Tag: India

  • مودی سرکار نے 4 قبائلی کارکنان کی ’دھمکی‘ سے گھبرا کر انھیں گرفتار کر لیا

    مودی سرکار نے 4 قبائلی کارکنان کی ’دھمکی‘ سے گھبرا کر انھیں گرفتار کر لیا

    جھارکھنڈ: بھارتی وزیر اعظم مودی کے دورہ جھارکھنڈ کے دن خود سوزی کا اعلان کرنے والے چار قبائلی کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نریندر مودی کے دورہ جھارکھنڈ کے موقع پر آج ہندوستان کی مردم شماری میں قبائلیوں کی آزادانہ مذہبی گنتی کا مطالبہ کرنے والی تنظیم ’آدیواسی سینگال ابھیان‘ کے چارکارکنوں نے خود سوزی کا اعلان کیا تھا، جس پر حکام نے گھبرا کر انھیں حراست میں لے لیا۔

    تنظیم کے سربراہ اور سابق بی جے پی رکن پارلیمنٹ سالکھن مرمو نے کارکنوں کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے شہری چندر موہن مارڈی، پرتھوی مرمو، وکرم ہیمبرام اور کانہورام ٹوڈو شامل ہیں۔ ان کارکنوں نے مودی کے دورے کے دن گاؤں الیہاتو میں خود کشی کی دھمکی دے رکھی تھی۔

    واضح رہے آج 15 نومبر کو مودی تحریک آزادی کے قبائلی ہیرو برسا منڈا کو ان کی یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے کھونٹی ضلع میں ان کے گاؤں الیہاتو کا دورہ کرنے والے تھے۔

    تنظیم ’آدیواسی سینگال ابھیان‘ کے کارکنوں نے دھمکی دی تھی کہ اگر اس دن مودی نے ہندوستان کی مردم شماری میں قبائلیوں کے لیے علیحدہ مذہبی ضابطے کی فراہمی کا اعلان نہیں کیا تو وہ وہیں خود کشی کر لیں گے۔

    واضح رہے کہ ہندوستان میں مردم شماری کے لیے استعمال ہونے والے فارم میں مذہب کے کالم میں قبائلی برادری کے لیے الگ شناخت درج کرنے کا کوئی آپشن نہیں ہے۔ مردم شماری فارم میں ہندو، اسلام، سکھ، عیسائیت، بدھ مت اور جین کے علاوہ دیگر مذاہب کے پیروکاروں کا ڈیٹا ’دیگر‘ کے طور پر جاری کیا جاتا ہے۔ قبائلیوں کا کہنا ہے کہ وہ ’سرنا مذہب‘ کی پیروی کرتے ہیں، اور پورے ملک میں ان کی ایک بڑی آبادی ہے، اس لیے انھیں ملک میں ایک منفرد اور الگ شناخت دلانے کے لیے مردم شماری کے فارم میں سرنا مذہب کے ضابطے کا کالم ضروری ہے۔

  • اسپتال سے گھر جاتے ہوئے ماں نے نوزائیدہ بچے کی لاش ندی میں پھینک دی

    اسپتال سے گھر جاتے ہوئے ماں نے نوزائیدہ بچے کی لاش ندی میں پھینک دی

    راجوری: مقبوضہ کشمیر میں ایک ماں نے اسپتال سے گھر جاتے ہوئے اپنے نوزائیدہ بچے کی لاش ندی میں پھینک دی۔

    تفصیلات کے مطابق جموں کے سرحدی ضلع راجوری کے ایک علاقے میں ایک خاتون نے بچہ پیدا ہونے کے بعد اسپتال سے گھر جاتے ہوئے اس کی لاش راجوری ندی میں بہا دی۔

    راجوری پولیس کے مطابق 9 نومبر 2023 کو راجوری کے نابھن محلہ کے قریب ایک نالے میں ایک نوزائیدہ بچے کی لاش دیکھی گئی تھی، جموں و کشمیر پولیس کا کہنا ہے کہ نوزائدہ بچے کو ندی میں پھینکنے پر ماں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    نوزائیدہ بچے کی لاش ملنے کے بعد پولیس نے تحقیقات کیں تو معلوم ہوا کہ پنجگریاں کے گاؤں نائیکا کی رہائشی خاتون پرویز اختر زوجہ نعیم احمد نے بچے کو جی ایم سی ایسوسی ایٹڈ اسپتال راجوری میں جنم دیا تھا، گھر واپس آتے ہوئے کنبے نے بچے کو ندی کے پانی میں پھینک دیا۔

    راجوری پولیس کا کہنا تھا کہ خاتون کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے، واضح رہے کہ وادی کشمیر سمیت صوبہ جموں میں بھی رواں برس متعدد ایسے کیسز سامنے آئے جن میں نوزائدہ بچوں کو یا تو اسپتال میں ہی چھوڑ کر والدہ فرار ہو گئی یا سڑکوں کے کنارے حتیٰ کہ ندی نالوں میں بھی نوزائدہ بچوں کی لاشیں برآمد ہوئیں۔

  • بے روزگاروں نے عجیب و غریب قدم اٹھا لیا

    بے روزگاروں نے عجیب و غریب قدم اٹھا لیا

    حیدرآباد: بھارتی ریاست تلنگانہ میں حکومت کے خلاف آج سے بے روزگار شہری ایک بس یاترا شروع کر رہے ہیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست تلنگانہ میں بے روزگار شہریوں نے آج سے ایک بس یاترا شروع کی ہے، اس سفر کے دوران عوام کو حکومت کی ناکامیوں سے متعلق روشناس کرایا جائے گا۔

    انڈین الیکشن کمیشن نے بھی بے روزگاروں کی بس یاترا کو اجازت دے دی ہے جو ریاست بھر میں آج سے شروع ہو رہی ہے، بس یاترا کا آغاز 4 بجے گن پارک سے ہوگا، اور پروفیسر ہرگوپال، کودنڈارام اور ریٹائرڈ آئی اے ایس آفیسر مرلی اس بس کو رخصت کریں گے۔

    یاترا کنوینر نے میڈیا کو بتایا کہ بس یاترا اس مہینے کی 25 تاریخ تک جاری رہے گی، 10 روزہ یاترا کے دوران تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کلواکونٹلہ چندراشیکر راؤ کی دس سالہ ناکامیوں کو عوام کے سامنے بیان کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دس برسوں سے تلنگانہ پر بھارت راشٹر سمیتھی کی حکومت ہے۔ ادھر کانگریس نے اعلان کیا ہے کہ اگر وہ جیت گئی تو وہ بی آر ایس کی تمام اسکیمیں کچرے میں پھینک دے گی، کانگریس نے ووٹرز سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاط کے ساتھ اپنا ووٹ استعمال کریں۔

  • مودی راج میں کسان اور اڈانی کی روزانہ اور فی گھنٹہ کمائی کتنی؟

    مودی راج میں کسان اور اڈانی کی روزانہ اور فی گھنٹہ کمائی کتنی؟

    بھوپال: کانگریس کی جنرل سیکریٹری پریانکا گاندھی نے کہا ہے کہ مودی راج میں کسان روزانہ 27 روپے اور اڈانی ایک گھنٹے میں 70 کروڑ روپے کما رہے ہیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مدھیہ پردیش میں اسمبلی انتخاب کے پیش نظر کانگریس اور بی جے پی سمیت دیگر پارٹیوں کی انتخابی مہم میں تیزی آ گئی ہے، پریانکا گاندھی نے بھی مدھیہ پردیش میں ایک بڑے جلسے خطاب میں وزیر اعظم مودی پر خوب تنقید کی۔

    انھوں نے کہا مہنگائی بڑھتی جا رہی ہے، خواتین آدھے ادھورے سامان کے ساتھ بازار سے لوٹ آتی ہیں، ہماری حکومتیں جہاں بھی ہیں، ہم نے اپنے کاموں سے عوام کو مہنگائی سے نجات دلائی ہے، مودی کے راج میں جہاں ملک کا کسان ایک دن میں 27 روپے کما رہا ہے، وہیں اڈانی ایک دن میں 1600 کروڑ روپے کما رہا ہے۔

    پریانکا گاندھی نے کہا جب ہم ذات پر مبنی مردم شماری کی بات کرتے ہیں تو بی جے پی خاموش ہو جاتی ہے، ہم ذات پر مبنی مردم شماری چاہتے ہیں کہ پتا چلے کس ذات کے کتنے لوگ ہیں تاکہ ان کو ان کی ضرورت کے مطابق دیا جائے۔

    انھوں نے اپنی دادی اندرا گاندھی کو یاد کرتے ہوئے کہا آج آپ ان کو یاد کرتے ہیں کیوں کہ انھوں نے اپنی زندگی عوام کی خدمت میں لگا دی تھی، آج بھی لوگ مجھ سے کہتے ہیں کہ آپ کی دادی نے ہمیں پٹّے دلوائے، غریبوں کو پانی، جنگل، زمین پر حق دیا۔

  • اسکول پرنسپل نے ’حفاظت‘ کے لیے ہتھیار اٹھا لیے، ویڈیو وائرل

    اسکول پرنسپل نے ’حفاظت‘ کے لیے ہتھیار اٹھا لیے، ویڈیو وائرل

    علی گڑھ: بھارتی ریاست اترپردیش کے ایک اسکول میں پرنسپل نے ’حفاظت‘ کے لیے ہتھیار اٹھا لیے، جس پر انھیں دیہاتیوں کے غصے کا سامنا کرنا پڑ گیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی شہر علی گڑھ کے ایک اسکول پرنسپل کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے، جس میں ایک گاؤں میں پرائمری اسکول کے پرنسپل کو اسکول میں شارٹ گن لے کر جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

    پرنسپل کو شارٹ گن کے ساتھ اسکول کے احاطے میں دیکھ کر گاؤں والے غصہ ہو گئے، اور ان پر اعتراض کر کے جھگڑنے لگے، گاؤں والوں کا کہنا تھا کہ پرنسپل کو آخر کس سے خطرہ ہے، اس سوال پر پرنسپل آئیں بائیں شائیں کرتے رہے۔

    پرنسپل دھرمیندر کمار شرما اپنی کارروائی کا دفاع کرتے ہوئے دعویٰ کرتے رہے کہ انھوں نے اپنی ’حفاظت‘ کے لیے ہتھیار اٹھایا ہے، گاؤں والوں نے الزام لگایا کہ شرما سے جب بندوق کا پوچھا گیا تو انھوں نے بدکلامی کی۔

    ویڈیو نے گاؤں کے مقامی لوگوں میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی، اور انھوں نے پرنسپل کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا، گاؤں کے سرپنچ نے پرنسپل شرما پر یہ الزام بھی لگایا کہ وہ بچوں کو پڑھانے پر توجہ کی بجائے زیادہ وقت موبائل پر صرف کرتا ہے۔

    ادھر حکام نے انٹرنیٹ پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد واقعے کا نوٹس لے لیا ہے اور واقعے کی تفصیلی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ ضلعی تعلیمی افسر اسکول کا دورہ بھی کیا۔

  • مودی کابینہ کے مرکزی وزیر کے بیٹے کی کرپشن کی ویڈیو وائرل

    مودی کابینہ کے مرکزی وزیر کے بیٹے کی کرپشن کی ویڈیو وائرل

    بھوپال: بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے مرکزی وزیر نریندر تومر کے بیٹے دیوندر تومر کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے، جس میں وہ مائننگ سے تعلق رکھنے والے تاجروں سے کروڑوں روپے لینے کے لیے کئی بینک اکاؤنٹس کے بندوبست کی بات کر رہا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مودی کابینہ کے مرکزی وزیر نریندر تومر کے بیٹے کی کروڑوں روپے لین دین کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے، جس پر کانگریس پارٹی کی قومی ترجمان سپریا شرینیت نے بھوپال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے ریٹائر جج سے اس معاملے کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔

    نریندر سنگھ تومر بی جے پی امیدوار ہیں، اور وہ 2014 سے 2019 کے درمیان مرکزی وزیر برائے کانکنی رہ چکے ہیں، کانگریس کی خاتون رہنما نے مودی سرکار پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مودی جی کو ای ڈی، ای ڈی کھیلنے کا بڑا شوق ہے لیکن اس معاملے میں سی بی آئی، ای ڈی اور انکم ٹیکس کو جیسے سانپ سونگھ گیا ہے۔

    ترجمان سپریا شرینیت نے کہا انتخابات کے دوران ایسی ویڈیو سے یہ اندیشہ بھی پیدا ہوا ہے کہ یہ بلیک منی کہاں لگائی گئی ہے، انتخابی کمیشن کو اس ویڈیو کا نوٹس لے کر اس کی سچائی کا پتا لگانا چاہیے، اس بدعنوانی کے تار کہاں تک جڑے ہیں؟ ایک تنہا لڑکا مدھیہ پردیش میں اتنا بڑا گورکھ دھندا نہیں چلا سکتا۔

    سپریا شرینیت کے مطابق وائرل ویڈیو میں آر بی آئی ریٹائرڈ کمشنر کے ذریعہ کسی پارٹی کے 100 کروڑ روپے دینے کی بات کی گئی، کچھ کاروباری لوگوں سے بھی پیسے لینے کی بات کی گئی، اور راجھستان کے کوئلے کی کانوں کے ایک فرم سے 39 کروڑ کے معاہدے کی بات بھی کی گئی، دہلی ایئرپورٹ پر دیوندر تومر کی بیوی کے نام کسی پارسل کے پہنچنے کا بھی ذکر ہوا۔

    کانگریس ترجمان سپریا شرینیت نے کہا کہ یہ کھیل اپریل سے کھلے طور پر چل رہا ہے اور ریاستی حکومت اور وزیر اعظم نریندر مودی آنکھوں پر پٹی باندھ کر انجان بنے ہوئے ہیں۔

  • مودی نے گالیاں دینے، جھوٹ بولنے کا کارخانہ کھول رکھا ہے: صدر کانگریس

    مودی نے گالیاں دینے، جھوٹ بولنے کا کارخانہ کھول رکھا ہے: صدر کانگریس

    نئی دہلی: کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے وزیر اعظم مودی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ پی ایم مودی جھوٹوں کے سردار ہیں، انھوں نے گالیاں دینے اور جھوٹ بولنے کا کارخانہ کھول رکھا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کے روز چھتیس گڑھ میں عوامی جلسوں کو خطاب کرتے ہوئے انڈین نیشنل کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

    انھوں نے کہا کہ پی ایم مودی نے اپنا کوئی بھی وعدہ وفا نہیں کیا، مودی جھوٹوں کے سردار ہیں، انھوں نے گالیاں دینے اور جھوٹ بولنے کا کارخانہ کھول رکھا ہے، وزیر اعظم اور وزیر داخلہ امت شاہ چھتیس گڑھ آ کر ماحول خراب کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

    کھڑگے نے عوام سے وعدہ کیا کہ اگر چھتیس گڑھ میں دوبارہ کانگریس حکومت بنی تو کسانوں کا قرض معاف ہوگا، کے جی سے لے کر پی جی تک بچوں کو مفت تعلیم ملے گی، 500 روپے فی سلنڈر سبسڈی خواتین کے اکاؤنٹس میں جمع ہوگی، 200 یونٹ تک بجلی مفت ملے گی اور 17 لاکھ 50 ہزار غریب کنبوں کو خود کا گھر ملے گا۔

    انھوں نے کہا منی پور میں حالات خراب ہیں لیکن وزیر اعظم مودی ایک بار بھی منی پور نہیں گئے، مودی جی آنکھ موند کر بیٹھے ہوئے ہیں۔

  • بھارت نے روسی خام تیل کی خرید کم، سعودی تیل کی خرید میں اضافہ کر دیا

    بھارت نے روسی خام تیل کی خرید کم، سعودی تیل کی خرید میں اضافہ کر دیا

    نئی دہلی: بھارت نے روسی خام تیل کی خرید میں کمی، اور سعودی خام تیل کی خرید میں اضافہ کر دیا ہے۔

    روئٹرز کے مطابق اکتوبر میں قیمتوں میں اضافے کے بعد ہندوستان کی روسی تیل کی درآمدات میں کمی آ گئی ہے جب کہ سعودی عرب سے سپلائی میں اضافہ ہو گیا ہے۔

    انرجی کارگو ٹریکر وورٹیکسا کے اعداد و شمار کے مطابق روس سے بھارت کی خام تیل کی درآمد میں اکتوبر میں پچھلے مہینے کے مقابلے میں 4 فی صد سے زیادہ کی کمی آئی ہے۔

    خام تیل کے سلسلے میں ماسکو انڈیا کے لیے اہم سپلائر ہے، تاہم روسی تیل پر رعایت کم ہو رہی ہے، جس کی وجہ سے تیل کی قیمت کی حد میں اضافہ ہو گیا ہے اور بھارتی ریفائنرز کے لیے ادائیگی کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔

    اکتوبر میں بھارت نے روس سے 1.55 ملین بیرل یومیہ خام تیل درآمد کیا، جو پچھلے مہینے کے 1.62 ملین بی پی ڈی سے کم ہے۔ دوسری طرف بھارت نے سعودی عرب سے اپنی درآمدات میں اضافہ کر دیا ہے، اکتوبر میں بھارت کو سعودی عرب سے یومیہ 9 لاکھ 24 ہزار بیرل کی ترسیل موصول ہوئی، جو کہ ایک ماہ قبل ریکارڈ کی گئی 523000 بی پی ڈی سے کافی زیادہ ہے۔

    مودی نے کون سا خفیہ ٹیکس لگایا ہے؟ راہل گاندھی نے بتا دیا

    کمی کے باوجود روسی تیل اب بھی اکتوبر کے مہینے کے لیے بھارت کی کل خام تیل کی درآمدات کا تقریباً 34 فی صد ہے۔ بھارت کو خاص روسی تیل ’’روسی یورال‘‘ پر نمایاں رعایت حاصل ہے، اکتوبر میں بھارت نے 1.39 ملین بی پی ڈی روسی یورال درآمد کیا، جو پچھلے مہینے میں 1.16 ملین بی پی ڈی سے زیادہ ہے۔

  • مودی نے کون سا خفیہ ٹیکس لگایا ہے؟ راہل گاندھی نے بتا دیا

    مودی نے کون سا خفیہ ٹیکس لگایا ہے؟ راہل گاندھی نے بتا دیا

    نئی دہلی: بھارتی سیاست دان راہل گاندھی نے وزیر اعظم مودی کے ’خفیہ ٹیکس‘ سے نقاب اتار پھینک دیا، انھوں نے کہا کہ مودی نے ملک کو دیمک کی طرح کھوکھلا کرنے والا ایک خفیہ ٹیکس لگا رکھا ہے، یہ ہے ’اڈانی ٹیکس۔‘

    تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں وہ تلنگانہ میں واقع سنگرینی کوئلہ کان کے مزدوروں کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ سنگرینی کوئلہ کان کے مزدوروں سے مل کر پتا چلا کہ ان کا استحصال بڑی سازش کا حصہ ہے، مودی نے پہلے ہندوستانی کانوں کی نجکاری کی، پھر بیرون ملک سے مہنگا کوئلہ درآمد کیا، اور پھر بجلی کا بل بڑھا کر عوام کی جیب کاٹنا شروع کر دیا۔ راہل گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے دراصل ملک کو دیمک کی طرح کھوکھلا کرنے والا ایک ’خفیہ ٹیکس‘ لگا رکھا ہے جو اڈانی ٹیکس ہے۔

    راہل گاندھی نے کوئلہ کانوں کی نجکاری کو لیبر ایکٹ کی خلاف ورزی قرار دیا، اپنے یوٹیوب چینل پر شیئر کی گئی ویڈیو میں انھوں نے کہا کہ کان کنوں کے مسائل سننے کے بعد مجھے پتا چلا کہ ہر مسئلے کی جڑ کوئلہ کانوں کی نجکاری ہے، کانگریس کا رخ بہت واضح ہے، اسٹریٹجک شعبوں میں کوئی نجکاری نہیں ہونی چاہیے۔

    انھوں نے کہا اس نجکاری سے کچھ سرمایہ داروں کو فائدہ ہوگا اور نتیجہ وہی ہوگا جو میں طویل مدت سے کہتا آ رہا ہوں، یعنی امیر مزید امیر ہو جائیں گے، اور غریب مزید غریب ہو جائیں گے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ پہلے بھی کوئلے کی یہ کانیں اڈانی کو فروخت کرنے کی کوشش کی گئی تھی، لیکن ہم نے اسے رکوایا۔

  • ورلڈ ڈرگ رپورٹ نے بھارت سے متعلق مودی سرکار کے پروپیگنڈے کا پول کھول دیا

    ورلڈ ڈرگ رپورٹ نے بھارت سے متعلق مودی سرکار کے پروپیگنڈے کا پول کھول دیا

    ورلڈ ڈرگ رپورٹ 2023 نے مودی سرکار کے منشیات متاثرہ ملک کے پروپیگنڈے کا پول کھول دیا ہے، بھارت میں منشیات اسمگلنگ میں مودی کا کار خاص گوتم اڈانی بھی ملوث نکلا ہے۔

    حالیہ ورلڈ ڈرگ رپورٹ کے مطابق منشیات اسمگلنگ اور افیون کے استعمال کی ایک بڑی ایشیائی مارکیٹ بھارت ہے، بھارتی نارکوٹکس کنٹرول بورڈ کا کہنا ہے کہ 5 کروڑ سے زائد ہندوستانی نشے کا شکار ہیں، ایک کروڑ 10 لاکھ ہندوستانی صرف افیون کے نشے کا شکار ہیں۔

    ورلڈ ڈرگ رپورٹ کے مطابق جنوبی ایشیا کے 90 فی صد اور دنیا کے 34 فی صد افیون کے عادی افراد ہندوستانی ہیں، بھارت میں 10 سال سے کم عمر بچوں کے منشیات کے استعمال میں گزشتہ دہائی میں 21 فی صد اضافہ ہوا ہے۔

    مودی سرکار کے بھارت میں 87 فی صد منشیات سمندری راستے سے اسمگل ہوتی ہیں، زیادہ تر منشیات ایران کی چاہ بہار پورٹ سے بھارتی گجرات کی مندرا پورٹ پر اسمگل ہوتی ہیں، بھارتی حکام نے 15 ستمبر 2021 کو مندرا سے 3 ٹن، اگلے دن احمد آباد سے بھی 3 ٹن ہیروئن پکڑی۔

    مندرا پورٹ کا انتظامی کنٹرول گوتم اڈانی کی کمپنی کے پاس ہے، منشیات پکڑے جانے کے بعد بھی مودی سرکار نے اڈانی کے خلاف تحقیقات نہیں کیں، سابق بھارتی وزیر خزانہ چدم برم نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی سرپرستی کے بغیر منشیات کی اتنی بڑی کھیپ پورٹ سے کلیئر نہیں ہو سکتی۔

    ریاست لدھیانہ سے تعلق رکھنے والے اکشے چھابڑا اور سندیپ سنگھ عالمی سطح کے ڈرگ لارڈ ہیں، میانمار سے ناگالینڈ، میزورام اور منی پور کے راستے منشیات اسمگل کی جاتی ہیں، تینوں ریاستوں میں بی جے پی اکیلی یا اتحادی کے طور پر حکومت میں ہے۔

    2019 میں بنگلادیش میں اسمگل ہونے والی 95 فی صد منشیات بھارت سے آئی، افغانوں کو کرسٹل میتھ کی تیاری کا طریقہ بھی بھارتی فارما کمپنیوں نے سکھایا، ہندوستان کے 22 اضلاع میں سرکاری سرپرستی میں افیون کاشت کی جاتی ہے، نومبر 2022 میں بھارت سے یوگنڈا ڈھائی ٹن ایفیڈرین اسمگلنگ کے دوران پکڑی گئی۔

    بی بی سی کے مطابق 2021 میں اطالوی پولیس نے بھارتی فارما کمپنیوں کی طرف سے داعش کو بھیجا جانے والا ٹراماڈول کا جہاز پکڑا تھا، اطالوی حکام کے مطابق پکڑی گئی ٹراماڈول کی مالیت ایک ملین ڈالر کے لگ بھگ تھی۔