Tag: IND vs PAK

  • ویرات کوہلی کی سنچری پر انوشکا شرما نے کیا کہا؟ پوسٹ وائرل

    ویرات کوہلی کی سنچری پر انوشکا شرما نے کیا کہا؟ پوسٹ وائرل

    آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں پاک بھارت میچ کے دوران ویرات کوہلی نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار سنچری اسکور کی۔

    دبئی کے میدان میں پاکستان کیخلاف ان کی ناقابلِ فراموش اننگز ان کے شائقین کے لیے ایک یادگار لمحہ بن گئی۔

    جہاں اس سنچری نے کرکٹ شائقین اور کوہلی کے مداحوں کو خوشی سے نہال کردیا وہیں کرکٹر کی اہلیہ اور نامور اداکارہ انوشکا شرما نے بھی اپنے جذبات کا اظہار سوشل میڈیا پر کر ڈالا۔

    انوشکا شرما نے اپنے شوہر ویرات کی سنچری کے بعد خوشی مناتے ہوئے ایک تصویر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی اور اداکارہ اپنے شوہر کی تعریف کیے بنا نہ رہ سکیں۔

     انوشکا شرما

    اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز میں ویرات کوہلی کی گراؤنڈ سے تازہ تصویر پوسٹ کی اور ساتھ میں سرخ دل والی ایموجی اور ہاتھ جوڑنے والی ایموجی پوسٹ کرکے اپنی محبت کا اظہار کیا۔

    واضح رہے کہ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہائی وولٹیج ٹاکرا ہوا جس میں پاکستان نے بھارت کو جیت کیلئے 242 رنز کا ہدف دیا۔

    ویرات کوہلی نے پاکستان کے خلاف میچ میں بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کیا، انہوں نے فیلڈنگ میں جہاں بھرپور کارکردگی دکھائی وہیں بیٹنگ میں آخر گیند پر چوکا لگا کر سینچری اسکور کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی ٹیم کو فتح سے بھی ہمکنار بھی کیا۔

    مزید پڑھیں : ویرات کوہلی نے پاکستان کے خلاف میچ میں کون سا نیا سنگ میل عبور کیا؟

    اس کے علاوہ چیمپئنزٹرافی کے اہم میچ میں بھارتی بیٹر ویرات کوہلی نے تیزترین 14 ہزار رنز بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کیا، پاکستان کے خلاف میچ میں یہ ویرات کوہلی 287 انٹرنیشنل اننگز تھی، جس میں انھوں نے 14ہزار رنز مکمل کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔

  • پاک بھارت مقابلہ : قومی ٹیم نے کتنی ڈاٹ بالز کھیلیں

    پاک بھارت مقابلہ : قومی ٹیم نے کتنی ڈاٹ بالز کھیلیں

    پاکستانی بیٹرز کی پرانی بیماری ختم نہ ہوسکی، چیمئپنز ٹرافی کے دوسرے میچ میں بھی ڈاٹ بالز کھیلنے کی روایت نہ چھوڑی۔

    نیوزی لینڈ کے بعد بھارت کیخلاف بھی قومی ٹیم نے ڈاٹ بال کا انبار لگا دیا، آئی سی سی چیمئپنز ٹرافی کے سب سے بڑے میچ میں بھی بلے بازوں نے اپنی روایت نہ بدلی۔

    اے آر وائی کے پروگرام ہر لمحہ پرجوش میں میزبان وسیم بادامی نے قومی ٹیم کے ڈاٹ بالز کھیلنے سے متعلق تفصیلی آگاہ کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ اس چیمپیئنز ٹرافی میں صرف افغانستان ایسا ملک ہے کہ جس کی ٹیم نے پاکستانی ٹیم سے زیادہ ڈاٹ بالز کھیلیں، افغان ٹیم نے 65.8فیصد جبکہ پاک ٹیم نے 56.4 فیصد ڈاٹ بال کھیلیں۔

    اس کے بعد بالترتیب بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ، بھارت، ساؤتھ افریقہ، آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیموں نے اپنے میچز کے دوران ڈاٹ بالز کھیلیں۔

    قومی بلے باز298 میں سے 152 گیندیں ڈاٹ کھیل گئے، اوپنر امام الحق نے چھبیس گیندیں کھیلیں، 19 ڈاٹ بالزکھیلیں، اٹھارہ پر کوئی رن نہ بنایا۔

    کپتان رضوان نے 60 سے بھی کم کے اسٹرائیک ریٹ سے46 رنز جوڑے انہوں نے 77گیندوں کا سامنا کیا جس میں 43 ڈاٹ کھیلیں۔ گرین شرٹس پہلے میچ کی طرح دوسرے میں بھی پورے 50 اوور نہ کھیل سکیں۔

    قومی ٹیم نے مجموعی طور پر 298 بالز کا سامنا کیا اور اس میں 152 ڈاٹ بالز کھیلیں، محمد رضوان اور سعود کی پارٹنر شپ میں دس اوور کے دوران صرف 27 رنز بن سکے، دونوں نے 104رنز 144گیندوں پر بنائے۔

    اس سے قبل گزشتہ میچ میں قومی بیٹرز نے کیویز کیخلاف 284میں سے 162ڈاٹ بال کھیلی تھیں، ٹرائی سیریز کے تین میچوں میں بھی 139، ایک سو تیرہ اور170 ڈاٹ بال کھیلی تھیں۔ نہ جانے اس بیماری کاعلاج کب کیسے اورکون کرےگا؟ ۔

    اس کے علاوہ بالرز کی بات کی جائے تو شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف نے مجموعی طور پر 23 اوور کرائے اور دو وکٹیں لیں۔

  • مقابلہ کرکے ہارتے تو اتنا دکھ نہ ہوتا، شائقین کرکٹ کا اظہار برہمی

    مقابلہ کرکے ہارتے تو اتنا دکھ نہ ہوتا، شائقین کرکٹ کا اظہار برہمی

    آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے سب سے اہم میچ میں قومی ٹیم کی بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد شائقین کرکٹ شدید برہمی کا اظہار کررہے ہیں۔،

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شائقین کرکٹ نے کھلاڑیوں پر طنز کے نشتر چلادیے، ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑیوں میں جیت کا جوش ہی نہیں تھا، مقابلہ کرکے ہارتے تو اتنا دکھ نہ ہوتا۔

    میچ دیکھنے میں بعد دبئی اسٹیڈیم کے باہر ایک پاکستانی شہری نے کہا کہ کھلاڑیوں نے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ میں بُری کارکردگی کا مظاہرہ کیا، میچ دیکھ کر بہت مایوسی ہوئی۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم اتنے مہنگے ٹکٹ لے کر اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے کیلیے اسٹیڈیم آئے لیکن ہماری ٹیم  نے ہمیں بہت مایوس کیا اور اچھی کارکردگی نہیں دکھائی۔

    ایک خاتون نے شدید غصے کا اظہار کیا اور کہا کہ ان سب کو ٹیم سے نکالیں اور کہیں کہ پہلے جا کر ڈومیسٹک کرکٹ کھیلو اور پھر بالکل نئی ٹیم بنائیں۔

    خیال رہے کہ دبئی اسٹیڈیم میں کھیلےگئے چیمپئنز ٹرافی کے اہم میچ میں پاکستان کی پوری ٹیم 49اعشاریہ 4 اوورز میں 241 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، جواب میں 242 رنز کا ہدف بھارت نے 43اوور میں 4 وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔

    اس موقع پر شائقین کرکٹ کی جانب سے محمد رضوان کی کپتانی پر بھی شدید تنقید کی گئی اور ان کے فیصلوں اور ٹیم کی حکمت عملی کو ناقص قرار دیا گیا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان نیوزی لینڈ کے خلاف بھی اپنا افتتاحی میچ ہار چکا ہے۔

    علاوہ ازیں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بیـٹر کامران اکمل نے کہا ہے کہ پاکستان کی بیٹنگ لائن نے ایک مرتبہ پھر مایوس کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں بھارت اور پاکستان کے اہم میچ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کی بیٹنگ نے بہت مایوس کیا بھارت نے اپنی ٹیم بنائی ہے اور محنت کی ہے جو نظر بھی آرہا ہے۔

  • آئی ایم ایف کی قسط لینا آسان، ٹیم کا اگلے مرحلے میں جانا مشکل ہوگیا، گورنر سندھ

    آئی ایم ایف کی قسط لینا آسان، ٹیم کا اگلے مرحلے میں جانا مشکل ہوگیا، گورنر سندھ

    کراچی: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے سب سے اہم میچ میں قومی ٹیم کی ناکامی پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری بھی افسردہ ہوگئے۔

    دبئی اسٹیڈیم میں ہونے والے پاک بھارت میچ میں قومی ٹیم کی 6 وکٹوں سے شکست کے بعد اپنے ردعمل میں گورنرسندھ نے کہا کہ آئی ایم ایف کی قرضے کی قسط لینا آسان ہے لیکن ٹیم کا اگلے مرحلے میں جانا مشکل ہوگیا ہے۔

    اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم اگر جیت جاتی تو بہت خوشی ہوتی، شائقین کے ساتھ میرا دل بھی  ٹوٹا ہے۔

    کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ ٹیم پاکستان جیت جاتی تو ایک کروڑ روپے کے ساتھ اس کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیتا۔ پاکستان جیت جاتا تو گورنر ہاؤس میں ارشد ندیم پر انعامات کی بارش والی تاریخ دہراتا۔

    انہوں نے کہا کہ آج کا میچ دیکھ کر سارا مزہ کرکرا ہوگیا، اب قومی ٹیم کا اگلے مرحلے میں جانا بہت مشکل لگتا ہے۔

    محسن نقوی نے جیسے ریکارڈ ٹائم میں اسٹیڈیم بنائے اگر ایسی ٹیم بھی بنا لیتے تو اچھا ہوتا، ٹیم میں جان لڑا دینے والے بلےبازوں، بولرز اور فیلڈرز کی ضرورت ہے۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ ایک بار اعلیٰ ترین معیار اپنا کر قومی ٹیم بنالی تو پھر شائقین کرکٹ کبھی مایوس نہیں ہوں گے۔

    مزید پڑھیں : گورنر سندھ کا قومی ٹیم کے جیتنے پر ایک کروڑ کا اعلان

    یاد رہے کہ گزشتہ روز گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بھارت کیخلاف کامیابی پر قومی ٹیم کیلئے ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا تھا۔

    لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ میں لندن میں موجود ہوں لیکن میری دعائیں اور دل پاک بھارت ٹاکرے پر لگا ہوا ہے۔

    کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ مجھ سمیت پوری قوم اپنی ٹیم کی جیت کے لئے دعاگو ہے، کھلاڑی اپنی پوری لگن سے کھیلیں، جیت انشاءاللہ ہماری ہوگی۔

  • بھارت کو ہرا کر بتائیں کہ ہم انہیں کہیں بھی شکست دے سکتے ہیں: عطا تارڑ

    بھارت کو ہرا کر بتائیں کہ ہم انہیں کہیں بھی شکست دے سکتے ہیں: عطا تارڑ

    وفاقی وزیراطلاعات عطاتارڑ نے کہا ہے کہ بھارت کو ہرا کر بتائیں کہ ہم انہیں کہیں بھی شکست دے سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات عطاتارڑ  بھی پاک بھارت میچ کے موقع پر پُر جوش ہیں، انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان میں کھیلنے سے انکار کیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ پاکستانی ٹیم بھارت کو ہرا کر بتائیں کہ ہم انہیں کہیں بھی شکست دے سکتے ہیں، میری دعا ہے کہ پاکستان کی ٹیم آج کا میچ جیتے، خواہش ہے کہ محمد رضوان آج سینچری اسکور کریں۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں کھیلوں کے عالمی مقابلوں کی بحالی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں، امید ہے آئندہ بھی عالمی کرکٹ مقابلوں کے میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔

    وفاقی وزیر اطلاعات عطاتارڑ نے مزید کہا کہ دہشت گردی سے پاکستان نے بہت نقصان اٹھایا ہے، دہشت گرد ہر قسم کی اخلاقیات سے عاری ہوتے ہیں، سانحہ اےپی ایس پشاور ملکی تاریخ کا ایک المناک واقعہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر ملک کو عدم استحکام سے دو چار کرنا چاہتے ہیں، دہشت گرد عناصر بلوچستان میں ترقی کا عمل سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، دہشت گردوں کو واپس لاکر ملک کا امن وامان داؤ پر لگایا گیا ہے۔

  • پاک بھارت ٹاکرا: اڈیالہ جیل میں میچ دکھانے کے خصوصی انتظامات

    پاک بھارت ٹاکرا: اڈیالہ جیل میں میچ دکھانے کے خصوصی انتظامات

    لاہور: پنجاب بھر کی جیلوں میں قیدیوں کو پاک بھارت کرکٹ میچ دکھانے کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

    چیمپئنز ٹرافی کا سب سے بڑا مقابلہ پاک بھارت ٹاکرا جاری ہے اسی سلسلے میں ملک کے کئی شہروں میں شائقین کرکٹ کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

    اسی سلسلے میں پنجاب بھر کی جیلوں میں قیدیوں کو پاک بھارت کرکٹ میچ دکھانے کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ اڈیالہ جیل میں بھی پاک بھارت میچ دکھایا جارہا ہے۔

    اڈیالہ جیل کے سپرینڈنٹ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ قیدیوں کو آج کا میچ خصوصی طور پر دکھایا جارہا ہے، اڈیالہ جیل کی ہربیرک میں اسکرین نصب کی گئی ہیں۔

    اس کے علاوہ پنجاب کی تمام جیلوں میں بھی قیدی کرکٹ میچ سے محظوظ ہونگے، سیکرٹری داخلہ پنجاب نورالامین مینگل نے آئی جی جیل خانہ جات کو خصوصی انتظامات کی ہدایت کی ہے۔

  • پاک بھارت ٹاکرا، فضائی مسافروں کے لیے بڑی خوش خبری

    پاک بھارت ٹاکرا، فضائی مسافروں کے لیے بڑی خوش خبری

    کراچی: آئی سی سی چیمپینز ٹرافی کے سب سے بڑے اور سنسنی خیز ٹاکرے کے حوالے سے خوش خبری ہے کہ فضاوٴں میں سفر کرنے والے مسافر بھی پاک بھارت میچ سے اپ ڈیٹ رہیں گے۔

    پی آئی اے کے سی ای او نے تمام پروازوں پر اپنے مسافروں کو میچ سے اپ ڈیٹ رکھنے کے لیے احکامات جاری کر دیے ہیں، اندرون و بیرون ملک جانے والی تمام پروازوں پر کپتان پاک بھارت سنسنی خیز میچ میں مسافروں کو اپ ڈیٹ رکھیں گے۔

    پی آئی اے کی لانگ روٹ پر جانے والی پروازوں پر کپتان مسافروں کو سیٹلائٹ کمیونکیشن اور ACARS سسٹم کے تحت میچ سے متعلق اپ ڈیٹ دیتے رہیں گے۔

    پی آئی اے کے بوئنگ 777 طیاروں میں خودکار نظام اور ACARS سسٹم کے تحت مسافروں کو میچ کی صورت حال سے آگاہ رکھا جائے گا، ایئر بس 320 طیارے کے کپتان اے ٹی سی، ریڈار کنٹرولر سے میچ کی تفصیلات لے کر مسافروں کو آگاہ کریں گے۔

    چیمپئنز ٹرافی کا سب سے بڑا مقابلہ: پاکستان کی بھارت کیخلاف بیٹنگ شروع

    نجی ایئر لائن بھی اندرون ملک پروازوں پر میچ سے متعلق مسافروں کو آگاہ رکھے گی، غیر ملکی ایئر لائن نے بھی اپنے مسافروں کو طویل دورانیے کی پروازوں پر وائی فائی اور جدید سسٹم کے تحت میچ سے آگاہ رکھیں گے۔

  • جونیئر ایشیا کپ ہاکی: پاکستان اور بھارت آج فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے‎

    جونیئر ایشیا کپ ہاکی: پاکستان اور بھارت آج فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے‎

    جونیئر ایشیا کپ ہاکی کا فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان آج کھیلا جائے گا۔

    پاکستان سیمی فائنل میں جاپان کو دو کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر جبکہ بھارت ملائیشیا کو تین ایک سے ہرا کر فائنل میں پہنچا ہے۔

    ہاف ٹائم تک مقابلہ 1-1 گول سے برابر رہا۔ تیسرے کواٹر کے دوران 38ویں منٹ میں علی بشارت نے گول کرکے پھر قومی ٹیم کو برتری دلائی۔

    چوتھے اور آخری کوراٹر میں کپتان حنان شاہد نے خوبصورت فیلڈ گول کرکے ایک گول کی سبقت حاصل کی۔ 52ویں منٹ میں پاکستان کو پنالٹی اسٹروک ملا جس پر سفیان خان نے گول کرکے مقابلہ 2-4 کردیا جو کھیل کے اختتام تک برقرار رہا۔

    ’محسن نقوی نے جو بیان دیا اس سے کرکٹ ہو گی یا ختم ہو جائے گی‘

    جونئیر ہاکی ایشیا کپ میں سفیان خان کا یہ دسواں گول تھا۔ پاکستان نے گزشتہ سال بھی فائنل کھیل کر چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔

  • سنجے منجریکر نے پاک بھارت میچ سے قبل پاکستان ٹیم کو خبردار کردیا

    سنجے منجریکر نے پاک بھارت میچ سے قبل پاکستان ٹیم کو خبردار کردیا

    سابق ہندوستانی کرکٹر سنجے منجریکر نے اتوار 9 جون کو ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے پاک بھارت میچ سے قبل پاکستان ٹیم کو خبردار کیا ہے۔

    کرک انفو سے بات کرتے ہوئے سابق انڈین کرکٹر سنجے منجریکر نے دعویٰ کیا کہ پچ کے مشکل حالات پر حاوی ہونے کے لیے ہندوستان کے پاس پاکستان کے مقابلے میں بیٹنگ یونٹ زیادہ مضبوط ہے۔

    سنجے منجریکر نے کہا کہ اگر پچ سری لنکا بمقابلہ جنوبی افریقہ کے میچ کی طرح رہتی ہے تو اس سے ہندوستان کو زیادہ فائدہ ہوگا اور ہم پاکستان سے زیادہ آسانی سے جیت سکتے ہیں۔

    منجریکر نے نشاندہی کی کہ پاکستان کا باؤلنگ یونٹ ہندوستان کی عالمی سطح کی بیٹنگ یونٹ کے لیے ایک اہم خطرہ ہے۔

    سابق کرکٹر کا مزید کہنا تھا کہ اگر پچ مناسب ہو تو ہندوستان کا کام آسان ہو جائے گا کیونکہ بھارتی بلے باز اس چیلنج کا بہتر طریقے سے مقابلہ کرسکتے ہیں۔

    پاک بھارت میچ کے حوالے سے شائقین کے لیے بڑی خوشخبری

    واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے میچ میں 9 جون کو نیویارک میں ایک دوسرے کے خلاف میدان سنبھالیں گے، عالمی کپ کے آخری مقابلے میں قومی ٹیم کو بلیوشرٹس کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

  • سچن ٹنڈولکر نے بھارت کی کامیابی کا سہرا کس کے سر سجایا؟

    سچن ٹنڈولکر نے بھارت کی کامیابی کا سہرا کس کے سر سجایا؟

    ممبئی : سابق بھارتی بیٹر سچن ٹنڈولکر نے بھارت کی فتح کا سہرا پانڈیا، ویرات کوہلی اور رویندرا جڈیجا کے سر سجادیا۔

    بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور بیٹنگ لیجنڈ سچن ٹنڈولکر نے دبئی میں کھیلے جانے والے بھارت اور پاکستان کے درمیان میچ میں بھارت کی فتح پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔

    ایشیا کپ کے دوسرے میچ کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے دونوں ٹیموں کے فاسٹ بالرز کی تعریف کی اور کہا کہ بالرز نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

    سچن ٹنڈولکر نے کہا کہ آل راؤنڈر ہارڈک پانڈیا کی شاندار اننگز سب سے اہم تھی انہوں نے رویندرا جدیجا کے ساتھ مل کر ایک اہم اننگز کھیلی تاہم رویندرا جڈیجہ اور ویرات کوہلی کی بیٹنگ بھی قابل تعریف ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے بھارت اور پاکستان دونوں کے فاسٹ بالرز کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ فاسٹ بالرز کے دباو کے باوجود بلے بازوں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا ہے۔

    اپنے پیغام میں ان کا مزید کہنا تھا کہ آخری دم تک مقابلہ کرتے ہوئے ہارڈک پانڈیا نے بہت اچھی بیٹنگ کی جبکہ جڈیجا اور ویرات کوہلی نے بہترین کھیل پیش کیا۔ بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہونے والی جیت مبارک ہو۔

    بھارت نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دیدی

    یاد رہے کہ بھارتی کپتان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو بھارتی بولرز کی عمدہ لائن و لینتھ کے سامنے پاکستانی بلے باز جم کر نہ کھیل سکے اور پوری ٹیم ایک گیند قبل 147 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ گیارہویں نمبر کے بلے باز شاہنواز دھانی نے 6 گیندوں پر 16 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔