Tag: Independence

  • روس نے یوکرین کے 2 علاقوں کی آزادی تسلیم کرلی

    روس نے یوکرین کے 2 علاقوں کی آزادی تسلیم کرلی

    ماسکو: روس نے یوکرین کے 2 علاقوں کی آزادی تسلیم کرلی، مذکورہ علاقے یوکرینی علیحدگی پسندوں کے زیر کنٹرول ہیں، روسی صدر نے فوج کو دونوں علاقوں میں امن قائم کرنے کے لیے اقدامات کا حکم بھی دے دیا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کا خطاب سرکاری ٹی وی پر نشر ہوا، روسی صدر نے یوکرینی علیحدگی پسندوں کے زیر کنٹرول 2 علاقوں ڈونیٹسک اور لوہانسک کی آزادی تسلیم کرلی۔

    پیوٹن اور یوکرینی علیحدگی پسند رہنماؤں میں باہمی امداد کے معاہدوں پر بھی دستخط ہوئے۔ پیوٹن نے روسی فوج کو دونوں علاقوں میں امن قائم کرنے کے لیے اقدامات کا حکم دے دیا۔

    پیوٹن کا کہنا ہے کہ انہوں نے روسی پارلیمنٹ سے کہا ہے کہ وہ جلد از جلد اس کی توثیق کرے۔

    دوسری جانب امریکی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ روس کا اقدام منسک معاہدوں کی مکمل خلاف ورزی ہے، روس نے یوکرین کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت پر حملہ کیا ہے۔

    ترجمان امریکی دفتر خارجہ کے مطابق ہم روسی اقدام کا مناسب اور مضبوط جواب دیں گے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکا کی جانب سے روسی اقدام پر سخت معاشی پابندیاں متوقع ہیں ، جبکہ فرانسیسی صدر نے بھی اقوام متحدہ سے معاملے پر فوری اجلاس بلانے کی درخواست کی ہے۔

  • بریگزٹ کے باعث اسکاٹ لینڈ کی آزادی کی حمایت میں ریکارڈ اضافہ

    بریگزٹ کے باعث اسکاٹ لینڈ کی آزادی کی حمایت میں ریکارڈ اضافہ

    لندن : برطانیہ کے یورپی یونین سے آئندہ اخراج کی وجہ سے اسکاٹ لینڈ کی برطانیہ سے ممکنہ آزادی کی حمایت میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ اس وقت اسکاٹ لینڈ کے انچاس فیصد باشندے برطانیہ سے آزادی کے حق میں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایک تازہ سروے میں بتایا گیا کہ برطانیہ کی اس ریاست کی باقی ماندہ برطانیہ عظمی سے ممکنہ آزادی کی سیاسی سوچ یوں تو کئی عشرے پرانی ہے لیکن اس سوچ اور اس کے لیے سیاسی حمایت میں گزشتہ چار برسوں میں اتنا زیادہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جتنا پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا تھا۔

    اسکاٹش عوام میں لندن سے آزادی کی اس سوچ کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ ایسے اسکاٹش رائے دہندگان میں بڑی تعداد ان شہریوں کی ہے، جو چاہتے ہیں کہ انہیں مستقبل میں بھی یورپی یونین کا حصہ رہنا چاہیے۔

    سروے کے مطابق جون 2018 میں اسکاٹ لینڈ کے تقریبا 45 فیصد باشندے یہ چاہتے تھے کہ اسکاٹ لینڈ کو برطانیہ سے آزادی حاصل کر لینا چاہیے۔ اب لیکن نو ماہ بعد یہی شرح بڑھ کر 49 فیصد ہو چکی ہے۔

    مزید یہ کہ اسکاٹ لینڈ میں برطانیہ سے آزادی کے حامی ووٹروں کی یہ وہ زیادہ سے زیادہ شرح فیصد ہے، جو آج تک ریکارڈ کی گئی ہے۔

  • اسکاٹش حکام کا 2021 میں اسکاٹ لینڈ کی آزادی کیلئے دوبارہ ریفرنڈم کا مطالبہ

    اسکاٹش حکام کا 2021 میں اسکاٹ لینڈ کی آزادی کیلئے دوبارہ ریفرنڈم کا مطالبہ

    ایڈنبرا : برطانیہ میں سکاٹ لینڈ کی حکومتی سربراہ نکولا اسٹرجن نے بریگزٹ کے بعد اسکاٹ لینڈ کی آزادی کے موضوع پر ایک نئے ریفرنڈم کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نکلولا اسٹرجن نے بدھ کے روز ایڈنبرا میں اسکاٹش پارلیمان کے ارکان سے اپنے خطاب میں اعلان کیا کہ ان کی حکومت جلد ہی پارلیمنٹ میں ایک قانونی مسودہ پیش کر دے گی، جو لندن کے یورپی یونین سے اخراج کی صورت میں 2021 تک آزادی کے ایک نئے ریفرنڈم کے انعقاد سے متعلق ہو گا۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق اسٹرجن نے امید ظاہر کی کہ ایڈنبرا کی پارلیمان اس سال کے آخر تک اس مسودے کی منظوری دے دے گی۔

    نکولا اسٹرجن نے دعویٰ کیا کہ ان کی پوزیشن غیر مستحکم تھی اور ان کی جماعت کو حمایت بڑھانے اور آزادی کا مطالبہ کرنے میں چلیج کا سامنا تھا۔

    فرسٹ منسٹر کا کہنا تھا کہ ’اگر ہم اسکاٹ لینڈ کی دلچسپی کے محافظ ہیں تو ہم غیر یقینی طور پر انتظار نہیں کرسکتے‘۔

    ان کا کہنا تھا کہ ’یہی وجہ ہے کہ میں سمجھتا ہوں بریگزٹ کے درمیان ہمارے پاس موقع ہے اور یہ پارلیمنٹ یہ فیصلہ کرے کہ اسکاٹ لینڈ مستقبل میں بطور ایک آزادی یورپی ریاست ہوگی۔

    یاد رہے کہ سنہ 2014 میں سکاٹش عوام نے ایسے ہی پہلے ریفرنڈم میں پینتالیس فیصد کے مقابلے میں پچپن فیصد کی اکثریت سے برطانیہ سے ممکنہ آزادی کی مخالفت کر دی تھی۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق وزیر اعظم کے ترجمان نے کہا کہ ’ہم نے بارہا واضح کردیا کہ اسکاٹ لینڈ پہلے ہی آزادی کے لیے 2014 میں ریفرنڈم کروا چکا ہے جس نے برطانیہ کے منسلک رہنے کے ووٹ آئے تھے‘۔

  • لندن: یوم آزادی کی مناسبت سے پاکستانی سفارت خانے میں پھولوں کی نمائش کا انعقاد

    لندن: یوم آزادی کی مناسبت سے پاکستانی سفارت خانے میں پھولوں کی نمائش کا انعقاد

    لندن : یوم آزادی کی مناسبت سے برطانیہ میں موجود پاکستانی سفارت خانے میں پھولوں کی نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی ہائی کمشنر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں موجود پاکستانی سفارت خانے میں جشنِ آزادی کی مناسبت سے فلورل آرٹ سوسائٹی آف پاکستان پشاور چیپٹر نے پاکستانی ہائی کمیشن کی معاونت سے پھولوں کی پر وقار نمائش کا انعقاد کیا گیا۔

    میڈیا کا کہنا تھا کہ پھولوں کی پر وقار نمائش کا افتتاح پاکستانی ہائی کمشنر نے کیا اس موقع پر برطانیہ میں موجود پاکستانی کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    پاکستانی ہائی کمشنر صاحبزادہ احمد خان نے تقریب میں موجود شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کے بعد سے پاکستانیوں نے ملک کو جمہوری تقاضوں پر تعمیر کرنے کی کوشش کی جو قابلِ تحسین ہے۔

    صاحبزادہ احمد خان کا کہنا تھا کہ ’سفارت خانوں میں ایسی تقریبات کے انعقاد کے ذریعے سفارت کاری کا فروح خاص اہمیت رکھتا ہے کیوں کہ اس طرح کی سرگرمیوں سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مزید بہتر تعلقات فروغ پائیں گے۔

    پھولوں کی نمائش کے اختتام پر فلورل آرٹ سوسائٹی آف پاکستان کی رہنما فریدا طارق نشتر نے پاکستانی ہائی کمشنر صاحبزادہ احمد خان کی آمد کا اور پھولوں کی عالی شان نمائش کے انعقاد کے لیے خصوصی تعاون کا شکریہ ادا کیا۔