Tag: india-pathankot-attack

  • بھارتی ایئربیس پٹھان کوٹ تیسرے دن بھی کلیئر نہ ہوسکا، فوج بے بس

    بھارتی ایئربیس پٹھان کوٹ تیسرے دن بھی کلیئر نہ ہوسکا، فوج بے بس

    پٹھان کوٹ : بھارتی ایئر بیس پٹھان کوٹ کو تیسرے روز بھی کلئیرنہیں کرایا جاسکا۔ بھارتی سیکیورٹی ادارے بے بسی کی تصویر بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پٹھان ایئر بیس پر حملہ یا ڈرامہ جس کا ڈراپ سین تیسرے دن بھی نہ ہوسکا۔ خود کو دنیا کی دوسری بڑی فوجی طاقت کہنے والی بھارتی فوج چھ مبینہ دہشت گردوں کے سامنے بے بس دکھائی دیتی ہے۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بچ جانے والے دو دہشت گرد ایک رہائشی عمارت پر قابض ہیں۔ عمارت کو بھارتی سیکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لے لیا ہے۔

    میڈیا کا کہنا ہے کہ پٹھان کوٹ پر دہشت گردوں کا حملہ فدائی تھا، جس کا مقصداسٹریٹیجک اہمیت کے حامل آلات کو نْقصان پہنچانا تھا، سوال یہ اٹھتا ہے کہ تین روز تک اسٹریجٹک آلات کو نقصان کیوں نہیں پہنچایا جاسکا۔

    اتنا وقت گزر جانے کے باوجود ایئر بیس کو کلئیر نہ کرایا جانا کیا بھارتی سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی پر سوالیہ نشان نہیں؟

    بھارتی حکام کے متضاد بیانات بھی معاملے کو مشکوک بنا رہے ہیں بھارتی میڈیا کہتا ہے کہ گیارہ فوجی مارے گئے۔ بھارتی سیکرٹری داخلہ کہتے ہیں سات فوجی ہلاک ہوئے، یہ کھلا تضاد نہیں تواور کیا ہے؟

  • بھارت میں پٹھان کوٹ ایئر بیس پرحملہ، پاکستان کی شدید الفاظ میں مذمت

    بھارت میں پٹھان کوٹ ایئر بیس پرحملہ، پاکستان کی شدید الفاظ میں مذمت

    اسلام آباد: پاکستان نے بھارت میں پٹھان کوٹ ایئر بیس پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان بھارت میں پٹھان کوٹ ایئربیس پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حملے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہارکرتے ہیں ۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ حالیہ پاک بھارت اعلیٰ سطح کے رابطوں کے بعد دونوں ممالک میں خیرسگالی کے تعلقات پیدا ہوئے ہیں، پاکستان خطے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہے جب کہ بھارت سمیت دیگر ممالک کے ساتھ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہیں۔

  • نئی دہلی: پٹھانکوٹ ائیربیس پر دہشتگردوں کاحملہ ،4 فوجی ہلاک

    نئی دہلی: پٹھانکوٹ ائیربیس پر دہشتگردوں کاحملہ ،4 فوجی ہلاک

    پٹھانکوٹ : بھارتی پنجاب کے شہر پٹھان کوٹ میں نامعلوم دہشتگردوں نے فضائیہ کےاڈے پر حملہ کردیا، جوابی کارروائی میں چار حملہ آور ہلاک ہوگئے جبکہ دہشتگردوں کی فائرنگ سے چار بھارتی فوجی بھی مارے گئے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی وقت کے مطابق صبح ساڑھے تین بجے ہونے والے حملے میں شدت پسند پولیس کی گاڑی استعمال کرتے ہوئے پٹھان کوٹ کے فضائی اڈے میں داخل ہوئے۔

    خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ بھارتی فضائیہ کے اڈے پر فوجی وردی میں ملبوس تقریباً سات مسلح افراد نے حملے کیا، حملے کے بعد سیکورٹی فورسز نے اڈے کو سیل کرکے آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔

    جوابی کارروائی میں چار حملہ آور مارے جاچکے ہیں جبکہ فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق دہشتگردوں کی فائرنگ سے بھارتی فضائیہ کا اہلکار بھی ہلاک ہوگیا ہے، حملہ اس جگہ کیا گیا جہاں فوجی طیارے موجود ہوتے ہیں تاہم حملے میں لڑاکا فوجی طیاروں کو نقصان نہیں پہنچا۔

    بھارتی سیکورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ تاحال حملہ آوروں کی شناخت واضح نہیں ہوسکی ہے، آپریشن میں حصہ لینےکیلئےفوجی ہیلی کاپٹروں اور کمانڈو یونٹ پہنچ گیا ہے۔

    بھارتی فورسز نے حملے میں شدت پسند تنظیم جیش محمد ذمہ داری عائد کرتے ہوئے الزام لگایا کہ تنظیم کو پاکستان کی حمایت حاصل ہے۔

    پٹھان کوٹ حملے کے بعد نئی دلی سمیت دیگرشہروں میں سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔