Tag: India Lock down

  • بھارت لاک ڈاؤن : معاشی حالات سے تنگ لڑکی نے انتہائی قدم اٹھا لیا

    بھارت لاک ڈاؤن : معاشی حالات سے تنگ لڑکی نے انتہائی قدم اٹھا لیا

    نئی دہلی / بھارت میں قرض ادا نہ کرسکنے پر لڑکی نے خود کو آگ لگالی، دوسرے واقعے میں گھر سے باہر سونے والے معمر شخص کا گلا کاٹ دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع غازی آباد میں ایک 18 سالہ لڑکی نے محض 5 ہزار روپے کے قرض کی ادائیگی میں ناکام ہونے کی وجہ سے خود کو آگ لگالی، حادثہ ضلع کے وجین نگر میں پیش آیا۔

    متاثرہ لڑکی کو تشویشناک حالت میں مقامی اسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے،  جہاں اس کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

     اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کے پڑوس میں رہنے والا نوجوان قرض کی ادائیگی کے لیے لڑکی پر مسلسل دباؤ ڈال رہا تھا جس سے تنگ آکر اس نے انتہائی قدم اٹھایا، اس لڑکی کو تشویشناک حالت میں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق لڑکی کے مزدور بھائی کے پاس لاک ڈاؤن میں رقم نہیں بچی تھی، ایسی صورتحال میں جب لڑکی کو لگا کہ دباؤ بڑھتا جارہا ہے تو اس نے یہ خوفناک قدم اُٹھایا۔

    خود کشی کی کوشش میں ملوث ہونے کے معاملے میں پولیس نے اس نوجوان کو حراست میں لے لیا ہے، متاثرہ کی والدہ کا کہنا ہے کہ مالک مکان کا کرایہ ادا کرنے کے لئے رقم نہیں بچی تھی, مکان مالک بھی مسلسل رقم مانگ رہا تھا۔ جس کی وجہ سے لڑکی افسردگی میں مبتلا تھی۔

    دوسری جانب ریاست اترپردیش میں پرتاپ گڑھ ضلع ہیڈ کواٹر سے تیس کلومیٹر دور تھانہ پٹّی کوتوالی علاقے کے جیتا پور گاؤں میں گزشتہ شب گھر کے دروازے کے باہر سوئے ہوئے ضعیف کا گلا کاٹ کر قتل کر دیا گیا۔

    مقتول کی عمر60برس تھی، پولیس نے اس کیس میں ایک ملزم کے خلاف قتل کا کیس درج کر حراست میں لے لیا ہے۔

  • بھارت لاک ڈاؤن : بے روزگاری سے تنگ نائی نے پیٹ میں قنیچی گھونپ لی

    بھارت لاک ڈاؤن : بے روزگاری سے تنگ نائی نے پیٹ میں قنیچی گھونپ لی

    نئی دہلی : بھارت میں کرونا لاک ڈاؤن میں بے روزگاری سے تنگ آکر نائی نے اپنے پیٹ میں چھری گھونپ لی، بروقت ایمبولینس کے نہ پہنچنے پر پولیس موبائل میں زخمی کو اسپتال پہنچایا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاک ڈاون کے دوران کاروبار بند ہونے اور مالی بحران کے باعث پونا شہر کے رہائشی نائی کا کام کرنے والے جیرام گائیکواڑ نے منگل کی شام کو مبینہ طور پر اپنی جان لینے کی کوشش کی۔

    پولیس کے مطابق وہ شام کے وقت اپنے گھر سے نکلا، علاقے میں قائم عوامی بیت الخلا میں گیا اور اس نے اپنے کام کرنے والی قینچی کی نوک اپنے پیٹ میں گھونپ کر خود کو زخمی کرلیا۔

    وہاں موجود مقامی شہریوں نے پولیس کنٹرول روم کو فون کرکے واقعے سے آگاہ کیا۔ لوگوں نے اس واقعے کی اطلاع ایمبولینس سروس کو بھی دی۔

    پولیس اہلکار موقع پر پہنچے تو انہوں نے دیکھا کہ وہ شخص بے ہوشی کی حالت میں فرش پر پڑا ہے کافی دیر تک جب ایمبولینس نہ پہنچ سکی تو پولیس موبائل میں موجود افسر نے اس شخص کو موبائل میں اسپتال پہچانے کا فیصلہ کیا کیونکہ اس وقت تک اس کا کافی خون بہہ چکا تھا۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گائیکواڑ کے اہل خانہ نے بتایا ہے کہ وہ نائی کا کام کرتا ہے اور پچھلے دو مہینوں تک کام نہ ہونے کی وجہ سے وہ کافی پریشان تھا، زخمی گائیکواڑ کی حالت اب خطرے سے باہر ہے تاہم اس کا علاج جاری ہے۔

  • بھارت لاک ڈاؤن : نو سالہ بچہ 900 کلومیٹر سائیکل ٹھیلہ چلا کر معذور والدین کو گھر لے آیا

    بھارت لاک ڈاؤن : نو سالہ بچہ 900 کلومیٹر سائیکل ٹھیلہ چلا کر معذور والدین کو گھر لے آیا

    بہار : نو سالہ بچے نے اپنے والدین کو سائیکل ٹھیلے پر بٹھا کر 900 کلو میٹر کی مسافت طے کی، تبارک نو دن تک سفر کرتا رہا، دیکھنے والوں کی اس کی ہمت اور جذبے کو سراہا۔

    بھارت میں نافذ لاک ڈاؤن کے سبب ایک جانب جہاں عام مزدور دوسری ریاستوں سے جوق در جوق پیدل، سائیکل، موٹر سائیکل و دیگر سواریوں سے اپنے گھروں کی جانب رواں دواں ہیں تو وہیں دوسری جانب اس سفر میں کچھ ایسے باہمت اور اِرادوں کے مضبوط بچوں کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں جسے سن کر لوگ حیرت زدہ ہیں۔

    ملک بھر میں نافذ لاک ڈاؤن کے سبب ایک جانب جہاں عام مزدور دوسری ریاستوں سے جوق در جوق پیدل، سائیکل، موٹر سائیکل و دیگر سواریوں سے اپنے گھروں کی جانب رواں دواں ہیں تو وہیں دوسری جانب اس سفر میں کچھ ایسے باہمت اور اِرادوں کے مضبوط بچوں کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں جسے سن کر لوگ حیرت زدہ ہیں۔

    سوشل میڈیا پر ایک ایسا ہی ایک ویڈیو وائرل ہو رہا ہے جس میں ایک 9 سالہ معصوم بچہ نیشنل ہائی وے پر اپنے والدین کو ٹھیلے پر بیٹھا کر لے جا رہا ہے۔ اس بچے کا نام تبارک ہے اور یہ وارنسی سے ارریہ تک 900کلو،یٹر کا فاصلہ طے کر کے اپنے والدین کو ٹھیلے پر بٹھا کر لایا ہے۔

    اس بچے کی ہمت اور حوصلہ کا اندازہ اس بات سے لگا سکتے کہ وہ 900 کلو میٹر مسافت طے کر کے ایک آنکھ سے معذور والدہ اور ایک پاؤں سے معذور والد کو صحیح و سلامت اپنے گھر لے آیا۔

    اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تبارک نے بتایا کہ سفر میں کئی جگہوں پر پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، حالانکہ کئی لوگوں نے ان کی مدد بھی کی۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل ریاست بہار کے ضلع دربھنگہ کی جیوتی نامی 15سالہ لڑکی نے اپنے بیمار والد کو سائیکل پر بیٹھا کر دہلی سے دربھنگہ تک کا سفر کیا تھا جس کی گونج پوری دنیا میں سنی گئی اور لوگوں نے اس کے حوصلے کو سلام کیا۔

  • بھارت لاک ڈاؤن : غریب باپ کی مجبوری دیکھنے والوں کی آنکھیں بھیگ گئیں

    بھارت لاک ڈاؤن : غریب باپ کی مجبوری دیکھنے والوں کی آنکھیں بھیگ گئیں

    کانپور : کورونا لاک ڈاؤن میں لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے، ٹرانسپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے باپ اپنے بیمار بیٹے کو چارپائی پر ڈال کر میلوں دور پیدل چلنے پر مجبور ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملک گیر سطح پر لاک ڈاؤن نافذ ہے، لاک ڈاؤن کے دوران ملک کی مختلف ریاستوں سے دلوں کو جھنجھوڑنے والے مہاجر مزدوروں کی تصاویر سامنے آرہی ہیں۔

    ملک گیر سطح پر جاری لاک ڈاؤن کے دوران مختلف ریاستوں سے مہاجر مزدوروں کا پیدل سفر جاری ہے اور اب تک درجنوں مزدور حادثات کے شکار ہو کر ہلاک ہو چکے ہیں، تاہم مہاجر مزدوروں کا سفر مسلسل جاری ہے۔

    اسی ضمن میں لدھیانہ سے چارپائی پر اپنے بیمار بیٹے کو گھر لے جاتے ہوئے تکلیف دہ تصویر بھی سامنے آئی۔ در اصل راج کمار اپنے خاندان کے ساتھ لدھیانہ میں دیہاڑی مزدوری کرتا تھا لیکن لاک ڈاؤن کی وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا تھا،۔

    جس کے بعد انہوں نے بیمار بیٹے کے ساتھ اپنے آبائی وطن جانے کا فیصلہ کیا اور 15 دنوں میں800 کلو میٹر کا سفر طے کرکے کانپور پہنچا جہاں پولیس انہیں کھانا کھلایا پھر آگے کے سفر کے لیے انتظام کروایا۔

  • اس تصویر کے پیچھے چھپی حقیقت آپ کو رلا دے گی

    اس تصویر کے پیچھے چھپی حقیقت آپ کو رلا دے گی

    گجرات : بھارت میں مسلمان لڑکے نے اپنے ہندو دوست کا مرتے دم تک ساتھ نہ چھوڑا، جسے کرونا وائرس کے شبے میں سڑک پر پھینک دیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں سوشل میڈیا پر ایک تصویر بہت وائرل ہو رہی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ کورونا لاک ڈاؤن کے دنوں میں دو دوست سڑک کنارے بیٹھے ہیں، تصویر میں مسلمان لڑکے یعقوب کی گود میں اس کا ہندو دوست امرت رامچرن تیز بخار کے باعث سر رکھ کر لیٹا ہوا ہے۔

    یعقوب کے مطابق وہ اور رامچرن دونوں سورت میں ایک یونٹ میں کام کرتے تھے، لاک ڈاؤن کے بعد کام نہ ہونے پر وہ اترپردیش میں واقع اپنے گاؤں جانے کے لئے دیگر افراد کے ساتھ ایک کرائے کے ٹرک کے ذریعے جارہے تھے کہ دوران سفر امرت رامچرن کو تیز بخار ہوگیا۔

    ٹرک میں موجود دیگر لوگوں نے اس پر کورونا کا شبہ ظاہر کیا اور فیصلہ کیا کہ رامچرن کو ٹرک سے اتار دیا جائے ، جس پر عمل کرتے ہوئے جمعہ کی سہ پہر شیوپوری جھانسی شاہراہ کولارز بائی پاس پر اسے زبردستی اتار دیا گیا۔

    اس صورتحال میں رامچرن کے دوست یعقوب نے فیصلہ کیا کہ وہ اپبنے دوست کو اکیلا ہرگز نہیں چھوڑے گا جس کے بعد یعقوب بھی اس کے ساتھ سڑک کے کنارے بیٹھ گیا اس دوران رامچرن کی حالت مزید بگڑنے لگی تو یعقوب نے چیخ چیخ کر لوگوں کو مدد کیلئے پکارنا شروع کردیا۔

    بعد ازاں ایک ریسکیو ادارے کے اہلکاروں نے دونوں کو مقامی اسپتال پہچایا جہاں سے رامچرن کو تشویشناک حالت میں شیو پوری اسپتال ریفر کیا گیا جہاں وہ وینٹی لیٹر میں زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات چل بسا۔

    اسپتال انتظامیہ نے یعقوب اور رامچرن کے خون کے نمونے کورونا ٹیسٹ کیلئے بھجوا دیئے ہیں، اور یعقوب کو اسپتال کے ایک علیحدہ وارڈ میں قرنطینہ کردیا گیا ہے۔

    سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر اور فیس بک پر صارفین نے اس واقعے پر شید غم و غصے کا اظہار کیا ہے ۔

  • بھارت لاک ڈاؤن : ایمبولینس کے انتظار میں 3 گھنٹوں سے کرسی پر بیٹھا مریض چل بسا

    بھارت لاک ڈاؤن : ایمبولینس کے انتظار میں 3 گھنٹوں سے کرسی پر بیٹھا مریض چل بسا

    پونہ : بھارت میں ایک ضعیف مریض ایمبولینس کے انتظار میں بیٹھا دنیا سے رخصت ہوگیا، جان چلی گئی لیکن ایمبولینس نہ آئی، سوشل میڈیا پر صارفین نے سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر پونہ میں آج صبح سویرے ایک 54سالہ مریض یسوداس ایم فرانسس لاک ڈاؤن کے دوران ایمبولینس کے انتظار میں سڑک کے کنارے کرسی پر بیٹھا بیٹھا چل بسا۔

    اس حوالے سے اس کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ صبح 4 بجے کے قریب پیش آیا تھا ، اس سے قبل رات ایک بجے ان کی طبیعت خراب ہوئی تھی جس کی وجہ سے اہل خانہ نے ایمبولینس طلب کی اور پولیس سے مدد بھی طلب کی۔

    بعدازاں انہوں نے مریض کو گھر کے پاس علاقے کی منوشا مسجد کے قریب سڑک پر کرسی پر بٹھایا اور ایمبولینس کا انتظار کرنے لگے لیکن تین گھنٹے گزر گئے کوئی نہیں آیا۔

    اس دوران پولیس کے کچھ پولیس اہلکار جو معمول کی گشت پر تھے انہیں صورتحال سے آگاہ کیا لیکن ان کے پاس بھی ایمبولینس کی سہولت میسر نہیں تھی۔

    اس موقع پر فراسنسس کی اہلیہ، بہن اور دیگر رشتہ دار بھی اس کے پاس ہی موجود تھے کہ اچانک اس کا سانس اکھڑنے لگا اور تقریباً صبح چار بجے پلاسٹک کی کرسی پر بیٹھے ہوئے فرانسس نے آخری سانس لی اور دنیا سے رخصت ہوگیا۔

    اس واقعے کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں، جس پر صارفین نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

  • بھارت لاک ڈاؤن : خوفناک ٹریفک حادثہ : 24 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

    بھارت لاک ڈاؤن : خوفناک ٹریفک حادثہ : 24 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

    نئی دہلی : بھارتی ریاست اترپردیش میں ہفتے کی صبح دو ٹرکوں کے خوفناک تصادم کے نتیجے میں 24 مزدور ہلاک ہو گئے، حادثے میں 38 افراد زخمی بھی ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش میں ٹرک حادثے میں 24 مزدور ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں، تمام مزدور اپنے علاقوں میں واپس جارہے تھے۔

    اطلاعات کے مطابق حادثہ آج صبح ساڑھے 3بجےاتر پردیش کے علاقے اوریا میں پیش آیا، جہاں مزدوروں کو لے کر جانے والا ٹرک سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گیا۔ ٹرک میں 50 مزدور سوار تھے جو راجستھان سے اپنے علاقوں کو واپس جارہے تھے۔

    حادثے کے شکار افراد کا تعلق بہار، جھار کھنڈ اور مغربی بنگال کی ریاستوں سے ہے، مقامی اسپتال کےحکام کے مطابق حادثہ میں 24افراد ہلاک اور22 زخمی ہوئے جن میں سے 15 کی حالت تشویش ناک ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ مزدور مغربی ریاست راجستھان سے ٹرک میں سفر کرتے ہوئے اترپردش کے اوریا ضلع میں پہنچے تھے کہ جہاں ان کی گاڑی کا ٹرک کے ساتھ تصادم ہوا۔

    حادثہ اس قدر شدید تھا کہ 21 مزدور موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں لے جایا گیا جہاں مزید تین مزدور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

    اطلاع ملنے پر جائے حادثہ پر ڈی ایم اور ایس پی سمیت کئی تھانوں کی پولیس موجود ہے، ڈی ایم کے مطابق، سبھی زخمیوں کو علاج کے لئے اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔

    اوریا کے سی ایم او نے 24 لوگوں کی موت کی تصدیق کی ہے۔ ڈی ایم ابھشیک سنگھ نے بتایا کہ 15 لوگوں کو سیفئی میڈیکل کالج میں داخل کرایاگیا ہے، جہاں زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

  • بھارت لاک ڈاؤن : انسانیت سوز واقعے نے دیکھنے والوں کو جھنجھوڑ ڈالا

    بھارت لاک ڈاؤن : انسانیت سوز واقعے نے دیکھنے والوں کو جھنجھوڑ ڈالا

    حیدرآباد : لاک ڈاؤن کے دوارن مزدور اپنی بیٹی اور حاملہ بیوی کو ہاتھ سے بنائی ہوئی گاڑی پر بٹھا کر رسی کے سہارے کھینچ کر لایا، 800 کلو میٹر پیدل سفر میں کسی نے ان کی مدد نہ کی۔

    بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع بالا گھاٹ میں ایک دردناک واقعہ پیش آیا ہے، لاک ڈاؤن سے پریشان ایک مزدور نے اپنی حاملہ بیوی اور چھوٹی بیٹی کو ہاتھ سے بنائی ہوئی گاڑی میں بٹھا کر پیدل 800کلومیٹر سفر 17روز میں طے کیا.

    بھارتی میڈیا کے مطابق بالاگھاٹ کے پاس لانجی کے علاقے میں ایک مزدور 800 کلو میٹر دور سے اپنی ننھی بیٹی اور حاملہ اہلیہ کو ہاتھ سے بنی گاڑی پر کھینچ کر لاتا نظر آیا۔

    رامو نام کے مزدور نے بتایا کہ وہ حیدرآباد سے پیدل چل کر آ رہا ہے۔ ان کا تعلق کنڈے موہ گاؤں سے ہے۔ اس نے بتایا کہ اس دوران انہیں راستے میں کوئی مدد نہیں ملی۔

    رامو کے مطابق حیدرآباد میں جب انہیں کام ملنا بند ہو گیا تو واپسی کے لیے اس نے کئی لوگوں سے منتیں کیں لیکن ان کی کسی نہیں

    سنی، اپنے گاؤں واپس جانے کیلیے پہلے تو  کچھ دور تک تو  رامو اپنی دو برس کی بیٹی کو گود میں اٹھا کر چلا اور حاملہ اہلیہ سامان اٹھا کر ساتھ چلتی رہی لیکن جب دونوں تھگ گئے تو انہوں نے رسی اور لکڑی کی مدد سے ایک  ہاتھ گاڑی بنائی۔

    اس گاڑی پر رامو نے اپنی بیٹی اور اہلیہ کو بٹھایا اور اسے کھینچتے ہوئے800کلو میٹر کا سفر طے کرکے 17 روز کے بعد بالا گھاٹ پہنچا۔ بالاگھاٹ کے راجے گاؤں پر موجود پولیس والوں نے جب یہ نظارا دیکھا تو وہ بھی حیران رہ گئے۔

    پولیس اہلکار نے فورا مزدور کی بچی کے لیے بسکٹ اور چپل لاکر دی۔ جبکہ اس کی جانچ کرا کر فوراً اسے ایک نجی گاڑی کا بندو بست کرکے اسے گاؤں تک پہنچایا۔

  • بھارت : کورونا وائرس متاثرین بیت الخلا میں رہنے پر مجبور

    بھارت : کورونا وائرس متاثرین بیت الخلا میں رہنے پر مجبور

    نئی دہلی : بھارت میں کورونا متاثرین بیت الخلا میں رہنے پر مجبور ہوگئے، انتطامیہ کی نااہلی کے باعث مزدوروں کیلئے رہنے کی کوئی جگہ نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا لاک ڈاؤن کی وجہ سے بھارت کی مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے مزدوروں کی آمدورفت کا سلسلہ جاری ہے، کچھ مزدور راج گڑھ سے واپس آئے تھے جنہیں چیک آپ کے بعد مقامی اسکول میں قرنطینہ کیا گیا۔

    بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع گُنا کے تحصیل راگھو گڑھ کے دیوی پورہ گاؤں میں راج گڑھ سے واپس آنے والے مزدور میاں بیوی کو طبی معائنے کے بعد انتہائی نامناسب جگہ پر رکھا گیا۔

    مقامی سرپنچ اور سکریٹری کی عدم توجہی کی وجہ سے بعض مزدوروں کو اسکول کے ٹوائلٹ میں ہی رہنا پڑ رہا ہے، یہ مزدور جوڑے جب ضلع گونا کی تحصیل راگھوگڑھ کے دیوی پورہ گاؤں پہنچے تو چیک آپ کے بعد انہیں اسکول کے بجائے بیت الخلا میں قرنطینہ کیا گیا۔

    واقعے کی اطلاع جب سب ڈویژنل افسر راگھو گڑھ کو ہوئی تو انہوں نے فورا اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے میاں بیوی کو اسکول بھجوایا اور واقعے تحقیقات کا حکم دیا۔

  • آزادی راس نہ آئی : پیرول پر رہا ہونے والا قیدی دوبارہ جیل پہنچ گیا

    آزادی راس نہ آئی : پیرول پر رہا ہونے والا قیدی دوبارہ جیل پہنچ گیا

    نئی دہلی : کرونا لاک ڈاؤن کے باعث پیرول پر رہا ہونے والے قیدی کو رہائی راس نہ آئی، جیل سے رہا ہوتے ہی شراب کی دکان میں چوری کے جرم میں دوبارہ جیل پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا لاک ڈاؤن کے باعث سپریم کورٹ کے حکم پر پیرول پر رہا ہونے والے شرابی قیدی کو شراب نہیں ملی تو اس نے اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر سرکاری شراب کی دکان کا شٹر توڑ دیا اور شراب کی کئی پیٹیاں چرالیں۔

    سپریم کورٹ نے کورونا وائرس کے پیش نظر متعدد قیدیوں کو پیرول پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا لیکن ایک قیدی نے جیل سے باہر آتے ہی اپنے دوست سمیر کے ساتھ مل کر گریٹر نوئیڈا کے ریلوے روڈ پر واقع سرکاری شراب کی دکان میں چوری کی واردات کر ڈالی۔

    دونوں دونوں ملزمان نے دادری کے ریلوے روڈ پر واقع  شراب کی سرکاری دکان کا شٹر توڑ کر شراب کی پیٹیاں اور نقد رقم چوری کی اور باآسانی فرار ہوگئے۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ قیدی شراب نوشی کا عادی ہے، مخبر کی اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے قبضہ سے شراب کی تین پیٹیاں بند اور ایک کھلا کارٹن برآمد ہوا ہے۔

    اس کے علاوہ ان کے پاس سے چوری کی گئی 1435 روپے کی نقدی بھی برآمد ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ ملزم کو 30 مارچ کو ضلع جیل گوتم بدھ نگر سے پیرول پر رہا کیا گیا تھا، پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے اب دوبارہ جیل بھیج دیا ہے۔