کا کہنا ہے کہ انکم ٹیکس ریٹرنز آئرس سسٹم اور ٹیکس آسان ایپ کے ذریعے فائل کیے جاسکتے ہیں۔

    اس حوالے سے ایف بی آر کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لیجنڈ کرکٹر وسیم اکرم کی ویڈیو جاری کی گئی ہے۔

    انہوں نے اس ویڈیو پیغام میں شہریوں اور ایسوسی ایشنز آف پرسنز کو یاد دہانی کرائی ہے کہ وہ  30ستمبر2023 تک اپنے ٹیکس گوشوارے لازمی جمع کرائیں۔

  • ایف بی آر کا لاکھوں ٹیکس دہندگان کیخلاف غیرمعمولی کارروائی کا فیصلہ

    ایف بی آر کا لاکھوں ٹیکس دہندگان کیخلاف غیرمعمولی کارروائی کا فیصلہ

    اسلام آباد : فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے انکم ٹیکس ریٹرنز جمع کرانے میں ناکام رہنے والے8 لاکھ ٹیکس دہندگان کو نوٹسز جاری کردیے، اس بار ٹیکس دہندگان کو سزا دینے کا حیران کن فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

    حکومت نے ٹیکس سال 2020 کے لیے 8 دسمبر کی آخری تاریخ سے قبل انکم ٹیکس ریٹرنز جمع کرانے میں ناکام رہنے والے تقریبا 8 لاکھ ٹیکس دہندگان کو نوٹسز جاری کردیے۔

    اس سلسلے میں اے آر وائی نیوز کے پروگرا باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے ماہر قانون قاضی عمیر علی نے کہا کہ کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر حکومت کو چاہیئے کہ ریٹرنز فائل جمع کرانے کیلئے پچھلے سال طرح اس سال بھی اضافی وقت دیا جائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی ٹیکس دینے والا کسی بھی وجہ سے مقررہ وقت میں ٹیکس ریٹرنز جمع نہیں کراتا تو اس کا نام اس سال کی ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ میں نہیں آتا جو خود ایک بڑی سزا ہے جس کا نقصان یہ ہوتا ہے کہ کسی بھی لین دین میں اس کو دس کی جگہ 20فیصد ٹیکس دینا پڑتا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی کے طریقہ کار کے برعکس فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے اعلیٰ عہدیداروں نے ٹیکس دہندگان کو سزا دینے کا غیر معمولی فیصلہ کیا ہے۔

    یہ وہ ٹیکس دہندگان ہیں جو نہ صرف ٹیکس رول پر موجود ہیں بلکہ گزشتہ سالوں میں باقاعدگی سے گوشوارے بھی جمع کرواتے رہے ہیں، یہ نوٹس ٹیکس دہندگان کو ای فائلنگ سسٹم آئی آر آئی ایس کے ذریعے سے پیش کیے گئے۔

    ایف بی آر کو گزشتہ روز تک 18 لاکھ 82 ہزار گوشوارے موصول ہوئے جبکہ گزشتہ سال 19 لاکھ 10 ہزار گوشوارے موصول ہوئے تھے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ28 ہزار 354 افراد نے اب تک اپنا ریٹرن فائل نہیں کیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال 2019 کے لیے آخری تاریخ ابتدا میں30 ستمبر2019 مقرر کی گئی تھی جس میں توسیع دیتے ہوئے اسے28فروری تک بڑھایا گیا تھا۔ واضح رہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کروانے پر جرمانہ 40 ہزار روپے ہے۔

  • انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع

    انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع

    اسلام آباد : انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ31جنوری2020تک بڑھادی گئی، گوشوارے اب31 جنوری2020تک جمع کرائے جاسکیں گے۔

     تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے عوام کی سہولت کے پیش نظر انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کردی ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 31 جنوری تک توسیع کی گئی ہے، اس سے قبل ایف بی آر نے 16 دسمبر کو بھی ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ15 دن کیلئے بڑھائی تھی۔

    تاریخ میں یہ توسیع ایف بی آر کی جانب سے ساتویں مرتبہ کی گئی ہے،29نومبر کو ایف بی آر نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 16 دسمبر تک توسیع کی جس کے بعد اسے 31 دسمبر تک کردیا گیا۔ ایف بی آر کے مطابق 13 دسمبر تک 19 لاکھ ٹیکس ریٹرن جمع کرائے گئے۔

  • سال 2018  میں ٹیکس گوشوارے جمع کروانے والوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ

    سال 2018 میں ٹیکس گوشوارے جمع کروانے والوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ

    اسلام آباد : سال دوہزار اٹھارہ میں ٹیکس گوشوارے جمع کروانے والوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی آج آخری تاریخ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گیارہ سال میں ایف بی آرکی ریونیو وصولی میں ساڑھے4گنااضافہ ہوا اور مالی سال 18-2017 تک ریونیو وصولی 3842 ارب روپے تک پہنچ گئی۔

    ایف بی آر زرائع کا کہنا ہے کہ پندرہ دسمبر تک ٹیکس گوشوارے جمع کروانے والوں کی تعداد چودہ لاکھ تھی جو کہ گزشتہ سال کے اسی عرصےمیں یہ تعداد گیارہ لاکھ تھی، ٹیکس جمع کروانے کی آخری تاریخ پندرہ دسمبر تھی جس میں آج تک کی توسیع کی گئی ہے۔

    ترجمان ایف بی آر کا کہناہےیہ حتمی تاریخ ہے اوراس میں مزید توسیع نہیں کی جائےگی۔تاہم انکم ٹیکس کمشنر کو کیس کی صورت حال دیکھتے ہوئے پندرہ دن کی توسیعی دینے کا اختیار حاصل ہے۔

    11ایف بی آر کے مطابق 11 سال قبل ریونیووصولی847.2 ارب تھی، 11 سال میں مجموعی ٹیکس وصولیوں میں 2995 ارب ، انکم ٹیکس وصولی میں 360 فیصد اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹیوں کی وصولی میں 187 فیصد اضافہ ہوا جبکہ سیلز ٹیکس وصولیاں 382 فیصد بڑھ گئیں۔

    مالی سال 12-2011 ٹیکس وصولیوں کی بلند شرح کا سال رہا اور ٹیکس وصولیوں میں 20.84 فیصد اضافہ ریکارڈکیاگیا جبکہ کسٹم ڈیوٹی وصولی 360 فیصد بڑھ گئیں۔

    مزید پڑھیں : ٹیکس معاملات میں کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی: وزیرِ مملکت حماد اظہر

    یاد رہے گذشتہ روز وزیرِ مملکت ریونیو محمد حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ٹیکس معاملات میں کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی، ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کے عمل کو آسان بنایا جائے گا۔

    واضح رہے  دو ہفتے قبل فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کا اعلان کرتے ہوئے آخری تاریخ 15 دسمبر کر دی تھی۔

    اس سے قبل 27 نومبر 2018 کو وزیرِ مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے اعلان کیا تھا کہ حکومت نے دیر سے ٹیکس ریٹرن جمع کرانے والوں پر عائد جرمانہ ختم کر دیا ہے۔