Tag: India

  • مودی نے امریکا سے 297 انمول نوادرات واپس لے لیے

    مودی نے امریکا سے 297 انمول نوادرات واپس لے لیے

    نئی دہلی: بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے دورہ امریکا کے موقع پر بھارت کے 297 انمول نوادرات واپس لے لیے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا نے تین سو کے قریب انمول نوادرات ہندوستان کو لوٹا دیے، نریندر مودی نے ملاقات کے دوران نوادرات لوٹانے پر امریکی صدر جو بائیڈن کا شکریہ ادا کیا۔

    یہ نوادرات غیر قانونی طور پر ہندوستان سے امریکا منتقل کیے گئے تھے، وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ دونوں ممالک کے گہرے باہمی تعلقات اور وسیع ثقافتی مفاہمت کے مد نظر یہ نوادرات لوٹائے گئے ہیں۔

    یہ نوادرات فی الوقت امریکا ہی میں موجود ہیں، تاہم انھیں جلد بھارت پہنچا دیا جائے گا، ان میں سے چند نوادرات ویلمنٹن میں مودی اور بائیڈن کو بھی دکھائے گئے۔

    واضح رہے کہ امریکی وزارت خارجہ کے بیورو آف ایجوکیشنل اینڈ کلچرل افیئرز اور ہندوستان کے محکمہ آثار قدیمہ نے اس حوالے سے جولائی 2024 میں کلچرل پراپرٹی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

    رپورٹس کے مطابق یہ نوادرات تقریباً 4 ہزار سال پرانے ہیں اور یہ ہندوستان کے مختلف حصوں سے تعلق رکھتے ہیں۔

  • بھارت: اسپتال پر کتوں نے قبضہ جما لیا، ویڈیو دیکھیں

    بھارت: اسپتال پر کتوں نے قبضہ جما لیا، ویڈیو دیکھیں

    حیدرآباد: بھارتی شہر حیدرآباد کے ایک اسپتال پر کتوں نے قبضہ جما لیا ہے، جس کی وجہ سے مریض اور ان کے تیمارداروں کو شدید تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ناگرکرنول جنرل اسپتال کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے، جس میں اسپتال کے کوریڈور میں متعدد آوارہ کتوں کو آزادانہ گھومتے پھرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    عملے کا بھی کہنا ہے کہ آوارہ کتے آؤٹ پیشنٹ ڈپارٹمنٹ اور دیگر جگہوں پر آزادانہ گھومتے پھرتے ہیں، جس سے نہ صرف انھیں بلکہ مریضوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    اسپتال کی انتظامیہ نے کوششیں کیں لیکن کتوں کو وہاں سے بھگانے میں کامیاب نہیں ہو سکی، جس سے مریضوں اور ان کے رشتہ داروں میں مایوسی پھیل گئی ہے۔

  • صارفین بھارتی سپریم کورٹ کے یوٹیوب چینل پر کرپٹو کرنسی کی ویڈیوز دیکھ کر حیران

    صارفین بھارتی سپریم کورٹ کے یوٹیوب چینل پر کرپٹو کرنسی کی ویڈیوز دیکھ کر حیران

    نئی دہلی: بھارت کی سپریم کورٹ کے یوٹیوب چینل پر صارفین کرپٹو کرنسی کی ویڈیوز دیکھ کر حیران رہ گئے، دراصل سپریم کورٹ کا آفیشل یو ٹیوب چینل نامعلوم ہیکرز نے ہیک کر لیا تھا، جس کے بعد چینل کو ڈاؤن کرنا پڑ گیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ نے جمعہ کے دن اپنے یو ٹیوب چینل کو عارضی طور پر اس وقت ڈِس ایبل کیا جب اسے ہیک کر کے اس پر ایک امریکی کمپنی کی تیار کردہ کرپٹو کرنسی ویڈیوز دکھائی جانے لگیں۔

    ہیکرز نے عدالتی کارروائی کی بجائے کرپٹو کرنسی سے متعلق مواد اپ لوڈ کیا، ہیکرز چینل پر نے XRP کو ​​فروغ دینے والی ویڈیوز پوسٹ کیں، یہ ایک کرپٹو کرنسی ہے جسے امریکا میں قائم Ripple Labs نے تیار کیا ہے۔

    ہیکرز نے چینل کو ”رِپل“ کا نام دیا، اور سماعتوں پر مبنی تمام ویڈیوز کو نجی کر کے صارفین کی پہنچ سے دور کر دیا، اور ان کی جگہ ایک لائیو ویڈیو اپ لوڈ کر دی، جو دو ارب ڈالر جرمانے کے کیس پر رپل لیبز کے رد عمل پر مبنی تھی۔

    بھارت: مرکزی وزیر کا سر قلم کرنے پر زمین انعام میں دینے کا اعلان

    عدالتی حکام نے فوری طور پر چینل کو ڈاؤن کیا اور کہا کہ یو ٹیوب چینل پر مکمل انتظامی کنٹرول حاصل کرنے کے بعد اسے دوبارہ شروع کر دیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ اس یوٹیوب چینل پر حال ہی میں کولکتہ کے آر جی کار اسپتال میں ایک ٹرینی ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل سے متعلق حساس سوموٹو کیس کو بھی نشر کیا گیا تھا۔

  • بھارت: نصاب کی کتابوں کا ڈھیر ردی میں فروخت

    بھارت: نصاب کی کتابوں کا ڈھیر ردی میں فروخت

    رائے پور: بھارت کی سرکار قومی دولت ضائع کرنے لگی ہے، ریاست چھتیس گڑھ میں نصاب کی کتابوں کا ایک ڈھیر ردی میں فروخت کر دیا گیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست چھتیس گڑھ میں جاری تعلیمی سال کے نصاب کی کتابوں کا انبار ردی میں بیچ دیا گیا ہے، معاملہ سامنے آنے پر ریاستی حکومت نے اسٹیٹ ٹیکسٹ بک کارپوریشن کے جنرل منیجر کو معطل کر دیا۔

    وزیر اعلیٰ وشنو دیوسائی نے اتنی بڑی لاپرواہی پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری کو تحقیقات کی ہدایت کی تھی، ابتدائی تحقیقات میں پتا چلا کہ نصاب کی کتابیں ایک پیپر مل میں اسکریپ ڈیلر کو فروخت کی گئیں۔

    جنرل منیجر پریم پرکاش شرما کو غفلت برتنے پر جمعرات کے دن معطل کر دیا گیا، کانگریس کے رہنماؤں نے معاملہ سامنے آنے پر حکومت پر شدید تنقید کی، ان کا کہنا تھا کہ سال 2024-25 کے لیے شایع شدہ کتابیں طلبہ میں مفت تقسیم کرنے کے لیے تھیں، لیکن انھیں کوڑیوں کے دام ردی میں بیچ دیا گیا۔

    بھارت: مرکزی وزیر کا سر قلم کرنے پر زمین انعام میں دینے کا اعلان

    کانگریس نے نصابی کتابوں کی چھپائی میں ریاستی حکام پر کرپشن کا الزام بھی لگایا، اور مطالبہ کیا کہ سی بی آئی اس معاملے کی تحقیقات کرے۔

  • بھارت: مرکزی وزیر کا سر قلم کرنے پر زمین انعام میں دینے کا اعلان

    بھارت: مرکزی وزیر کا سر قلم کرنے پر زمین انعام میں دینے کا اعلان

    حیدرآباد: بھارتی ریاست تلنگانہ میں کانگریس سے تعلق رکھنے والے ایک ایم ایل اے نے مرکزی وزیر رونیت سنگھ بٹو کا سر قلم کرنے والے شخص کے لیے اپنی زمین بہ طور انعام دینے کا اعلان کر دیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مرکزی وزیر رونیت سنگھ بٹو نے کانگریس کے رہنما اور اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کو ’نمبر ون دہشت گرد‘ قرار دیا تھا، جس پرتلنگانہ کانگریس کے رکن اسمبلی ویدما بُجو نے اعلان کیا ہے کہ جو شخص بٹو کا سر کاٹے گا، وہ اسے اپنی 1.38 ایکڑ اراضی دے دیں گے۔

    میڈیا سے گفتگو کے دوران کانگریس کے ایم ایل نے رونیت سنگھ بٹو سے مطالبہ کیا کہ وہ راہول گاندھی سے متعلق اپنے الفاظ واپس لیں، ورنہ وہ ان کا سر کاٹنے والے کو اپنی زمین بہ طور انعام منتقل کریں گے۔

    رونیت سنگھ بٹو، اور کانگریس کے ایم ایل اے ویدما بُجو

    نریندر مودی کی پارٹی بی جے پی نے ویدما بُجو کے اعلان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں راہول گاندھی کی نام نہاد محبت کی دکان میں خطرناک اور مجرمانہ اشتعال انگیزی پریشان کن حد تک معمول کی بات بن گئی ہے۔

  • انسداد بغاوت ڈیوٹی پر مامور بھارتی فوجیوں کی گاڑی مقبوضہ کشمیر میں گہری کھائی میں لڑھک گئی

    انسداد بغاوت ڈیوٹی پر مامور بھارتی فوجیوں کی گاڑی مقبوضہ کشمیر میں گہری کھائی میں لڑھک گئی

    راجوری: انسداد بغاوت ڈیوٹی پر مامور بھارتی فوجیوں کی گاڑی مقبوضہ کشمیر میں گہری کھائی میں لڑھک گئی، جس میں ایک فوجی ہلاک ہو گیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق جموں و کشمیر کے ضلع راجوری کے علاقے منجکوٹ میں ایک فوجی گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں ایک جوان کی موت جب کہ 5 دیگر زخمی ہو گئے۔

    حکام کے مطابق حادثہ منجکوٹ میں منگل کی رات دیر گئے پیش آیا، جب ایک فوجی گاڑی سڑک سے لڑھک کر گہری کھائی میں جا گری، اس حادثے میں 6 فوجی زخمی ہوئے لیکن ایک زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا۔

    ہلاک ہونے والے فوجی کی شناخت لانس نائیک بلجیت سنگھ کے طور پر کی گئی ہے، بھارتی فوج کی ’وائٹ نائٹ‘ کور نے X پر ایک پوسٹ میں کہا فوجی جوان انسداد بغاوت ڈیوٹی کے دوران حادثے کا شکار ہوئے۔

  • بھارت ایران کے سپریم لیڈر کے تبصرے پر آگ بگولا ہو گیا

    بھارت ایران کے سپریم لیڈر کے تبصرے پر آگ بگولا ہو گیا

    نئی دہلی: بھارت اقلیتوں کے ساتھ سلوک پر ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای کے تبصرے پر آگ بگولا ہو گیا ہے۔

    روئٹرز کے مطابق ہندوستان نے ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای کے انڈیا میں مسلمانوں کے ساتھ سلوک پر کیے گئے تبصرے کی مذمت کرتے ہوئے ان کے ریمارکس کو ’’غلط معلومات اور ناقابل قبول‘‘ قرار دیا ہے۔

    علی خامنہ ای نے پیر کو ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا تھا کہ ’’ہم اپنے آپ کو مسلمان نہیں سمجھ سکتے اگر ہم ان مصائب سے غافل ہیں جو ایک مسلمان میانمار، غزہ، ہندوستان یا کسی اور جگہ برداشت کر رہا ہے۔‘‘

    جواب میں بھارت کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ وہ اس بیان کی ’’سختی سے مذمت‘‘ کرتا ہے، ترجمان نے کہا کہ ’’اقلیتوں پر تبصرہ کرنے والے ممالک کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ دوسروں کے بارے میں کوئی مشاہدہ کرنے سے پہلے اپنے ریکارڈ کو دیکھیں۔‘‘

    واضح رہے کہ ایران اور بھارت کے درمیان دو طرفہ تعلقات عموماً بہتر رہے ہیں، اور ابھی مئی میں دونوں نے ایرانی بندرگاہ چابہار کو ترقی دینے اور چلانے کے لیے 10 سالہ معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

    ایران کے سپریم لیڈر کا بھارت میں مسلمانوں سے ہتک آمیز سلوک سے متعلق بیان

    روئٹرز کا کہنا ہے کہ بھارت اپنے حریف پاکستان میں کراچی اور گوادر کی بندرگاہوں کو نظر انداز کرتے ہوئے ایران، افغانستان اور وسطی ایشیائی ممالک کو سامان کی ترسیل کے لیے خلیج عمان کے ساتھ ساتھ ایران کے جنوب مشرقی ساحل پر چابہار میں بندرگاہ تیار کر رہا ہے۔

    اس تناظر کے باوجود سپریم لیڈر خامنہ ای ماضی میں بھی ہندوستانی مسلمانوں اور مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کو درپیش مظالم پر ہندوستان پر تنقید کرتے رہے ہیں۔

  • بھارت : بھیڑیے نے چھت پر سوئے بچے کو دبوچ لیا

    بھارت : بھیڑیے نے چھت پر سوئے بچے کو دبوچ لیا

    بھارت میں ایک خونخوار بھیڑیے نے خوف و ہراس پھیلا دیا، پچھلے چند دنوں میں اپنے حملے سے وہ کئی لوگوں کو ہلاک اور زخمی کر چکا ہے، اس بار اس کا شکار چھت پر سویا ایک بچہ تھا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق مہسی علاقے کے پپری موہن گاؤں میں ارمان علی نامی 13 سالہ لڑکا گزشتہ رات اپنی چھت پر سو رہا تھا کہ اچانک بھیڑیے نے اس کی گردن دبوچ لی۔

    موقع پر موجود لوگوں کی چیخ پکار کی آواز سن کر آدم خور بھیڑیا فرار ہو گیا تاہم اس کے حملے سے لڑکا شدید زخمی ہوگیا، ارمان کی گردن، چہرے پر زخمون کے نشانات ہیں، متاثرہ لڑکے کو فوری طور پر اسپتال منتال کیا گیا تاہم اب اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

    بھیڑیے کے حالیہ حملے کے بعد علاقے کے لوگوں میں زبردست خوف وہراس کا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔ بہرائچ میں آدم خور بھیڑیا اپنے پانچویں ساتھی کے پکڑے جانے کے بعد اب تک خاتون اور بچوں پر حملہ کرکے انہیں بُری طرح زخمی کر چکا ہے۔

    مہسی اور شیو پور کے 110 گاؤں میں محکمہ جنگلات، پولیس، پی ایس سی کے جوان اور ضلع کے ملازمین روسٹر وائز گشت کر رہے ہیں لیکن پھر بھی بھیڑیا گرفت سے دور ہے اور انسانوں پر لگاتار حملے کر رہا ہے۔

    مہسی تحصیل میں گزشتہ تین ماہ سے آدم خور بھیڑیے کی دہشت قائم ہے۔ بھیڑیوں کے جھنڈ نے اب تک 9 بچوں سمیت 10 لوگوں کو ہلاک کر ڈالا ہے جبکہ اس کے حملے میں 50 سے زیادہ لوگ زخمی ہوگئے ہیں۔

    قبل ازیں گزشتہ روز پانچ بھیڑیے پکڑے جانے کے بعد لوگوں کے خوف میں کچھ کمی آئی تھی لیکن چھٹا اور آخری بھیڑیا کافی خطرناک ہو چکا ہے۔ اس لنگڑے بھیڑیے نے پچھلے دو دنوں میں تین لوگوں کو نشانہ بنایا تھا جس میں دو بچیاں اور ایک خاتون شامل ہے۔

    گزشتہ بدھ کی دیر رات خونخوار بھیڑیے نے ایک خاتون پر حملہ کرکے اسے زخمی کردیا تھا۔ اہل خانہ نے بتایا کہ بھیڑیے نے 50 سالہ پشپا دیوی پر اس وقت حملہ کیا جب وہ گھر کے اندر برآمدے میں سو رہی تھی۔

  • سڑک پار کرنے والی لڑکی کے ساتھ ہولناک حادثہ، کمزور دل افراد ویڈیو نہ دیکھیں

    سڑک پار کرنے والی لڑکی کے ساتھ ہولناک حادثہ، کمزور دل افراد ویڈیو نہ دیکھیں

    حیدرآباد: بھارتی شہر حیدرآباد میں ایک بدقسمت لڑکی کو سڑک پار کرتے ہوئے پیچھے سے آتی بس نے بری طرح کچل ڈالا۔

    سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے، جس میں حیدرآباد شہر کے علاقے مادھاپور میں ایک بس کو سڑک پار کرتی لڑکی کو ٹکر مارتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق حادثہ کتہ گوڑہ چوراہے پر پیش آیا، جس میں ایک آر ٹی سی بس نے نوجوان لڑکی کو کچلا، عینی شاہدین کے مطابق بے قابو آر ٹی سی بس نے لڑکی کو ٹکر ماری، جس کی وجہ سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔

    حادثے کی ویڈیو سی سی ٹی وی کیمرے سے لی گئی ہے، جس میں حادثے کا یہ ہولناک منظر واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے، فوٹیج دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ جس سست رفتاری سے بس چلی آ رہی تھی اور سامنے لڑکی بھی واضح طور پر دیکھی جا سکتی تھی، تو حادثے کی غلفت کے علاوہ کوئی اور وجہ سمجھ میں نہیں آتی۔

    پولیس نے اطلاع ملتے ہی جائے حادثہ پر پہنچ کر بس ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے حادثے کی وجوہ کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

  • تاج محل کی چھت ٹپکنے لگی

    تاج محل کی چھت ٹپکنے لگی

    آگرہ: موسلادھار بارشوں کے باعث تاج محل کی چھت ٹپکنے لگی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر آگرہ میں تین روز سے جاری مسلسل بارشوں کے باعث تاج محل کی چھت ٹپکنے لگی ہے، جس سے عمارت متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

    تاج محل کے چار باغوں میں سے ایک مکمل طور پر ڈوب گیا ہے، بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ مسلسل بارشوں کی وجہ سے دراڑ پڑنے سے تاج محل کی چھت سے پانی رس رہا ہے۔

    ہندوستان کی یادگاروں کی دیکھ بھال کے لیے ذمہ دار سرکاری ایجنسی نے کہا کہ وہ 17 ویں صدی کے اس مقبرے کو پہنچنے والے نقصان کی فوری تحقیقات کر رہی ہے، تاج محل کے متاثرہ گنبد کا ڈرون کیمروں کے ذریعے جائزہ لیا جا رہا ہے، بارش رکتے ہی مقبرے کی فوری مرمت اور باغ سے پانی نکالنے کا کام شروع کر دیا جائے گا۔

    اس سلسلے میں سوشل میڈیا پر ویڈیوز گردش کرنے لگی ہیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تاج محل کے چار باغات میں سے ایک مکمل طور پر پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔ آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا نے کہا کہ گنبد کے پتھروں میں لکیر کی مانند باریک شگاف ہو سکتا ہے، جس کی وجہ سے رساؤ ہو رہا ہو۔ تاہم صورت حال جو بھی ہو اس کی مرمت کی جائے گی۔

    تاج محل اتر پردیش ریاست کے آگرہ میں واقع ہے، یہ یونیسکو کا عالمی ثقافتی ورثہ ہے، اسے شہنشاہ شاہ جہاں نے اپنی محبوب بیوی ممتاز محل کے لیے مقبرے کے طور پر تعمیر کروایا تھا۔ حکومت سے منظور شدہ ایک ٹورسٹ گائیڈ نے بتایا کہ گنبد سے پانی کا اخراج اس چیمبر تک پہنچ گیا ہے جس میں شاہ جہاں اور اس کی اہلیہ کے مقبرے ہیں۔