Tag: India Lock down

  • ٹیوشن کیوں پڑھائی؟ بچے کی شکایت پر پولیس نے استانی کو ڈانٹ پلادی، ویڈیو وائرل

    ٹیوشن کیوں پڑھائی؟ بچے کی شکایت پر پولیس نے استانی کو ڈانٹ پلادی، ویڈیو وائرل

    نئی دہلی : لاک ڈاؤن کے دوران ٹیوشن بھیجنے پر بچہ پولیس والوں کو اپنے ٹیوشن سینٹر لے گیا، پولیس اہلکاروں نے بچے کے والدین اور استانی کی سرزنش کی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں لاک ڈاؤن کے دوران مرضی کیخلاف ٹیوشن بھیجنے پر ایک بچے نے ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں کو والدین اور استانی کی شکایت کردی جس پر وہ ہکا بکا رہ گئے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بچے بھی کورونا وائرس کی صورتحال سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے پڑھائی سے جان چھڑانے لگے ہیں۔ ایک بچے کو اس کے گھر والوں نے ٹیوشن بھیجا تاہم بچہ ٹیوشن جانے کے بجائے پولیس کے پاس پہنچ گیا اور پولیس کو اپنے ساتھ ٹیوشن سینٹر لے گیا۔

    واقعے کی سوشل میڈیا پر  ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بچہ اپنی استانی کے گھر کے باہر پہنچا اور دروازہ کھٹکٹایا پھر استانی کو آواز دینے لگا۔ ویڈیومیں پولیس ۤآفیسر نے بچے کی استانی کو کہا کہ آپ یہاں پر لاک ڈاؤن کے باوجود ٹیوش پڑھا رہی ہیں آپ کو کورونا سے ڈر نہیں لگتا؟۔

    پہلے تو استانی نے اس بات کی تردید کی کہ کورونا کی صورتحال کے بعد بچوں کو نہیں پڑھایا، تاہم بچے نے بھی ٹیوشن سے جان چھڑانا چاہی اور بتایا کہ صرف میں ہی نہیں تین بچے اور بھی آتے ہیں۔

    پولیس افسر نے استانی سے کہا کہ ہم کسی کو ایک دوسرے کے گھر بھی نہیں جانے دیتے اور آپ بچوں کو ٹیوشن پڑھا رہی ہیں، بھارتی پولیس آفیسر کی جانب سے خبردار کیا گیا کہ آئندہ کورونا کی موجودہ صورتحال کے باعث بچوں کو گھروں میں ٹیوشن نہ پڑھائیں۔

  • بھارت : کورونا لاک ڈاون میں مزید دو ہفتوں کی توسیع

    بھارت : کورونا لاک ڈاون میں مزید دو ہفتوں کی توسیع

    نئی دہلی : بھارت نے ملک میں جاری لاک ڈاؤن میں چار مئی سے مزید دو ہفتوں کی توسیع کر دی ہے اب ملک بھر میں17 مئی تک لاک ڈاؤن جاری رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے مد نظر بھارت میں جاری لاک ڈاؤن کو مرکزی حکومت نے تین مئی کے بعد دو اور ہفتوں کے لیے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، اس کے ساتھ ہی اب ملک بھر میں17 مئی تک لاک ڈاؤن جاری رہے گا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مرکزی حکومت نے کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے لاک ڈاؤن کو ایک مناسب طریقہ کار قراردیتے ہوئے پورے ملک میں اس کی مدت چار مئی سے مزید دو ہفتے تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    بھارت کا شمار دنیا کے ان چند ممالک میں ہوتا ہے جس نے کورونا کی وبا کے پیش نظر سخت سفری پابندیاں عائد کیں۔25مارچ کوشروع ہونے والے اس لاک ڈاؤن کے بعد ملک بھر میں ٹرینوں کی آمدورفت پر بھی پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ بھارت میں کورونا وائرس سے اب تک 1100 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

    بھارتی وزارت داخلہ کے مطابق کورونا وبا کی وجہ سے پورے ملک میں موجودہ صورت حال کی آج ایک اعلی سطحی میٹنگ میں جائزہ لیا گیا، جس کے بعد پورے ملک میں لاک ڈاؤن کی مدت دو ہفتے مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔

    اس سے پہلے لاک ڈاؤن کی مدت 14 اپریل سے بڑھا کر تین مئی تک کی گئی تھی۔وزارت نے اس مدت میں مختلف سرگرمیوں کو چلانے کے لیے نئی ہدایات بھی جاری کی ہیں جس کا نفاذ چار مئی سے ہوگا۔

    واضح رہے کہ اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے ترسیل کے نظام میں تعطل کے باعث لاکھوں بچے زندگی بچانے والی ویکسینز سے محروم ہو سکتے ہیں۔

    اس وبا نے ہوا بازی کی صنعت پر گہرا اثر ڈالا ہے، جس سے تجارتی اور چارٹر پروازوں میں تیزی سے کمی واقع ہوئی ہے۔ اقوامِ متحدہ کے ادارے یونیسیف نے کہا ہے کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ درجنوں ممالک میں اہم ویکسین ختم ہونے کا خطرہ ہے۔

  • سودا لینے بازار جانے والا نوجوان واپسی میں دلہن لے آیا

    سودا لینے بازار جانے والا نوجوان واپسی میں دلہن لے آیا

    اترپردیش : بھارت میں لاک ڈاؤن کے دوران بازار سے سودا سلف لینے کیلئے جانے والا نوجوان گھر واپس آیا تو اس کے ساتھ دلہن کو دیکھ کر ماں مشتعل ہوگئی، تھانے میں شکایت درج کرادی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر غازی آباد میں کورونا لاک ڈاؤن کے دوران ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا ہے، لاک ڈاؤن کے دوران ماں نے اپنے 26سالہ بیٹے گڈو کو باہر سے سودا سلف منگوانے بھیجا، گڈو بازار گیا اور واپسی پر دلہن گھر لے آیا۔

    غازی آباد پولیس کے مطابق گڈو کی ماں نے پولیس اسٹیشن آکر شکایت درج کرائی تھی اس نے بیان دیا تھا کہ میں نے اپنے بیٹے گڈو کو لاک ڈاؤن کے دوران گھر کا سودا سلف لانے کے لیے بازار بھیجا تھا، بیٹا واپسی پر سامان کے بجائے اپنے ساتھ اپنی بیوی لے آیا ہے، میں اپنے بیٹے کی اس خفیہ شادی کو کسی حال میں قبول نہیں کروں گی۔

    بھارتی چینل این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ26 سالہ گڈو کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ دو ماہ قبل اس نے اپنی والدہ سے چھپ کر پسند کی شادی کی تھی۔

    گڈو کا کہنا تھا کہ میں اس ڈر سے بیوی کو گھر نہیں لایا کہ ماں ناراض ہوگی، میری بیوی شادی کے بعد دہلی میں ایک کرائے کے گھر میں رہ رہی تھی، لاک ڈاؤن کے دوران کچھ مشکلات پیش آنے پر وہ گھر چھوڑنا پڑا تھا۔

    چھبیس سالہ گڈو نے پولیس کو مزید بتایا کہ شادی کے وقت گواہ کی عدم موجودگی کے سبب انہیں شادی کا سرٹیفکیٹ نہیں مل سکا تھا، سوچا تھا کہ لاک ڈاؤن ختم ہوتے ہی شادی کا سرٹیفکیٹ ملنے پر دلہن کو گھر لے آؤں گا مگر تا حال سرٹیفکیٹ نہیں مل سکا ہے۔ دوسری جانب غازی آباد پولیس کی جانب سے گڈو اور اس کی دلہن کو ماں کے ساتھ ان کے گھر رہنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

  • لاک ڈاؤن : کرکٹ کھیلنے والے 11 نوجوان گرفتار، مقدمہ درج

    لاک ڈاؤن : کرکٹ کھیلنے والے 11 نوجوان گرفتار، مقدمہ درج

    نئی دہلی : پولیس نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے کرکٹ میچ کھیلنے والے گیارہ نوجوانوں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر بارہ بنکی کے علاقے میں پولیس نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے پر گیارہ نوجوانوں کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔

    مذکورہ نوجوان ایک گراؤنڈ میں کرکٹ میچ کھیل رہے تھے کہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور میچ کو بند کرواکے کھلاڑیوں کو حراست میں لے لیا، پولیس نے کرکٹ میچ کے انعقاد اور لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے پر مذکورہ 11نوجوانوں کیخلاف مقدمہ درج کرکے حوالات میں بند کردیا۔

    اس حوالے سے پولیس ذرائع نے بتایا کہ پیر کے روز لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پانپور گاؤں میں کرکٹ میچ کا انعقاد کیا گیا تھا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر گوری کارروائی کی۔

    مزید پڑھیں :دوست کو صندوق میں ڈال کرعمارت میں جانے کی کوشش، دونوں گرفتار

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس میچ میں کرکٹ میچ کے آرگنائزر  پربھاکر سنگھ اور دس دیگر نوجوانوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، معاملے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

  • بھارت : اس سال حیدرآبادی حلیم نہیں ملے گی

    بھارت : اس سال حیدرآبادی حلیم نہیں ملے گی

    حیدرآباد : کورونا وائرس نے لوگوں کے منہ سے ذائقے بھی چھین لیے، بھارت کی عالمی شہرت یافتہ ڈش حیدرآبادی حلیم اس سال رمضان میں دستیاب نہیں ہوگی۔

    دنیا بھر میں حیدرآبادی حلیم کو بہت زیادہ پسند کیا جاتا ہے جبکہ اس ڈش کے لیے تمام مذاہب اور فرقے کے لوگ اور خصوصاً حیدرآبادی عوام ماہ رمضان کا انتظار کرتے ہیں لیکن اس سال انہیں مایوسی ہوگی۔

    اس سلسلے میں حلیم بنانے والوں نے فیصلہ کیا ہے کہ اس ماہ رمضان میں حلیم کی فروخت مکمل طور پر بند رہے گی۔

    حیدرآباد حلیم میکرز ایسوسی ایشن اور ٹوئن سٹیز ہوٹل اونرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں مختلف ہوٹل مالکان نے شرکت کی۔

    اجلاس میں کورونا وائرس سے پیدا شدہ حالات اور ریاست میں جاری لاک ڈان کی صورتحال پر تفصیلی غور و خوص کیا گیا اور اس سال رمضان میں حلیم فروخت نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    اجلاس میں اس بات پر بھی متفقہ طور فیصلہ کیا گیا کہ 7 مئی کے بعد اگر لاک ڈاون میں نرمی کی جائے تب بھی تمام رمضان ہوٹلز میں حلیم فروخت نہیں کی جائے گی، شرکا نے وائرس کو پھیلنے سے روکنے کےلیے سماجی فاصلہ کے اصول کو سختی سے اپنانے پرزور دیا۔

  • کرونا لاک ڈاؤن : پیدل گھر جانے والی لڑکی راستے میں ہی دم توڑ گئی

    کرونا لاک ڈاؤن : پیدل گھر جانے والی لڑکی راستے میں ہی دم توڑ گئی

    نئی دہلی : لاک ڈاؤن کی وجہ سے سیکڑوں میل دور پیدل اپنے گھر جانے والی 12سالہ لڑکی راستے میں دم توڑ گئی، پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کیلئے اسپتال منتقل کردی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست حیدرآباد کے علاقے تلنگانہ کے بیجاپور سے اپنے گھر چھگ جانے کے لئے پیدل روانہ ہونے والی ایک بارہ سالہ لڑکی کی گزشتہ روز راستے میں ہی دم توڑ گئی۔ کورونا وائرس کے پیش نظر ملک بھر میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے لوگ دوسری ریاست سے اپنی ریاست پیدل نقل مکانی کرنے پر مجبور ہیں۔

    اسی سلسلے میں چھتیس گڑھ کی رہائشی ایک بارہ سالہ لڑکی تلنگانہ کے بیجاپور سے اپنے گھر چھگ پیہدل جارہی تھی کہ راستے میں ہی بظاہر تھکان کی وجہ سے اس کی موت واقع ہوگئی۔

    اس حوالے سے بیجاپور کے ہیلتھ آفیسر سی ایچ ایم او نے کہا کہ ابھی اس لڑکی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ دیکھنا باقی ہے لیکن ایسا لگتا ہے کہ لڑکی کی موت تھکن، الیکٹرو لائٹ، عدم توازن یا جسم میں پانی کے کمی کی وجہ سے ہوئی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ لڑکی کے ساتھ 11 افراد اور بھی تھے جو مرچ کے کھیتوں میں کام کرنے کے لئے تلنگانہ گئے تھے لیکن لاک ڈاؤن کی وجہ گھر جانے کا کوئی ذریعہ نہیں ہونے کی وجہ سے تمام افراد پیدل ہی گھر کے لے روانہ ہوئے تھے۔

    پولیس کے مطابق لڑکی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے متعلقہ اسپتال بھیج دیا گیا ہے جس کی رپورٹ آنے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔

  • لاک ڈاؤن : بھارتی لڑکی نے شادی ملتوی ہونے پر زندگی کا خاتمہ کرلیا

    لاک ڈاؤن : بھارتی لڑکی نے شادی ملتوی ہونے پر زندگی کا خاتمہ کرلیا

    اننت پور : بھارتی لڑکی اپنی شادی ملتوی ہونے کا دکھ برداشت نہ کرسکی، چھت سے لٹک کر زندگی کا خاتمہ کرلیا، پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاش پوسٹ مارٹم کیلئے اسپتال روانہ کردی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں کورونا لاک ڈاؤن کے باعث لوگ ذہنی دباؤ کا شکار ہورہے ہیں، کچھ اسی طرح ایک واقعہ ریاست آندھرا پردیش میں پیش آیا جہاں لاک ڈاؤن کے سبب شادی کی تاریخ ملتوی ہونے کے باعث نوجوان لڑکی نے خود کو موت کے حوالے کردیا۔

    بھارت کی ریاست آندھرا پردیش کے ضلع اننت پور میں ایک لڑکی جو شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھی،  دھرمارام پولیس چوکی کے قریب میں واقع شانتی نگر علاقے میں اس لڑکی نے لاک ڈاؤن کے سبب شادی ملتوی کیے جانے کی وجہ سے خوکشی کر لی۔

    واضح رہے کہ بھارت لاک ڈاؤن کے سبب کسی طرح کی ایسی تقریب جس میں مجمع اکٹھا ہونے کا خدشہ ہو حکومت کی جانب سے سخت پابندی عائد کی گئی ہے۔

    بتایا جا رہا ہے کہ خوکشی کرنے والی لڑکی کا نام ہماوتی ہے ان کی منگنی کوٹھا پیٹھ کے ایک نوجوان سے طے ہوئی تھی اور ان دونوں کی شادی اسی ماہ اپریل میں ہونے والی تھی۔

    تاہم ملک گیر لاک ڈاؤن کی وجہ سے یہ شادی ملتوی کردی گئی تھی، اس سے افسردہ ہوکر ہماوتی نے بیڈ روم کی چھت میں پھنڈا ڈال کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

    اس حوالے سے بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق لواحقین نے اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا، دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے اور معاملے کی تحقیقات جاری ہے۔

  • کورونا وائرس : بیوی نے شوہر کو گھر کے اندر آنے سے منع کردیا

    کورونا وائرس : بیوی نے شوہر کو گھر کے اندر آنے سے منع کردیا

    نئی دہلی : کورونا وائرس کی وبا نے اپنوں کو بھی بیگانہ کردیا ہے، بھارتی خاتون نے اپنے شوہر کو ٹیسٹ کرائے بغیر گھر میں داخل ہونے سے روک دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست آندھراپردیش میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی اضافہ ہورہا ہے جبکہ عوام میں اس وبا کے حوالے سے بے حد تشویش پائی جاتی ہے۔ کورونا وائرس کے خوف میں مبتلا ایک خاتون نے کورونا ٹیسٹ کروانے تک شوہر کو گھر کے اندر آنے سے منع کردیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق نیلور کے علاقے میں سنار کی دکان میں کام کرنے والا ملازم کرونا لاک ڈاؤن کی وجہ سے اپنے آبائی گھر وینکٹ گری بروقت نہیں پہنچ سکا تھا۔

    تاہم کافی دنوں کی بے انتہا کوشش کے بعد جب وہ اپنے گھر پہنچا تو کوئی اور نہیں اسی کی بیوی نے اسے گھر میں آنے سے منع کردیا، بیوی کا کہنا تھا کہ پہلے اپنا کورونا ٹیسٹ کرواؤ جس کے منفی آنے کے بعد گھر میں آنے کی اجازت ملے گی، خاتون کا کہنا ہے کہ اس نے یہ اقدام اپنے خاندان اور پڑوسیوں کی سلامتی کے پیش نظر کیا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ محکمہ صحت کی جانب سے اس شخص کا کورونا ٹیسٹ کروایا گیا تاہم رپورٹ منفی آنے کے بعد ہی شخص گھر میں داخل ہونے کی جازت ملی۔

  • مقبوضہ کشمیر میں دکانیں بند جبکہ بھارت میں شراب خانے کھلے ہیں، عمرعبداللہ

    مقبوضہ کشمیر میں دکانیں بند جبکہ بھارت میں شراب خانے کھلے ہیں، عمرعبداللہ

    سری نگر : نیشنل کانفرنس کے نائب صدر و سابق وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران کشمیر میں لوگوں کو ضروریات زندگی کی اشیاء ملنا مشکل ہے لیکن بعض ریاستوں میں شراب کی دکانیں کھلی ہیں۔

    یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہی، انہوں نے کہا کہ وادی میں گزشتہ چار ہفتوں سے مکمل لاک ڈاؤن جاری ہے ۔

    جس کے باعث یہاں بازاروں میں میڈیکل اسٹوروں کے علاوہ کسی بھی دکان کو کھلنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے جبکہ ملک کی بعض ریاستوں میں شراب کی دکانوں کو لازمی خدمات میں شامل کیا جارہا ہے۔

    عمر عبداللہ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں طنز کرتے ہوئے کہا کہ قومی لاک ڈاؤن جہنم میں جائے، شراب نوشی جاری رہنی چاہئے، کشمیر میں گوشت اور دیگر اشیائے ضروریہ کی دکانوں کو کھلنے کی اجازت نہیں ہے جبکہ بعض ریاستوں میں شراب کی فیکٹریوں تک کو زندہ رہنے کے لئے ضروری قرار دیا جارہا ہے۔

    سابق وزیر اعلیٰ نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر ہندوستان ٹائمز اور ایک خبر رساں ایجنسی کے دو ٹوئٹس پوسٹ کئے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ میگھالیہ اور آسام حکومتوں نے شراب کی دکانوں کو پیر سے کھلے رہنے کی اجازت دی ہے۔

  • لاک ڈاؤن : بھارتی پولیس کا بے گناہ نوجوان پر بہیمانہ تشدد، آنکھ ضائع ہوگئی

    لاک ڈاؤن : بھارتی پولیس کا بے گناہ نوجوان پر بہیمانہ تشدد، آنکھ ضائع ہوگئی

    نئی دہلی : بھارتی پولیس نے روایتی بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کھیت سے واپس آنے والے نوجوان پر اس قدر تشدد کیا کہ اس کی آنکھ ضائع ہوگئی، تھانہ انچارج نے الزام کو مسترد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کے ضلع بیگو سرائے کے چیریا بریار پور تھانہ کی حدود کھنجا پور گاؤں کے رہائشی نیرج کمار نے پولیس پر بے جا تشدد کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ نوجوان کا کہنا ہے کہ مارپیٹ سے اس کی آنکھوں کی روشنی چلی گئی ہے۔

    نوجوان کا کہنا ہے کہ جب وہ کھیت میں کام کرکے واہس جارہا تھا اس دوران پولیس نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کا الزام لگا کر اس کی پٹائی کردی، تشدد کے دوران میری آنکھ میں ڈنڈا لگا ور میری آنکھوں کی روشنی چلی گئی۔

    نیرج کمار نے علاقہ ایس پی کو درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ گزشتہ روز وہ گیہوں کٹوا کر گھر لوٹ رہا تھا، اس دوران چوک پر کسی کام سے رکا، تبھی پولیس نے اس کی پٹائی کردی مجھ ےانصاف فراہم کیا جائے۔

    اس حوالے سے تھانہ انچارج پلو کمار نے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کو دیکھ کر بھاگنے کے دوران نوجوان کو چوٹ لگ گئی تھی۔

    واضح رہے کہ کچھ روز قبل بھی بیگو سرائے ضلع کے ٹریفک ڈی ایس پی نے سڑک پر گاڑی کھڑی کرنے کے الزام میں ایک بس ڈرائیور کی آنکھ پھوڑ دی تھی۔