Tag: India’s Republic Day

  • بھارتی یوم جمہوریہ پر کشمیر میں یوم سیاہ، بنگلادیش میں بھی مظاہرے

    بھارتی یوم جمہوریہ پر کشمیر میں یوم سیاہ، بنگلادیش میں بھی مظاہرے

    سری نگر : بھارتی یوم جمہوریہ پر حریت رہنماؤں کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں یوم سیاہ منایا جارہا ہے، وادی میں مکمل ہڑتال ہے، بنگلادیش میں بھی بھارت مخالف مظاہرے جاری ہیں۔ بھارتی فورسز نے ترال میں 3کشمیری شہید کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق ظلم اور ناانصافی میں گھرے بھارت میں نام نہاد سیکولر مملکت کا یوم جمہوریہ آج منایا جارہا ہے لیکن دنیا بھر میں موجود کشمیری آج یوم سیاہ منا رہے ہیں۔

    مقبوضہ کشمیر پر ناجائز بھارتی قبضے کے72سال مکمل ہوگئے، حریت رہنماؤں کی اپیل پر یوم سیاہ منایاجارہاہے، اس موقع پر وادی میں مکمل ہڑتال ہے۔

    حریت رہنماؤں کا کہنا ہے کہ مقبوضہ وادی میں 175دن سے کرفیو نافذ ہے،بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل بنا رکھاہے، بھارت کا جمہوری ملک ہونے کا دعویٰ جھوٹا ہے، بھارت کو یوم جمہوریہ منانے کا کوئی حق نہیں ہے، قابض بھارتی فورسز نے ترال میں 3کشمیری شہید کردیے۔

    اس کے علاوہ بھارتی یوم جمہوریہ پر بنگلادیش بھر میں بھارت مخالف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں، بھارتی فورسز کے ہاتھوں سرحد پر بنگلادیشی شہریوں کی ہلاکت کیخلاف بھی مظاہرے کیے گئے، ڈھاکا یونیورسٹی کے طالبعلم نے ڈھاکا پریس کلب کے باہر احتجاجی بھوک ہڑتال کی۔

    بھوک ہڑتالی کیمپ میں طالبعلم نے اپنی حکومت سے4مطالبات کیے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ بنگلادیش، بھارت سرحد پرشہری ہلاکتوں کو عالمی عدالت لے جایا جائے، بھارت سرحدی ہلاکتوں پر معافی مانگے اور قتل عام روکنے کی یقین دہانی کرائے۔

    طالب علم کا مطالبہ ہے کہ انکوائری کمیٹی کے مطابق دونوں ممالک متاثرہ خاندانوں کو زرتلافی دیں، بنگلادیش کی اسمبلی معاملے کو سنجیدہ لے، پارلیمان، سرکاری ادارے سرحدی ہلاکتوں کی مذمت کرے۔

  • بھارت کا یوم جمہوریہ، کشمیریوں کا آج یومِ سیاہ

    بھارت کا یوم جمہوریہ، کشمیریوں کا آج یومِ سیاہ

    سری نگر : بھارت کے یوم جمہوریہ کو دنیا بھر میں آباد کشمیری آج یوم سیاہ کے طور پر منارہے ہیں، حریت رہنماؤں کی اپیل پر مقبوضہ کشمیرمیں آج مکمل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج کا مقبوضہ جموں وکشمیر میں بدترین ظلم وستم جاری ہے، بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں رہنے والے کشمیری بھارت کے غاصبانہ قبضے اور ظلم کے خلاف یوم سیاہ منا رہے ہیں۔

    اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں گھر گھر سیاہ پرچم لہرا دیے گئے، میر واعظ عمر فاروق، سید علی گیلانی اور یاسین ملک کی اپیل پر مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال ہے، کاروباری مراکز، تعلیمی ادارے اور ٹرانسپورٹ معطل ہے۔

    بھارتی حکومت نے کشمیریوں کے احتجاج کودبانے کے لئے غیراعلانیہ کرفیو نافذ کردیا ہے اور انٹرنیٹ اورموبائل سروس بند کردی گئی جبکہ  میرواعظ عمرفاروق،یاسین ملک اورسید علی گیلانی گھروں میں نظربند کردیا گیا ہے۔

    بھارتی کی کٹھ پتلی انتظامیہ کے تمام حربوں کے باوجود کشمیریوں نے نمازجمعہ کے بعداحتجاجی ریلیاں نکالنے کا اعلان کیا ہے۔

    مقبوضہ کشمیرکے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز 3نوجوانوں کی شہادت پر احتجاج بھی کیا گیا جبکہ دنیا بھر میں آباد کشمیری آج بھارتی سفارتخانوں کے باہر احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالیں گے۔

    واضح رہے کہ بھارتی عوام آج 69 واں یومِ جمہوریہ منارہے ہیں تاہم کشمیر جسے بھارتی اپنا اٹوٹ انگ قراردیتا ہے وہاں کے عوام آج بھی اپنے حقِ خود ارادیت سے محروم ہیں۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تواسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔