Tag: independence day

  • پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی قوم کو آزادی کی مبارکباد

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی قوم کو آزادی کی مبارکباد

    لاہور(14 اگست 2025): پاکستان کے 78 ویں یومِ آزادی پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق و موجودہ کھلاڑیوں نے قوم کو جشن آزادی کی مبارک باد دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں محمد رضوان، سلمان علی آغا، بابر اعظم، مائیک حیسن، شاہین آفریدی اور آفیشلز نے ملک کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر قوم کو دلی مبارکباد پیش کی۔

     وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اور آل راؤنڈر سلمان علی آغا نے عوام کو خوشی کا پیغام دیتے ہوئے اپیل کی کہ جشنِ آزادی ذمہ داری کے ساتھ منائیں اور ملک کو صاف ستھرا رکھیں۔

    کپتان بابر اعظم نے بھی یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے اس دن کی اہمیت یاد دلائی جب پاکستان وجود میں آیا، انہوں نے کہا کہ اس دن کو یاد رکھیں، اس سے ہماری پہچان ہوتی ہے۔

    وائٹ بال ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی، آل راؤنڈر محمد نواز، پیسر حسن علی اور آل راؤنڈر فہیم اشرف نے بھی عوام کو جشنِ آزادی کی مبارکباد پیش کی۔

    فہیم اشرف نے اپنے پیغام میں کہا کہ آزادی ہمارے بزرگوں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے، اس لیے اس کی قدر کریں اور اس کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی شاہین شاہ آفریدی نے فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر سبز ہلالی پرچم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’اے میرے وطن کے نوجوانو، یہ وطن تم سے ہے، قربانیوں کی خوشبو سے مہکتا یہ چمن، تمہارے خواب ہیں تمہارے عمل کے منتظر‘۔

  • اپنی آزادی اور خود مختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

    اپنی آزادی اور خود مختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

    راولپنڈی(14 اگست 2025): پاکستان کے 78ویں یوم آزادی کے موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یوم آزادی پر تمام اہل پاکستان کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد دی اور کہا کہ اپنے بزرگوں اور برصغیر کے مسلمانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

    فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان عالم اسلام کا ایک مضبوط اور ناقابل تسخیر قلعہ ہے، پاکستان بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی آزادی کا مظہر بھی ہے، مذہبی اقلیتیں آج بھی ملکی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے عفریت کو شکست دینے کیلئے ہم نے انتہائی بھاری جانی و مالی قیمت ادا کی ہے، پہلگام کے افسوسناک سانحے کی پاکستان نے نہ صرف مذمت کی بلکہ شفاف عالمی تحقیقات کی پیشکش کی، آپریشن بنیان مرصوص تاریخ میں افواج پاکستان کی بہادری اور ولولہ انگیز جذبے کی علامت بن چکا ہے۔

    فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ بھارتی سرکار نے روایتی ہٹ دھرمی کرتے ہوئے پاکستان کی شہری آبادی پر حملہ کیا، قوم کی حمایت سے مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کے جواب میں آپریشن بنیان مرصوص کیا، پاک فوج روایتی، غیر روایتی اور ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کیلئے پوری طرح لیس ہے۔

    فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ ہم خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے متمنی ہیں، اپنی آزادی اور خود مختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے، ملکی خود مختاری اور سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی مہم جوئی کا بلا ہچکچاہٹ فوری جواب دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم بھائیوں کی جدوجہد کی مکمل حمایت کرتا ہے،کشمیر یوں کو ان کا حق خودارادیت دینا مسئلے کا واحد، منصفانہ اور پائیدار حل ہے، پاکستان فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑا ہے، عالمی برداری فلسطینیوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے فوری اقدامات کرے۔

    انہوں نے کہا کہ جدوجہد آزادی سمیت معرکہ حق کے شہدا کا سلام پیش کرتے ہیں، شہدا کی جرات و بہادری، عزم و جذبہ ایمانی کو سلام پیش کرتے ہیں، پاک فوج کی پیشہ وارانہ مہارت اور جنگی تیاری پر مکمل اعتماد ہے، سرحدوں کی حفاظت کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، اپنی تمام تر توانائیاں پاکستان کے استحکام اور ترقی کیلئے وقف کردیں گے۔

  • پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی پر امریکی وزیر خارجہ کا اہم پیغام

    پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی پر امریکی وزیر خارجہ کا اہم پیغام

    (14 اگست 2025): پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی پر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی عوام یوم آزادی منا رہے ہیں، انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

    پاکستان کا اٹھترواں یومِ آزادی پر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے جاری پیغام میں کہا کہ امریکا انسداد دہشت گردی اور تجارت میں پاکستان کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

    اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے جاری کردہ بیان میں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک اقتصادی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے مل کر کام کریں گے، اہم شعبوں میں معدنیات، ہائیڈرو کاربن اور کاروباری شراکت داری شامل ہیں، جن سے امریکی اور پاکستانی عوام کے لیے ایک خوشحال مستقبل کی راہ ہموار ہو گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ امریکا اس اشتراک سے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے، واضح رہے کہ ملک بھر میں آج 78 واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

  • یومِ آزادی : توپوں کی سلامی، ملک کی خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں

    یومِ آزادی : توپوں کی سلامی، ملک کی خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں

    اسلام آباد / لاہور (14 اگست 2025) پاکستان کا 78 واں یوم آزادی اور معرکہ حق میں فتح کا جشن ملک بھر میں ملی جوشِ و جذبے سے منایا جارہا ہے دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا۔

    لاہور میں دن کے آغاز پر توپوں کی سلامی دی گئی، شہریوں نے نماز فجر میں ملک کی ترقی و خوشحالی اور یکجہتی کی خصوصی دعائیں مانگیں۔

    اس کے علاوہ پاکستان کے78 یومِ آزادی کے موقع پر ہر سال کی طرح اس سال بھی آج بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر تبدیلی گارڈ کی پُروقار تقریب منعقد ہوگی۔

    پاکستان نیول اکیڈمی کے چاق و چوبند کیڈٹس مزار قائد پر اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھالیں گے۔ ہر سال 14 اگست کو پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس یہ ذمہ داری سنبھالتے ہیں۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

    اس سے قبل رات گئے کراچی، لاہور،اسلام آباد، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، حیدرآباد، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں یومِ آزادی شروع ہوتے ہی آسمان پر رنگ ونور کی برسات ہوگئی۔

    لاہور میں مینار پاکستان پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا جسے دیکھنے کیلئے شہریوں کی بڑی تعداد یادگار پہنچی جہاں آتش بازی کے مظاہرے کے ساتھ شہری پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کرتے رہے۔

    نوجوان سبز ہلالی پرچم اور جھنڈیاں لیے سڑکوں پر نکل آئے اور گلیوں، شاہراہوں، چوراہوں کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا۔

    لاہور، کوئٹہ، کراچی اور اسلام آباد سمیت ملک بھر میں یوم آزادی اور معرکہ حق میں فتح کا جشن بھر پور انداز میں منایا جا رہا ہے۔

    جشن آزادی کی مرکزی تقریب اسلام آباد میں ہوئی جس میں صدر مملکت آصف زرداری ، وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت پاکستان کی اعلیٰ سول و عسکری قیادت نے شرکت کی۔

    تقریب میں وفاقی کابینہ کے ارکان، قومی اسمبلی اورسینیٹ ارکان اور دوست ممالک کے سفراء سمیت بڑی تعداد میں شہری بھی شریک ہوئے۔

    تقریب میں تینوں مسلح افواج پر مشتمل میوزک بینڈ کا شاندار مارچ پاسٹ کیا جبکہ پاک آرمی، پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے چاق چوبند دستوں سمیت پنجاب رینجرز، ایف سی خیبرپختونخوا کے دستوں نے بھی مارچ پاسٹ کیا۔

  • پاک افواج کے سربراہان کی قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد

    پاک افواج کے سربراہان کی قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد

    راولپنڈی : فیلڈ مارشل سید عاصم منیر،عسکری قیادت اور پاک افواج کی جانب سے قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد کا پیغام دیا گیا ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا ، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق یومِ آزادی ہماری قومی وحدت، استقامت اور روشن مستقبل کے لیے مشترکہ عزم کی علامت ہے،اس پرمسرت موقع پر ہم اپنے بانیانِ پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے قائدِ اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں آزادی کے حصول کے لیے بے مثال قربانیاں دیں۔

    آج مسلمانوں کیلئے علیحدہ وطن کے دیرینہ خواب کی تعبیر کا دن ہے، مسلح افواج بانیان پاکستان کی بصیرت اور بہادر فوجیوں کوخراج تحسین پیش کرتی ہیں۔

    آئی ایس پی آر کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج وطن کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں، مسلح افواج کا پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ ہے۔

    ارض پاکستان کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، پاکستان کے عوام کی مسلسل حمایت مسلح افواج کیلئے طاقت کا سرچشمہ ہے، قائد اعظم کے رہنما اصول ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔

    پاک افواج نے اپنے بیان میں اُن مدبر رہنماؤں، بزرگوں اور سپاہیوں کو بھی سلام عقیدت پیش کیا ہے جنہوں نے پاکستان کی بنیاد رکھی اور ایک خودمختار ریاست کا خواب حقیقت بنایا۔ یہ قربانیاں آج بھی ہماری رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ عوام اور افواجِ پاکستان کا ناقابلِ تسخیر رشتہ ہی ہماری اصل طاقت ہے۔ آئیے اس یومِ آزادی پر ہم سب مل کر امن، ترقی اور اتحاد کے لیے اپنی کاوشیں تیز کریں اور "ایمان، اتحاد، قربانی” کے سنہری اصولوں کو اپناتے ہوئے ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی جانب بڑھیں۔

  • رات 12 بجتے ہی ملک بھرمیں جشن آزادی کا پُرجوش آغاز

    رات 12 بجتے ہی ملک بھرمیں جشن آزادی کا پُرجوش آغاز

    اسلام آباد / لاہور / کراچی (14 اگست 2025) ملک بھر میں رات کے 12 بجتے ہی جشن آزادی کا آغاز کردیا گیا، عوام بڑی تعداد میں مختلف شاہراہوں پر آزادی کا جشن منانے نکل آئے۔

    پاکستان کے 78ویں جشن آزادی کا رنگا رنگ آغاز ہوگیا ہے، وطن عزیز کے مختلف علاقوں میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا جارہا ہے۔

    کراچی میں فائیواسٹار چورنگی پر یوم آزادی معرکہ حق کی کامیابی پر جشن کا سلسلہ شروع کردیا گیا، اس موقع پر چیئرمین ایم کیوایم خالد مقبول صدیقی، انیس قائم خانی، فاروق ستارو دیگر موجود ہیں۔

    تقریب میں میوزیکل فیسٹیول جاری، معروف فنکار شرکاء کا لہو گرما رہے ہیں، عوام کی بڑی تعداد نارتھ ناظم آباد فائیواسٹار چورنگی پر موجود ہے، فائیو اسٹار اوور ہیڈ برج پر بھی شہریوں کی بڑی تعداد میں سبزہلالی پرچم کے ساتھ جمع ہوگئی

    لاہور میں حکومت پنجاب کے تحت لبرٹی گول چکر پر میوزیکل کنسرٹ کا اہتمام کیا گیا، شہریوں کی بڑی تعداد موجود ہے، شرکاء ملی نغموں کے ساتھ پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے
    شہریوں کا کہنا ہے کہ اس بار بھارت سے جنگ جیتنے کے بعد آزادی کا جشن منانے کا الگ ہی مزہ ہے۔

    پشاور میں بھی رات 12 بجتے ہی جشن آزادی کے موقع پر زبردست آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔

    اس کے علاوہ کراچی، لاہور، پشاور، مظفرآباد، گلگت سمیت ملک کے طول و عرض میں گھروں سے باہر نکل آئے اور پاکستان کے زندہ باد کے نعرے بلند کیے۔

  • یوم آزادی کی مناسبت سے آئی ایس پی آر کا نیا نغمہ جاری

    یوم آزادی کی مناسبت سے آئی ایس پی آر کا نیا نغمہ جاری

    راولپنڈی(2 اگست 2025): یومِ آزادی کے موقع پر آئی ایس پی آر کا "دل سے پاکستان” کے عنوان سے نیا نغمہ جاری کردیا گیا۔

    ’’دل سے پاکستان‘‘ نغمہ ’’معرکۂ حق‘‘ میں عظیم فتح کی یادگار کے طور پر پیش کیا گیا ہے جس میں وطن کے جاں نثار شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے قربانیوں کو سنہری الفاظ میں سراہا گیا ہے۔

    نغمے میں بھارت کے خلاف ’’معرکۂ حق‘‘ میں کامیابی کا جشن جوش و جذبے سے بھرپور انداز میں پیش کیا گیا ہے اور نغمے میں وطن کی بقا، خودمختاری اور سلامتی کے لیے ہر قربانی دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔

    اس نغمے کے ذریعے مادر وطن کے محافظ مسلح افواج کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے، جاری کیا گیا نغمہ قومی یکجہتی، ترقی اور استحکام کے عہد کی تجدید کا مظہر ہے۔

  • یوم آزادی : امریکی وزیر خارجہ کا پاکستانیوں کیلئے مبارکباد کا پیغام

    یوم آزادی : امریکی وزیر خارجہ کا پاکستانیوں کیلئے مبارکباد کا پیغام

    واشنگٹن : امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے 77ویں یوم آزادی کے موقع پر تمام پاکستانیوں کو پر مبارکباد پیش کی ہے، ان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور امریکا کی شراکت داری مزید گہری ہوگی۔

    پاکستان کے یوم آزادی پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں انٹونی بلنکن نے کہا کہ گزشتہ 77 سال سے ہمارے پاک امریکا عوامی تعلقات دو طرفہ تعلق کی بنیاد رہے ہیں۔

    انٹونی بلنکن نے کہا کہ آئندہ آنے والے برسوں میں پاکستان اور امریکا کی شراکت داری مزید گہری ہوگی، دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلق کو بڑھایا جائے گا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں اقوام کی زیادہ خوشحالی کیلئے اقدامات کریں گے، ہم پاکستان سے ایسی شراکت داری چاہتے ہیں جو سیکیورٹی کو زیادہ یقینی بنائے۔

  • پاکستان کی معاشی کامیابی کے لیے ہماری حمایت جار رہے گی: امریکا

    پاکستان کی معاشی کامیابی کے لیے ہماری حمایت جار رہے گی: امریکا

    واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی کامیابی کے لیے ہماری حمایت جار رہے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے یومِ آزادی پر امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے جاری پیغام میں کہا کہ امریکی حکومت، عوام کی جانب سے پاکستان کے عوام کو جشن آزادی کی مبارکباد دی۔

    امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ پاکستان انتخابات کے انعقاد کی تیاری کر رہا ہے، ہم جامع اقتصادی ترقی، امن اور علاقائی استحکام کو فروغ دینے کے منتظر ہیں۔

    انٹونی بلنکن نے پیغام میں مزید کہا کہ ملک کی معاشی کامیابی کے لیے ہماری حمایت جار رہے گی، ہم جمہوری اصولوں اور قانون کی حکمرانی کے احترام کے عزم کا اشتراک کرتے ہیں۔

    امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ  دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو مزید مضبوط کر کے خوشحال مستقبل چاہتے ہیں، امریکہ پاکستان کے ساتھ 76 سالہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

  • کراچی : جشن آزادی پر ہوائی فائرنگ سے ایک شہری جاں بحق 12زخمی

    کراچی : جشن آزادی پر ہوائی فائرنگ سے ایک شہری جاں بحق 12زخمی

    کراچی : پاکستان کے 76ویں جشن آزادی کے موقع پر رات گئے کراچی میں ہونے والی ہوائی فائرنگ سے ایک شہری جاں بحق اور خاتون سمیت 12 افراد زخمی ہوگئے۔

    رات 12بجتے ہی شہر کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کاسلسلہ شروع ہو گیا پورا شہر گونج اٹھا جو وقفے وقفے سے جاری رہا۔ اتوار اور پیر کی درمیانی شب گھروں سے نکلنے والے شہریوں کی بڑی تعداد کے باعث مختلف علاقوں میں ٹریفک جام ہوگیا۔

    اس حوالے سے ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعات لیاقت آباد، لیاری، گارڈن، محمود آباد، لانڈھی، کورنگی، نیوکراچی، بلال کالونی اور گارڈن سمیت دیگر علاقوں میں پیش آئے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق بلال کالونی سیکٹراے7 میں ہوائی فائرنگ سے ایک شخص زخمی جبکہ لیاقت آباد ڈاکخانہ پل کے قریب 2 شہری اور کورنگی اور لانڈھی میں فائرنگ سے2شہری زخمی ہوئے۔

    اس کے علاوہ محمودآباد6نمبر البرکت ہوٹل والی گلی میں ایک شہری، لیاری آٹھ چوک کے قریب اندھی گولی لگنے سے ایک شخص اور نیوکراچی یوپی موڑ کے قریب اندھی گولی لگنے سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ محمودآباد کے علاقے اشرف کالونی میں فائرنگ سے ایک نوجوان زخمی ہوگیا جسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔