Tag: India modi

  • امریکا سے کشیدگی میں اضافہ، مودی 7 سال بعد چین کا دورہ کریں گے

    امریکا سے کشیدگی میں اضافہ، مودی 7 سال بعد چین کا دورہ کریں گے

    نئی دہلی(7 اگست 2025): امریکا کے ساتھ بڑھتے ہوئے تناؤ کے بعد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سات سالوں میں پہلی بار چین کا دورہ کریں گے۔

    روئٹرز کے مطابق امریکا سے کشیدگی میں اضافے کے بعد مودی سات سال بعد چین کا دورہ کریں گے، مودی 31 اگست کو شنگھائی تعاون تنظیم کے کثیر الملکی سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے چین جائیں گے۔

    بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب بھارت اور امریکا کے تعلقات کئی برسوں کے بعد شدید بحران کا شکار ہیں۔ بھارتی وزیراعظم صدر شی جن پنگ سے ملاقات بھی کریں گے۔

    یہ پڑھیں: امریکی صدر ٹرمپ کا بھارت پر مزید ٹیرف عائد کرنے کا اعلان

    بھارتی وزیراعظم کا یہ دورہ چینی شہر تیانجن میں منعقد ہونے والے ایس سی او اجلاس کے لیے ہوگا، یہ دورہ جون 2018 کے بعد مودی کا پہلا چین دورہ ہوگا۔

    یاد رہے کہ 2020 میں ہمالیہ کی متنازع سرحد پر فوجی جھڑپ کے بعد چین اور بھارت کے تعلقات بری طرح خراب ہو گئے تھے، یہ بھی خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت سے درآمد کی جانے والی اشیا پر ایشیائی ممالک میں سب سے زیادہ ٹیرف 50 فیصد عائد کیا ہے۔

    اس سے قبل  بھی صدر ٹرمپ نے روس سے تیل خریدنے پر بھارت پر عائد ٹیرف مزید بڑھانے کا اعلان کیا تھا، سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ کاکہنا تھا کہ بھارت نہ صرف بڑی مقدار میں روسی تیل خرید رہا ہے بلکہ اسے فروخت کرکے منافع بھی کما رہا ہے۔

  • پلوامہ حملہ، پاکستان پر الزام صدی کا سب سے بڑا جھوٹ ہے، پرویز خٹک

    پلوامہ حملہ، پاکستان پر الزام صدی کا سب سے بڑا جھوٹ ہے، پرویز خٹک

    اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع  پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پلوامہ واقعے کا الزام پاکستان پر لگانا صدی کا سب سے بڑا جھوٹ ہے، ہم کمزور نہیں اس لیے دراندازی کا جواب دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی میں مشترکہ اجلاس ہوا جس میں اراکین نے پاک بھارت کشیدگی، بھارتی پائلٹ کی واپسی اور او آئی سی میں شرکت نہ کرنے پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

    اس موقع پر وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا تھا پلوامہ حملے میں پاکستان کا کوئی ہاتھ نہیں، اس کا الزام ہم پر عائد کرنا صدی کا سب سے بڑا جھوٹ ہے۔

    مزید پڑھیں: پارلیمنٹ میں بھارتی جارحیت کے خلاف متفقہ قرارداد منظور

    اُن کا کہنا تھا کہ  بھارت نے رات کے اندھیرےمیں حملہ کیا اور ہم نے دن کی روشنی میں جواب دےکربتادیاکہ ہم کمزورنہیں ہیں۔ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ جب تک کشمیرکامسئلہ حل نہیں ہوگا تب تک پاکستان اور بھارت کے درمیان امن قائم نہیں ہوسکتا۔

    دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارتی آج تقسیم اور پاکستان متحد ہے، بھارتی عوام ایک آدمی کی الیکشن مہم کا حصہ نہ بنیں اور اُس کو ناکام کردیں۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان دونوں ممالک کے عوام کی خاطر امن کا خواہش مند ہے کیونکہ جنگ کی صورت میں دو طرفہ نقصان ہوگا جس کی وجہ سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں: پاکستان کشیدگی میں کمی کےلیےکوئی بھی قدم اٹھانے کوتیارہے،شاہ محمودقریشی

    یادرہے کہ بھارتی جارحیت کے خلاف پارلیمنٹ میں مشترکہ اجلاس کا انعقاد کیا گیا، گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے خطے میں امن کی خاطر بھارتی پائلٹ ابھینندن کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔