Tag: indianapolis

  • گھر کو آگ، باہر نکلنے والوں پر گولیوں کی بارش، امریکا میں 8 ہلاک

    گھر کو آگ، باہر نکلنے والوں پر گولیوں کی بارش، امریکا میں 8 ہلاک

    ہیوسٹن: امریکا میں 4 مقامات پر فائرنگ کے واقعات میں ایک حملہ آور سمیت 8 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں اسلحے پر پابندیاں عائد کرنے کی کوششوں کے درمیان مختلف ریاستوں میں فائرنگ کے سفاکانہ واقعات کا تسلسل جاری ہے۔

    گزشتہ روز بھی امریکا کے مختلف شہروں میں چار مختلف واقعات رونما ہوئے، جس میں مسلح افراد نے آٹھ شہریوں کو زندگی سے محروم کر دیا اور چار زخمی ہو گئے۔

    امریکی ریاست ٹیکساس کے سب سے بڑے شہر ہیوسٹن میں ایک مسلح شخص نے عجیب سفاکانہ کارروائی کی، اس نے پہلے کئی گھروں کو نذر آتش کیا، اور پھر جب لوگ خوف سے باہر نکلے تو ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

    آگ لگے گھر سے باہر نکلنے والوں پر گولیوں کی بارش سے 3 افراد ہلاک ہو گئے، جب کہ موقع پر پہنچنے والی پولیس ٹیم کی جوابی فائرنگ میں حملہ آور بھی ہلاک ہو گیا۔

    امریکی ریاست مشیگن کے بڑے شہر ڈیٹرائٹ میں بھی کار سوار مسلح شخص نے راہگیروں پر بغیر کسی وجہ کے اندھا دھند گولیاں چلا دیں، جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے۔

    امریکی ریاست انڈیانا کے مرکزی شہر انڈیاناپولِس میں بھی ایک ہوٹل کے باہر فائرنگ کے نتیجے میں نیدرلینڈز کا ایک فوجی اہل کار ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا، وہ ان تین ڈچ فوجیوں میں سے تھے جو فوج مشقوں کے لیے امریکا میں موجود تھے۔

    ادھر واشنگٹن میں بھی ایک فٹ بال کھلاڑی بریان رابنسن کو کار چھیننے کی کوشش کے دوران نامعلوم شخص نے گولیاں مار دیں، پولیس کا کہنا ہے کہ فٹ بالر کو ایک سے زائد گولیاں لگیں تاہم ان کی حالت اب بہتر ہے۔

  • امریکی ریاست انڈیانا میں فائرنگ، 8 ہلاکتیں، متعدد زخمی

    امریکی ریاست انڈیانا میں فائرنگ، 8 ہلاکتیں، متعدد زخمی

    انڈیانا: ایک اور امریکی ریاست میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، اندوہناک واقعے کے نتیجے میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکا کے شہر انڈیانا پولس میں جمعرات کو رات گئے فیڈیکس کمپنی کے ایک گودام میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، فائرنگ کے نتیجے میں آٹھ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

    مقامی پولیس کی ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس کو خبر ملی کہ شہر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے نزدیک فیڈیکس کمپنی کے دفتر میں ایک شخص نے اندھا دھند فائرنگ کر دی ہے، فائرنگ کے بعد مبینہ حملہ آور نے گولی مار کر خودکشی کرلی ہے۔

    انڈیاناپولس میٹرو پولیٹن پولیس ڈیپارٹمنٹ کی ترجمان نے بتایا کہ واقعے کے فوری بعد پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو وہاں کئی زخمی موجود تھے انہیں زخمیوں میں مبینہ حملہ آور بھی موجود تھا، جنہیں مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق واقعے کے بعد علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے جب کہ حملہ آور کی لاش کو قبضے میں لیکر تفتیش شروع کردی گئی ہے تاہم حملہ آور کی شناخت سے متعلق ابھی تک تفصیلات جاری نہیں کی گئیں ہے۔

    دوسری جانب فیڈیکس کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سانحہ سے مکمل طور پر باخبر ہیں، لوگوں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے تاہم جو لوگ فائرنگ سے متاثر ہوئے ہماری ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں، واقعہ سے متعلق تحقیقاتی حکام سے مکمل تعاون کیا جارہا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: امریکی ریاست کیلی فورنیا میں فائرنگ، بچے سمیت 4 افراد ہلاک

    اس سے قبل نو رواں ماہ نو اپریل کو بھی امریکی ریاست جنوبی کیرولینا میں فائرنگ کا اندوہناک واقعہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے تھے،فائرنگ سابق فٹبال کھلاڑی فلپ ایڈمز نے کی، ملزم نے پانچ افراد کو قتل کرنے کے بعد خود کو بھی گولی مارکر خودکشی کرلی تھی۔

    یاد رہے کہ مارچ میں امریکی ریاستوں میں فائرنگ کے چار واقعات رونما ہوئے تھے، اٹھائیس مارچ کو ورجینیا میں فائرنگ سے دو افراد ہلاک جبکہ آٹھ زخمی ہوئے، اس سے قبل بائیس مارچ اور سولہ مارچ کو کولوراڈو اور جیارجیا میں بھی فائرنگ کے دو واقعات رونما ہوئے تھے، جس کے نتیجے میں 18 افراد کو اپنی جانوں سے ہاتھ دھونا پڑا تھا۔

  • امریکا : پولیس کے ہاتھوں ہلاک ہونے تک نوجوان ویڈیو بناتا رہا

    امریکا : پولیس کے ہاتھوں ہلاک ہونے تک نوجوان ویڈیو بناتا رہا

    انڈیانا پولس : امریکہ کی پولیس نے تیز رفتار کار سوار کو تعاقب کر کے گولیوں سے بھون ڈالا، اس سارے واقعے کی ویڈیو انٹرنیٹ پر شیئر ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکہ کے شمالی صوبہ انڈیانا کی دارالحکومت انڈیانا پولس میں  سیاہ فام کار سوار کا تعاقب کرکے فائرنگ کی گئی جو اس کی موت کا باعث بن گئی۔

    انڈیانا پولیس کو اطلاع ملی کہ مشی گن 30اسٹریٹ پر ایک سیاہ فام کار سوار انتہائی تیزی اور لاپرواہی سے ڈرائیونگ کررہا ہے جس پر پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے کار کا پیچھا کیا۔

    مذکورہ سیاہ فام نوجوان کار ڈرائیو کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر لائیو ویڈیو پر دوستوں سے خوشگوار موڈ میں محو گفتگو تھا، ویڈیو میں نوجوان میوزک سن رہا ہے اور پس منظر میں پولیس سائرن کی آواز بھی سنائی دے رہی ہے۔ اس نے بتایا کہ پولیس اس کے پیچھے چل رہی ہے اب وہ دوبارہ جیل نہیں جانا چاہتا۔

    اس نے اپنی ماں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ سے بہت پیار کرتا ہوں، اسی دوران پولیس نے اسے رکنے کا اشارہ کیا نوجوان نے مشی گن کی 62ویں اسٹریٹ پر کار روکی اور ہاتھ اٹھا کر باہر نکل آیا۔

    اسی دوران فائرنگ کی آواز آتی ہے اور چیخنے چلانے کی آوازیں بھی ریکارڈ ہوجاتی ہیں،اس موقع پر متعدد گولیاں چلتی ہیں اور موبائل کیمرہ آسمان کی جانب فکس رہتا ہے۔

    اس نوجوان کی شناخت سرکاری طور پر21 سالہ ڈریاسجن ریڈ کے نام سے کی گئی ہے، اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص سے مسلح تصادم ہوا جس کے نتیجے میں وہ فائرنگ کا نشانہ بنا لیکن دوسری جانب واقعے کی ویڈیو پولیس کے مؤقف کے برعکس منظر پیش کررہی ہے۔

  • اوبامہ کے دور میں کوئی مثبت پالیسی رائج نہیں تھی، ٹرمپ

    اوبامہ کے دور میں کوئی مثبت پالیسی رائج نہیں تھی، ٹرمپ

    واشنگٹن : امریکی صدر ٹرمپ نے ریلی میں خطاب کے دوران بارک اوباما کو تنقید نشانہ بناتے ہوئے کہا وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹ کی فتح ملکی معیشت کےلئے تباہ کن ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی ریاست انڈیانا پولس میں وسط مدتی الیکشن کے سلسلے نکالی گئی انتخابی ریلی کے دوران جارحانہ انداز میں خطاب کرتے ہوئے سابق صدر باراک اوبامہ اور ڈیموکریٹ جماعت پر برس پڑے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ باراک اوبامہ کے دور صدارت میں امریکا میں مہنگائی میں بے تحاشا اضافہ ہوا، ہم وہ دن کبھی نہیں چاہیں گے جب ملازمین کی تنخوہوں قلیل ہوا کرتی تھیں۔

    امریکی صدر نے انتخابی ریلی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی عوام کو وہ دن نہیں چاہیے جب بے روزگاری عروج پر تھی، سرحدوں پر کوئی روک ٹوک نہیں تھی اور جرائم کی شرح میں بے پناہ ہورہا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹرمپ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈیموکریٹ جماعت نے کوئی مثبت پالیسی رائج نہیں کی تھی، آئندہ ہفتے امریکا میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات میرے لیے کسی ریفرنڈم سے کم نہیں ہیں۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اس انتخابات میں امریکی عوام نے فیصلہ دینا ہے کہ وہ موجودہ حکومت کے ساتھ ہیں یا ایسی جماعت کی حمایت کریں گی جو امریکی معیشت کےلیے انتہائی نقصان دہ ہے۔

    انڈیانا پولس میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ وسط مدتی انتخابات ثابت کردے گا کہ امریکی عوام ’میک امریکا گریٹ اگین‘ کے نعرے کے ساتھ ہیں۔