Tag: indian police

  • بھارت پولیس کا برطانوی گلوکار ایڈ شیرن کے ساتھ ناروا سلوک، پرفارمنس سے روک دیا

    بھارت پولیس کا برطانوی گلوکار ایڈ شیرن کے ساتھ ناروا سلوک، پرفارمنس سے روک دیا

     بھارت کی بینگلورو پولیس نے گریمی ایوارڈ یافتہ برطانوی گلوکار ایڈ شیرن کے اسٹریٹ پرفارمنس سے روک دیا جس پر گلوکار نے ردعمل بھی دیا ہے۔

    خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جنوبی بھارتی ریاست کرناٹک کے صدر مقام بینگلور کی سڑک پر ایڈ شیرن پرفارمنس کرنے کھڑے ہوگئے، اس دوران مقامی پولیس کی جانب سے انہیں روکنے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    ویڈیو میں گلوکار شیرن کو ایک سفید ٹی شرٹ اور شارٹس میں ملبوس دیکھا جاسکتا ہے، اپنے بنگلورو کنسرٹ سے پہلے وہ ایک فٹ پاتھ پر گاتے اور گٹار بجاتے ہوئے نظر آئے۔

    ویڈیو میں دیکھا گیا کہ بینگلورو پولیس ایڈ شیرن کو پہنچان نہ سکی اور انہیں پرفارمنس روکنے کو کہا جبکہ ایک افسر نے انکا مائیکرو فون بند کردیا جسے دیکھ کر تماشائی حیران رہ گئے۔

    اس واقعے کے بعد ایڈ شیرن نے انسٹاگرام اسٹوریز پر واضح کیا کہ یہ اچانک نہیں بلکہ پہلے سے طے شدہ پرفارمنس تھی، ہمارے پاس اسکی اجازت تھی اور ہم بالکل اسی جگہ پر پرفارم کر رہے تھے جہاں کی ہمیں اجازت ملی تھی۔

    برطانوی گلوکار ایڈ شیرن نے اسٹوری پر مزید لکھا کہ شو آج رات ایکس پر دیکھیے گا، انہوں نے ایک تصویر بھی پوسٹ کی کہ وہ شہر میں پرفارم کےلیے کس قدر پُرجوش تھے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Ed Sheeran (@teddysphotos)

    واضح رہے کہ ایڈ شیرن کنسرٹس کے لیے اس وقت بھارت میں ہے، انہوں نے فوٹو اینڈ شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر بینگلورو کانسرٹ کی ویڈیو شیئر کی ہے، انہوں نے ایک کھلے میدان میں ہزاروں لوگوں کے سامنے پرفارم کیا، ان کے ساتھ بھارتی گلوکارہ شلپا راؤ بھی تھیں۔

  • بھارتی پولیس کے دو اہلکاروں نے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا

    بھارتی پولیس کے دو اہلکاروں نے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا

    سری نگر / بہار : مقبوضیہ کشمیر میں تعینات ریزرو پولیس فورس کے ایک اہلکار نے خود کشی کرلی جبکہ بہار میں خاتون پولیس اہلکار نے اپنی بیرک میں موت کو گلے لگالیا۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک اہلکار نے سرینگر میں خودکشی کرلی۔

    رپورٹ کے مطابق سی آرپی ایف اہلکار نے سرینگر کے علاقے شیو پورہ میں اپنی سروس رائفل سے خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کردیا۔

    اس حوالے سے بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ سی آر پی ایف اہلکار کا تعلق بھارت کی ریاست تری پورہ سے تھا۔ اس واقعے سے جنوری 2007سے مقبوضہ علاقے میں خودکشی کرنے والے بھارتی فوجیوں اورپولیس اہلکارروں کی تعداد 612 ہوگئی ہے۔

    دریں اثناء ضلع کپواڑہ کے علاقے سادھنا ٹاپ کے قریب ایک پولیس ہیڈ کانسٹیبل کارحادثے میں ہلاک ہوگیا جس کی شناخت غلام رسول کے نام سے ہوئی ہے۔

    علاوہ ازیں بھارتی ریاست بہار کے ضلع گیا میں پولیس لائن میں تعینات ایک خاتون پولیس اہلکار نے بھی خودکشی کرلی ہے۔

    خاتون پولیس اہلکار کی لاش پیر کی صبح خواتین پولیس اسٹیشن کی ایک بیرک سے ملی، بھارتی میڈیا کے مطابق خاتون کانسٹیبل ذہنی دباؤ کا شکار تھی اور اس نے پولیس بیرک میں خودکشی کرلی۔

    رام پور پولیس اسٹیشن میں خاتون پولیس اہلکار کی خودکشی کامقدمہ درج کرکے پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے مقامی اسپتال منتقل کردیا۔

  • جنگل سے زنجیروں میں جکڑی بازیاب امریکی خاتون کا جھوٹ پکڑا گیا

    جنگل سے زنجیروں میں جکڑی بازیاب امریکی خاتون کا جھوٹ پکڑا گیا

    ممبئی : بھارت کے جنگل سے گزشتہ ہفتے زنجیروں میں جکڑی امریکی خاتون نے پولیس کو دیے گئے بیان میں جھوٹ کا سہارا لیتے ہوئے اپنے شوہر پر الزام عائد کیا تھا حالانکہ اس کی شادی ہی نہیں ہوئی۔

    50سالہ امریکی خاتون للیتا کیکمار ایس کو جنگل میں بھوک سے نڈھال اور ایک درخت سے زنجیر سے بندھا ہوا پایا گیا تھا، خاتون 25روز سے بھوکی پیاسی تھی۔

    امریکی خاتون کے بارے میں پولیس نے کہا ہے کہ تحقیقات کے بعد اس بات کا انکشاف ہوا کہ مذکورہ خاتون نے اپنے آپ کو خود ہی باندھ رکھا تھا جبکہ بازیابی کے بعد دیے گئے بیان میں اس نے اپنے شوہر پر الزام عائد کیا تھا۔

    American woman

    پولیس کے مطابق اب اس امریکی خاتون کا یہ مؤقف ہے کہ اس کی شادی ہی نہیں ہوئی اور پولیس کو دیئے گئے پہلے بیان کے وقت وہ مکمل طور پر اپنے ہوش و حواس میں نہیں تھی۔

    پولیس کے مطابق خاتون نے بتایا ہے کہ ان کا ویزا ختم ہو گیا تھا اور اتنے پیسے بھی نہیں تھے کہ وطن واپس جاسکے اس لیے وہ پریشان تھی، جس کے بعد اس نے تالے اور زنجیریں خرید کر خود کو درخت سے باندھ لیا تھا۔

    امریکی خاتون کے علاج پر مامور ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ مریضہ کی پہلے سے کافی حالت بہتر ہو رہی ہے، وہ کھاتی پیتی اور چلتی پھرتی ہیں اس کے علاوہ تھوڑی بہت ورزش بھی کرلیتی ہیں۔

    ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ امریکہ میں اس خاتون کے خاندان کا سراغ لگا لیا گیا ہے اور لالیتا بھی ان سے رابطے میں تھی۔

    مزید پڑھیں : بھارت میں زنجیر سے بندھی امریکی خاتون کئی ہفتوں بعد جنگل سے بازیاب

    پولیس کے مطابق مذکورہ خاتون کافی عرصے سے بھارتی ریاست تامل ناڈو میں رہائش پذیر تھی اور اس کے پاس آدھار کارڈ بھی موجود تھا جس پر تامل ناڈو کا ایڈریس بھی درج تھا۔

  • بھارتی پولیس کا مسلمان نوجوان کو کرنٹ لگا کر بدترین تشدد

    بھارتی پولیس کا مسلمان نوجوان کو کرنٹ لگا کر بدترین تشدد

    پرتاپ گڑھ : بھارتی گجرات کے ایک تھانے میں پولیس نے محض لائسنس نہ ہونے پر مسلمان نوجوان کو کرنٹ لگا کر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا، اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش میں پرتاپ گڑھ ضلع کے تھانہ دیلہو پور پولیس نے چیکنگ کے دوران نوجوان پر بجلی کے جھٹکے لگا کر تشدد کیا۔

    پولیس کے تشدد سے زخمی نوجوان کی حالت غیر ہوگئی تو اسے اسپتال لے جایا گیا جہاں اس کی حالت بدستور تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق کرنٹ لگا کر تشدد کرنے کے الزام میں ڈی ایس پی رانی گنج کی ہدایت پر تھانہ میں تعینات ایک سب انسپکٹر سمیت تین پولیس اہلکاروں کے خلاف قاتلانہ حملہ سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    زخمی نوجوان محمد دانش کے بھائی محمد محسن کی جانب سے ڈی ایس پی کو دی جانے والی درخواست میں بتایا گیا کہ گزشتہ شام 6 بجے اس کا بھائی محمد دانش عرف کیف چھتپال گڑھ بازار سے گھر پریلا گاؤں بائیک سے واپس آرہا تھا کہ برسنڈہ پل کے نزدیک ایک سب انسپکٹر اور دو کانسٹیبل چیکنگ کررہے تھے۔

    پولیس نے محمد محسن کے بھائی کو روک کر کاغذات طلب کیے تو بھائی نے کاغذات دکھاتے ہوئے کہا کہ اس کے پاس ڈرائیونگ لائسنس نہیں ہے جس پر پولیس اہلکار گالیاں دیتے ہوئے اسے تھانہ لے گئے جہاں بجلی کا کرنٹ لگاکر اس پر تشدد کیا گیا جس کے سبب اس کا بھائی شدید زخمی ہوگیا۔

  • ستیش کوشک کی موت مشتبہ حالات میں ہوئی، پولیس کا انکشاف

    ستیش کوشک کی موت مشتبہ حالات میں ہوئی، پولیس کا انکشاف

    نئی دہلی: بھارتی پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ بالی ووڈ اداکار ستیش کوشک کی موت مشتبہ حالات میں ہوئی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کے سینیئر اداکار ستیش کوشک کی موت کے معاملے میں نیا انکشاف سامنے آیا ہے، پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے فارم ہاؤس سے قابل اعتراض ادویات برآمد ہوئی ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار و ہدایت کار ستیش کوشک کا اچانک دل کے دورے سے موت واقع ہو گئی تھی، تاہم اب دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ ستیش کوشک کی موت مشتبہ حالات میں ہوئی ہے۔

    دہلی پولیس کی ٹیم نے فارم ہاؤس جا کر جانچ کی تو کچھ ’قابل اعتراض ادویات‘ برآمد ہوئیں، جس کے بعد پولیس ستیش کوشک کے تفصیلی پوسٹ مارٹم اور وسرا رپورٹ کا انتظار کر رہی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ تمام رپورٹس سامنے آنے کے بعد ہی پوری تصویر واضح ہو سکے گی۔

    دوسری طرف پولیس نے ہولی پارٹی میں آنے والے مہمانوں کی فہرست بھی تیار کر لی ہے، جو اس وقت فارم ہاؤس میں موجود تھے، پولیس اس صنعت کار سے بھی پوچھ تاچھ کرنا چاہتی ہے جو ستیش کوشک کی موت کے بعد سے فرار ہے۔

    ویڈیو: ستیش کوشک کی آخری رسومات، سلمان خان بھی آبدیدہ ہوگئے

    پولیس تحقیقات میں یہ بھی جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ فارم ہاؤس سے ملنے والی قابل اعتراض ادویات کے پیکٹ کس کے لیے اور کیوں آئے تھے؟

    واضح رہے کہ ستیش کوشک دہلی میں اپنے ایک دوست کے فارم ہاؤس پر ہولی پارٹی کے لیے آئے تھے، اس دوران ان کی طبیعت خراب ہو گئی، جس کے بعد انھیں اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ دم توڑ گئے، ڈاکٹروں کے مطابق اداکار کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔

  • بھارتی پولیس اہلکار نے وزیر صحت کو گولیاں مار کر قتل کردیا

    بھارتی ریاست اڑیسہ کے وزیر صحت کو ایک پولیس اہلکار نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر سینے میں دو گولیاں مار دیں اور فرار ہوگیا۔

    بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ریاست اڑیسہ کے وزیر صحت نابا کشور داس کو گاندھی چوک کے نزدیک اے ایس آئی نے ان پر اُس وقت دو گولیاں ماریں جب وہ ایک تقریب میں شرکت کے لیے پہنچے تھے، واقعہ دوپہر ایک بجے پیش آیا۔

    دو میں سے ایک گولی ان کے سینے میں لگی جس کے بعد انہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئے۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ وزیر صحت جیسے ہی اپنی گاڑی سے اترے ،حفاظت پر مامور پولیس اہلکار نے سرکاری پستول سے یکے بعد دیگرے دو گولیاں ان کے سینے میں اتار دیں۔

    وزیر صحت کو انتہائی تشویش ناک حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں طبیعت نہ سنبھلنے پر طیارے کے ذریعے بھونیشور لے جایا گیا جہاں ماہر ڈاکٹر کی زیر نگرانی پیچیدہ آپریشن کیا جا رہا ہے۔

    پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیر صحت پر فائرنگ کرنے والے اسسٹنٹ سب انسپکٹر کی شناخت گوپال داس کے نام سے ہوئی ہے۔ تاحال واقعے کے محرکات کا تعین نہیں ہوسکا تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔

  • چوہے ہزاروں لیٹر شراب پی گئے؟

    چوہے ہزاروں لیٹر شراب پی گئے؟

    ہریانہ : بھارتی پولیس نے ہزاروں لیٹر شراب پینے کا الزام معصوم چوہوں پر ڈال دیا، ہریانہ کے 25 تھانوں میں موجود 29ہزار لیٹر شراب غائب ہونے کے واقعے نے نئی بحث چھیڑ دی۔

    بھارتی ریاست ہریانہ کے شہر فرید آباد کے تھانوں سے 29 ہزار لیٹر شراب غائب ہے۔ ایک دو نہیں بکہ شہر کے کل 30 میں سے 25 تھانوں سے 29 ہزار لیٹر شراب غائب ہونے سے کھلبلی مچ گئی۔

    صورتحال کے برعکس اس حوالے سے پولیس افسران نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے، جبکہ سوال یہ بھی پیدا ہو رہا ہے کہ مال خانوں میں موجود اتنی بڑی مقدار میں شراب آخر کس طرح غائب ہو گئی؟

    پراسرار طور پر غائب ہونے والی ہزاروں لیٹر شراب کے کین اور بوتلیں فرید آباد کے مختلف پولیس تھانوں کے مال خانوں میں رکھی ہوئی تھی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ دنوں فرید آباد پولیس کی جانب سے ایک کارروائی میں تقریباً 50000 لیٹر دیسی اور کچی شراب، تقریباً 30000 لیٹر انگریزی شراب اور تقریباً 3000 کین بیئر ضبط کی گئی تھی۔

    اس سلسلہ میں تقریباً 825 مقدمات بھی درج ہوئے تھے جبکہ یہ مقدمہ عدالت میں زیر سماعت ہے، ضبط شدہ شراب کو متعلقہ تھانوں کے مال خانہ میں رکھا گیا تھا۔

    ان معلومات کا انکشاف خود پولیس کے اعداد و شمار سے ہوا ہے۔ اس حوالے سے جب متعلقہ پولیس افسران سے باز پرس کی گئی تو ان کے پاس وہی گھسا پٹا پرانا جواب تھا کہ ساری شراب چوہے پی گئے۔

    یاد رہے کہ دیسی شراب کی بوتلیں زیادہ تر پلاسٹک کی ہوتی ہیں اور برآمد ہونے والی کچی شراب بھی عموماً پلاسٹک کے بڑے ڈرموں میں ہی رکھی جاتی ہے جنہیں چوہے کاٹ سکتے ہیں۔

    یہ معاملہ اس وقت اور بھی دلچسپ ہوگیا کہ واقعے میں نو ہزار لیٹر انگریزی شراب بھی غائب ہے جو شیشہ کی بوتلوں میں رکھی جاتی ہے۔

  • بھارتی پولیس مسلم دشمنی پر اتر آئی : زخمی ٹرک ڈرائیور کیخلاف ہی مقدمہ درج

    بھارتی پولیس مسلم دشمنی پر اتر آئی : زخمی ٹرک ڈرائیور کیخلاف ہی مقدمہ درج

    کرناٹک : بھارت میں مسلم دشمنی کے واقعات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، مویشی لے جانے والے شخص کو ہندوتوا کے غنڈوں نے مار مار کر نہ صرف لہولہان کردیا بلکہ مدد مانگنے پر پولیس نے بھی اسی کیخلاف گئوکشی کا مقدمہ درج کرلیا۔

    بھارتی ریاست کرناٹک میں مسلم دشمنی کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے، مسلمان ڈرائیور عابد علی مویشیوں کو زراعت کے لیے لے جا رہا تھا کہ راستے میں غندہ عناصر نے اس پر بہیمانہ تشدد کیا، ہڈیاں ٹوٹنے کے باعث عابد علی اسپتال میں زیر علاج ہے۔

    مسلمان ڈرائیور عابد علی نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ مویشیوں کو زراعت کے لیے لے جا رہا تھا، میرے پاس قانونی طور پر دکھانے کے لیے تمام دستاویز ات بھی موجود تھے،ٹرانسپورٹیشن سمیت کچھ بھی غیر قانونی نہیں تھا۔

    میڈیا ذرائع سے موصول ہونے والی خبروں کے مطابق عابد علی نامی شخص مبینہ طور پر اپنے ٹرک میں12 سے 15مویشیوں کو رانی بینّور سے منگلورو لے جا رہا تھا کہ راستے میں  جس کی نہ صرف ہندوتوا غنڈوں نے پٹائی کی بلکہ اس کے پاس موجود 22ہزار روپے نقد اور موبائل فون بھی چھین لیا۔

    حیران کن بات یہ ہے کہ جب مسلم ڈرائیور نے مدد کے لیے پولیس اسٹیشن میں رپورٹ کی تو الٹا متاثرہ شخص کے خلاف ہی مبینہ گئوکشی کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    واضح رہے کہ یہ واقعہ ایک ہفتے قبل کرناٹک کا ہے جہاں گئوکشی پر پابندی عائد کیے جانے والے نئے آرڈیننس کے تحت پہلا معاملہ درج کیا گیا ہے۔

    بھارتی روزنامہ دی ہندو میں اس واقعہ سے متعلق سے ایک رپورٹ شائع ہوئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ جب اس واقعہ کی اطلاع عابد علی نے مقامی لوگوں کی مدد سے شرنگیری پولیس کو دی تو وہ موقع پر پہنچی اور حملہ آواروں کے خلاف شکایت درج کرنے کے ساتھ ساتھ عابد علی کے خلاف گئوکشی معاملہ کو  لے کر بھی مقدمہ درج کرلیا۔

    بھارتی اخبار کے مطابق  اس حوالے سے  جب شرنگیری پولیس سے رابطہ کیا گیا تو بتایا گیا کہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور تفتیش بھی جاری ہے، تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی کسی طرح کی کارروائی کی جائے گی۔

  • بھارت : نریندر مودی کا دفتر ویب سائٹ پر فروخت کیلئے پیش

    بھارت : نریندر مودی کا دفتر ویب سائٹ پر فروخت کیلئے پیش

    نئی دہلی : بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دفتر کو بیچنے کیلئے اس کا اشتہار او ایل ایکس پر ڈال دیا گیا، اطلاع ملتے ہی انتظامیہ نے اشتہار ہٹوایا، پولیس نے چار ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعظم مودی کا دفتر او ایل ایکس پر7.5 کروڑ روپے میں فروخت کے لیے ڈالا گیا تھا، ہنگامی طور پر کارروائی کے بعد 4 افراد حراست میں لے لیا گیا۔

    بھارتی میڈیا ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق نریندر مودی کے پارلیمانی حلقہ وارانسی میں واقع عوامی رابطہ دفتر کو کسی نے او ایل ایکس پر فروخت کے لیے ڈال دیا اور اس کی قیمت ساڑھے سات کروڑ روپے رکھی گئی۔

    اس خبر کی اطلاع جب پولیس کو ہوئی تو فوری کارروائی کرتے ہوئے اشتہار کو او ایل ایکس سے ہٹوایا گیا اور چار افراد کو شک کی بنا پر حراست میں لینے کے ساتھ ساتھ ایک ملزم کو باقاعدہ گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق وارانسی میں واقع مودی کے دفتر کی تصویر ڈال کر جب اسے برائے فروخت بتایا گیا تو ساتھ میں اس کی تفصیل بھی دی گئی تھی۔

    تفصیلات میں بتایا گیا کہ یہاں چار بیڈ روم باتھ روم کے ساتھ، فل فرنشڈ ریڈی ٹو موو، لسٹیڈ بائی ڈیلر، بلڈ اَپ ایریا 6500 اسکوائر فٹ، دو منزل، دو کار پارکنگ کے ساتھ ہی نارتھ ایسٹ فیسنگ کی معلومات بھی دی گئی۔ پروجیکٹ نیم، میں پی ایم او دفتر وارانسی لکھا گیا۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ جس شخص نے تصویر لے کر او ایل ایکس پر ڈالی تھی وہ گرفتار کیا جاچکا ہے اور اس سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

    میڈیا ذرائع کے مطابق پولیس نے چار افراد کو حراست میں لے لیا ہے اور اس میں اس شخص کی گرفتاری بھی شامل ہے جس کی پروفائل سے یہ اشتہار ڈالا گیا تھا جس کا نام لکشمی کانت اوجھا ہے۔

     

  • موٹرسائیکل سوار بھارتی خاتون بے قابو،اہلکار کی درگت بنا دی، ویڈیو وائرل

    موٹرسائیکل سوار بھارتی خاتون بے قابو،اہلکار کی درگت بنا دی، ویڈیو وائرل

    ممبئی : بھارت میں خاتون نے ہیلمٹ نہ پہننے کے سوال پر ٹریفک پولیس اہلکار کی درگت بنا دی، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں خاتون پولیس اہلکار کا گریبان پکڑے ہوئے اسے تھپڑ ماررہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کے شہر ممبئی میں ایک موٹر سائیکل سوار خاتون نے محض اس بات پر پولیس اہلکار کی پٹائی کردی کہ اس نے ہیلمنٹ نہ پہننے پر اسے روکا تھا۔

    مذکورہ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک خاتون ٹریفک پولیس اہلکار کی درگت بنارہی ہے، خاتون کے احترام میں اس اہلکار نے اُسے کچھ نہ کہا اور خاموشی سے پٹتا رہا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ واقعہ ممبئی کے علاقے کاٹن ایکسچینج کے پاس پیش آیا جہاں ڈیوٹی پر موجود ٹریفک اہلکار نے موٹر سائیکل سوار خاتون کو روکا جس ہیلمٹ نہیں پہنا ہوا تھا۔

    دونوں کے درمیان جرمانے کے اوپر پہلے تکرار شروع ہوئی اور پھر اس کے بعد اچانک خاتون نے سڑک پر پولیس اہلکار کو نہ صرف مارنا شروع کیا بلکہ اس کی وردی بھی پھاڑی دی۔

    خاتون نے دعویٰ کیا کہ پولیس اہلکار نے اُسے گالیاں دیں جس پر وہ غصہ ہوئی، جبکہ پولیس اہلکار نے خاتون کے دعوؤں کو مسترد کردیا۔

    دوسری جانب مہاراشٹرا کی حکمراں جماعت شیو سینا کے رہنما سنجے راوت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ خاتون کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔

    انہوں نے اپنی پوسٹ میں مہاراشٹرا کے وزیر داخلہ کو بھی ٹیگ کیا اور کہا کہ یہ معاملہ پولیس کی عزت کا ہے۔