Tag: Indian delegation

  • جی سیون اجلاس:  بھارتی وفد میں کرونا کی تشخیص، شرکا میں خوف کی لہر

    جی سیون اجلاس: بھارتی وفد میں کرونا کی تشخیص، شرکا میں خوف کی لہر

    لندن:جی سیون میٹنگ کیلئےگئے بھارتی وفدکے دو ارکان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے، جس کے بعد دونوں ارکان نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔

    اسکائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ترقی يافتہ جی سيون ممالک کے وزرائے خارجہ کا لندن میں اجلاس جاری ہے، اجلاس کا دو سال بعد انعقاد کیا گیا ہے تاہم ناخوشگوار واقعہ اس وقت رونما ہوا جب جی سیون میٹنگ کیلئےگئے بھارتی وفدکے دو ارکان کا کرونا ٹیسٹ مثبت پایا گیا۔

     رپورٹ کے مطابق کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد دونوں ارکان قرنطینہ میں چلے گئے ہیں جبکہ جی سیون وزرائے خارجہ کا اجلاس شیڈول کے مطابق جاری ہے،اس اہم ترین اجلاس میں برطانیہ کے سابق وزیراعظم گورڈن براؤن اور عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیدروس بھی موجود ہیں۔

    آج اس اجلاس کا دوسرا دن ہے اور شرکاء کئی اہم عالمی امور پر تبادلہ خيال جاری رکھے ہوئے ہيں جن میں کرونا کے خلاف کوششوں کا معاملہ سر فہرست ہے، برطانیہ ،امريکہ، کينيڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی اور جاپان کے وزرائے خارجہ آج ميانمار کی صورتحال پر گفتگو کرینگے، اجلاس میں ليبيا اور شام کی جنگ کے علاوہ چين اور روس سے لاحق مسائل بھی ایجنڈے میں شامل کئے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ جی سیون ممالک میں امریکہ ، برطانیہ ، جرمنی ، فرانس ، اٹلی ، کینیڈا اور جاپان ہیں، انڈیا مستقل رکن نہیں ہے مگر اس کے ایک وفد کو وزرائے خارجہ اجلاس میں مدعو کیا گیا تھا۔

  • کرتارپورراہداری کے سنگ بنیاد کی تقریب، ،بھارتی وفد اور 40 بھارتی صحافی پاکستان آئیں گے

    کرتارپورراہداری کے سنگ بنیاد کی تقریب، ،بھارتی وفد اور 40 بھارتی صحافی پاکستان آئیں گے

    اسلام آباد : کرتارپور کوریڈور سنگ بنیاد کی تقریب میں بھارتی وفد اور 40صحافی کوریج کے لئے پاکستان آئیں گے، پاکستان آنےوالےبھارتی صحافیوں کےاعزازمیں آج وزیراعلیٰ پنجاب عشائیہ دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے کرتار پور راہداری کل باضابطہ طور پر کھول دیا جائے گا ، کرتارپور کوریڈور سنگ بنیاد کی تقریب میں بھارتی وفد پاکستان آئے گا۔

    بھارتی وفدمیں نوجوت سنگھ سدھو،شرومنی گردوارہ بندھک کمیٹی ممبران آئیں گے، ممبران میں گوبھندلنگوال،ہرسمرت اور دیگرشامل ہیں، بھارتی وفد واہگہ بارڈر کے ذریعے پاکستان آئے گا اور 3دن قیام کرے گا۔

    دوسری جانب کرتارپورراہداری کےسنگ بنیاد کی تقریب کی کوریج کیلئے بھارت سے 40صحافی بھی پاکستان آئیں گے ،صحافی زمینی راستے سے واہگہ باڈر کے ذریعے پاکستان پہنچیں گے، پاکستان آمد پر بھارتی صحافیوں کی وزیر اطلاعات فواد چوہدری سے لاہور میں ملاقات ہو گی۔

    پاکستان میں کرتار پور بارڈر کے سنگ بنیاد کی تعمیر میں شریک ہونے والے بھارتی صحافیوں کے اعزاز میں آج وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار عشائیہ دیں گے، لاہور کے شاہی قلعے میں منعقد ہونے والے عشائیے کی تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کے بھی شریک ہونے کا امکان ہے۔

    کرتار پور تقریب کی کووریج کے بعد بھارتی صحافی اسلام آباد آئیں گے، جہاں ان کی وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوگی۔

    اس سے قبل نئی دہلی میں تقریب سے خطاب میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کرتارپوربارڈر سے متعلق کہا تھا کہ کرتارپورپاکستان اور بھارت کے عوام کو جوڑے گا اور عوامی رابطے بہتر مستقبل کی طرف لے جائیں گے۔

    مزید پڑھیں : کرتارپوربارڈر پاکستان اور بھارت کے عوام کے درمیان پل کا کام کرے گا، بھارتی وزیراعظم

    خیال رہے وزیراعظم عمران خان کل 28 نومبر کو کرتارپور نارووال میں راہداری کا سنگ بنیاد رکھیں گے، راہداری سے بھارت سے آنے والے سکھ باآسانی مذہبی رسومات ادا کرسکیں گے۔

    یاد رہے بھارت کے دفترخارجہ نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کو خط لکھ کر گرونانک کے جنم دن پر کرتارپور کوریڈور کھولنے پر شکریہ ادا کیا تھا جبکہ بھارت کی کابینہ نے کرتارپور بارڈر تک کوریڈورکی تعمیر کی منظوری بھی دی تھی۔

    جس کے بعد وفاقی وزیراطلاعات فوادچوہدری نے سماجی رابطے کی ٹوئٹ میں کہا تھا کہ کرتارپور بارڈر کھلنا دونوں ممالک کی امن پسند لابی کی فتح ہے، بھارتی کابینہ نے کرتارپوربارڈر پرپاکستان کی تجویز کی توثیق کردی، یہ درست سمت میں قدم ہے، توقع ہے ایسے اقدامات سے سرحد کی دونوں جانب متوازن آوازوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔

    وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ بھارت کو باباگرونانک کے 550 جنم دن پر کرتارپور کھولنے کا مطلع کرچکے ہیں

    واضح رہے وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں سابق بھارتی کرکٹرنوجوت سدھو نے آرمی چیف جنرل قمرباجوہ سے کرتارپوربورڈرکھولنے کی درخواست کی تھی۔

    جس پر انٹرویو میں وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا پاکستان جلد سکھ یاتریوں کے لیے کرتار پور بارڈر کھول دے گا، جس کے بعد یاتری ویزے کے بغیر گردوارہ دربار صاحب کے درشن کر سکیں گے۔

  • سجن جندال کو 10 روز کا بزنس ویزا جاری کیا گیا

    سجن جندال کو 10 روز کا بزنس ویزا جاری کیا گیا

    اسلام آباد: بھارتی اسٹیل ٹائیکون سجن جندال اور ان کے ساتھیوں کو پاکستان نے 10 روز کا بزنس ویزا جاری کیا تھا جو وزیراعظم ہاؤس اور دفتر خارجہ کی ہدایت پر جاری کیا گیا تھا، جندال مری کا ویزا نہ ہونے کے باوجود وہاں بھی گئے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت سے آنے والے اسٹیل کے بہت بڑے تاجر سجن جندال اور ان کے ساتھ آنے والے دو افراد کو لاہوراور اسلام آباد کا ویزا جاری کیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز نے سجن جندال کے ویزے کی کاپی حاصل کرلی، جس کے مطابق سجن جندال اور ان کے دو ساتھیوں کو 10 دن کے لیے پاکستان میں بزنس کیٹگری کا ویزا جاری کیا گیا۔

    اطلاعات کے مطابق ویزا 25 اپریل کو دہلی سے جاری ہوا جو وزیراعظم ہاؤس اور دفتر خارجہ کی ہدایت پر جاری ہوا۔

    اطلاعات ہیں کہ سجن جندال اور ان کے ساتھیوں کے پاس صرف اسلام آباد اور لاہور کا ویزا تھا لیکن وہ خلاف قانون مری کی سیر کو گئے اور کسی بھی سیکیورٹی ادارے نے انہیں گرفتار نہیں کیا نہ ہی پوچھ گچھ کی زحمت گوارا کی۔

    یاد رہے کہ بھارتی اسٹیل ٹائیکون سجن جندال سمیت بھارت کا تین رکنی وفد خصوصی طیارے سے کابل سے اسلام آباد پہنچا تھا۔

    بھارتی وفد میں سجن جندال، سوکیت سنگال، وریندر ببرسنگھ شامل تھے، تین رکنی وفد گزشتہ رات 10بجے اسلام آباد سے مری گیا تھا۔