Tag: India

  • وقف بل کے باعث بھارت ہنگاموں کی لپیٹ میں آ گیا، پورا بھارت بند کرنے کی دھمکی

    وقف بل کے باعث بھارت ہنگاموں کی لپیٹ میں آ گیا، پورا بھارت بند کرنے کی دھمکی

    نئی دہلی: وقف بل کے باعث پورا بھارت ہنگاموں کی لپیٹ میں آ گیا ہے، مظاہرین نے پورا بھارت بند کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بی جے پی حکومت وقف بل کے ذریعے مسلمانوں کے حقوق سلب کرنے کی ایک اور سازش کر رہی ہے، جس پر اپوزیشن جماعتوں، مسلم تنظیموں اور انسانی حقوق کے گروپوں کی جانب سے ملک بھر میں احتجاج کی کال دے دی گئی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق کولکتہ، رانچی، احمد آباد، بہار اور منی پور سمیت متعدد شہروں میں بھی مظاہرے پھوٹ پڑے ہیں، صرف چند گھنٹوں میں عوام بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے اور ’’وقف بل واپس لو‘‘ کے نعرے لگائے۔

    وقف بل کے ذریعے مسلمانوں کی اربوں کی زمین ہڑپنے پر وزیر اعظم نریندر مودی کو عالمی سطح پر تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، مغربی بنگال میں بھی وقف بل کے خلاف شدید مظاہرے ہو رہے ہیں، مغربی بنگال کے علاقے مرشد آباد میں تو وقف بل کے خلاف احتجاج خون کی ہولی میں تبدیل ہو گیا۔


    بھارت اور نیپال میں شدید بارش نے تباہی مچادی، 118 افراد ہلاک


    مظاہرین پر احتجاج کے دوران شدید لاٹھی جارج اور شیلنگ کی گئی، جب کہ مظاہرین کی جانب سے سڑکیں بلاک اور نیشنل ہائی ویز بند کر دی گئیں، مظاہرین نے بی جے پی حکومت کو پورا بھارت بند کرنے کی دھمکی بھی دے دی۔

    دوسری طرف بھارتی پولیس نے ممنوعہ احکامات جاری کرتے ہوئے انٹرنیٹ معطل کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ وقف (ترمیمی) ایکٹ گزشتہ ہفتے آدھی رات کے بعد پارلیمنٹ نے منظور کیا تھا اور منگل سے نافذ ہو گیا تھا۔ صدر دروپدی مرمو نے 5 اپریل کو مجوزہ قانون کی منظوری دی۔

    بل کے حق میں 128 اور مخالفت میں 95 ووٹ پڑے، جب کہ اپوزیشن کی طرف سے پیش کی گئی تمام ترامیم کو مسترد کر دیا گیا۔ کانگریس رہنما راہول گاندھی نے بل کو ’’آئین مخالف‘‘ اور مذہب کی آزادی پر حملہ قرار دیا، اور خبردار کیا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس جلد ہی دیگر اقلیتوں کے حقوق کے پیچھے بھی جائیں گے۔

  • کسان نے مرنے کے بعد 7 لوگوں کی جانیں بچا لیں، ایک دل چھو لینے والی سچی کہانی

    کسان نے مرنے کے بعد 7 لوگوں کی جانیں بچا لیں، ایک دل چھو لینے والی سچی کہانی

    اورنگ آباد: بھارت میں ایک غریب کسان نے مرنے کے بعد 7 لوگوں کی جانیں بچا کر قربانی کی ایک نئی مثال قائم کی ہے۔

    بھارتی شہر اورنگ آباد کے گاؤں وانگی سے تعلق رکھنے والے کسان گوکل داس کوٹولے نے مرنے کے بعد ایک یا دو نہیں بلکہ سات لوگوں کی زندگیاں بچا لی ہیں۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق کسان گوکل داس کوٹولے کو جب ایک سڑک حادثے میں شدید زخمی ہونے کے بعد اورنگ آباد کے اسپتال گلیکسی لے جایا گیا تو ڈاکٹروں نے انھیں برین ڈیڈ قرار دے دیا۔

    دماغی موت کی خبر ملتے ہی پورے خاندان میں سوگ کی لہر دوڑ گئی، تاہم بعد ازاں بڑی ہمت کے ساتھ ان کے گھر والوں نے فیصلہ کیا کہ گوکل داس کے اعضا عطیہ کیے جائیں، اس طرح ان کے گردے، پھیپھڑے، جگر، دل اور آنکھیں عطیہ کی گئیں، اور مرنے کے بعد بھی گوکل داس کئی لوگوں کے کام آ گئے۔

    اس خبر کا ایک اور اہم پہلو یہ ہے کہ گوکل داس کے جسم سے اعضا نکالنے کے بعد انھیں کم سے کم وقت میں ٹرانسپلانٹیشن کے لیے دوسرے اسپتال پہنچانا ضروری تھا، جس کے لیے محکمہ پولیس نے راتوں رات شہر کی اہم سڑکوں پر ’’گرین کوریڈور‘‘ بنا دیا، اور ایمبولینس کے لیے راستہ صاف کرنے کے لیے ایئرپورٹ روڈ اور نجی اسپتال روڈ پر ٹریفک کو عارضی طور پر مکمل روک دیا گیا۔

    گرین کوریڈور کو یقینی بنانے کے لیے ایک ڈپٹی کمشنر آف پولیس، اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس، 6 انسپکٹرز، 15 پولیس سب انسپکٹرز سمیت کل 120 پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا، گوکل داس کے دل کو ممبئی کے ریلائنس اسپتال بھیجا گیا، جب کہ جگر کو پیوند کاری کے لیے گلینیگلس اسپتال لے جایا گیا۔

    گوکل داس کے پھیپھڑوں کو جہاز کے ذریعے احمد آباد، گجرات کے کیڈیا اسپتال بھیجا گیا، عطیہ کیے گئے گردے گلیکسی اسپتال میں ہی رکھے گئے۔

    ٹریفک حادثہ کیسے ہوا؟


    کچھ عرصے سے گوکل داس کا بیٹا ان سے سائیکل خریدنے کے لیے اصرار کر رہا تھا، لیکن مالی مجبوریوں کی وجہ سے وہ اسے ٹال رہے تھے، آخر کار بدھ کو انھوں نے بیٹے کو نئی سائیکل دلانے کا فیصلہ کیا اور شہر چلے گئے، خریدنے کے بعد انھوں نے سائیکل اپنی موٹر سائیکل سے باندھی اور گاؤں کی طرف واپس آنے لگے، لیکن بدقسمتی سے گاؤں سے صرف 4 کلومیٹر پہلے ان کی موٹر سائیکل حادثے کا شکار ہو گئی۔

  • کوکی قبائل کے افراد کے گھروں کے دروازوں پر عسکریت پسند گروہوں نے نشانات لگا دیے

    کوکی قبائل کے افراد کے گھروں کے دروازوں پر عسکریت پسند گروہوں نے نشانات لگا دیے

    منی پور میں بڑھتی عسکریت پسندی کے دوران مودی سرکار کی غیر منصفانہ حکمت عملی اور متعصبانہ پالیسیوں کے باعث منی پور کی وادی امپھال میں عسکریت پسندوں کا راج ہو گیا ہے، اور کوکی قبائل کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے۔

    بھارت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ میں ناکام دکھائی دے رہا ہے، سرکاری سرپرستی میں کوکی قبائل کی جائیدادیں غیر محفوظ ہو گئی ہیں، صدارتی راج کے نفاذ کے باوجود صورت حال بدتر ہو چکی ہے، اور سپریم کورٹ کے احکامات کی بھی کھلی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گھروں پر حملے ہو رہے ہیں، لوٹ مار جاری ہے، زبردستی قبضے کیے جا رہے ہیں، اور شہریوں کے لیے واپسی کے دروازے بند کر دیے گئے ہیں، جب کہ کوکی قبائل کے افراد کے گھروں کے دروازوں پر عسکریت پسند گروہوں نے نشانات لگا دیے ہیں، جس سے مقامی لوگوں میں دہشت پھیلی ہوئی ہے۔


    امریکا آنے والے غیر ملکیوں کو 30 دن سے زائد قیام پر کیا کرنا ہوگا؟


    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ نام نہاد سیکیورٹی کے نام پر مودی سرکار کی تعینات کردہ بھارتی فورسز خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں، جدید اسلحے سے لیس عسکریت پسندوں کی فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس کی لہر پھیلی ہوئی ہے، مقامی افراد کا کہنا ہے کہ میتی قبائل سے وابستہ عسکریت پسندوں (آرامبائی تنگگول) کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت ان عسکریت پسندوں (آرامبائی تنگگول) سے ملی ہوئی ہے، کاروبار عسکریت پسندوں کی کمائی کا ذریعہ ہیں، جو کماتے ہیں انھیں دینا پڑتا ہے، بھارتی فورسز نے گاؤں کے لوگوں کو لوٹنے میں بھی عسکریت پسندوں کی مدد کی، ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ عسکریت پسندوں کی جانب سے ان کے فون چیک کیے جاتے ہیں، اگر کوکی برادری سے بات کریں تو دھمکایا جاتا ہے، ساتھ ہی جرمانہ بھی کیا جاتا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق منی پور فسادات پر نریندر مودی کی مسلسل خاموشی پر انھیں شدید تنقید کا سامنا ہے، منی پور کے بگڑتے حالات عکاسی کرتے ہیں کہ مودی سرکار کے ایجنڈے میں اقلیتیں کبھی ترجیح نہیں رہیں۔

  • آسمانی بجلی گرنے سے 7 افراد جان سے گئے

    آسمانی بجلی گرنے سے 7 افراد جان سے گئے

    بھارتی ریاست بہار اور کئی ضلعوں میں تیز بارش اور بجلی گرنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، آسمانی بجلی گرنے کے باعث 7 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ جس میں بیگوسرائے کے 4 اور مدھوبنی کے 3 افراد شامل ہیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ موسمیات نے بھی ریاست کے 19 ضلعوں میں آندھی – طوفان اور تیز بارش کے لیے الرٹ جاری کردیا ہے، لوگوں کو موسم کے پیش نظر احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق بیگوسرائے میں دیر رات موسم بدلنے کے بعد تیز بارش ہوئی۔ اسی دوران آسمانی بجلی کی زد میں آنے سے 2 افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    مانو پور گاؤں میں 13 سالہ انشو کماری ہلاک ہوگئی، بلیا تھانہ حلقہ کے بھگت پور میں بجلی گرنے سے بزرگ مزدور بھی ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کی اہلیہ زخمی ہوئی ہے۔ دونوں بھونسا ڈھونے کے لیے بہیار جا رہے تھے۔

    صاحب پور کمال کے سنہا نوٹولیہ کی اندرا دیوی کی بھی موت بجلی گرنے سے ہوئی۔ یہ واقعہ مسودن پور دیارہ سڑک کے موہن پور ڈھاب کے قریب پیش آیا۔ ایک کسان فصل دیکھ کر لوٹ رہا تھا کہ اچانک بجلی گرنے سے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

    مدھوبنی میں بدھ کی صبح بجلی گرنے سے باپ-بیٹی سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے، پہلا واقعہ جھنجھار پور کے پپرولیا میں ہوا۔ بجلی کی زد میں آنے سے کھیت کی طرف گئی ایک خاتون ہلاک ہوگئی۔

    الپورہ گاؤں میں بجلی گرنے سے باپ بیٹی کی موت ہوگئی۔ 62 سالہ ذاکر 18 سال کی بیٹی عائشہ کو لے کر کھیت میں موجود تھے کہ حادثہ رونما ہوگیا۔

    تائیوان میں زلزلہ، عمارتیں لرز اُٹھیں

    رپورٹس کے مطابق یہاں گزشتہ رات سے ہی تیز بارش ہو رہی ہے۔ اس سے مدھوبنی شہر کی سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ہے، اس کے علاوہ دربھنگہ کے بھی کچھ علاقوں میں بارش ہوئی ہے۔ دربھنگہ کے جالے میں منگل کی رات تیز ہوا کی وجہ سے لوگوں کے کچے گھروں کے چھپڑ بھی اڑ گئے۔

  • 4 امیر ترین بھارتی 10 ارب ڈالر سے محروم ہو گئے

    4 امیر ترین بھارتی 10 ارب ڈالر سے محروم ہو گئے

    نئی دہلی: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹیرف جنگ کے زبردست منفی اثرات سے دنیا پریشان ہو گئی ہے، بھارت کے 4 امیر ترین افراد بھی ان اثرات کی وجہ سے مجموعی طور پر 10 ارب ڈالر سے محروم ہو گئے ہیں۔

    بھارتی میڈیا نے بتایا کہ مارکیٹ کریش نے مکیش امبانی، گوتم اڈانی، ساوتری جندال، ان کے اہل خانہ اور شیونادر کو بڑا دھچکا پہنچایا ہے، انٹرنیشنل میگزین فوربز کے بلینئر ٹریکر نے چاروں ارب پتیوں کی دولت میں کمی کی نشان دہی کر دی ہے۔

    امیر ترین بھارتی مکیش امبانی کی دولت میں 3 ارب 60 کروڑ ڈالر کی کمی ہوئی ہے، جن کی مجموعی دولت اب بھی 87 ارب ڈالر سے زیادہ ہے، جب کہ گوتم اڈانی کی دولت میں 3 ارب ڈالر کی کمی ہوئی ہے۔

    واضح رہے کہ امریکی صدر کے ٹیرف نے دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے، ایشیا، یورپ اور خلیجی اسٹاک مارکیٹوں میں گزشتہ روز شدید مندی ریکارڈ کی گئی۔ بھارت کی اسٹاک مارکیٹ بھی کریش کر گئی تھی۔ نفٹی انڈیکس 5 فی صد کمی سے 21 ہزار 758 پوائنٹس پر آیا، جب کہ سینسکس 5.29 فی صد گر کر 71 ہزار 379 پوائنٹس پر بند ہوا۔


    ٹرمپ ٹیرف کے بعد دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹوں میں بھونچال، سرمایہ کاروں کے اربوں ڈالرز ڈوب گئے


    گزشتہ روز یورپی اسٹاک مارکیٹیں کھلتے ہی گر گئیں، فرینکفرٹ کے ڈیکس انڈیکس میں 10 فی صد مندی ریکارڈ کی گئی اور جرمنی میں ڈیکس انڈیکس تقریباً 10 فی صد نیچے آیا۔ لندن کا ایف ٹی ایس ای ہنڈریڈ تقریبا 6 فی صد نیچے آیا، جب کہ اٹلی میں 8.5، سوئیڈن اور سوئٹزلینڈ کی مارکیٹیں 7 فی صد گریں۔

    جاپان کا نکئی انڈیکس 9.5 فی صد اور تائپے انڈیکس 9.6 فی صد، ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ میں 13.6 فی صد کمی ہوئی۔ سنگاپور انڈیکس 8، شنگھائی انڈیکس میں 7 فی صد کمی ہوئی، سڈنی اسٹاک میں 160 ارب ڈالرز کا خسارہ ہوا اور پندرہ منٹ میں بینچ مارک ایس اینڈ پی 6 فی صد نیچے آیا۔

    اسی طرح سعودی اسٹاک مارکیٹ میں 500 ارب ریال کا نقصان ہوا، تاسی انڈیکس 700 پوائنٹس کمی سے 11 ہزار 1200 پر بند ہوا۔ آرامکو کے حصص کی قیمت میں 90 ارب ڈالر کمی ہوئی۔ قطر، کویت، مسقط اور بحرین کی اسٹاک مارکیٹوں میں بھی مندی رہی۔ خلیجی اسٹاک مارکیٹوں میں مئی 2020 کے بعد سب سے بڑی کمی ریکارڈ کی گئی۔

  • بھارتی پائلٹ نے طیارہ کھیت میں کریش کرا دیا

    بھارتی پائلٹ نے طیارہ کھیت میں کریش کرا دیا

    نئی دہلی: بھارتی ریاست گجرات میں ایک اور طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے، خاتون ٹرینی پائلٹ نے طیارہ کھیت میں گرا دیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست گجرات کے شہر مہسانہ میں گزشتہ شام تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا، معلوم ہوا ہے کہ تکنیکی وجوہ پر طیارہ حادثے کا شکار ہوا، جس میں خاتون ٹرینی پائلٹ زخمی ہو گئی ہیں۔

    بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ مہسانہ ہوائی اڈے سے ٹیک آف کے بعد طیارہ اچارپی کے کھیت میں گر کر تباہ ہوا، جسے 19 سالہ ٹرینی پائلٹ اڑا رہی تھیں، واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

    بھارت خاتون پائلٹ طیارہ تباہ

    مہسانہ ٹاؤن پولیس کے مطابق یہ واقعہ شام 7 بجے کے قریب پیش آیا، پولیس کا کہنا ہے کہ طیارہ سیسنا 152 کا تعلق نجی ایوی ایشن فرم بلیو رے ایوی ایشن پرائیویٹ لمیٹڈ کا تھا۔ ٹرینی پائلٹ کو مہسانہ شہر کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق بھارت میں طیارے گرنے کے اس سے قبل بھی حادثات ہو چکے ہیں، 7 مارچ کو لڑاکا طیارے سمیت ایک ہی دن میں 2 طیارے گر کر تباہ ہوئے، ایک طرف بھارت ایف 35 خریدنے کی بات کرتا ہے دوسری طرف تربیتی طیارے سنبھالے نہیں جا رہے۔

  • چھتیس گڑھ : بھارتی فورسز نے 16 قبائلیوں کو ہلاک کردیا

    چھتیس گڑھ : بھارتی فورسز نے 16 قبائلیوں کو ہلاک کردیا

    سکما : بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں فورسز نے قبائلی برادری کے خلاف پر تشدد کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے سرچ آپریشن کے نام پر 16 قبائلیوں کو ہلاک کردیا۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے بڑے پیمانے پر نکسل مخالف آپریشن کے دوران ریاست کے سکما ضلع کے کیرلپال میں کم از کم سولہ قبائلی ارکان کو ہلاک کر دیا، بھارتی فورسز کا دعویٰ ہے کہ یہ علیحدگی پسند نکسالی تھے۔

    ایک افسر نے بتایا کہ جمعہ کی رات کیرلاپال کے علاقے میں شروع کیے گئے آپریشن میں ڈسٹرکٹ ریزرو گارڈ (ڈی آر جی) اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے اہلکار شامل ہیں۔

    انہوں نے کہا آپریشن والے مقام سے اب تک 16 نکسلیوں کی لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔ آپریشن ابھی بھی جاری ہے۔

    یاد رہے کہ 20 مارچ کو بھی بھارتی فورسز نے چتھیس گڑھ کے ضلع بیجاپور اور دانتے واڑہ میں دو مختلف مقامات پر سرچ آپریشن کے نام پر 30 قبائلیوں کو ہلاک کر دیا تھا۔

    تازہ ترین کارروائی کے ساتھ رواں برس اب تک ریاست میں 162 قبائلی افراد کو ہلاک کیا جا چکا ہے ۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا-ماؤسٹ (سی پی آئی-ماؤسٹ) اور دیگر سول سوسائٹی گروپوں نے ان افراد کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

    واضح رہے کہ بھارت کی کئی ریاستوں میں وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم اور امتیازی سلوک کے خلاف مسلح جدوجہد جاری ہے اور ایسی تمام تحریکوں کا مقصد بھارت کے تسلط سے آزادی حاصل کرنا ہے۔

  • گود لی ہوئی 4 سالہ بچی کو سفاک والدین نے کیوں قتل کیا؟

    گود لی ہوئی 4 سالہ بچی کو سفاک والدین نے کیوں قتل کیا؟

    اورنگ آباد: بھارتی ریاست مہاراشٹر میں والدین نے گود لی ہوئی معصوم 4 سالہ بچی کو سفاکی سے قتل کر دیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مہاراشٹر میں ضلع اورنگ آباد کے قصبے سلوڈ میں چار سالہ گود لی ہوئی بچی کے قتل کا دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ بچی کی موت مار پیٹ اور سر پر کسی بھاری چیز لگنے سے ہوئی ہے، ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ قتل ہونے والی لڑکی کا نام آیت فہیم شیخ ہے، جس کے قتل کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

    پولیس نے دونوں ملزمان فہیم شیخ ایوب اور فوزیہ شیخ فہیم کو گرفتار کر لیا ہے، جن کے پہلے سے 4 بچے تھے، تاہم لڑکی کی خواہش میں انھوں نے لڑکی گود لینے کا فیصلہ کیا، اور 6 ماہ قبل جالنا کے شیخ نسیم عبدالقیوم سے 4 سالہ بچی آیت شیخ کو گود لیا۔


    شوہر بیوی کو بے دردی سے قتل کرنے کے بعد لاش سے باتیں کرتا رہا


    پولیس کے مطابق بدھ کی رات میاں بیوی نے اس لڑکی کو مارا پیٹا، اور لڑکی کے سر پر کسی سخت چیز سے وار کیا، جس سے اس کی جان چلی گئی، میاں بیوی نے اس کی لاش کو چھپکے سے دفنانے کی کوشش کی لیکن پڑوسیوں نے شک ہونے پر پولیس کو اطلاع کر دی۔

    پولیس نے لڑکی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے، ملزم میاں بیوی نے پولیس کے سامنے انکشاف کیا کہ انھوں نے لڑکی کو جالنا کے شیخ نسیم سے 5000 روپے میں خریدا تھا، بچی کا سودا جعفرآباد کے ایک مڈل مین کے ذریعے ہوا، جس کے دستاویزات بھی موجود ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کو مارنے کی وجہ فی الوقت معلوم نہیں ہو سکی ہے، بچی کو گود لینے کے عمل کی چھان بین کی جائے گی، اگر یہ عمل غیر قانونی پایا گیا تو بچی کے حیاتیاتی والد کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا جائے گا۔

    پولیس کے مطابق لڑکی کے حیاتیاتی والدین نازیہ فیروز خان اور شیخ نسیم عبدل کی طلاق ہو چکی ہے، نسیم نشے کا عادی تھا، بیوی نے طلاق لے کر کسی اور سے شادی کر لی، اس کی 5 بیٹیاں تھیں جن میں سے وہ 4 کو اپنے ساتھ لے گئی، جب کہ سب سے چھوٹی آیت اپنے والد کے ساتھ رہتی تھی۔

  • بھارت اقلیتوں کے حقوق کا چیمپئن بننے کی پوزیشن میں نہیں، ترجمان دفترخارجہ

    بھارت اقلیتوں کے حقوق کا چیمپئن بننے کی پوزیشن میں نہیں، ترجمان دفترخارجہ

    اسلام آباد: پاکستان کے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت اقلیتوں کے حقوق کا چیمپئن بننے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لوک سبھا میں بھارتی خارجہ امور کے شر انگیز بیان پر ترجمان دفتر خارجہ نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اقلیتوں کے حقوق کا چیمپئن نہ بنے، وہ اس پوزیشن میں نہیں ہے۔

    ترجمان نے کہا بھارت خود اقلیتوں کے حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے، بھارت میں اقلیتوں پر حملے حکومتی سرپرستی میں ہوتے ہیں، جب کہ پاکستان میں اقلیتوں کے تحفظ کے لیے ریاستی ادارے متحرک ہیں۔

    انھوں نے کہا انڈیا میں اقلیتوں کے خلاف نفرت، امتیاز اور تشدد کی سرپرستی کی جاتی ہے، شہریت ترمیمی قانون سے مساجد پر حملوں تک بھارت کا ریکارڈ اقلیت دشمنی سے بھرا ہے، اور گجرات قتل عام، دہلی فسادات، بابری مسجد کی شہادت بھارت میں مسلمانوں پر ظلم کی داستانیں ہیں۔


    اسلاموفوبیا کے محاذ پر پاکستان کی ایک اور کامیابی


    دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا انڈیا کو دوسروں پر انگلی اٹھانے سے پہلے اپنے اقلیت دشمن رویے پر غور کرنا چاہیے، مودی سرکار اقلیتوں کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کرے، بیانات کافی نہیں ہیں، بھارت میں اقلیتوں کی جان و مال، عبادت گاہیں غیر محفوظ ہیں۔

    واضح رہے کہ تازہ ترین رپورٹ کے مطابق مودی سرکار نے وقف املاک پر قبضے کی مہم تیز کر دی ہے، مودی سرکار نے وقف ایکٹ میں ترامیم متعارف کروا کر بھارت میں مسلم املاک پر قبضے کا آغاز کر دیا ہے، بھارت میں 8 لاکھ سے زائد وقف جائیدادوں کی مالیت 14.22 بلین ڈالر ہے، مودی کی انھیں ہڑپ کرنے کی سازش شروع کر دی ہے، اس سلسلے میں اْجین، مدھیہ پردیش میں 250 سے زائد مکانات، دکانیں اور اور تاریخی مسجد مسمار کی گئیں، اور 2.1 ہیکٹر زمین کلیئر کرائی گئی ہے۔

  • بونس نہ ملنے پر ڈرائیور نے گاڑی کو آگ لگا کر کمپنی ملازمین کو زندہ جلا دیا

    بونس نہ ملنے پر ڈرائیور نے گاڑی کو آگ لگا کر کمپنی ملازمین کو زندہ جلا دیا

    پونا: بھارتی ریاست مہاراشٹر میں ایک مشتعل ڈرائیور نے گرافکس کمپنی کی گاڑی کو آگ لگا دی، جس سے اس میں موجود 4 ملازمین جل کر ہلاک ہو گئے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مہاراشٹر کے شہر پونے میں بدھ کی صبح ایک مشتعل ٹیمپو ڈرائیور نے گاڑی کو آگ لگا دی، جس سے گرافکس کمپنی کے چار ملازمین ہلاک ہو گئے، جب کہ 6 شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

    ابتدائی طور پر اسے ایک حادثہ تصور کیا جا رہا تھا، تاہم پولیس کی تفتیش میں چونکا دینے والے حقائق سامنے آئے، پولیس کے مطابق ملزم ڈرائیور جناردن ہمبارڈیکر کا کمپنی کے عملے سے جھگڑا ہوا تھا، اس کے بعد اسے دیوالی پر بونس نہیں دیا گیا اور اس کی تنخواہ بھی کاٹی گئی، اس بات پر وہ بہت ناراض تھا۔


    کالج میں طالبات کا جنسی استحصال کرنے والا پروفیسر گرفتار


    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم ڈرائیور نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے، گاڑی کو آگ لگنے کے بعد کچھ لوگوں نے گاڑی سے چھلانگ لگا کر اپنی جان بچائی تھی۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس کے مطابق ڈرائیور نے پہلے کار میں کیمیکل رکھا اور پھر سیٹ کے نیچے کپڑا رکھ دیا، اس کے بعد اس نے گاڑی کو آگ لگا دی اور چھلانگ لگا کر اپنی جان بچا لی۔

    کیمیکل کی وجہ سے گاڑی میں زوردار دھماکا ہوا جس کے بعد پوری گاڑی میں آگ لگ گئی، گاڑی میں کل 12 افراد سوار تھے۔