Tag: indian interior minister

  • بھارتی وزیر داخلہ کی اسلام آباد آمد، شہریوں کا احتجاج

    بھارتی وزیر داخلہ کی اسلام آباد آمد، شہریوں کا احتجاج

    اسلام آباد : بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سارک کانفرنس میں شرکت کرنے کے لیے اسلام آباد پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سارک کانفرنس کے آخری اجلاس میں شرکت کے لیے بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اسلام آباد پہنچ گئے ہیں ، اسلام آباد آمد کے موقع پر ڈی جی سارک اور بھارتی ہائی کمشنر نے اُن کا استقبال کیا۔

    بھارتی وزیر داخلہ کی آمد پر مختلف مذہبی جماعتوں کی جانب سے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں کشمیر مظالم کے خلاف احتجاج کیا جارہا ہے، مظاہرین نے پاکستانی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ’’حکومت مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کو روکنے لیے سفارتی سطح پر آواز بلند کرے اور کشمیر میں مظالم بند ہونے تک کسی صورت مذاکرات نہ کیے جائیں‘‘۔

    پڑھیں : سارک کانفرنس کا دوسرا روز‘ سیکرٹری داخلہ سطح کا اجلاس جاری

    قبل ازیں سارک وزرائےداخلہ کا اجلاس آج دوسرے روز اسلام آباد میں جاری ہے، کانفرنس میں سارک ممالک کے سیکرٹری داخلہ دہشت گردی،منشیات،انسانی اسمگلنگ کی روک تھام اوررکن ممالک میں ویزےکی چھوٹ سے متعلق امور پر غور کیا جارہا ہے۔

    سارک کانفرنس کا آخری اجلاس کل منعقد کیا جائے گا جس میں سارک ممالک بھارت،بنگلہ دیش،افغانستان،بھوٹان،نیپال اور سری لنکا کے وزرائے داخلہ شرکت کریں گے، کل ہونے والے اجلاس میں تمام ممالک کے درمیان تعلقات، انسانی اسمگلنگ سمیت دیگر امور پر غور کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں : شفافیت میں پاکستان ’سارک‘ ممالک میں سرفہرست

    آئندہ روز ہونے والے اجلاس میں وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف او وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان بھی شرکت کریں گے تاہم دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات کا کوئی امکان نہیں ہے جبکہ وزیر اعظم پاکستان وزرائے خارجہ سے خصوصی خطاب بھی کریں گے۔

     

  • بھارت کی طرح پاکستان بھی دہشت گردی کا شکارہے،بھارتی وزیرداخلہ

    بھارت کی طرح پاکستان بھی دہشت گردی کا شکارہے،بھارتی وزیرداخلہ

    نئی دہلی : بھارتی وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ بھارت کی طرح پاکستان بھی دہشت گردی کا شکارہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے متحدہوکرکام کرنا ہوگا۔ پاکستان سے خوشگوارتعلقات چاہتے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار بھارتی وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے نئی دہلی میں پاکستان رینجرز کے وفد سے ملاقات کے موقع پر کیا، ڈی جی رینجر پنجاب میجر جنرل عمر فاروق برکی کی قیادت میں پاکستانی وفد نے بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سے ملاقات کی۔

    ملاقات میں کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ اور کشیدگی کا معاملہ اٹھایا گیا اور توجہ طلب امورپر بات چیت بھی کی گئی، راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ بھارت مختلف سطح پرپاکستان سے مذاکرات کرنا چاہتا ہے۔ بدقسمتی سے دونوں ملکوں کے سلامتی مشیروں کے درمیان ملاقات نہیں ہوسکی تاہم بھارت پاکستان سے خوشگوارتعلقات چاہتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج سرحد پرپہلی گولی فائر نہیں کرے گی۔ پاکستان کو یقینی بنانا چاہئیے کہ دہشت گرد اس کی سرزمین سے بھارت میں داخل نہ ہوسکیں۔ملاقات میں کنٹرول لائن پربلااشتعال فائرنگ سمیت دیگرمعاملات پرتبادلہ خیال کیا گیا۔