Tag: Indian border forces

  • بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ، پاک فوج کے 2 جوان شہید

    بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ، پاک فوج کے 2 جوان شہید

    لاہور: پاکستان کی جانب سے امن کے پیغام کے بعد بھی بھارت نے جنگی جنون کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایل اوسی پرفائرنگ وگولہ باری کی، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 2 جوان سمیت دو پاکستانی شہری شہید ہوگئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر نکیال سیکٹرپرشہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی ، بلااشتعال فائرنگ میں پاک فوج کے2جوان شہید ہوگئے، شہدا میں حوالدارعبدالرب اورنائیک خرم شامل ہیں۔

    پاک فوج کے شہید جوانوں حوالدار عبدالرب اور نائیک خرم کی نماز جنازہ میر پور آزاد کشمیر میں ادا کی گئی، نمازِ جنازہ میں فوج سینئر افسران اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    پاک فوج کی جوابی کارروائی میں بھارتی مورچوں کو نقصان اور بھاری جانی نقصان کی اطلاع ہے۔

    اس سے قبل بھارتی فوج کی جانب سے ایل اوسی کی تتہ پانی ، جنڈرت اور گرم چشمہ سیکٹرمیں شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی ، جس کے نتیجے میں 2 پاکستانی شہری شہید اور 2 زخمی ہوگئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی کے بعد بھارتی توپیں خاموش ہوگئیں،پاک فوج نے شہریوں کو نشانہ بنانے والے بھارتی پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔

    ترجمان کا کہنا ہے پاک فضائیہ اور پاک نیوی ہوشیار اور مستعدہے۔

    گذشتہ روز جس وقت گرفتار بھارتی پائلٹ کو واہگہ پر بھارتی حکومت کے حوالے کیا گیا، عین اسی وقت بھارتی فوج نے اپنی سطحی سوچ کا مظاہرہ کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول کے تین مقامات پر شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی تھی۔

    بھارتی فوج کی جانب سے بلا اشتعال گولہ باری سے ایک پاکستانی شہری شہید جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے تھے، اس کے علاوہ کھوئی رٹہ سیکٹر، سماہنی سیکٹر، راولاکوٹ میں تتہ پانی اوردرہ شیخان پر گولہ باری کی، جس سے مزید تین افراد زخمی ہوئے تھے۔

    مزید پڑھیں : ابھی نندن کی حوالگی کے فوری بعد بھارتی فوج کی ایل او سی پر فائرنگ، ایک شہری شہید

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے صاف الفاظ میں دنیا پر واضح کر دیا تھا  کہ  پاکستان اپنے دفاع میں کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے، کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیں گے۔

    یاد رہے 27 فروری کو پاک فضائیہ نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے 2 بھارتی طیارے مار گرائے تھے اور ایک بھارتی پائلٹ کو گرفتار کرلیا تھا، آئی ایس پی آر کے سربراہ میر جنرل آصف غفور کے مطابق بھارت کے 2 طیارے لائن آف کنٹرول کے اطراف میں گر کر تباہ ہوئے، ایک طیارہ بھارتی مقبوضہ کشمیر کے علاقے بڈگام میں گرا، جبکہ دوسرا طیارہ پاکستان کی جانب گرا تھا۔

    بعد ازاں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے بیان میں کہا گیا تھا کہ بھارتی جارحیت کا جواب دینے کے لیے لائن آف کنٹرول پر پاک فوج کے جوان الرٹ ہیں، پاکستان ایئر فورس اور نیوی بھی پوری طرح الرٹ ہے۔

    خیال رہے پاکستان کی جانب سے گرفتار بھارتی پائلٹ کو بھارت کے حوالے کیا جا چکا ہے۔

  • بھارتی فوج کی تتہ پانی سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ، 2 شہری شہید

    بھارتی فوج کی تتہ پانی سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ، 2 شہری شہید

    سیالکوٹ: بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی ایک بار پھر خلاف ورزی کرتے ہوئے جند روٹ اور تتہ پانی سیکٹرز پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس سے 2 شہری شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت فوج نے جند روٹ اور تتہ پانی سیکٹرز پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔

    بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے 2 شہری شہید جبکہ 3 زخمی ہوئے۔ شہدا میں 18 سال نوجوان وقار یونس اور 19 سالہ اسد علی شامل ہیں۔

    زخمی ہونے والوں میں محمد شہباز، شمائلہ خورشید اور حفضہ شبیر شامل ہیں۔

    ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی

    بھارتی فوج کی سیز فائر کی خلاف ورزی اور بلا اشتعال فائرنگ کے کچھ ہی دیر بعد دفتر خارجہ نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرلیا۔

    ایل او سی پر 2 شہریوں کی شہادت پر پاکستان نے سخت مذمت کی۔ پاکستان کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنائے جانے پر ڈپٹی ہائی کمشنر سے شدید احتجاج کیا گیا۔

    یاد رہے کہ صرف 2 دن قبل بھی بھارتی فوج کی چیری کوٹ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ سے 70 سالہ شہری شہید ہوگئے تھے۔ پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی تو دشمن کی بندوقیں خاموش ہوگئیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کے مطابق دسمبر 2016 سے لے کر مارچ 2017 تک بھارت نے 1400 بار ایل او سی کی خلاف ورزی کی جن میں اب تک 400 سے زائد افراد شہید ہوچکے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔