Tag: Indian Railways

  • مودی سرکار کی ترقی کے دعوے ریلوے کی کارکردگی نے بے نقاب کر دیے

    مودی سرکار کی ترقی کے دعوے ریلوے کی کارکردگی نے بے نقاب کر دیے

    مودی سرکار کی کھوکھلی ترقی کے ڈھکوسلے بھارتی ریلوے کی کارکردگی نے بے نقاب کر دیے۔

    رواں سال بھارتی ریلوے میں حادثات کی تعداد 10 سے تجاوز کر گئی، مختلف ریلوے حادثات میں مرنے والوں کی تعداد بھی 400 تک پہنچ گئی ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق ریلوے حادثات کی بنیادی وجوہ میں غیر معیاری ٹیکنالوجی، پٹریوں کی قدیم ساخت اور حد سے زیادہ مسافروں کا سوار ہونا شامل ہے۔

    مودی کی فخریہ پیشکش ’’وندے بھارت ایکسپریس‘‘ افتتاح کے پہلے ہی مہینے 4 حادثات کا شکار ہوئی، ماضی کو دیکھا جائے تو ریلوے حادثات کی عالمی تاریخ میں بھی بھارت پیش پیش ہے۔

    انسانی غلطی سے ہونے والا سب سے بڑا ریلوے حادثہ بھارتی ریاست بہار میں 1981 میں پیش آیا، جس میں 800 سے زائد لوگ جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے، جب کہ نومبر 2016 میں اندور پٹنہ ایکسپریس حادثے میں 150 سے زائد مسافر ہلاک ہوئے۔

    مئی 2010 میں کولکتہ حادثے میں 200 مسافر ہلاک جب کہ 500 سے زائد زخمی ہوئے، رواں سال جون میں اڑیسہ میں تین ٹرینوں کے تصادم کے نتیجے میں 300 کے قریب لوگ لقمہ اجل بن گئے۔

    حادثات کی ذمہ داری قبول کرنے کی بجائے بھارتی ریلوے ملبہ دوسروں پر ڈالتی رہی ہے، 2010 کولکتہ حادثہ ماوٴ باغیوں، 2002 راجدھانی ایکسپریس حادثہ غیر ملکی جاسوسوں، 2006 ممبئی حادثہ اور سمجھوتہ ایکسپریس حادثہ پاکستان پر اور گزشتہ اڑیسہ سانحہ مسلمانوں پر ڈال دیا گیا۔

  • بھارتی ریلوے کی اب تک کی سب سے بڑی ڈیٹا ہیکنگ واردات، معلومات ڈارک ویب پر اپ لوڈ

    نئی دہلی: بھارتی ریلوے کی اب تک کی سب سے بڑی ڈیٹا ہیکنگ واردات ہوئی ہے، چوری شدہ معلومات ڈارک ویب پر اپ لوڈ کر دی گئیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریلوے کے تقریباً تین کروڑ رجسٹرڈ مسافروں کا ڈیٹا ہیک کر لیا گیا ہے، جسے مبینہ طور پر ڈارک ویب پر فروخت کے لیے رکھ دیا گیا ہے۔

    ہیکرز کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ بھارتی ریلوے کی اب تک کی یہ سب سے بڑی ڈیٹا ہیکنگ ہے، سائبر کرمنلز نے اپنے ایک فورم پر یہ ڈیٹا فروخت کے لیے اپ لوڈ کیا ہے۔

    ہیک کیے گئے ڈیٹا میں صارفین کے نام، ای میل، موبائل نمبر، جنس، مکمل پتہ اور ان کی زبان کی ترجیحات شامل ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق ڈیٹا ان صارفین کا ہے جو انڈین ریلوے پورٹل سے ٹکٹ بک کرتے ہیں، ہیکر نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ اس کے پاس سرکاری ای میل آئی ڈیز اور ان کے سیل فون نمبرز سمیت سرکاری افراد کا ڈیٹا بھی موجود ہے۔

    بھارتی ریلوے نے اب تک اس معاملے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا ہے، 2020 میں بھی بھارتی ریلوے کے ٹکٹ خریداروں کا ڈیٹا ہیک کیا گیا تھا۔

    اس سے قبل چین کے ایک ہیکر نے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) دہلی کے تکنیکی نظام کو ہیک کیا تھا، اس نے پورے سرور کو کنٹرول کر لیا تھا، اور 200 کروڑ روپے کی کرپٹو کرنسی کا مطالبہ کیا، تاہم بعد میں سرور کو ہیکر کے قبضے سے واپس لے لیا گیا۔