Tag: India

  • جشن میلاد النبی، جھنڈے لگانے پر ہندو انتہا پسندوں کا مسلم آبادی پر حملہ

    جشن میلاد النبی، جھنڈے لگانے پر ہندو انتہا پسندوں کا مسلم آبادی پر حملہ

    گجرات: بھارتی ریاست گجرات کے شہر سورت میں ہندو انتہا پسندوں نے مسلمانوں کے محلے پر دھاوا بول دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست گجرات میں بھروچ اور سورت کے شہروں میں مسلم کمیونٹیز پر ہندوؤں کی جانب سے حملوں کے ساتھ فرقہ وارانہ تشدد ایک بار پھر بھڑک اٹھا۔

    سورت میں جشن میلاد النبی کی مناسبت سے جھنڈے لگانے پر ہندو انتہا پسند مسلم آبادی پر ٹوٹ پڑے، انتہا پسندوں نے مسلم اکثریتی علاقوں میں ڈنڈوں سے حملے کر کے نوجوانوں سمیت خواتین اور بچوں کو زخمی کر دیا۔

    حملے کے دوران موٹر سائیکلوں اور مسلمانوں کی دیگر املاک کو آگ لگا دی گئی، کشیدگی اس وقت شروع ہوئی جب ہندو انتہا پسندوں نے مسلمانوں کو جھنڈے اور بینر لگانے سے روکا۔

    پولیس نے بھی ہندو انتہا پسندوں کی بجائے 27 مسلمانوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پرتشدد جھڑپوں کا آغاز اس وقت ہوا جب انتہا پسند ہندو گروپوں نے مسلم آبادی والے علاقوں میں عید میلاد النبی منانے والے جھنڈے اور بینرز لگانے پر اعتراض کیا۔

    لاٹھیوں اور سلاخوں سے لیس حملہ آوروں نے جے شری رام کے نعرے لگا کر عید میلاد النبی کے جھنڈے زبردستی اتار پھینکے، اور مسلمانوں کی موٹر سائیکلوں اور املاک کو آگ لگا دی، جس سے مسلم آبادی میں غم و غصہ پھیل گیا، جلد ہی پُر تشدد ہنگامے سورت شہر سمیت دیگر علاقوں میں پھیل گئے۔

    مقامی پولیس کو مبینہ طور پر حملہ آوروں کا ساتھ دینے اور مجرموں کے بجائے مسلمانوں کو گرفتار کرنے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

    واضح رہے کہ سورت میں پہلی بار عید میلاد کا جلوس معمول کے مطابق 2.30 بجے کی بجائے صبح 11 بجے شروع ہوگا، اور 9.30 بجے کی بجائے شام 6 بجے ختم ہوگا۔ یہ فیصلہ سورت عید میلاد النبی کمیٹی اور سیرت النبی کمیٹی کے اراکین نے 16 ستمبر کی شام کو ہونے والی گنیش چترتھی آرتی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا ہے۔

  • دنیا کے مہلک ترین زہر کے ساتھ پکڑی گئی خواتین خطرناک سیریل کِلر نکلیں

    دنیا کے مہلک ترین زہر کے ساتھ پکڑی گئی خواتین خطرناک سیریل کِلر نکلیں

    اماراوتی: بھارتی ریاست آندھراپردیش میں پولیس نے تین خواتین کو گرفتار کیا ہے جن کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ خطرناک سیریل کلر ہیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آندھراپردیش کے شہر تینالی میں پولیس نے جمعرات کو تین خواتین سیریل کِلر کو گرفتار کیا ہے، جن کے بارے میں پولیس کا دعویٰ ہے کہ انھوں نے 3 خواتین سمیت 4 افراد کو قتل کیا، گرفتار خواتین کی شناخت موناگپا رجنی، مدیالہ وینکٹیشوری اور گلرا رامانما کے ناموں سے ہوئی ہے۔

    انڈین این ڈی ٹی وی کے مطابق ضلع گنٹور کے شہر تینالی میں پکڑی گئی خواتین اجنبی لوگوں سے دوستی کر کے خطرناک ترین زہر سائنائیڈ کے ذریعے انھیں جان سے مار دیتی تھیں، اور پھر ان سے سونا، نقدی اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیتی تھیں۔

    پولیس نے ان خواتین کو ’’تینالی کی سیریل کلرز‘‘ قرار دیا ہے، جو اپنے شکار کو مشروب پلاتی تھیں جس میں سائنائیڈ ملا ہوتا تھا، جسے پینے والا فوراً مر جاتا تھا۔ پولیس نے ان کے قبضے سے سائنائیڈ اور دیگر شواہد برآمد کر لیے ہیں۔ ان خواتین کو زہر فراہم کرنے والے ایک شخص کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    32 سالہ مدیالہ وینکٹیشوری کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ عادی مجرم ہے، اس نے چار سال تک تینالی میں رضاکار کے طور پر کام کیا اور پھر کمبوڈیا گئی، جہاں اس نے سائبر کرائم کی وارداتیں کیں۔ یہ سیریل کلر خواتین تب پکڑی گئیں جب پولیس نے سائنائیڈ زہر سے مرنے والے افراد کے سلسلے میں تحقیقات کی، وہ جلد ہی ان سیریل کلر خواتین تک پہنچ گئی، جنھوں نے پولیس حراست میں جرائم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔

    پولیس نے عام لوگوں کو بھی خبردار کیا ہے کہ وہ اجنبیوں سے ہوشیار رہیں اور ان کے ساتھ دوستی کرنے سے باز رہیں۔ واضح رہے کہ تینالی میں ماضی میں بھی جولی جوزف نامی ایک سیریل کلر خاتون گزری ہے، جس نے سائنائیڈ کی مدد سے 14 برسوں میں 6 افراد کو ہلاک کیا تھا۔

  • ویڈیو: شدید بارش کے بعد سڑک میں بنے گڑھے میں ڈیلیوری ایجنٹ موٹر سائیکل سمیت غائب

    ویڈیو: شدید بارش کے بعد سڑک میں بنے گڑھے میں ڈیلیوری ایجنٹ موٹر سائیکل سمیت غائب

    بھارتی ریاست ہریانہ کے علاقے گروگرام کی سڑکیں شدید بارشوں کے بعد جگہ جگہ تالابوں کی صورت اختیار کر گئی ہیں، کئی مقامات پر تو بننے والے گڑھے گہرے غاروں کی مانند صورت اختیار کر گئے ہیں۔

    ایسے ہی ایک گڑھے میں ایک ڈیلیوری ایجنٹ اپنی موٹر سائیکل سمیت غائب ہو گیا، یہ بسائی روڈ کا واقعہ ہے جب ڈیلیوری ایجنٹ اپنی بائیک پر جا رہا تھا اور ایک معمولی گڑھا سمجھ کر آگے بڑھا اور اگلے لمحے وہ لوگوں کی نگاہوں سے اوجھل ہو گیا تھا۔

    گڑھے میں نہ صرف رائیڈر بلکہ موٹر سائیکل بھی پوری طرح ڈوب گئی تھی، خوش قسمتی یہ تھی کہ ڈیلیوری ایجنٹ تیرنا جانتا تھا اس لیے وہ تو فوری طور پر تیر کر باہر نکل آیا، تاہم اس کی موٹر سائیکل کو نکالنے کے لیے بعد میں ایمرجنسی سروسز طلب کرنی پڑی۔ میڈیا نے اس صورت حال پر تبصرہ کیا ہے کہ گروگرام اناڑیوں کے لیے نہیں ہے، یہاں ماہر تیراک ہی سڑکوں پر گاڑی چلا سکتے ہیں۔

    مقامی افراد نے میڈیا کو بتایا کہ بسائی روڈ پر چند مہینوں میں تیسری بار اسی جگہ پر سڑک اندر دھنسنے کا واقعہ پیش آیا ہے، بارشوں کی وجہ سے شہر کا انفراسٹرکچر مزید تباہ حال ہو گیا ہے، جولائی میں طلبہ کی ایک بس ایک گہرے گڑھے میں گر کر پھنس گئی تھی، جسے دوسری بس کی مدد سے نکالا گیا تھا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کی صبح ہونے والی شدید بارش کے بعد گروگرام میں کئی علاقے زیر آب آ چکے ہیں، جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے۔


  • وہ شخص جس نے اپنی بیوی کو تندور میں جلادیا

    وہ شخص جس نے اپنی بیوی کو تندور میں جلادیا

    بھارت میں سال 1995 میں ہونے والی قتل کی ایک ہولناک واردات ’تندور قتل کیس‘ کی روداد آج بھی سننے والوں کو خوف میں مبتلا کردیتی ہے جس نے اس وقت پورے ملک میں خوف کی لہر پیدا کردی تھی۔

    یہ کہانی بھارت کی سیاسی جماعت کانگریس کے اس رہنما کی ہے جس نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ شدید غصے کے عالم میں کی گئی ایک سنگین غلطی اسے کہاں سے کہاں لے جائے گی جس نے اس کی زندگی کو برباد کرکے رکھ دیا۔

    ایک جرم کو چھپانے کیلئے دوسرا جرم کرنے والا سشیل شرما اپنی بیوی نینا ساہنی کا قاتل تھا اور 23سال جیل میں سزا کاٹ کر 2018 میں رہا ہوا۔ قتل کی یہ ہولناک واردات ’تندور قتل کیس‘ کے نام سے کئی سال اخبارات کی شہ سرخیوں کا حصہ بنی رہی۔

    واردات کے وقت کیا ہوا؟

    یہ 2جولائی1995 کی رات کا واقعہ ہے جسے بھارتی اخبارات نے پولیس رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے شائع کیا کہ یہ قتل سشیل اور نینا (میاں بیوی) کے درمیان خراب تعلقات کا شاخسانہ تھا۔ سشیل کو اس بات کا شک تھا کہ اس کی بیوی کے کسی اور مرد سے ناجائز تعلقات ہیں۔

    اس کیس کے تحقیقاتی پولیس افسر میسویل پیریرا جنہوں نے اپنی کتاب میں قتل کے محرکات اور واردات کے طریقہ کار کا تفصیلی ذکر کیا ہے، کا کہنا ہے کہ سشیل نے نینا سے اُس رات اس شخص کے بارے میں دریافت کیا جس سے وہ فون پر گفتگو کر رہی تھی جس کے جواب میں نینا نے بھی غصے سے جواب دیا کہ وہ اس کی زندگی میں مداخلت نہ کرے۔

    انڈیا ٹوڈے کی ایک رپورٹ میں سشیل کے سیاسی قد کاٹھ اور نینا کے سیاسی حلقوں میں خود اعتمادی کا ذکر کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نینا شوہر سے ڈرنے والی بیویوں میں سے نہیں تھی۔

    اس رات سشیل شراب کے نشے میں دھت تھا اور یہ بات سن کر شدید غصے میں بھی آگیا اور بقول سشیل کے اس رات نینا بھی نشے کی حالت میں تھی۔

    اسی اثناء میں غصے میں آ کر سشیل نے اپنی دراز سے پستول نکالا اور نینا پر پے در پے تین فائر کیے، ایک گولی اس کے سر پر دوسری اس کی گردن پر اور تیسری گولی نشانہ چوک کر کسی اور چیز کو جا لگی، جس کے بعد نینا نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔

    https://youtu.be/1xGoR8Hst_4

    لاش چھپانے کی منصوبہ بندی

    پیریرا کی کتاب کے مطابق سشیل نے واردات کے بعد اس بات کا یقین کیا کہ گولی کی آواز باہر کسی نے سنی تو نہیں پھر مطمئن ہونے کے بعد کمرے میں پھیلے ہوئے خون کو صاف کرکے لاش کو ٹھکانے لگانے کا منصوبہ بنایا۔

    پہلے اس نے لاش کو دریائے جمنا میں پھینکنے کا ارادہ کیا اور اسے لے کر باہر نکلا لیکن دریا پر لوگوں کو موجود پاکر اس نے حکمت عملی تبدیل کی اور لاش کو لے کر اپنے دوست کیشوو کمار کے ریسٹورنٹ پہنچا اور اسے ساری صورتحال سے آگاہ کیا۔

    کیشوو نے فوری طور پر ریسٹورنٹ کو بند کردیا، یہ رات گیارہ بجے کی بات ہے جب سشیل اور کیشوو نے مل کر لکڑیاں جمع کیں اور نینا کی لاش کو کاٹ کر تندور میں جلادیا۔

    کتاب میں لکھا ہے کہ جب مقتولہ نینا کی لاش جل رہی تھی تو اس وقت سشیل کو خیال آیا کہ یہ میں نے کیا کر دیا؟ یہ مجھ سے کیسے ہو گیا؟

    رات گیارہ بجے ریسٹورنٹ کے تندور میں لگنے والی آگ کے شعلوں نے گشت پر مامور پولیس اہلکار کی توجہ حاصل کی جب تک پولیس اہلکار وہاں پہنچتا اس سے قبل سشیل اور کیشوو موقع واردات سے فرار ہوچکے تھے۔

    بعد ازاں یہ خبر جلد ہی اخبارات کی شہ سرخیوں میں آئی اور سب کو چونکا دیا کیونکہ اس کا تعلق ملک کی ایک بڑی سیاسی جماعت کانگریس کے ایک اہم سیاسی رہنما سے تھا۔

    بالآخر سشیل نے نو دن مفرور رہنے کے بعد خود کو بنگلور پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم سشیل نے قتل کا اعتراف تو کیا ہے اور ساتھ ہی کچھ سیاست دانوں کے نام بھی شامل کیے ہیں اس لیے شک تھا کہ وہ ہمیں کہانیوں سے الجھانے کی کوشش کر رہا ہے۔

    پولیس کیلئے نینا کی جلی ہوئی لاش کی شناخت کرنا بھی مشکل تھا بعد ازاں مقتولہ کے سابق دوست مطلوب کریم نے اس کی لاش کو شناخت کیا، اس کی لاش کے دو مربتہ پوسٹ مارٹم ہوئے۔

    دونوں رپورٹوں نے نینا کی موت کی وجہ کے بارے میں متضاد نتائج دیے، پہلی رپورٹ میں کہا گیا کہ نینا کی موت زیادہ خون بہنے کی وجہ سے ہوئی اور شاید جب اسے کاٹا گیا تو وہ بے ہوش تھی جبکہ دوسری پوسٹ مارٹم رپورٹ نے پہلی رپورٹ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ نینا کو دو بار گولی ماری گئی تھی۔

    تندور قتل کیس کی سماعت میں دہلی کی ایک عدالت نے سال 2003 میں سشیل کو مجرم قرار دے کر موت کی سزا سنائی تھی پھر سال 2007 میں دہلی ہائی کورٹ نے اس کی سزا کو برقرار رکھا تاہم 2013 میں سپریم کورٹ نے اس کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا۔

    مجھے اپنے کیے پر پچھتاوا ہے

    جیل میں 23 سال اسیری کاٹنے کے بعد اسے 2018 میں رہا کیا گیا۔ رہائی کے بعد سشیل نے کہا کہ مجھے اپنے کیے پر بے حد افسوس ہے اور میں دوسرے لوگوں کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ کبھی بھی جذبات یا غصے میں آکر کوئی فیصلہ نہ کریں۔

  • ویڈیو: ہیلی کاپٹر کے ذریعے لے جائے جانے والے ہیلی کاپٹر کا فضا سے گرنے کا خوفناک منظر

    ویڈیو: ہیلی کاپٹر کے ذریعے لے جائے جانے والے ہیلی کاپٹر کا فضا سے گرنے کا خوفناک منظر

    اتراکھنڈ: بھارت میں فضا سے ایک ہیلی کاپٹر گرنے کا دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے تاہم خوش قسمتی سے اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    میڈیا رپورٹس اور ویڈیوز کے مطابق بھارتی ریاست اتراکھنڈ کے علاقے رودرپریاگ میں ’ایم آئی 17‘ ہیلی کاپٹر کے ذریعے ایک خراب ہیلی کاپٹر لے جایا جا رہا تھا، فضا میں اچانک یہ الگ ہو کر نیچے گر گیا۔

    ویڈیو میں ہیلی کاپٹر کے گرنے کا منظر دیکھا جا سکتا ہے جو ریڑھ کی ہڈی میں سنسنی پیدا کرتا ہے، یہ واقعہ بھارت کے مشہور مذہبی مقام کیدارناتھ میں پیش آیا۔

    بتایا گیا ہے کہ کیدارناتھ دھام میں کرسٹل کمپنی کا ہیلی کاپٹر خراب ہو گیا تھا، جس کے بعد اسے لے جانے کے لیے ایم آئی-17 طلب کیا گیا۔ اس نے جیسے ہی ٹیک آف کیا، تھوڑی ہی دوری پر پہنچنے کے بعد اس سے منسلک خراب ہیلی کاپٹر ٹوٹ کر آسمان سے زمین پر آ رہا۔

    بھارت نے بد اخلاقی کی حد کر دی، جے شنکر کا پاکستان کے ساتھ بات چیت کے دور کے خاتمے کا اعلان

    حادثے کے وقت زمین پر آس پاس کوئی موجود نہ تھا اس لیے غنیمت رہی، حکام کے مطابق ہیلی کاپٹر اڑان کے بعد توازن کھو بیٹھا تھا، جو کہ کیدارناتھ سے گوچر ہیلی پیڈ تک لے جایا جا رہا تھا۔

  • بھارت نے 12 انڈسٹریل اسمارٹ سٹی بنانے کا کیا فیصلہ، 10 لاکھ لوگوں کو ملے گا روزگار

    بھارت نے 12 انڈسٹریل اسمارٹ سٹی بنانے کا کیا فیصلہ، 10 لاکھ لوگوں کو ملے گا روزگار

    نئی دہلی: بھارت نے 12 انڈسٹریل اسمارٹ سٹی بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس سے 10 لاکھ لوگوں کو براہ راست روزگار ملے گا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز کابینہ نے ملکی معیشت کی ترقی کے لیے ایک درجن اسمارٹ صنعتی شہر بنانے کے منصوبے کی منظوری دے دی۔

    قومی صنعتی گلیارا ترقیاتی پروگرام (این آئی سی ڈی پی) کے تحت یہ صنعتی شہر 9 ریاستوں میں بنائے جائیں گے، جن میں گھریلو صنعتوں کو فروغ دیا جائے گا۔

    مرکزی وزیر برائے اطلاعات و نشریات اشونی ویشنو کے مطابق اس پروجیکٹ پر 28 ہزار 602 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے، مجوزہ منصوبے میں 1.52 لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔

    یہ انڈسٹریل سٹی اتراکھنڈ کے کھرپیا، پنجاب کے راجپورہ-پٹیالہ، مہاراشٹر کے دِگھی، کیرالہ کے پلکڑ، اتر پردیش کے آگرہ و پریاگ راج، بہار کے گیا، تلنگانہ کے ظہیر آباد، آندھرا پردیش کے اورواکل اور کوپّرتھی، راجستھان کے جودھپور-پالی میں تعمیر کیے جائیں گے۔

    وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر قیادت ہونے والی کابینہ اجلاس میں ریلوے کے 3 انفرا پروجیکٹس کو بھی منظوری دی گئی ہے، جمشید پور سے 121 کلومیٹر کی تیسری لائن، ضلع سندر گڑھ اور رائے گڑھ کے درمیان 37 کلومیٹر کی نئی ڈبل لائن اور اڈیشہ میں برگڑھ روڈ سے 138 کلومیٹر کی نئی لائنیں بچھائی جائیں گی۔

  • افتتاح میں تاخیر، ٹریفک نے نئے تعمیر شدہ پل کا بھانڈا پھوڑ دیا

    افتتاح میں تاخیر، ٹریفک نے نئے تعمیر شدہ پل کا بھانڈا پھوڑ دیا

    بہار: بھارتی ریاست بہار کے ایک علاقے میں نیا تعمیر ہونے والا ایک پل افتتاح سے قبل ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بہار میں پل گرنے کے کئی واقعات پیش آ چکے ہیں، لیکن اب تازہ واقعے میں ضلع ویشالی کے علاقے حاجی پور میں ایک پل کی سڑک افتتاح سے قبل ہی ٹوٹ کر دھنس گئی۔

    راماشیش چوک پر بنے پل کی تصاویر سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو گئی ہیں، اپوزیشن کی جانب سے حکومت پر بدعنوانی کے الزامات لگائے جا رہے ہیں، رپورٹس کے مطابق یہ پل 6 ماہ قبل بن گیا تھا اور اس پر ٹریفک بھی کھول دیا گیا، تاہم سڑک دھنسنے کے واقعے کے فوراً بعد اسے پھر بند کر دیا گیا ہے۔

    اپوزیشن کا کہنا ہے کہ اگر ناقص بنے ہوئے پل پر آمد و رفت کھول دی گئی تھی تو اس کا مطلب تھا کہ کوئی بڑا حادثہ بھی ہو سکتا ہے، صورت حال پر تنقید کرنے والوں کا کہنا ہے کہ بہار میں کرپشن عروج پر ہے۔

    کیا ٹیپو سلطان کی تصویر اسٹیٹس پر لگانا قانوناً جرم ہے؟

    آر جے ڈی رکن اسمبلی مکیش روشن نے ریاستی حکومت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا جب افسران اور لیڈر 40 فی صد کمیشن لیتے رہیں گے تو بہار بدعنوانی کی بھینٹ چڑھتا ہی رہے گا۔ انھوں نے کہا ابھی تو پُل کا افتتاح بھی نہیں ہوا، اور یہ حالت ہے۔

  • کیا ٹیپو سلطان کی تصویر اسٹیٹس پر لگانا قانوناً جرم ہے؟

    کیا ٹیپو سلطان کی تصویر اسٹیٹس پر لگانا قانوناً جرم ہے؟

    مہاراشٹر: بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ایک نوجوان کی زندگی کے قیمتی دن مقامی پولیس نے محض اس بات پر سلاخوں کے پیچھے برباد کر دیے کہ اس نے سوشل میڈیا پر اپنی ڈی پی میں ٹیپو سلطان کی تصویر لگا دی تھی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مہاراشٹر کے ضلع سانگلی کے علاقے اسلام پورہ میں ارباز پٹیل نامی شہری کی گرفتاری اور عدالت کے ذریعے رہائی کے بعد مقامی تنظیموں نے پولیس اہلکاروں کے خلاف احتجاج شروع کر دیا ہے، اور ٹیپو سلطان کی ڈی پی لگانے پر شہریوں کی گرفتاریوں پر اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

    ارباز پٹیل کا کیس یوں تو گزشتہ برس سامنے آیا تھا جنھوں نے اپنے سوشل میڈیا اسٹیٹس پر ٹیپو سلطان کی تصویر لگائی تھی، جس پر مقامی شدت پسند ہندوؤں نے ہنگامہ کھڑا کیا اور پولیس کو انھیں گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنا پڑا۔ عدالت نے فیصلہ دیا کہ ’’ٹیپو سلطان ایک مجاہد آزدی تھے اور ان کی تصویر کا ڈی پی لگانا قانونی طور پر کوئی جرم نہیں ہے۔‘‘ عدالت کا کہنا تھا کہ ’’پولیس یہ ثابت ہی نہیں کر پائی کہ ارباز خان نے کیا جرم کیا ہے اس لیے اسے رہا کرنے کا حکم دیا جاتا ہے۔‘‘

    اب ضلع سانگلی کی ایک تنظیم نے محکمہ پولیس کو ایک میمورنڈم دیا ہے، جس میں اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ارباز کو گرفتار کرنے والے اہلکاروں حولدار سلمان ملانی اور تفتیشی افسر ڈی ایس کھومنے کے خلاف کارروائی کی جائے، جنھوں نے قانون کی جانکاری ہوتے ہوئے بھی نوجوان کو گرفتار کر کے تھانے میں بند رکھا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے اور بھی کئی افراد کو ٹیپو سلطان کی تصویر لگانے پر گرفتار کیا ہے۔

  • بھارتی وزیر اعظم کے طیارے کا پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کا انکشاف

    بھارتی وزیر اعظم کے طیارے کا پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کا انکشاف

    اسلام آباد: بھارتی وزیر اعظم کے طیارے کا پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نریندر مودی کا پاکستانی فضائی حدود سے گزرنے کا انکشاف ہوا ہے، پولینڈ سے واپسی پر بھارتی وزیر اعظم کے طیارے نے پاکستانی فضائی حدود استعمال کی۔

    سول ایوی ایشن کے ذرائع کے مطابق بھارتی وزیر اعظم کا طیارہ صبح سوا دس بجے پاکستان کی حدود میں داخل ہوا، اور11 بج کر ایک منٹ پر بھارت میں داخل ہوا، بھارتی وزیر اعظم کا طیارہ 46 منٹ تک پاکستان کی حدود میں رہا۔

    ذرائع نے کہا کہ نریندر مودی کا طیارہ چترال کے اوپر سے پاکستان کی حدود میں داخل ہوا تھا، طیارہ اسلام آباد اور لاہور کے ایئر کنٹرول ایریا سے گزرا، طیارہ لاہور سے ہوتا ہوا امرتسر میں داخل ہوا۔

    پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عالمی قوانین کے مطابق وی آئی پی مومنٹ کے طیاروں کو اجازت دی جاتی ہے، اس طرح کی موومنٹ سے متعلق پاکستان کی ایئرپورٹ اتھارٹی کو پہلے سے روٹ سے متعلق آگاہ کر دیا جاتا ہے۔

  • بھارتی شہر میں مسلمان لڑکیوں کی نیلامی کا انکشاف، ایک سال میں 106 بچیاں غائب

    بھارتی شہر میں مسلمان لڑکیوں کی نیلامی کا انکشاف، ایک سال میں 106 بچیاں غائب

    اورنگ آباد: بھارتی ریاست مہاراشٹر کے تاریخی شہر اورنگ آباد میں لڑکیوں کی نیلامی کا ایک بڑا اور شرم ناک اسکینڈل سامنے آیا ہے، شہر کے سابق رکن پارلیمان امتیاز جلیل نے میڈیا میں دعویٰ کیا کہ صرف رواں برس کے دوران اورنگ آباد شہر سے 106 بچیاں غائب ہو چکی ہیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق رکن پارلیمان کا کہنا ہے کہ مہاراشٹر میں ایک بہت بڑا گروہ سرگرم ہے جو لڑکیوں کی نیلامی کرواتا ہے، انھوں نے ایک 20 سالہ مغوی لڑکی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں ریاستی حکومت اور پولیس سے مطالبہ کیا کہ اس گروہ کو پکڑ کر اس کی بیخ کنی کی جائے، انھوں نے ریکٹ سے جڑے ایک شخص کی تصویر بھی پیش کی۔

    ٹائمز آف انڈیا کے مطابق امتیاز جلیل نے بتایا کہ مہاراشٹر میں آئے دن لڑکیوں کے لاپتا ہونے کے واقعات سامنے آ رہے ہیں، صرف 2023 میں اورنگ آباد شہر سے 188 بچیاں غائب ہو چکی ہیں اور ضلع کے مختلف علاقوں سے 111 بچیاں لاپتا ہوئی ہیں۔

    انھوں نے ایک مسلمان لڑکی کی نیلامی کے افسوس ناک واقعے کا تفصیلی ذکر کیا، امتیاز جلیل نے بتایا کہ لڑکی گھر سے ناراض ہو کر نکلی تو ریلوے اسٹیشن پر ایک جوڑے نے اسے نشہ آور مشروب پلا کر ممبئی پہنچا دیا، وہاں ایک گاؤں میں لڑکی کو ڈیڑھ لاکھ روپے میں نیلام کیا گیا۔

    سابق رکن پارلیمان کے مطابق یہ نیلامی ایک گھر میں بیٹھ کر کی گئی، جس کی وہاں موجود لوگوں نے باقاعدہ ویڈیو بھی بنائی، نیلامی کے بعد اس مسلمان بچی کی ہندو سے شادی کرا دی گئی، امتیاز جلیل کے مطابق اطلاع ملنے پر انھوں نے لڑکی کے اہل خانہ اور کچھ لوگوں کے ساتھ مل کر مدھیہ پردیش پولیس کی مدد سے لڑکی کو بازیاب کروایا۔

    امتیاز جلیل نے مہاراشٹر حکومت کی ’لاڈلی بہن اسکیم‘ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ خواتین کو 1500 روپے ماہانہ دینے والی حکومت ’’ایک اسپیشل ٹاسک فورس تیار کرے اور مہاراشٹر بھر کی لاپتا بچیوں کو ریسکیو کرے، کیوں کہ وہ بھی کسی کی لاڈی بہن بیٹی ہیں۔‘‘