Tag: India

  • لڑکے نے 50 روپے کی بریانی کے لیے مقتول کو 60 بار چاقو مارا

    لڑکے نے 50 روپے کی بریانی کے لیے مقتول کو 60 بار چاقو مارا

    نئی دہلی: بھارتی پولیس نے عدالت سے ایک نابالغ لڑکے پر بالغ ہونے کے طور پر مقدمہ چلانے کی درخواست کر دی ہے، 16 سالہ لڑکے نے دہلی میں بریانی کے لیے ایک 17 سالہ لڑکے کو 60 بار چاقو مار کر قتل کر دیا تھا اور پھر اس کی لاش کے قریب ناچا بھی تھا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 21 نومبر 2023 کو شمال مشرقی دہلی کے ویلکم ایریا میں بریانی کے جھگڑے پر ایک 17 سالہ لڑکے کو ایک 16 سالہ نوجوان نے چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا تھا، سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ مقتول کو قاتل نے 60 بار چاقو مارا اور جرم کے بعد اس نے لاش کے گرد رقص بھی کیا۔

    دہلی پولیس نے 14 فروری کو اس کیس میں 250 صفحات پر مشتمل ایک لمبی چارج شیٹ داخل کی ہے، جس میں پولیس نے کیئر اینڈ پروٹیکشن آف چلڈرن ایکٹ 2015 کے تحت جووینائل جسٹس بورڈ سے نوعمر ملزم پر بالغ ہونے کے طور پر مقدمہ چلانے کی اجازت طلب کی ہے۔ جووینائل جسٹس ایکٹ کے تحت قتل اور عصمت دری جیسے گھناؤنے جرائم کے ارتکاب پر 16 سال یا اس سے زیادہ عمر کے نابالغوں پر بالغ کے طور پر مقدمہ چلایا جا سکتا ہے۔

    پولیس نے چارج شیٹ میں کہا کہ ملزم نے مقتول پر چاقو سے 60 وار کر کے اس سے 350 روپے لوٹے، قاتل بریانی لینا چاہتا تھا، لیکن مقتول نے خریدنے سے انکار کر دیا تھا۔ پولیس کی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ ملزم منشیات کے نشے میں تھا اور مقتول کے انکار پر وہ مشتعل ہوا۔ یہ واقعہ جائے وقوعہ پر نصب سی سی ٹی وی کیمرے میں بھی ریکارڈ ہوا، قاتل نے آس پاس موجود لوگوں کو چاقو دکھا کر دھمکیاں بھی دیں۔

    دہلی پولیس کا کہنا تھا کہ انھوں نے واردات کے اگلے دن نابالغ کو گرفتار کیا، جس نے پولیس کو بتایا کہ وہ 50 روپے کی بریانی لے رہا تھا لیکن مقتول نے پیسے نہیں دیے، پولیس نے ملزم سے لوٹے گئے 300 روپے بھی برآمد کیے۔

    دہلی پولیس کے مطابق ملزم کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی موجود ہے، اور وہ اپنی ماں کے ساتھ رہتا ہے، جو محلے میں گھریلو ملازمہ کے طور پر کام کرتی ہے۔

  • کسانوں نے پولیس ڈرون کیسے گرایا؟ حیرت انگیز ویڈیو

    کسانوں نے پولیس ڈرون کیسے گرایا؟ حیرت انگیز ویڈیو

    نئی دہلی: بھارت میں سراپا احتجاج کسانوں نے پتنگ سے پولیس ڈرون گرانے کا حیرت انگیز کارنامہ انجام دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں کئی دنوں سے کسانوں کا احتجاج جاری ہے، جسے فی الوقت روک دیا گیا ہے کیوں کہ اتوار کو حکومتی وزرا کے ساتھ مذاکرات کا دوسرا دور چلے گا، تاہم اس احتجاج کے دوران گزشتہ دنوں ایک حیرت انگیز واقعہ رونما ہوا۔

    دہلی میں داخل ہونے کے لیے احتجاج کے دوران پولیس نے کسانوں پر لاٹھی چارج کیا اور کئی مقامات پر ان پر آنسو گیس کے گولے بھی داغے اور ربڑ کی گولیاں چلائیں، پولیس نے آنسو گیس کے گولے چھوڑنے کے لیے ڈرونز کا بھی استعمال کیا۔

    تاہم ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کسانوں نے حیرت انگیز طور پر پتنگ اڑا کر اس کے ذریعے ڈرون کو زمین پر گرا دیا، جس سے لگتا ہے کہ کسانوں نے بھی اس صورت حال سے نمٹنے کے لیے پوری تیاری کی ہوئی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق مظاہروں کے دوران کسانوں نے پتنگیں اڑا کر اپنے اوپر آسمان پر اڑنے والے ڈرونوں کو نیچے گرانے کی کوششیں کیں، امبالا کے قریب شمبھو بارڈر پر پتنگ کے ذریعے آخر کار ایک ڈرون گرانے میں کسان کامیاب ہو گئے۔

    سوشل میڈیا پر کسانوں کی جانب سے پولیس انتظامیہ کے ڈرون پر اس دیسی ’جگاڑ‘ سے حملے کی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے۔ واضح رہے کہ کسان بھارت کی مودی حکومت سے اپنی فصلوں کی زیادہ قیمتوں کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

  • ممبئی میں مسلمان رکشہ ڈرائیور پر شدت پسندوں نے حملہ کر دیا

    ممبئی میں مسلمان رکشہ ڈرائیور پر شدت پسندوں نے حملہ کر دیا

    ممبئی: بھارت میں ہندو انتہا پسندی کے واقعات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، ممبئی میں ایک اور مسلمان رکشہ ڈرائیور پر شدت پسندوں نے حملہ کر دیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست مہاراشٹر کے علاقے ممبرا میں جمعرات کی رات گیارہ بجے 46 سالہ آٹو رکشہ ڈرائیور محمد ساجد محمد یاسین خان کو ہندو انتہا پسندوں نے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا، رکشہ ڈرائیور نے کہا کہ غنڈوں نے ان کے ساتھ مار پیٹ کی اور رکشہ توڑ دیا اور ہندوتوا کے نعرے لگانے کے لیے دھمکایا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ محمد ساجد پر تشدد کرنے میں ملوث 5 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، اور ان کے خلاف رکشہ ڈرائیور پر تشدد، لوٹ مار اور جے شری رام کہنے پر مجبور کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    ایف آئی آر کے مطابق مسلمان ڈرائیور رکشہ اسٹینڈ کی قطار میں مسافروں کا انتظار کر رہا تھا، جب پانچوں ملزمان نے مبینہ طور پر آ کر اسے مارنا شروع کر دیا، انھوں نے اسے فرش پر گرا دیا اور بد سلوکی کے بعد انھوں نے اسے جے شری رام کہنے پر مجبور کیا۔

    پولیس حکام کے مطابق شکایت کنندہ کو بعد میں معلوم ہوا کہ ہندو حملہ آوروں نے اس کے رکشے سے 2000 روپے بھی چرائے تھے۔

  • آلو اور ٹماٹر پیدا کرنے والا جادوئی پودا، ویڈیو دیکھیں

    آلو اور ٹماٹر پیدا کرنے والا جادوئی پودا، ویڈیو دیکھیں

    اگر آپ آلو پکانا چاہ رہے ہیں تو ٹماٹروں کی ضرورت تو پڑے گی ہی اور اگر آپ کے گھر میں ایک ایسا آلو کا پودا ہو کہ جس پر ٹماٹر بھی لگتے ہوں تو اس سے بڑی سہولت اور کیا ہوگی؟۔

    جہاں پوری دنیا میں زراعت کے شعبے میں جدت دیکھنے میں آرہی ہے، وہیں کسانوں کی توجہ موسمیاتی تبدیلیوں سے بچتے ہوئے کم وسائل کے ساتھ زیادہ پیداوار حاصل کرنے پر ہے۔

    حال ہی میں بھارت کے ایک کسان نے ایک ہی پودے سے آلو اور ٹماٹر اگانے کا کارنامہ انجام دیا ہے جس کی جڑوں میں آلو پیدا ہوتے ہیں جبکہ اس کی شاخوں پر سرخ ٹماٹر اُگتے ہیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Alen Joseph (@agrotill)

    اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ دو مختلف پودوں سے دو مختلف سبزیاں اگانا کیسے ممکن ہے؟ بھارتی میڈیا کے مطابق ڈرافٹنگ کی مدد سے ایک پودے سے دو مختلف سبزیاں اگائی جاسکتی ہیں۔

    مذکورہ بھارتی کسان نے اس پودے کا نام ’پوماٹو‘ رکھا ہے، اس کا کہنا ہے کہ ڈرافٹنگ کی مدد سے ایک ہی پودے سے دو مختلف اقسام اور زیادہ پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے۔

    کسان نے اپنی ویڈیو میں بتایا کہ ایک پودے سے 2 کلو ٹماٹر اور ڈیڑھ کلو آلو باآسانی حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

  • پٹرول ختم ہونے پر مسافر کا بائیک سے اترنے سے انکار، ویڈیو وائرل

    پٹرول ختم ہونے پر مسافر کا بائیک سے اترنے سے انکار، ویڈیو وائرل

    حیدرآباد: بھارتی شہر حیدرآباد میں ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں بائیک میں پٹرول ختم ہونے کے بعد بھی رائیڈر مسافر کو بائیک سمیت پمپ کی طرف کھینچ کے لے جاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

    یہ واقعہ بھارتی شہر حیدرآباد میں پیش آیا، جہاں بائیک ٹیکسی کا چلن عام ہو رہا ہے، لوگ ٹریفک میں جلد سے جلد اپنے مقام پر پہنچنے کے لیے بائیک ٹیکسی کر لیتے ہیں، تاہم ایک واقعے میں جب بائیک میں پٹرول ختم ہو گیا تو مسافر نے اترنے سے یہ کہہ کر انکار کر دیا کہ وہ پیسے دے رہا ہے، پیدل کیوں چلے وہ۔

    ریپیڈو نامی بائیک سروس بک کروانے والے شہری نے جب بائیک سے اترنے سے انکار کیا تو مجبوراً رائیڈر نے پٹرول پمپ تک اسی حالت میں بائیک دھکیلتے ہوئے پہنچائی۔

    سڑک سے گزرنے والے ایک شخص نے اس منظر کی ویڈیو بنا لی، جو تیزی کے ساتھ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

  • بھارت: علما نے مسلمانوں سے 15 فروری کو بچے اسکول نہ بھیجنے کی اپیل کر دی

    بھارت: علما نے مسلمانوں سے 15 فروری کو بچے اسکول نہ بھیجنے کی اپیل کر دی

    جے پور: بھارتی ریاست راجستھان میں علما نے مسلمانوں سے 15 فروری کو اپنے بچے اسکول نہ بھیجنے کی اپیل کر دی ہے، انھوں نے مقامی حکومت کے یوگا کے بہانے ’لازمی سوریہ نمسکار‘ کے احکامات کو مسترد کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں راجستھان حکومت نے اسکولوں میں ’سوریہ نمسکار‘ لازم کرنے کی ہدایت جاری کی ہے، 15 فروری کو تمام اسکولوں میں سوریہ سپتمی کے موقع پر یوگا لازمی طور پر کیا جائے گا، جس پر جمعیت علمائے راجستھان نے اپیل کی ہے کہ مسلمان طبقہ 15 فروری کو اپنے بچے اسکول نہ بھیجیں اور تقریب کا بائیکاٹ کریں۔

    جے پورمیں ہونے والے مجلس عاملہ اجلاس میں قرارداد منظور کی گئی، جس میں اسکولوں میں 15 فروری کو سوریہ سپتمی کے موقع پر طلبہ، والدین اور دیگر کے لیے اجتماعی ’سوریہ نمسکار‘ کے حکومتی حکم کی مذمت کی گئی، اور کہا گیا کہ یہ مذہبی معاملات میں کھلی مداخلت اور آئین میں دی گئی مذہبی آزادی کے خلاف ہے۔

    دوسری طرف جمعیت علمائے ہند سمیت دیگر مسلم تنظیموں نے راجستھان ہائی کورٹ میں ایک مشترکہ درخواست بھی دائر کی ہے، جس میں 15 فروری کے پروگرام اور اسکولوں میں لازمی سوریہ نمسکار کے فیصلے کو کالعدم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے، عدالت نے اس درخواست کی سماعت کے لیے 14 فروری کی تاریخ مقرر کی ہے۔

    مجلس عاملہ کے اجلاس میں علما نے واضح کیا کہ ہندو سماج میں سوریہ کو خدا/دیوتا کے طور پر پوجا جاتا ہے، اس عمل میں بولے جانے والے کلمات، اشلوک وغیرہ جیسی سرگرمیاں پوجا کی ایک شکل ہیں، جب کہ مسلمانوں کے لیے اللہ کے سوا کسی اور کی عبادت شرک ہے، اس لیے امت مسلمہ کسی بھی صورت میں اسے قبول نہیں کرے گی۔

    علما نے کہا کسی بھی جمہوری ملک میں یوگا کے بہانے کسی خاص مذہب کے عقائد کو دوسرے مذاہب کے لوگوں پر مسلط کرنا، بالخصوص بچوں کو مجبور کرنا آئینی اصولوں اور مذہبی آزادی نیز چائلڈ رائٹس کی کھلی خلاف ورزی اور ایک مذموم کوشش ہے۔

  • راہول گاندھی سائیکل پر کوئلہ ڈھونے لگے

    راہول گاندھی سائیکل پر کوئلہ ڈھونے لگے

    رانچی: سائیکل پر دو دو سو کلو کوئلہ ڈھونے کا احساس کیسا ہوتا ہے، بھارتی اپوزیشن پارٹی کے اہم سیاست دان راہول گاندھی بھی سائیکل پر کوئلہ ڈھونے لگے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی سیاسی پارٹی کانگریس کی مہم ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ کے دوران راہول گاندھی نے سائیکل پر کوئلہ ڈھونے والے مزدوروں سے ملاقات کی، اور خود بھی کوئلہ ڈھوتے نظر آئے۔

    کانگریس کی ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ 2 فروری کو جھارکھنڈ میں داخل ہوئی اور پاکوڑ، دھنباد، بوکارو اور رام گڑھ ہوتے ہوئے رانچی پہنچی، 4 فروری کو رام گڑھ سے رانچی روانہ ہونے والے راہل گاندھی کی ملاقات راستے میں کوئلہ ڈھونے والے مزدوروں سے ہوئی، انھوں نے وہاں رک ان کی سائیکل چلا کر انھیں ہم درد ہونے کا احساس دلایا۔

    ایکس پر راہل گاندھی نے ان مزدوروں سے ملاقات کی تصویریں بھی شیئر کیں، جن میں وہ ان سے بات کرتے اور ان کی سائیکل چلاتے ہوئے نظر آتے ہیں، راہل گاندھی نے لکھا ’’سائیکل پر 200-200 کلو کوئلہ لے کر روز 30-40 کلومیٹر چلنے والے ان نوجوانوں کی کمائی برائے نام ہے، بغیر ان کے ساتھ چلے، ان کے وزن کو محسوس کیے، ان کے مسائل کو نہیں سمجھا جا سکتا۔‘‘

    راہل گاندھی کا کہنا تھا کہ اگر ان نوجوان محنت کشوں کی زندگی کی گاڑی سست پڑی تو بھارت کی تعمیر کا پہیہ بھی تھم جائے گا۔

  • ویڈیو رپورٹ: سال 2023 مقبوضہ کشمیر میں جاری داستان ظلم پر ایک نظر

    ویڈیو رپورٹ: سال 2023 مقبوضہ کشمیر میں جاری داستان ظلم پر ایک نظر

    مقبوضہ کشمیر میں اب تک تقریباً ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا جا چکا ہے، اور لاکھوں کی تعداد میں کشمیری قید کیے گئے، اب تک 23 ہزار سے زائد خواتین بیوہ اور 1 لاکھ سے زائد بچے یتیم ہوئے۔ یہاں گزشتہ برس مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے اہم واقعات پیش کیے جا رہے ہیں۔

    فروری 2023 میں جموں و کشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو انسانیت سوز تشدد کا نشانہ بنایا گیا، 2 فروری 2023 کو حریت رہنما قاضی یاسر کے گھر اور دکانوں کو مسمار کر دیا گیا، 9 جعلی مقابلوں میں 27 کشمیریوں کو شہید کیا گیا۔

    عمر عبداللہ اور راہول گاندھی کی جانب سے با رہا مقبوضہ کشمیر کی ریاستی بحالی کے مطالبے کیے گئے، 8 جولائی 2023 کو کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی پر بھارتی سپریم کورٹ میں سماعت شروع کی گئی، 7 اگست 2023 کو کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی بیٹی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو خط کے ذریعے والد کو سزائے موت سے بچانےکی اپیل کی۔

    7 اگست کو برطانیہ کی ایسٹ اینگلیہ یونیورسٹی کے پاکستانی طلبہ کی جانب سے دنیا بھر میں کشمیر کی آزادی کے لیے مختلف سیمینار کا انعقاد کیا گیا، 24 اگست کو ایمنسٹی انٹرنیشنل میں متعدد انسانی حقوق کی تنظیموں نے مشترکہ خط شائع کیا، جی 20 ممالک کی حکومتوں سے مطالبہ کیا گیا کہ بھارتی حکومت کے سامنے کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے لیے آواز اٹھائیں۔

    ویڈیو رپورٹ: مقبوضہ کشمیر پر ہندوستان کے غاصبانہ قبضے کو 76 سال مکمل

    23 ستمبر کو حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق کو جیل سے رہا کر دیا گیا، مقبوضہ کشمیر میں 12 اکتوبر کو بھارتی اسکالرشپ اسکیم کا ڈراما رچایا گیا جسے کشمیری طلبہ نے مسترد کر دیا، 13 نومبر کو کارگل اور لداخ میں بھارت کے خلاف مظاہرے کیے گئے، 11 دسمبر کو سوشل میڈیا پر کشمیر میڈیا کو بھارت کے خلاف تنقید کرنے کو ظلم کا نام دیا گیا، 14 دسمبر کو بھارتی سپریم کورٹ نے کشمیر کا تاریخی متعصبانہ فیصلہ سنایا۔

    23 دسمبر کو 3 نہتے کشمیریوں کو پونچھ کے علاقے میں بھارتی فوج کے زیر حراست شہید کر دیا گیا، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کا قبضہ ہے لیکن آج بھی کشمیری اپنی آزادی کے لیے پُر امید ہیں اور ان کی جدوجہد جاری رہے گی۔

  • ویڈیو رپورٹ: مقبوضہ کشمیر پر ہندوستان کے غاصبانہ قبضے کو 76 سال مکمل

    ویڈیو رپورٹ: مقبوضہ کشمیر پر ہندوستان کے غاصبانہ قبضے کو 76 سال مکمل

    مقبوضہ کشمیر پر ہندوستان کے غاصبانہ قبضے کو 76 سال مکمل ہو گئے، ہر سال کشمیری 5 فروری کو بھارتی قبضے کے خلاف یوم سیاہ مناتے ہیں۔

    چھہتر سال قبل ہندوستانی افواج نے بغیر کسی آئینی اور اخلاقی جواز کے کشمیر پر قبضہ کر لیا تھا، تقسیم ہند کے وقت کشمیر کی مقامی قیادت نے پاکستان کے ساتھ الحاق کا فیصلہ کیا تھا، تاہم مہاراجہ ہری سنگھ نے ہندوستان سے الحاق کے بدلے میں فوجی مدد مانگی تھی۔

    ہندوستان نےغیر قانونی طورپر مسلم اکثریتی کشمیر میں تقریباً 10 لاکھ فوجی تعینات کر رکھے ہیں، اور مقبوضہ کشمیر کے عوام پچھلے 76 سال سے جاری ظلم و ستم کی انتہا پر ہیں، 5 اگست 2019 کو ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت بھی منسوخ کر دی۔

    ہندوستانی افواج اب تک مقبوضہ کشمیر میں ڈھائی لاکھ کشمیریوں کو شہید جب کہ 7 ہزار سے زائد ماورائے عدالت قتل کر چکی ہے، 1 لاکھ سے زائد بچے یتیم جب کہ 11 ہزار سے زائد خواتین زیادتی کا شکار ہوئیں، مقبوضہ کشمیر میں اب تک 16 لاکھ کشمیری گرفتار جب کہ 11 سو سے زائد املاک نذرِ آتش کی جا چکی ہیں، 2019 سے مقبوضہ کشمیر میں اب تک انٹرنیٹ کی طویل ترین بندش جاری ہے۔

    اقوام متحدہ کی جانب سے مقبوضہ کشمیرمیں اب تک 5 قراردادیں منظورکی جا چکی ہیں، مگر ایک پر بھی عمل درآمد نہ ہو سکا، ہیومن رائٹس واچ نے رپورٹ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام پر بہیمانہ مظالم میں بے جے پی ملوث ہے، جینوسائیڈ واچ پہلے ہی دنیا کو مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی کی مہم سے خبردار کر چکی ہے۔

    ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق فروری 2023 میں ہندوستان نے مقبوضہ وادی میں مسلم اکثریتی علاقوں کو مسمار کرتے ہوئے انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی کی، الجزیرہ نے رپورٹ کیا کہ کشمیر کو ہندوستان کی بربریت کے باعث بے شمار نقصان اٹھانا پڑا۔

    واضح رہے کہ پانچ فروری کو پاکستان میں یومِ سیاہ منانے کا مقصد دنیا کو ہندوستان کے ظالمانہ فعل سے آگاہ کرنا ہے۔

  • ویڈیو رپورٹ: ہندوتوا نظریے کے حامل 300 سے زائد غنڈوں کا پیدل چلتے مسلمانوں پر تشدد

    ویڈیو رپورٹ: ہندوتوا نظریے کے حامل 300 سے زائد غنڈوں کا پیدل چلتے مسلمانوں پر تشدد

    بھارت میں مسلمانوں کے خلاف ظلم و ستم کا سلسلہ جاری ہے، بھارت میں اقلیتوں پر پہلے سے جاری ظلم و ستم انتہا پسند مودی سرکار کے آنے کے بعد اب بربریت کی شکل اختیار کر چکا ہے، مودی سرکار دنیا میں سیکولرزم کا پرچار کرتی ہے مگر حقیقت یہ ہے کہ ہندووٴں کے سوا بھارت میں کوئی بھی اقلیت محفوظ نہیں ہے۔

    دی وائر اور ہندوتوا واچ کے مطابق ہندوتوا نظریے کے پیروکاروں نے شانتی نگر میرا روڈ ممبئی میں مسلمان دکان داروں پر حملہ کیا، ہندوتوا نظریے کے حامل 300 سے زائد غنڈوں نے میرا روڈ پر پیدل چلنے والے نہتے مسلمانوں پر دھاوا بولا اور تشدد کیا۔

    بی جے پی کے کارندوں نے مسلمانوں پر ڈنڈے برسائے اور پتھراوٴ کیا جب کہ گاڑیوں اور املاک کو نقصان بھی پہنچایا، مشتعل ہجوم نے 50 سے زائد مسلمانوں کو زخمی کیا اور لاکھوں کی املاک کو نقصان پہنچایا، جب کہ بھارتی پولیس نے پرتشدد ہجوم کو توڑ پھوڑ سے نہیں روکا، بھارتی پولیس نے بلوائیوں کے خلاف شواہد کی موجودگی کے باوجود کوئی ایف آئی آر درج نہ کرائی بلکہ مجرمان کو تحفظ فراہم کرتی رہی۔

    ایودھیا میں مسلمانوں کی بابری مسجد کے مقام پر ہندو مندر کی تعمیر سے آر ایس ایس اور بی جے پی کے کارندوں کو تقویت ملی ہے اور اقلیتوں کے خلاف مظالم میں مزید اضافہ ہوا ہے، مذہب کے نام پر اپنی سیاست چمکانے والی مودی سرکار مسلمانوں کے خلاف کھلم کھلا غنڈہ گردی اور دہشت گردی میں ملوث ہے۔