Tag: India

  • ’’بے ایمانی نہ ہوتی تو انڈیا اتحاد 50 سے زیادہ سیٹیں حاصل کرتا‘‘

    ’’بے ایمانی نہ ہوتی تو انڈیا اتحاد 50 سے زیادہ سیٹیں حاصل کرتا‘‘

    لکھنؤ: بھارتی سیاسی جماعت سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے مودی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حکومت میں عوام کو بجلی نہیں ملتی صرف بل آتا ہے، اگر بے ایمانی نہ ہوتی تو اترپردیش میں انڈیا اتحاد 50 سے زیادہ سیٹیں حاصل کرتا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اکھلیش یادو نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ لوک سبھا الیکشن میں وزیر اعلیٰ کے اشارے پر افسران نے بے ایمانی نہیں کی ہوتی تو اترپردیش میں انڈیا اتحاد پچاس سے زیادہ سیٹیں حاصل کر لیتا۔

    انھوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے کسانوں، نوجوانوں، کاروباریوں سبھی کو دھوکا دیا، نوجوان کو روزگار نہیں ملا، بھرتی امتحانات کے پیپر لیک ہوتے رہے، بی جے پی حکومت جان بوجھ کر پیپر لیک کراتی رہی، تاکہ نوکری اور ریزرویشن نہ دینا پڑے۔

    سماج وادی پارٹی کے صدر کا کہنا تھا کہ بی جے پی کی ڈبل انجن کی حکومت نے لکھنؤ میں ایک بھی بڑا کام نہیں کیا، بجلی کے نظام کو بھی برباد کر دیا، اب عوام کو بجلی نہیں مل رہی ہے، صرف بجلی کا بل آتا ہے۔ انھوں نے کہا ریاست میں بی جے پی کی 7 سال کی حکومت میں ایک بھی بجلی کا پلانٹ نہیں لگا۔

    اکھلیش یادو نے مزید کہا کہ خواتین کے جرائم کے معاملے میں اترپردیش کی حالت کافی خراب ہے، بی جے پی حکومت میں کسی کو انصاف نہیں مل سکتا، ہر طبقہ مایوس ہے۔

  • بھارت کو اقلیتوں کیلئے تشویشناک ممالک کی فہرست میں شامل کرنے کا مطالبہ

    بھارت کو اقلیتوں کیلئے تشویشناک ممالک کی فہرست میں شامل کرنے کا مطالبہ

    چیئرمین امریکی کمیشن برائے مذہبی آزادی اسٹیون شنیک نے امریکی محکمہ خارجہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اقلیتوں پر کیے جانے والے مظالم پر بھارت کو تشویشناک ممالک کی فہرست میں شامل کیا جائے۔

    یہ بات انہوں نے نمائندہ اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر اسٹیون شنیک نے بھارت میں مذہبی آزادی کی سنگین خلاف ورزیوں پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کیلئے جگہ تنگ کی جارہی ہے، بھارتی مسلمانوں کو شہریت سے بھی محروم کیا جارہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور بھارت میں بسنے والے سکھوں کو بھارت سے جان کا خطرہ ہے، کینیڈا میں ہونے والا سکھ رہنما کا قتل ایک ہولناک واردات ہے، بھارت میں مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتیں بھی خوف کا شکار ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں اسٹیون شنیک نے کہا کہ بھارتی آئین سکھوں کو بھی ہندو قرار دیتا ہے جو کہ سراسر غلط ہے کیونکہ آپ کسی پر بھی اپنامذہب زبردستی مسلط نہیں کرسکتے۔

    چیئرمین امریکی کمیشن نے کہا کہ مذہبی اقلیتوں کے حوالے سے بھارتی حکومت کے فیصلوں پر ہمیں تشویش ہے، سٹیزن ایکٹ کے ذریعے بھارتی مسلمانوں کو شہریت سے محروم کیا جارہا ہے۔

  • حادثے کے بعد فلمی سین : ڈرائیور نے دوبارہ زور دار ٹکر ماردی، ویڈیو وائرل

    حادثے کے بعد فلمی سین : ڈرائیور نے دوبارہ زور دار ٹکر ماردی، ویڈیو وائرل

    تھانے : بھارت میں ایک معمولی سڑک حادثے کے بعد کار مالکان کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی جس کے بعد ایک فریق نے دوبارہ گاڑی گھما کر کار کو ٹکر دے ماری جس کی زد میں راہگیر بھی آگیا۔

    یہ فلمی نوعیت کا واقعہ بھارت کے شہر تھانے میں پیش آیا، سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں ایک ٹاٹا ہیریئر ایس یو وی کے مالک کو غصے میں آکر ٹویوٹا کار کو زور دار ٹکر مارتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پہلے کالے رنگ کی گاڑی سائیڈ سے ٹکر مارتی ہوئی گئی سامنے کھڑا ایک راہ گیر بھی گھسیٹا ہوا دور تک گیا، تاہم ڈرائیور کالی گاڑی کو دوبارہ موڑ کر لایا اور دوبارہ کار کو زور دار ٹکر ماردی۔

    فارچیونر کی پچھلی سیٹ پر بچے بیٹھے ہوئے تھے، زور دار ٹکر لگنے سے گاڑی کے پیچھے کھڑا موٹر سائیکل سوار شخص بھی کچلا گیا۔

    مذکورہ واقعہ صبح 11 بجے پیش آیا تاہم اس کی مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں، اس حوالے سے متعلقہ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں ملزمان کو جلد حراست میں لے لیا جائے گا۔

  • بھارتی ایئر ہوسٹس پر آدھی رات کو ہوٹل کے کمرے میں نامعلوم شخص کا حملہ، ہینگر سے پیٹ ڈالا

    بھارتی ایئر ہوسٹس پر آدھی رات کو ہوٹل کے کمرے میں نامعلوم شخص کا حملہ، ہینگر سے پیٹ ڈالا

    لندن: بھارتی ایئر ہوسٹس پر آدھی رات کو ہوٹل کے کمرے میں نامعلوم شخص نے حملہ کر کے اسے ہینگر سے پیٹ پیٹ کر زخمی کر دیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق لندن کے ایک بڑے ہوٹل میں ایئر انڈیا کی ایئر ہوسٹس کے ساتھ بدسلوکی اور مار پیٹ کا ایک افسوس ناک واقعہ سامنے آیا ہے۔

    ایئر انڈیا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جمعرات کی رات لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر واقع ریڈسن ریڈ ہوٹل کے کمرے میں ایئر ہوسٹس سو رہی تھی، جب اس پر ڈیڑھ بجے حملہ ہوا، ایک نامعلوم شخص کمرے میں گھسا اور ایئر ہوسٹس پر ہینگر سے حملہ کر دیا، حملہ آور سے اسے فرش پر گھسیٹا تاہم اس کی چیخوں نے ہوٹل کے عملے کو چوکنا کر دیا اور انھوں نے بروقت آ کر خاتون کو چھڑایا۔

    ڈاکٹر ریپ قتل کیس، 10 لاکھ ڈاکٹر ہڑتال پر، متاثرہ خاندان کا ممتا بینر جی سے استعفے کا مطالبہ

    ایئر لائن کے بیان کے مطابق لندن پولیس کو بھارتی ایئر ہوسٹس پر حملے کے واقعے کی اطلاع دی جا چکی ہے، اور وہ تحقیقات کر رہے ہیں، ایئر لائن اسٹاف نے مذکورہ ہوٹل میں تحفظ کے سلسلے میں پہلے ہی تشویش کا اظہار کیا تھا۔

    ایئر انڈیا کے مطابق واقعے کے بعد ایئر ہوسٹس کو نفسیاتی کونسلنگ کے لیے اسپتال میں داخل کروایا گیا، ترجمان نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ ایئر انڈیا قانونی معاملات پر مقامی پولیس کے ساتھ بات کر رہی ہے، جب کہ ہوٹل انتظامیہ سے بھی رابطہ کر کے اسے تنبیہ کی گئی کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ اس طرح کا واقعہ دوبارہ نہ ہو۔

  • ڈاکٹر ریپ قتل کیس، 10 لاکھ ڈاکٹر ہڑتال پر، متاثرہ خاندان کا ممتا بینر جی سے استعفے کا مطالبہ

    ڈاکٹر ریپ قتل کیس، 10 لاکھ ڈاکٹر ہڑتال پر، متاثرہ خاندان کا ممتا بینر جی سے استعفے کا مطالبہ

    کولکتہ: بھارت کی ریاست مغربی بنگال کے شہر کولکتہ میں 31 سالہ ٹرینی ڈاکٹر کی آبرو ریزی اور بہیمانہ قتل پر ملک بھر کے ڈاکٹرز سراپا احتجاج بن گئے ہیں، 10 لاکھ ڈاکٹروں کی ہڑتال کے باعث مریض رل گئے ہیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک میں ڈاکٹروں کی ہڑتال کی وجہ سے مریضوں کا علاج ہونا مشکل ہو گیا ہے، ادھر مغربی بنگال میں جونیئر ڈاکٹرز نے ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کر دیا ہے، مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی نے بھی ریاست بھر میں مظاہروں کی حمایت کر دی۔

    ممتا بینرجی نے رات کی شفٹوں میں کام کرنے والی خواتین کے لیے سیکیورٹی کو بہتر بنانے کے اقدامات کا اعلان بھی کیا اور خواتین کے لیے ریسٹ رومز اور کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کا بھی حکم دیا، تاہم متاثرہ خاندان نے خواتین کو تحفظ فراہم نہ کرنے پر وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    دوسری طرف 2012 میں نئی دہلی میں زیادتی کا نشانہ بننے والی لڑکی کی والدہ نے ایک بیان میں کہا کہ بھارت آج بھی دوہزار بارہ سے آگے نہیں نکل سکا، کولکتہ میں اجتماعی زیادتی کے بعد قتل ہونے والی لڑکی کے والدین روز موت کا سامنا کریں گے۔

    واضح رہے کہ 31 سالہ خاتون ٹرینی ڈاکٹر کی عصمت دری نے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ کولکتہ کے آر جی کار میڈیکل کالج کی 31 سالہ ٹرینی ڈاکٹر 9 اگست کو اسپتال کے سمینار ہال میں اپنے مصروف دن کے بعد آرام کرنے اپنے کمرے میں گئیں جس کے بعد وہ کمرے سے نیم برہنہ حالت میں مردہ حالت میں پائی گئی۔ ان پر بے پناہ تشدد کیا گیا تھا، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان کے جنسی اعضا پر بھی تشدد کے نشانات پائے گئے۔ اسپتال میں کام کرنے والے ایک رضاکار سنجے روئے کو اس جرم کے سلسلے میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ کیس پر پیش رفت نہ ہونے کی وجہ سے سسٹم پر بڑھتی تنقید کے بعد کیس کو مقامی پولیس سے انڈیا کے سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کو منتقل کر دیا گیا ہے۔

  • بھارت میں زیادتی کے بعد قتل کے واقعات میں اضافہ، تہلکہ خیز انکشاف

    بھارت میں زیادتی کے بعد قتل کے واقعات میں اضافہ، تہلکہ خیز انکشاف

    مودی سرکار کے دور اقتدار میں بھارت نازک ترین دور سے گزر رہا ہے، خواتین سے زیادتی کے بعد قتل کے واقعات میں مزید اضافہ ہوگیا۔

    حال ہی میں بھارت میں ایک ٹرینی ڈاکٹر کو جنسی زیادتی کے بعد بے دردی سے قتل کردیا گیا، ڈاکٹر کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کا واقعہ بھارتی ریاست بنگال کے میڈیکل اسپتال کلکتہ میں پیش آیا۔

    ٹرینی ڈاکٹرکی عصمت دری اور قتل کے بعد ہیلتھ ورکرز نے ہندوستان میں ہڑتال کردی اور شدید احتجاج کیا گیا۔

    نابالغ لڑکی سے زیادتی کی کوشش کرنے والا بلدیہ کا کونسلر گرفتار

    انڈیانیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کے مطابق 2022 میں زیادتی کے 31,516 واقعات ریکارڈ کئے گئے، اوسطاً 86 کیسز یومیہ رپورٹ ہوتے ہیں۔

    بھارت میں انتہا پسندی عروج پر ہے مگر مودی سرکار اپنے سیاسی عزائم کے حصول میں مصروف عمل ہے۔

  • خاتون ڈاکٹر کی وحشیانہ عصمت دری نے بھارت کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا

    خاتون ڈاکٹر کی وحشیانہ عصمت دری نے بھارت کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا

    کلکتہ: بھارت میں خاتون ڈاکٹر کے ریپ اور قتل کے خلاف مظاہرے شروع ہو گئے ہیں، کئی ریاستوں میں ہڑتال کر کے ڈاکٹر سڑکوں پر نکل آئے۔

    تفصیلات کے مطابق مغربی بنگال میں ایک سرکاری اسپتال میں زیر تربیت ڈاکٹر کی عصمت دری اور بے دردی سے قتل کے واقعے نے بھارت کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے، پورے ملک میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے، کانگریس کی طلبہ تنظیم این ایس یو آئی نے ملزمان کو جلد از جلد سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

    احتجاج کرنے والے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ جب تک وفاقی حکومت مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کی یقین دہائی نہیں کراتی، وہ ہڑتال ختم نہیں کریں گے۔

    یاد رہے کہ 10 اگست کو کلکتہ کے سرکاری میڈیکل کالج ’’آر جی کار میڈیکل کالج اینڈ اسپتال‘‘ کے سیمینار ہال سے 31 سال کی ٹرینی ڈاکٹر کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی تھی، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں زیادتی کی تصدیق ہوئی، پولیس نے اس سلسلے میں ایک ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

    کلکتہ پولیس نے پوسٹ گریجویٹ ٹرینی ڈاکٹر کے ریپ اور قتل کے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، جس کی شناخت سنجوئے رائے کے نام سے ہوئی ہے، اور جو اسپتال میں ’شہری رضاکار‘ کے طور پر تعینات تھا۔ عصمت دری اور قتل کے دوران خاتون ڈاکٹر شدید چوٹیں آئیں تھیں، اس کی ٹوٹی ہوئی عینک کے ٹکڑے اس کی آنکھوں میں گھس گئے تھے، اور نازک حصوں میں زخموں کے واضح نشان تھے۔

    معلوم ہوا کہ قاتل نے خاتون ڈاکٹر کو اس وقت قتل کیا جب وہ سرکاری اسپتال کے سیمینار روم میں آرام کر رہی تھی۔ رات 11 بجے اپنے والدین سے بات کرنے کے بعد ٹرینی ڈاکٹر نے اپنے چار ساتھیوں کے ساتھ رات کا کھانا کھایا جس کا اس نے آن لائن آرڈر دیا تھا۔ اپنے ساتھیوں کے ساتھ اس اولمپک گیمز بھی دیکھا، جس میں نیرج چوپڑا کی جیولین تھرو پرفارمنس بھی شامل تھی۔

    اس کے بعد خاتون اسپتال کے سیمینار ہال میں خود کو سرخ کمبل میں لپیٹ کر نیلے قالین پر سو گئی تھی، اس وقت مبینہ طور پر نشے میں دھت ’شہری رضاکار‘ نے اس پر حملہ کیا۔ اس کے سر پر چوٹیں آئیں، کیوں کہ ملزم نے اس کا سر دیوار سے مارا تھا۔ رپورٹ کے مطابق خاتون نے 36 گھنٹے کی شفٹ کی تھی۔ ملزم سنجوئے رائے کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا تھا، اسے صبح 4 بجے کے قریب ایمرجنسی بلڈنگ میں داخل ہوتے ہوئے دیکھا گیا تھا اور اگلی صبح 7.30 بجے ڈاکٹر کی نیم برہنہ لاش ملی۔

  • بھارت نے بنگلادیش کی سرحد پر سیکیورٹی بڑھا دی

    بھارت نے بنگلادیش کی سرحد پر سیکیورٹی بڑھا دی

    نئی دہلی: سیاسی بحران کے بعد بھارت نے بنگلادیش کی سرحد پر سیکیورٹی بڑھا دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلادیش کی صورت حال کے باعث بھارتی فوج نے مشرقی بارڈر پر ہائی الرٹ کر دیا ہے، ہندوستانی بارڈر سیکیورٹی فورسز (بی ایس ایف) نے اعلان کیا ہے کہ وہ بنگلادیش میں ہونے والی پرتشدد بدامنی کی وجہ سے ہندوستان-بنگلادیش سرحد پر ہائی الرٹ برقرار رکھیں گے۔

    بنگلادیش کے لیے ہندوستانی ریل خدمات بشمول کولکتہ-ڈھاکا میتری ایکسپریس کو بھی اگلے نوٹس تک معطل کر دیا گیا ہے۔ حکام نے تمام زمینی اہلکاروں کو سرحد کے ساتھ تعینات کرنے اور مزید ہدایات کے آنے تک الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔

    سڑکوں پر کھڑی رکاوٹوں اور اضافی اہلکاروں کی تعیناتی سے ٹرانسپورٹ اور کاروبار میں خلل پڑنے کا امکان ہے، مشترکہ سرحد سے کاروباری سامان کی نقل و حرکت متاثر ہوگی اور شپنگ میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    دوسری طرف آج بنگلادیش میں صبح کرفیو اٹھائے جانے کا امکان ہے، سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بھی آج کھولے جائیں گے، بھارتی میڈیا کے مطابق شیخ حسینہ آج بھارت سے لندن روانہ ہوں گی، سابق بنگلادیشی وزیر اعظم نے سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا بھی فیصلہ کر لیا ہے۔

    ان کے بیٹے سجیب واجد نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں کہا کہ والدہ بہت مایوس ہیں وہ اب سیاست میں واپس نہیں آئیں گی، ملک سے فرار حسینہ واجد بھارت پہنچیں تو نئی دہلی کے قریب غازی آباد کے ایئر بیس پر بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول نے ان سے ملاقات کی، جب کہ بھارتی فضائیہ لینڈنگ تک حسینہ واجد کے طیارے کی نگرانی کرتی رہی۔

    خیال رہے کہ شیخ حسینہ واجد مستعفی ہو کر بہن کے ہمراہ بھارت فرار ہو گئی تھیں، بھارتی میڈیا کے مطابق شیخ حسینہ واجد آج بھارت سے لندن کے لیے روانہ ہوں گی تاہم شیخ حسینہ واجد کو برطانوی حکومت نے سیاسی پناہ کی یقین دہانی نہیں کرائی، وہ لندن پہنچ کر طویل سیاسی پناہ کے لیے درخواست کریں گی، شیخ حسینہ اپنی بہن کے ساتھ نئی دہلی میں سیف ہاؤس میں موجود ہیں۔

  • پولیس تشدد سے نوجوان کا پیٹ پھٹ گیا، آنتیں باہر نکل آئیں، دردناک ویڈیو

    پولیس تشدد سے نوجوان کا پیٹ پھٹ گیا، آنتیں باہر نکل آئیں، دردناک ویڈیو

    بہار : بھارتی ریلوے پولیس اہلکاروں نے مسلمان نوجوان پر وحشیانہ تشدد کرکے اس کا پیٹ پھاڑ دیا، آنتیں باہر نکل گئیں۔

    بھارتی ریاست بہار کے ریلوے اسٹیشن پر پولیس اہلکاروں نے فرعونیت کی مثال قائم کردی، ٹرین کی سیٹیں بیچنے کے الزام پر نوجوان پر اس سفاکیت سے تشدد کیا کہ اس کا پیٹ پھٹ گیا اور آنتیں باہر نکل آئیں۔ نوجوان کا گزشتہ سال پیٹ کا آپریشن ہوا تھا کہ ٹانکے پھٹ گئے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق زخمی ہونے والے فرقان نامی نوجوان نے ریلوے پولیس کی جانب سے ٹرینوں میں سیٹوں پر قبضہ کرکے انہیں بھاری رقوم کے عوض بیچنے پر احتجاج کیا تھا، جس پر اہلکاروں نے اس کا یہ حال کردیا وہ اپنی خالہ کو اسٹیشن چھوڑنے آیا تھا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ہولناک واقعہ کی ویڈیو نے دیکھنے والوں کو بھی غم و غصے میں مبتلا کردیا۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کی شام اس وقت پیش آیا جب ممبئی جانے والی کربھومی ایکسپریس ٹرین جنک پور روڈ ریلوے اسٹیشن پر پہنچی اور مسافروں کے دو گروپوں کے درمیان ٹرین میں سیٹوں کے حوالے سے بحث شروع ہوگئی، جس پر جی ریلوے پولیس اہلکاروں نے مداخلت کی۔

    اس دوران مسافروں اور پولیس اہلکاروں کے درمیان بحث و تکرار ہوگئی عینی شاہدین نے الزام لگایا کہ پولیس اہلکاروں نے مسافروں پر لاٹھی چارج کیا اور ایک پولیس اہلکار نے فرقان کے پیٹ پر زور دار لاٹھی ماری جس سے اس کی آنتیں باہر نکل گئیں۔

    دریں اثنا مظفر پور پولیس نے کہا ہے کہ دونوں اہلکاروں کو معطل کرکے لاک اپ کردیا ہے جبکہ واقعے کے بعد مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

  • خطرناک سانپوں کی زندگی بچانے والے شخص کی انوکھی کہانی

    خطرناک سانپوں کی زندگی بچانے والے شخص کی انوکھی کہانی

    بھارتی ریاست اتراکھنڈ کے رہائشی خطرناک سانپوں کو پکڑنے کے لیے ایک مقامی شخص کی خدمات حاصل کرتے ہیں جو سانپوں کو اپنا دوست سمجھتا ہے۔

    کوئی عام آدمی کسی سانپ کو دیکھ لے تو خوف کے عالم میں اس کا اوپر کا سانس اوپر اور نیچے کا نیچے ہی رہ جاتا ہے، لیکن کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو ان سانپوں کو ہی اپنا دوست بنا لیتے ہیں۔

    کچھ ایسی ہی کہانی بھارتی ریاست اتراکھنڈ کے ضلع دہرادون کے رہنے والے عادل مرزا کی بھی ہے انہیں سانپ پکڑنے کا شوق بچپن سے ہی تھا اور اب ان کا یہ شوق روزگار بن چکا ہے۔

    33سالہ عادل مرزا نے بہت سے سانپوں کی زندگی بھی بچائی، انہیں زہریلے سانپوں کو پکڑنے میں اتنی مہارت حاصل ہے کہ اب انہیں ان سانپوں سے ڈر نہیں لگتا بلکہ وہ انہیں اب اپنا دوست سمجھتے ہیں۔

    Snake

    بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق عادل اب تک ہزاروں زہریلے سانپوں کو بچا چکے ہیں، اسی مہارت کے اعتراف میں عادل مرزا کو سال2019 میں لینڈ کنزرویشن فاریسٹ ڈویژن میں ملازمت ملی۔

    بچپن میں انتہائی غربت کی زندگی گزارنے والے عادل مرزا والدین اور اہلیہ کے انتقال کے بعد غمگین رہنے لگے تھے اور ایک بیٹے کی پرورش کی ذمہ داری ان کے کاندھوں پر ہے۔

    عادل مرزا کو بچپن سے ہی ٹی وی پر اینیمل ریسکیو دیکھنے کا بہت شوق تھا، اس شوق کو انہوں نے ہنر میں بدل دیا اور جنگلی جانوروں کو بچانے کا بیڑا اٹھایا۔

    عادل مرزا نے اب تک بے شمار انتہائی زہریلے سانپوں کو بچایا ہے۔ موسم گرما ہو، برسات یا کوئی اور موسم، عادل مرزا کو پچھوادون کے علاقے کے گھروں میں گھسنے والے سانپوں کے حوالے سے محکمہ جنگلات کی طرف سے دن رات ریسکیو کالز موصول ہوتی ہیں۔

    عادل مرزا ان سانپوں کو بحفاظت ریسکیو کرکے جنگلوں میں ان کے قدرتی مسکن میں چھوڑ دیتے ہیں، سانپوں کے علاوہ انہوں نے دوسرے جنگلی جانوروں کو بھی بچایا ہے۔

    سانپوں کے دوست عادل مرزا کا کہنا ہے کہ بھارت زرعی ملک ہے یہاں کئی اقسام کے سانپ موجود ہیں، سانپوں کا ماحولیات میں بہت بڑا حصہ ہے، یہ سانپ فصلوں کو چوہوں اور کیڑوں سے محفوظ رکھتے ہیں۔

    عادل مرزا کا کہنا ہے کہ بھارت میں سانپوں کی تقریباً 306 اقسام ریکارڈ کی گئی ہیں، اگر زہریلے سانپوں کی بات کریں تو ان کی چار اقسام ہمارے ملک میں پائی جاتی ہیں جن میں کامن کریٹ، انڈین اسپیکٹکلڈ کوبرا، رسل وائپر شامل ہیں۔

    عادل نے بتایا کہ سال 2019سے اب تک تقریباً ایک ہزار سانپوں کو بچایا جاچکا ہے، انہوں نے کہا کہ عام لوگوں کو میرا پیغام ہے کہ اگر آپ کے گھر میں سانپ گھس جائے تو اسے مارنے کی کوشش نہ کریں بلکہ فوری طور پر محکمہ جنگلات کو اطلاع دیں۔