Tag: increase in dollar price

  • ڈالر کی بڑھتی قیمت نے طلباء کا مستقبل بھی داؤ پر لگا دیا

    ڈالر کی بڑھتی قیمت نے طلباء کا مستقبل بھی داؤ پر لگا دیا

    ڈالر کی روز بروز بڑھتی قیمتوں نے صرف تاجروں اور غریب عوام کو ہی متاثر نہیں کیا بلکہ اس کے مہنگا ہونے سے طلبہ و طالبات کو بھی شدید مالی مشکلات درپیش ہیں۔

    بیرون ملک تعلیم کے حصول کیلئے جانے والے شعبہ میڈیکل کے اووسیز انٹرنیشنل طلبہ و طالبات کو اپنی سالانہ فیس جمع کرانے کیلئے پریشان کن صورتحال کا سامنا ہے۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں رپورٹر انور خان نے تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ سال 2020 میں سالانہ فیس 10ہزار ڈالر یعنی ساڑھے سولہ لاکھ روپے تھی جو سال 2022 میں ساڑھے 17 لاکھ روپے ہوگئی اور اس سال یہ فیس دگنی ہوچکی ہے جو 30 لاکھ روپے تک جاپہنچی ہے۔

    طلبہ و طالبات اور ان کے والدین نے کراچی میں ڈاؤ انٹرنیشنل میڈیکل کالج کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا ان کا مطالبہ تھا کہ ہم ڈالرز میں فیس ادا نہیں کرسکتے، ہم پیسے پاکستانی روپوں میں کماتے ہیں ہمیں مشکلات ہیں، گزشتہ سالوں کے مقابلے میں تقریباً دگنی رقم بنتی ہے، اتنی بڑی رقم ادا کرنا ممکن نہیں۔

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریکارڈ مہنگائی اور معاشی بدحالی کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا ہے، ایم بی بی ایس پروگرام کی تکمیل تک ڈی او ایس زمرے میں ڈاؤ انٹرنیشنل میڈیکل کالج طلباء کے لیے فیس جمع کرانے کی تاریخ میں 26 جون سے 20 جولائی 2023 تک مزید توسیع کی جائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم چیئرمین بلاول بھٹو، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ، وزیر صحت عذرا فضل پیچوہو اور وائس چانسلر ڈی آئی ایم سی پروفیسر سعید قریشی سے اپیل کرتے ہیں کہ ہمارے بچوں کے مستقبل کا سوال ہےآپ اس کا فوری نوٹس لیں۔

  • اسٹاک ایکسچینج میں تیزی،652 پوائنٹس کا اضافہ، ڈالر مزید مہنگا ہوگیا

    کراچی : پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس میں652 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، ڈالر مزید92پیسے کے اضافے سے تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران تیزی کی واپسی ہوئی ہے، 100 انڈیکس 652.40پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی جبکہ 31 ہزار کی نفسیاتی حد ایک مرتبہ پھر بحال ہو گئی ہے۔

    گزشتہ روز اسٹاک مارکیٹ میں 1042 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ100 انڈیکس 30 ہزار 579 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا، آج پورے کاروباری روز کے دوران ایک موقع پر 31303.13 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر دیکھا گیا۔

    کاروبار کے اختتام پر سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 652.40 کی تیزی کے بعد 31231.55 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

    علاوہ ازیں انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 92 پیسے اضافہ ہو گیا ہے جس کے بعد ڈالر انٹر بینک مارکیٹ میں167 روپ90 پیسے پر فروخت ہو رہا ہے۔

    لاک ڈاﺅن کے باعث روپے پر دباﺅ بڑھ رہا ہے اور اب تک روپے کی قدر میں5.4 فیصد کمی واقع ہوچکی ہے، 17روز کے دوران20مارچ سے اب تک روپے کی قدر 9روپے23 پیسےکی کمی ریکارڈ کی گئی۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے وار جاری ہیں جبکہ مریضوں کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے اور ایسی صورتحال میں لاک ڈاﺅن کے باعث روپے کی قدر پر بھی دباﺅ بڑھ رہاہے اور ڈالر آئے روز مہنگا ہوتا چلا جارہا ہے۔

  • پاکستان کی معیشت تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے ، مریم نواز

    پاکستان کی معیشت تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے ، مریم نواز

    اسلام آباد : مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے ڈالر کی قیمت میں اضافے پر کہا پاکستان کی معیشیت تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے، 

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت160روپے50پیسےتک پہنچ گئی، پاکستان کی معیشیت تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے، صرف ایک ماہ میں ڈالر کی قیمت میں 13 روپے سے زائد کا اضافہ ہوا۔

    ایک اور ٹوئٹ میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ صرف ایک ماہ میں ڈالر کی قیمت میں 13 روپے سے زائد کا اضافہ ہوا، جس سے قرضوں کا بوجھ 1325 بلین تک جا پہنچا ہے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ روز اسلام آباد جاتے ہوئے موٹر وے پر مریم نواز نے ویڈیو پیغام میں کہا جس نےموٹروےبنائےملک کوترقی دی وہ سلاخوں کے پیچھے ہے، نواز شریف نے عوام کے حق حکمرانی کا علم بلند کیا، جس کی سزامل رہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا  حکومت سےملک نہیں چل رہاکاروباررک چکےہیں، نوازشریف نے عوام کے لئے آسانیاں پیداکیں، اللہ نوازشریف کےلئے آسانیاں پیداکرےگا۔

    خیال رہے ڈالرکی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے ، ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح ایک سو ساٹھ روپے سے تجاوز کرگیا، انٹر بینک میں ڈالر تین روپے باون پیسے مہنگا ہونے کے بعد انٹربینک میں ڈالرایک سو ساٹھ روپے پچاس پیسےکاہوگیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالرکی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔