Tag: Indian Channels

  • بھارتی چینلز چلانے والے کیبل آپریٹرز کیخلاف گھیرا تنگ

    کراچی : پاکستان الیکٹرانک میڈیا اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی جانب سے سخت پابندی کے باوجود بھارت چینلز نشر کرنے والے کیبلز آپریٹرز کیخلاف گھیرا تنگ کردیا گیا۔

    اس سلسلے میں پیمرا نے اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں غیرقانونی بھارتی چینلز چلانے والے کیبل آپریٹرز کیخلاف کارروائی کی گئی ہے۔

    اعلامیے کے مطابق یہ کارروائی چیئرمین پیمرا کی خصوصی ہدایت پر کیبل آپریٹرز کیخلاف کی گئی، انسپکشن کے دوران4کیبل آپریٹر بھارتی چینلز چلانے کے مرتکب پائے گئے۔

    پیمرا اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی پر کیبل آپریٹرز کو اظہار وجوہ کے نوٹسزجاری کیے گئے ہیں، غیرقانونی بھارتی چینلز چلانے والے کیبل آپریٹرز کیخلاف قوانین کے تحت سزا کا تعین کیا جائے گا۔

  • بھارتی چینلز دکھانےکی کسی صورت اجازت نہیں دیں‌ گے، چیئرمین پیمرا

    بھارتی چینلز دکھانےکی کسی صورت اجازت نہیں دیں‌ گے، چیئرمین پیمرا

    کراچی :چیئرمین پیمرا محمدسلیم بیگ کا کہنا ہے ملک میں بھارتی چینلز دکھانےکی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے،جوکیبل آپریٹرزبھارتی چینل دکھائیں گے ان کےخلاف کارروائی ہوگی، پاکستانی ڈی ٹی ایچ  دسمبر تک مارکیٹ میں آجائےگا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیمرامحمدسلیم بیگ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کیبل آپریٹرزکےساتھ ہر قسم کا تعاون کریں گے ، کیبل آپریٹرزبھی ذمہ داری کامظاہرہ کریں، ہم کیبل آپریٹرزکے کاروبار کو بڑھانا چاہتے ہیں۔

    چیئرمین پیمرا کا کہنا تھا ملک میں بھارتی ٹی وی چینلزدکھانےکی اجازت نہیں، بھارتی چینلز دکھانےکی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے، کیبل آپریٹرز پاکستانی چینلز کو آگے لیکر آئیں۔

    کیبل آپریٹرزکی سالانہ فیس میں کمی کردی

    محمدسلیم بیگ نے کہا کیبل ایسوسی ایشن نےآخری بارسبسکرپشن فیس میں کمی کامطالبہ کیاتھا، کیبل آپریٹرزکی سالانہ فیس میں کمی کردی ہے، سالانہ فیس24روپےسےکم کرکے12روپےکردی گئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا نومبر تک پاکستانی ڈی ٹی ایچ لانچ ہو جائے گا اور دسمبر تک مارکیٹ میں آجائےگا ، جوکیبل آپریٹرزبھارتی چینل دکھائیں گے ان کےخلاف کارروائی ہوگی، کیبل آپریٹرسےدرخواست ہےہم سےتعاون کریں ہم آپ سے کریں گے۔

    پاکستانی ڈی ٹی ایچ  دسمبر تک مارکیٹ میں آجائےگا

    گذشتہ روز چیئرمین پیمرا نے کہا تھا بھارتی چینل کے خلاف مہم میں 15ہزارآلات ضبط کیے گئے ، بھارتی چینلزکے خلاف مہم کوپورے ملک تک پھیلایاجائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ڈی ٹی ایچ سے مقامی تاجروں کو بہت فائدہ ہوگا، نومبر تک مقامی ڈی ٹی ایچ متعارف کرادیا جائے گا۔

  • بھارتی مواد نشر کرنے پر مکمل پابندی عائد

    بھارتی مواد نشر کرنے پر مکمل پابندی عائد

    اسلام آباد: پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی(پیمرا) نے ملک بھر میں بھارتی مواد نشر کرنے پر پابندی عائد کردی جس کا اطلاق 21 اکتوبر جمعہ سے ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیمرا ابصار عالم کی زیرصدارت ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں اتھارٹی نے سیٹلائٹ ٹی وی چینلز اور ریڈیو پر انڈین پروگرام نشر کرنے پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا جس کا اطلاق 21 اکتوبر 2016 سہ پہر تین بجے سے ہوگا۔

    اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ حکم کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ ٹی وی چینل اور ریڈیو کا لائسنس بغیر شوکاز معطل کردیا جائے گا۔

    یہ فیصلہ اُس سمری کے جواب میں کیا گیا جو حکومتِ پاکستان کو ارسال کی گئی تھی جس کے جواب میں حکومت نے پیمرا کو مکمل اختیارات تفویض کیے تھے کہ وہ بھارتی پروگرامز سے متعلق فیصلہ کرنے میں مکمل بااختیار ہے۔

    حکومتی جواب کے بعد اتھارٹی نے 2006 میں سابق صدر و جنرل (ر)پرویز مشرف کی حکومت کی جانب سے بھارت کو دی گئی یک طرفہ رعایت کو منسوخ کردیا ہے۔

    perma-notification

    اس موقع پر  15 اکتوبر 2016 کی رات 12 بجے سے غیر قانونی انڈین ڈی ٹی ایچ اور مواد کے خلاف جاری مہم کے بارے میں چیئرمین اور اتھارٹی کو ملک بھر میں کی گئی کارروائیوں کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔

    اتھارٹی ممبران نے کامیاب مہم پر تمام پیمراافسران اور اسٹاف کی کاوشوں کر سراہتے ہوئے ان کارروائیوں کو جاری رکھنے کے احکامات بھی دئیے۔

    دوسری جانب کراچی میں پیمرا اور کسٹم کی صدر میں کارروائی کے دوران 3600 ایل ایم بیز ضبط کرلی گئیں ۔ پیمرا حکام کے مطابق برآمد ایل ایم بیز ڈی ٹی ایچ کے ذریعے غیر قانونی طور پر بھارتی چینل نشر کیے جاتے تھے۔

    پیمرا حکام کے مطابق شہر میں جہاں جہاں پر غیر قانونی طور پر ڈی ٹی ایچ فروخت ہورہی ہیں وہاں کارروائی کی جائے گی۔

    پیمرا حکام نے ضبط کی گئی 3600 ایل ایم بیز کسٹم حکام کے حوالے کردی ہیں۔