Tag: Increase in fares

  • پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں اضافہ کردیا

    پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں اضافہ کردیا

    پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد پاکستان پبلک اینڈ گڈز ٹرانسپورٹرز  نے 10 فیصد کرائے بڑھانے کا اعلان کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک ماہ کے دوران دو مرتبہ ہوشربا اضافے کے باعث مہنگائی کے مارے عوام پر زندگی مزید تنگ ہوگئی۔

    ٹرانسپورٹرز نے پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ کردیا جبکہ اشیائے خور ونوش کی قیمتوں میں بھی اچانک اضافہ ہوگیا ہے۔

    ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی 15 دن بعد پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کے سامنے بے بس ہوچکی ہے، جس کے بعد پبلک ٹرانسپوٹروں نے من مانے کرائے بڑھا لیے ہیں۔

    ایک شہر سے دوسرے شہر چلنے والی اے سی نان اے سی بسوں کے کرایوں میں 500 روپے سے 3500 روپے تک اضافہ کردیا گیا ہے، گڈز ٹرانسپورٹ کرایوں میں بھی 10 کلومیٹر پر 200 روپے کا اضافہ کردیا گیا

    پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے دس فیصد کرائے بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں یکمشت 26 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 17 روپے کا اضافہ عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔

    شہزاد اعوان نے کہا کہ پہلے پی ڈی ایم اور اب نگراں حکومت عوام سے جینے کا حق چھین رہی ہے، پی ڈی ایم حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے امپورٹ ایکسپورٹ پہلے ہی تقریباً ختم ہو چکی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم صرف اس لیے اپنی ٹرانسپورٹ کو چلا رہے ہیں کہ ملک کا پہیہ چلتا رہے، ہم اپنی ٹرانسپورٹ کو بطور احتجاج کھڑا بھی کرسکتے ہیں تو لاکھوں لوگ بیروزگار ہوجائیں گے۔

    واضح رہے کہ ڈیزل کی قیمت میں اضافے کے بعد پاکستان ریلوے بھی کرایے بڑھانے پر غور کررہی ہے، ذرائع نے کہا ہے کہ تمام مال گاڑیوں کے کرایوں میں 5 فیصد اضافہ متوقع ہے۔

    ریلوے ذرائع کا کہنا تھا کہ پسنجرٹرینوں میں عام مسافروں پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے گا، ڈیزل کی قیمت میں اضافے سے آپریشنل کاسٹ بڑھ جاتی ہے، آپریشنل کاسٹ پوری کرنے کیلئے کرایوں میں اضافہ ناگزیر ہوجاتا ہے۔

  • پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی بڑا اضافہ

    لاہور : پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اضافے کے اعلان کے بعد پبلک ٹرانسپورٹرز نے بھی اپنی آستینیں چڑھا لیں، کرایوں میں بڑا اضافہ کردیا گیا۔

    اس حوالے سے پبلک ٹرانسپورٹ اونرز فیڈریشن کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد لاہور سے کراچی کے کرائے میں بھی 600 روپےاضافہ کیا گیا ہے۔

    فیڈریشن ترجمان کا کہنا ہے کہ لاہور سے پشاور اور صادق آباد جانے والی ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی 200روپے کا اضافہ ہوگا ذرائع کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹرز کی جانب سے مجموعی طور پر فی کس 500 روپے تک کرایوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔

    لاہور سے راولپنڈی تک کرایہ 2200 سے بڑھا کر 2450 روپے،لاہور سے پشاور 2500 روپے سے بڑھا کر 3000روپے اور لاہور سے فیصل آباد کرایہ 980 روپے سے بڑھا کر 1130 روپے کر دیا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ لاہور سے سرگودھا کرایوں میں 1050 روسے بڑھا کر 1200 روپے، لاہور سے سیالکوٹ کرایہ ایک سو روپے اضافے کے 900 روپے، لاہور سے بہاولپور کرایہ 2200 سے بڑھا کر 2400 روپے کر دیا گیا۔

    لاہور سے ملتان کرایہ1990 روپے سے2090 روپے، لاہور سے تونسہ کرایہ 2100 روپے سے بڑھا کر 2400روپے، لاہور سے کراچی کا کرایہ 6700 روپے سے 7100 روپے کردیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق لاہور سے حیدر آباد کا کرایہ 6500 روپے سے 7000 روپے، لاہور سے مری کا کرایہ 2450سے 2700 روپے کیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے مسافروں نے اپنے غم و گسے کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹ کرایوں میں بہت بڑا اضافہ کیا گیا ہے، غریب آدمی اتنے زیادہ پیسے کیسے دے سکتا ہے؟ حکومت اور ٹرانسپورٹرز کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیے۔

    دوسری جانب ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد کرایوں میں اضافہ کرنا مجبوری ہے، اگر کرایوں میں اضافہ نہ کرتے تو گاڑیاں بند کرنی پڑتیں۔

    پبلک ٹرانسپورٹ اونرز فیڈریشن کی جانب سے کیے جانے والے فیصلے کے تحت نئے کرایہ ناموں کا اطلاق اے سی اور نان اے دونوں اقسام کی بسوں پر ہو گا۔

    ترجمان پبلک ٹرانسپورٹ اونرز فیڈریشن نے اس حوالے سے واضح کیا ہے کہ نئے کرایہ ناموں کا اطلاق آج شب 12 بجے سے کیا جائے گا اور ساتھ ہی خبردار کیا ہے کہ اگر کسی بھی قسم کی انتقامی کارروائی کی گئی تو گاڑیاں کھڑی کردیں گے۔

  • فضائی مسافروں کیلئے مشکلات : ایئرلائنز کمپنیوں نے بڑا فیصلہ کرلیا

    فضائی مسافروں کیلئے مشکلات : ایئرلائنز کمپنیوں نے بڑا فیصلہ کرلیا

    کراچی : پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے اور ڈالر کی اونچی اڑان کے اثرات آنا شروع ہوگئے، جس کے نتیجے میں ایئرلائنز کے کرایوں میں اچانک اضافہ کردیا گیا۔

    ہوائی سفر کرنے والے مسافروں کی مشکلات مزید بڑھ گئیں، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملکی وغیرملکی ایئرلائنوں نے بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کے کرایوں میں اچانک اضافہ کردیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ برطانیہ، یورپ، ترکی سمیت دیگر ممالک جانے والی پروازوں کے کرایوں میں 30 سے 40فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق کراچی سے برطانیہ اور جرمنی جانے والی پروازوں کے دو طرفہ کرایہ 3لاکھ سے زائد وصول کیا جارہا ہے۔

    No description available.

    اس کے علاوہ اندرون ملک سفر کرنے والے پروازوں کے کرایوں میں بھی اچانک اضافہ کیا گیا ہے، کراچی سے لاہور اسلام آباد جانے والی پروازوں کا کرایہ 28سے30ہزار روپے وصول کیا جارہا ہے۔

    ذرائع کے مطابق قومی ائیرلائن کا لاہور سے ٹورنٹو کرایہ 4لاکھ 58ہزار 716 روپے تک پہنچ گیا۔ لاہور سے ٹورنٹو ایگزیکٹیو اکانومی کلاس کا کرایہ 6لاکھ 67ہزار روپے سے تجاوز کرگیا۔

    پی آئی اے لاہور سے شارجہ دو طرفہ اکانومی کلاس کا کرایہ 1لاکھ 13ہزار روپے 927 کا ہوگیا، لاہور سے شارجہ ایگزیکٹیو اکانومی کا کرایہ 1لاکھ 35ہزار سےتجاوز جبکہ پی آئی اے کا لاہور سے دمام اکانومی کلاس کرایہ 1لاکھ 35ہزار 222 روپے تک پہنچ گیا۔

    لاہور سے دبئی اکانومی کلاس کا دو طرفہ کرایہ 1لاکھ 9ہزار روپے کا ہوگیا۔پی آئی اے کا لاہور سے کراچی دو طرفہ کرایہ 64ہزار 150روپے تک پہنچ گیا۔

    لاہور سے کراچی ایگزیکٹیو اکانومی کلاس کرایہ 85ہزار930روپے کا ہو گیا۔ پی آئی اے کا کراچی سے اسلام آباد اکانومی کلاس کا کرایہ 46ہزار 6سو روپے ہو گیا۔

    ذرائع کے مطابق کراچی سے اسلام آباد ایگزیکٹو اکانومی کلاس کا کرایہ 76ہزار روپے سے تجاوز کرگیا ہے۔