Tag: India

  • سفاک بہنوئی نے سالی کو قتل کرکے اس کا سر کچرے کے ڈھیر میں پھینک دیا

    سفاک بہنوئی نے سالی کو قتل کرکے اس کا سر کچرے کے ڈھیر میں پھینک دیا

    کولکتہ : بھارت میں قتل کی ایک لرزہ خیز واردات میں سفاک بہنوئی نے اپنی سالی کو قتل کردیا، ملزم نے مقتولہ کا سر دھڑ سے الگ کرکے کچرے کے ڈھیر میں پھینک دیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق جنوبی کولکتہ کے ٹولی گنج علاقے میں پولیس کو کچرے کے ڈھیر سے ایک خاتون کا کٹا ہوا سر ملا جبکہ مقتولہ خاتون کے جسم کے دیگر اعضاء ریجنٹ پارک کے علاقے میں ایک تالاب کے پاس ملے تھے۔

    پولیس ابتدائی تحقیقات میں 24 گھنٹے کے اندر قاتل تک باآسانی پہنچ گئی، پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت عتیق الرحمان لشکر کے نام سے ہوئی ہے جو دہاڑی دار مزدور ہے ملزم کو اس کے آبائی گاؤں سے گرفتار کرلیا گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق خاتون کو مبینہ طور پر اس کے بہنوئی نے غصے میں آکر قتل کیا کیونکہ وہ مقتولہ سے جسمانی تعلقات بنانے کا خواہشمند تھا جسے مقتولہ نے سختی سے رد کردیا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عتیق الرحمان لشکر نے اپنی سالی کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا ہے۔ مقتولہ نے دو سال قبل اپنے شوہر سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔

    علاقے کے ڈپٹی کمشنر نے پریس کانفرنس میں صحافیوں کو بتایا کہ مقتولہ ریجنٹ پارک کے علاقے میں گھریلو ملازمہ کے طور پر کام کرتی تھی اور روزانہ اپنے اسی بہنوئی کے ساتھ کام پر جاتی تھی۔

    ڈی سی کے مطابق ملزم لشکر خاتون کے ساتھ ناجائز رشتہ استوار کرنا چاہتا تھا اور جب خاتون نے اس کو مسترد کیا تو وہ غصے میں آگیا بعد ازاں خاتون نے اس کے ساتھ آنا جانا بند کرکے اس کا فون نمبر بھی بلاک کردیا تھا۔

    وقوعہ کے روز جب وہ کام سے چھٹی کرکے گھر واپس جارہی تھی تو ملزم اسے زبردستی ایک زیر تعمیر عمارت میں لے گیا اور اس کا گلا گھونٹنے کے بعد اس کا سر دھڑ سے الگ کردیا۔

    ملزم نے پکڑے جانے سے بچنے کیلیے اس کی لاش کو تین حصوں میں کاٹ کر مختلف مقامات پر پھینک دیا۔ مقتولہ کی عمر 35 سے 40 سال کے درمیان بتائی جارہی ہے۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

  • ہندوستانی معیشت کو بڑا جھٹکا

    ہندوستانی معیشت کو بڑا جھٹکا

    نئی دہلی: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے ہندوستانی معیشت کو ایک بڑا جھٹکا دیتے ہوئے ملک کی اقتصادی ترقی کے تخمینے میں کمی کر دی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت میں مہنگائی سے نمٹنے کے لیے سخت مانیٹری پالیسی کی وجہ سے نجی سرمایہ کاری اور مکانات کی مانگ میں کمی آنے کے سبب اے ڈی بی نے بدھ کو 2024-25 کے لیے ہندوستان کی ترقی کی پیشن گوئی کو پہلے کے 7 فی صد سے کم کر کے 6.5 فی صد کر دیا ہے۔

    اے ڈی بی نے مالی سال 26-2025 کے لیے ہندوستان کی نمو کے تخمینوں کو بھی 7.2 فی صد سے کم کر کے 7 فی صد کر دیا ہے۔ حال ہی میں پالیسی میٹنگ کے بعد آر بی آئی کے گورنر نے بھی شرح ترقی کے تخمینے میں تخفیف کرتے ہوئے 6.6 فی صد کر دیا تھا۔

    ایشین ڈیولپمنٹ آؤٹ لک (اے ڈی او) کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی تجارت، مالیات اور امیگریشن پالیسیوں میں تبدیلی کی وجہ سے ترقی پذیر ایشیا کی ترقی متاثر ہو سکتی ہے، اور مہنگائی میں بھی اضافے کا امکان ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایشیا اور بحرالکاہل کے خطے کی معیشتوں کے 2024 میں 4.9 فی صد کی شرح سے بڑھنے کی امید ہے، یہ فی صد اے ڈی بی کی جانب سے ستمبر میں لگائے گئے 5 فی صد کے اندازے سے تھوڑا سا کم ہے۔

    خیال رہے کہ ریزرو بینک آف انڈیا نے بھی رواں مالی سال کے لیے شرح ترقی کے تخمینے کو 7.2 فی صد سے کم کر کے پچھلے ہفتے 6.6 فی صد کر دیا تھا، مرکزی بینک نے معاشی سرگرمیوں میں سست روی اور اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر مہنگائی کا تخمینہ بھی بڑھا کر 4.8 فی صد کر دیا تھا۔

  • امریکا نے بھارت کو 1.17 ارب ڈالر کے جدید ہیلی کاپٹر آلات کی فروخت کی منظوری دے دی

    امریکا نے بھارت کو 1.17 ارب ڈالر کے جدید ہیلی کاپٹر آلات کی فروخت کی منظوری دے دی

    واشنگٹن: امریکا نے بھارت کو 1.17 ارب ڈالر کے سی ہاک ملٹی مشن ہیلی کاپٹر آلات کی ممکنہ فروخت کی منظوری دے دی۔

    روئٹرز کے مطابق پینٹاگون نے پیر کو کہا کہ امریکی محکمۂ خارجہ نے ہندوستان کو ایم ایچ-60 آر ہیلی کاپٹروں کے لیے آلات اور متعلقہ سامان کی ممکنہ فروخت کی منظوری دی ہے، جس کی قیمت کا تخمینہ 1.17 بلین ڈالر ہے۔

    پینٹاگون نے کہا کہ اس سلسلے میں بنیادی معاہدہ ہتھیار تیار کنندہ کمپنی لاک ہیڈ مارٹن سے ہوگا۔ بائیڈن انتظامیہ نے پیر کو امریکی کانگریس کو فیصلے سے مطلع کیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیفنس سیکیورٹی کوآپریشن ایجنسی نے کہا کہ اس فروخت سے ہندوستان کی اینٹی سب مرین جنگی صلاحیتیں اپ گریڈ ہوں گی اور مستقبل کے خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت میں بہتری آئے گی۔

    بھارت میں دنیا کے سب سے بڑے شمسی توانائی پلانٹ کی تیاری

    واضح رہے کہ بائیڈن انتظامیہ کی طرف سے بھارت کو اس بڑے دفاعی سازوسامان کی فروخت کی منظوری، حکومت کی چار سالہ مدت پوری ہونے سے چند ہفتے قبل دی گئی ہے۔ نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری 2025 کو امریکا کے 47 ویں صدر کے طور پر حلف اٹھائیں گے۔

    ڈیفنس سیکیورٹی کوآپریشن ایجنسی کے نوٹیفکیشن کے مطابق، ہندوستان نے امریکا سے 30 ملٹی فنکشنل انفارمیشن ڈسٹری بیوشن سسٹم-جوائنٹ ٹیکٹیکل ریڈیو سسٹم (MIDS-JTRS) خریدنے کی درخواست کی ہے۔

  • بھارت میں سوشل میڈیا صارفین کیخلاف سخت قانون سازی کا فیصلہ

    بھارت میں سوشل میڈیا صارفین کیخلاف سخت قانون سازی کا فیصلہ

    نئی دہلی : بھارت میں سوشل میڈیا پر فحش اور قابل اعتراض مواد پوسٹ کرنے والوں کیخلاف سخت قانون سازی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے بھارت کے وزیر اطلاعات و نشریات اشونی ویشنو نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر تفرقہ انگیز اور جھوٹی خبروں کے متعلق پوسٹ کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے گی، کیونکہ یہ طرز عمل ہماری جمہوریت اور معاشرے کے حق میں بہتر نہیں ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق لوک سبھا میں ضمنی سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ایسے مواد پوسٹ کرنے پر پابندی لگائی جانی چاہیے جو ہندوستانی ثقافت و تہذیب سے میل نہیں کھاتے۔ اس حوالے سے سخت قوانین بنائے جائیں گے۔

    سوشل میڈیا

    ان کا کہنا تھا کہ اس مسئلے پر ہم اپوزیشن سے بھی بات کرنے کو تیار ہیں، پارلیمنٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی بھی قانون سازی کے معاملے پر غور کرے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں اس قسم کے مواد کی اشاعت پر ایڈیٹوریل چیک موجود تھے، لیکن سوشل میڈیا اور او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کے آنے کے بعد یہ نظام کمزور ہوگیا ہے۔

    واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں بھارت میں سوشل میڈیا کو کنٹرول کرنے کے اختیارات فوج کے سپرد کردیے گئے تھے،

    بھارتی میڈیا کے مطابق افسر آئی ٹی ایکٹ کے تحت سوشل میڈیا پر بھارتی فوج سے متعلق غیر قانونی مواد پر نوٹس بھیج سکتا ہے، اعلیٰ افسر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو ایسا مواد ہٹانے کی درخواست بھی بھیج سکتا ہے۔

    علاوہ ازیں رواں سال کے آغاز میں سوشل میڈیا سے متعلق قانون سازی کے حوالے سے حکومت پاکستان نے بھی اقدامات اٹھانے کا اعلان کیا تھا۔

    وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ حکومت سوشل میڈیا سے متعلق قانون سازی پر کام کر رہی ہے، انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کے رویے پر مزید پالیسی گائیڈ لائنز متعارف کرائی جائیں گی۔

    اپنے ایک بیان میں وزیر قانون کا کہنا تھا کہ وہ خود بھی اظہار رائے کی آزادی کے حامی ہیں، ڈیجیٹل رائٹس اور قابل اعتراض مواد کے معاملے میں جلد بہتری آئے گی۔

  • شاہ رخ نہ سلمان، بالی ووڈ کا سب سے مقبول ترین اداکار کون؟

    شاہ رخ نہ سلمان، بالی ووڈ کا سب سے مقبول ترین اداکار کون؟

    بھارت کی ساؤتھ فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار اداکار نے معاوضے، فلم کے بزنس کے بعد اب عوام میں مقبولیت میں بھی بالی ووڈ کے بڑے ناموں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ساؤتھ کے سپر اسٹار پربھاس نے بالی ووڈ کنگ خان اور دبنگ سلمان خان کو پیچھے چھوڑتے ہوئے مقبول ترین اداکار کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بدھ کو بھارت کی پیشہ ورانہ میڈیا فرم ’’اورمیکس ‘‘ نے ’اسٹارز انڈیا لووز‘ اکتوبر کے سب سے مقبول اداکاروں کی فہرست جاری کی جس میں ساؤتھ انڈسٹری کے اداکار پربھاس پہلے نمبر پر ہیں۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق ساؤتھ فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار پربھاس نے فلم ’کلکی 2898 اے ڈی‘ میں اپنی شاندار کارکردگی کے سبب  بڑی کامیابی کے بعد بھارت میں مقبول ترین اداکار بن گئے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Prabhas (@actorprabhas)

    انہوں نے بالی ووڈ کے بڑے سپر اسٹارز جیسے اداکار شاہ رخ خان، سلمان خان اور امیتابھ بچن کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، اس فہرست میں اداکار وجے دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ شاہ رخ خان  تیسرے، جونیئر این ٹی آر چوتھے اور اجیت کمار پانچویں نمبر پر ہیں۔

    اداکار الو ارجن جو جلد ہی فلم پشپا 2 میں نظر آئیں گے، اس فہرست میں چھٹے نمبر پر ہیں، اس کے علاوہ مہیش بابو ساتویں، سوریا آٹھویں اور رام چرن نویں پوزیشن پر ہیں جبکہ  سلمان خان کا نمبر10واں ہے۔

  • لڑکی نے دوستوں کے ساتھ مل کر اپنے اغوا کا ڈرامہ کیوں رچایا؟

    لڑکی نے دوستوں کے ساتھ مل کر اپنے اغوا کا ڈرامہ کیوں رچایا؟

    نئی دہلی : اپنے اغوا کا ڈرامہ رچا کر والد سے لاکھوں روپے تاوان کا مطالبہ کرنے والی لڑکی کو پولیس نے 3 ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا۔

    بھارت میں ضلع جھانسی کی پولیس نے ایک نوجوان لڑکی کے والد کی مدعیت میں بیٹی کے اغوا کا مقدمہ درج کیا تھا، تفتیش پر یہ انکشاف ہوا کہ مغویہ نے خود ہی اپنے دوستوں سے مل کر اغوا کا ڈرامہ رچایا۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت کے علاقے جھانسی میں آن لائن گیمز کھیلنے کی شوقین نرسنگ کی طالبہ نے خود کو مغویہ ظاہر کرکے اپنے والد سے رقم ہتھیانے کیلئے یہ طریقہ اختیار کیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ آن لائن گیمز میں مقروض ہوگئی تھی، جس کیلئے اس نے اپنے والد سے چھ لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا۔

     اغوا کی سازش

    مقدمے کے اندراج کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک ٹیم تشکیل دی۔ کارروائی کے دوران تین افراد کو حراست میں لیا گیا۔ پوچھ گچھ کے بعد سب سے پہلے جو چیز سامنے آئی وہ موبائل تھا جس سے تاوان کی رقم مانگی گئی تھی۔

    بعد ازاں بعد لڑکی اور لڑکے کو نوئیڈا سے برآمد کیا گیا، پوچھ گچھ کے دوران لڑکی نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے اپنے 3 دوستوں کے ساتھ مل کر یہ ڈرامہ کیا تھا۔

    تفتیشی افسر نے میڈیا کو بتایا کہ لڑکی آن لائن گیمز کھیلتی تھی اور اس میں اس کا کافی پیسہ ضائع ہوا تھا۔ اس پر دوستوں سے ادھار کی رقم واپس کرنے کا دباؤ تھا، اس دباؤ سے بچنے کے لیے اس نے دوستوں کے ساتھ مل کے خود کو اغوا کرنے کی سازش تیار کی۔

    پولیس نے لڑکی اور اس کے تین دوستوں کو گرفتار کرکے لڑکی کا موبائل فون اور دیگر شواہد بھی برآمد کر لیے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف دھوکہ دہی و دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

  • واٹس ایپ پالیسی کی وجہ سے میٹا کو بھارت میں جرمانہ

    واٹس ایپ پالیسی کی وجہ سے میٹا کو بھارت میں جرمانہ

    نئی دہلی : بھارت کے مسابقتی کمیشن نے امریکی ٹیکنالوجی کمپنی میٹا پر واٹس ایپ پالیسی کے حوالے سے بھاری مالیت کا جرمانہ عائد کردیا۔

    انڈین میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت نے میٹا پر قوانین کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے واٹس ایپ پالیسی کے حوالے سے $25.4 ملین جرمانہ عائد کردیا۔،

    بھارتی کمیشن نے واٹس ایپ کو ہدایت دی ہے کہ وہ پانچ سال تک صارفین کے ڈیٹا کو اشتہارات کے مقاصد کے لیے میٹا کی دیگر ایپلی کیشنز کے ساتھ بالکل شیئر نہ کرے۔

    بھارتی حکومت کا یہ اقدام واٹس ایپ کی 2021 کی پرائیویسی پالیسی کے تحت ہونے والی اجارہ داری خلاف ورزیوں کے باعث لیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق بھارت کے کمپٹیشن کمیشن آف انڈیا (سی سی آئی) نے مارچ 2021 میں واٹس ایپ کی نئی پرائیویسی پالیسی کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔

    اس پالیسی کے تحت صارفین کے ڈیٹا کو فیس بک اور اس کی ذیلی کمپنیوں کے ساتھ شیئر کرنے کی اجازت دی گئی تھی، جس پر عالمی سطح پر شدید ردعمل سامنے آیا۔

    سی سی آئی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ واٹس ایپ صارفین کے ڈیٹا کو میٹا کی دیگر کمپنیوں کے ساتھ کسی بھی ایسے مقصد کے لیے شیئر کرنا جو واٹس ایپ سروس فراہم کرنے سے ہٹ کر ہو، اس کیلئے واٹس ایپ سروس تک رسائی کی شرط نہیں ہونی چاہیے۔”

    نئی ریگولیٹری چیلنجز

    ایپل، گوگل اور میٹا جیسی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں بھارت کے یورپی یونین طرز کے نئے اینٹی ٹرسٹ قوانین کے باعث ریگولیٹری چیلنجز کا سامنا کر رہی ہیں۔

    بھارتی حکومت اس وقت فروری میں جاری ہونے والی ایک رپورٹ کا جائزہ لے رہی ہے، جو کارپوریٹ امور کی وزارت کے ذریعے تشکیل دی گئی تھی۔ اس رپورٹ میں ایک نئے "ڈیجیٹل مقابلہ بل” کی تجویز دی گئی ہے، جو موجودہ اینٹی ٹرسٹ قوانین کی تکمیل کرے گا۔

  • گاڑی کی ٹکر سے ای رکشہ میں بیٹھی خاتون کی گود سے بچی اڑ کر نالے میں‌ جا گری

    گاڑی کی ٹکر سے ای رکشہ میں بیٹھی خاتون کی گود سے بچی اڑ کر نالے میں‌ جا گری

    علی گڑھ: بھارتی ریاست یو پی میں ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں ای رکشے میں بیٹھی ایک ڈیڑھ سالہ بچی گاڑی کی ٹکر لگنے کے باعث ماں کی گود سے اڑ کر نالے میں جا گری۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اترپردیش کے ضلع علی گڑھ کے علاقے ایل پور گدھیا میں سڑک حادثے میں اس وقت ایک بچی کی موت ہو گئی جب ایک گاڑی کی ٹکر کی وجہ سے وہ نالے میں گری۔

    جعمرات کی شام کو پیش آئے واقعے میں میونسپل کارپوریشن کی کچرا اٹھانے والی گاڑی نے ای رکشہ کو زور دار ٹکر ماری تھی، جس کی وجہ سے رکشے میں بیٹھی ماں کی گود سے ڈیڑھ سالہ بچی اڑ کر نالے میں گر گئی اور ڈوب گئی، حادثے میں تین دیگر افراد بھی زخمی ہوئے۔

    رپورٹ کے مطابق دلیپ کمار نامی شخص شہر سے سامان لے کر اپنی بیوی، ڈیڑھ سالہ بیٹی پرگیہ اور خالہ کے ساتھ گاؤں واپس جا رہا تھا کہ بننا دیوی علاقے میں پیچھے سے آنے میونسپل کارپوریشن کی کچرا اٹھانے والی گاڑی نے ان کے ای رکشے کو ٹکر مار دی۔ ٹکر اتنی اتنی زوردار تھی کہ ڈیڑھ سالہ پرگیہ اڑ کر سڑک کے کنارے نالے میں جا گری۔

    معصوم بچی نالے میں گرنے کے بعد ڈوب گئی، جسے بچایا نہیں جا سکا، واقعے کے بعد مشتعل مقامی لوگوں نے لڑکی کے اہل خانہ کی حمایت میں سڑک بلاک کر دی اور قصوروار میونسپل کارپوریشن ڈرائیور کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ پولیس نے اہل خانہ کی شکایت پر فرار ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، اور میونسپل کارپوریشن کی گاڑی کو ضبط کر لیا گیا۔

  • بھارت کے کچرے سے بجلی بنانے والے پلانٹ کے بارے میں نیویارک ٹائمز کا بڑا انکشاف

    بھارت کے کچرے سے بجلی بنانے والے پلانٹ کے بارے میں نیویارک ٹائمز کا بڑا انکشاف

    نئی دہلی: بھارت کے شہر دہلی میں نصب کچرے سے بجلی بنانے والے پلانٹ کے بارے میں نیویارک ٹائمز نے سنسنی خیز انکشاف کیا ہے کہ یہ پلانٹ 10 لاکھ افراد کی صحت کے لیے خطرہ بن گیا ہے، اور اس سے زہریلے مادے کا اخراج ہو رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دہلی میں کچرے کے پہاڑ جیسے ڈھیروں سے نمٹنے کے لیے حکومت نے ان سے بجلی بنانے کا ایک پلانٹ نصب کر لیا تھا، تاہم ’اوکھلا ویسٹ ٹو انرجی پلانٹ‘ کا یہ منصوبہ بھی عوام کے لیے بڑی مصیبت بن گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق اس پلانٹ سے خارج ہونے والے دھوئیں میں کیڈمیم، لیڈ، آرسینک اور دیگر خطرناک کیمیکلز شامل ہیں، پلانٹ سے نکلنے والے مہلک زہریلے مادوں نے تقریباً 10 لاکھ کی آبادی کو خطرے سے دوچار کر دیا ہے۔

    اس پلانٹ سے نکلنے والی راکھ میں بھی زہریلے عناصر پائے جاتے ہیں، اور اسے آس پاس کے رہائشی علاقوں میں ڈال دیا جاتا ہے، جس کے نتیجے میں لوگوں میں دمہ اور کینسر کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔ پلانٹ کے قریب آباد بستیوں کے لوگ سانس کی بیماریوں، کینسر اور جلدی امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں، اس کا بچوں کی نشوونما پر بھی منفی اثر پڑ رہا ہے۔

    نیو یارک ٹائمز نے ہفتہ کو یہ تحقیقی رپورٹ شائع کی تھی، یہ رپورٹ پانچ سال کی تحقیق کے بعد جاری کی گئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ یہ پلانٹ قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے اور علاقے کے لوگوں کی صحت کے لیے سنگین خطرہ بن چکا ہے۔

  • بھارت کے ساتھ افغانستان کی تجارت 650 ملین ڈالر تک پہنچ گئی

    بھارت کے ساتھ افغانستان کی تجارت 650 ملین ڈالر تک پہنچ گئی

    کابل: افغانستان کی وزارتِ صنعت و تجارت نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ افغانستان کی تجارت 650 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔

    افغانستان کی وزارت صنعت و تجارت کے حکام کے مطابق 2024 کے پہلے 10 ماہ میں بھارت کے ساتھ افغانستان کی تجارت تقریباً ساڑھے چھ سو ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔

    ترجمان وزارت صنعت و تجارت اخوند زادہ عبدالسلام جواد نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا کہ ’’2024 کے پہلے دس ماہ میں بھارت کے ساتھ افغانستان کی تجارت چھ سو پچاس ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہے، جن میں 447 ملین برآمدات اور تقریباً 203 ملین درآمدات شامل ہیں۔‘‘

    بھارت کو افغانستان کی اہم برآمدات میں انجیر، زعفران، کشمش، سبز زیرہ اور بادام شامل ہیں، جب کہ بھارت سے چینی اور صنعتی خام مال درآمد کیا جاتا ہے۔

    اس سے قبل وزارت صنعت و تجارت کے حکام نے 2024 کے پہلے 9 ماہ میں افغانستان اور چین کے درمیان 548 ملین ڈالر کے لین دین کی خبر دی تھی، جس میں 12 ملین برآمدات اور 536 ملین کی درآمدات شامل تھیں۔