Tag: indian-prisoners

  • پاکستان کا جیلوں میں قید 355 بھارتی ماہی گیروں کو  رہا کرنے کا فیصلہ

    پاکستان کا جیلوں میں قید 355 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کے تحت  جیلوں میں قید بھارتی ماہی گیر اور شہریوں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے، بھارتی قیدیوں کو  8 اپریل  پھر 15 اپریل ، اس کے بعد 22 اور 29 اپریل کو  رہا کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کے تحت ایک مرتبہ پھر بڑا اقدام کرتے ہوئے پاکستانی جیلوں میں قید بھارتی ماہی گیروں اور بھارتی شہریوں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ترجمان دفترخارجہ نے کہا 355 ماہی گیر اور 5 بھارتی شہریوں کو رہا کیاجائےگا، 8 اپریل پھر 15 اپریل ، اس کے بعد 22 اور 29 اپریل کو بھارتی قیدیوں کو رہا کیا جائے گا، بھارتی شہریوں کو 100 ، 100 کر کے رہا کیا جائےگا۔

    اس سے قبل ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے، بھارتی فوج نے 10 معصوم کشمیریوں کو شہید کر دیا۔ کشمیری شہریوں کو مختلف علاقوں میں شہید کیا گیا۔ عالمی برادری کے لیے ضروری ہے بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔

    مزید پڑھیں : کشمیریوں کی حالت زار پر اقدامات پر یورپی پارلیمنٹ کے شکر گزار ہیں: دفتر خارجہ

    یاد رہے کہ بھارت نے 27 فروری کو لائن آف کنٹرول پر پاکستانی ایف سولہ طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا جبکہ پاکستانی شاہینوں نے دو بھارتی مگ 21 طیارے مار گرائے تھے اور بھارتی پائلٹ کو بھی گرفتار کرلیا تھا، بعد ازاں جذبہ خیر سگالی کے تحت گرفتار پائلٹ کو بھارت کے حوالے کر دیا تھا۔

    خیال رہے پاکستان اور بھارت کے درمیان قیدیوں کی فہرست کے تبادلہ دونوں ملکوں کے درمیان سال میں دو بار ہوتا ہے، دونوں ممالک معاہدے کے تحت سال میں دو مرتبہ یکم جنوری اور یکم جولائی کو قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ کرتے ہیں۔

  • پاکستان کا جیلوں میں موجود بھارتی قیدیوں کو قونصلر رسائی دینے کا فیصلہ

    پاکستان کا جیلوں میں موجود بھارتی قیدیوں کو قونصلر رسائی دینے کا فیصلہ

    اسلام آباد : پاکستان نے جیلوں میں موجود بھارتی قیدیوں کو قونصلر رسائی دینے کا فیصلہ کرلیا گیا ، قونصلر رسائی اس ماہ کے آخر تک دے دی جائے گی، پاکستانی جیلوں میں 537 بھارتی قیدی موجود ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے علاقائی اور خطے میں پرامن ہمسائیگی کے لئے بڑا اقدام کرتے ہوئے پاکستانی جیلوں میں موجود بھارتی قیدیوں کوقونصلر رسائی دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ ذمہ دارانہ طریقے سے بھارت سے بات کی اور بھارت بچگانہ حرکتیں کرتا رہا۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان نے ایک سو دو بھارتی قیدیوں تک قونصلر رسائی کی اجازت دی، قیدیوں میں 100 کراچی اور 2 راولپنڈی کی جیلوں میں موجود ہیں، قونصلر رسائی اس ماہ کے آخر تک دے دی جائے گی۔

    سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی جیلوں میں 537 بھارتی قیدی موجود ہیں، امید ہے بھارت بھی 347 پاکستانی قیدیوں تک قونصلر رسائی دے گا۔

    سفارتی ذرائع نے کہا کہ اقدام دونوں ممالک میں اعتماد سازی کے لئے فائدہ مند ہوگا، قونصلر رسائی دینا پاکستان کا پرامن ہمسائیگی کی جانب ایک اور قدم ہے۔

    مزید پڑھیں : پاکستان نے بھارتی قیدیوں کی فہرست بھارت کے حوالے کردی

    خیال رہے پاکستان اور بھارت کے درمیان معاہدے کے تحت سال میں دو مرتبہ یکم جنوری اور یکم جولائی کو قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ کیا جاتا ہے۔

    واضح رہے کہ یکم جنوری کو بھارت نے پاکستانی قیدیوں کی فہرست نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے حوالے کی تھی، آٹھ جنوری کو مزید ایک سو چھیالیس بھارتی ماہی گیروں کو رہا کیا تھا، پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کے تحت ایک سو پینتالیس بھارتی ماہی گیروں کو اٹھائیس دسمبر کو رہا کیا تھا۔