Tag: indicted

  • جنوبی کوریا کے سابق صدر پر فرد جرم عائد

    جنوبی کوریا کے سابق صدر پر فرد جرم عائد

    جنوبی کوریا کے سابق صدر یون سک یول پر 3 دسمبر کو ملک میں مختصر مارشل لاء لگانے پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کے پراسیکیوٹرز کی جانب سے سابق صدر یون سک یول پر فرد جرم عائد کی، اینٹی کرپشن نے گزشتہ ہفتے فردِ جُرم عائد کرنے کی سفارت کی تھی۔

    واضح رہے کہ 3 دسمبر کو جنوبی کوریا کے سابق صدر یون سک یول نے ملک میں مختصر مارشل لاء لگانے کا اعلان کیا تھا، تاہم اپوزیشن جماعتوں اور عوام کے شدید ردعمل کے باعث کچھ گھنٹوں بعد ہی مارشل لاء کا فیصلہ واپس لے لیا گیا تھا۔

    رپورٹس کے مطابق تحقیقاتی اداروں نے سابق صدر یون سک یول کے خلاف بغاوت اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی تحقیقات شروع کر رکھی تھیں اور سابق صدر یون سک یول کو چند روز قبل حراست میں بھی لے لیا تھا۔

    تفتیش کار ایک ہزار کے قریب اہلکاروں کے ساتھ صدارتی محل پہنچے تھے، اس دوران تفتیش کاروں اور صدارتی محافظوں کے درمیان جھگڑا بھی ہواتھا۔

    یمنی حوثیوں نے 153 جنگی قیدی رہا کردیے

    جنوبی کوریا کے معطل صدر کے ہزاروں حامیوں کی جانب سے ڈھال بننے کی کوشش کو ناکام بنادیا گیا تھا جبکہ یون سک یول کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔

  • وائٹ ہاؤس نے آصف مرچنٹ کی ٹرمپ پر حملے میں ملوث ہونے کی تردید کردی

    وائٹ ہاؤس نے آصف مرچنٹ کی ٹرمپ پر حملے میں ملوث ہونے کی تردید کردی

    واشنگٹن : ڈونلڈ ٹرمپ کے قتل کی منصوبہ بندی کے الزام میں پاکستانی شہری پر فرد جرم عائد ہونے کے بعد وائٹ ہاؤس نے آصف مرچنٹ کی ٹرمپ پرحملے میں ملوث ہونے کی تردید کردی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے قتل کی منصوبہ بندی کے الزام میں امریکا کی عدالت میں پاکستانی شہری پر فرد جرم عائد کردی گئی۔

    وائٹ ہاؤس نے آصف مرچنٹ کی ٹرمپ پر حملے میں ملوث ہونے کی تردید کردی ہے، ترجمان وائٹ ہاؤس نے کہا کہ آصف مرچنٹ کا ٹرمپ پر قاتلانہ حملے سے کوئی تعلق نہیں۔

    امریکی اخبار کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملے اور منصوبہ بندی کو پاکستان سے جوڑنے کی کوشش کی گئی۔

    امریکی اخبار نے ہیڈ لائن میں پاکستان پر الزام لگا دیا جبکہ خبر کے اندر تفصیل میں اس کی تردید کردی، امریکی اخبار نے ہیڈ لائن میں آصف مرچنٹ کا تعلق پاکستان سے جوڑ دیا۔

    امریکی اخبار نے تفصیلی خبر میں تردید کرتے ہوئے کہا کہ’’ثبوت نہیں ملے‘‘امریکی محکمہ انصاف نے بھی کہا ہے کہ ٹرمپ پر حملے کی منصوبہ بندی کا آصف مرچنٹ سے تعلق نہیں۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ انصاف نے 46سالہ آصف مرچنٹ پر فرد جرم عائد کی، آصف مرچنٹ کے ایرانی حکومت کے ساتھ بھی مبینہ رابطے تھے۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ٹرمپ پرحال ہی میں ہونے والے حملے سے آصف مرچنٹ کا تعلق نہیں، آصف مرچنٹ پر اگست یا ستمبر میں ٹرمپ اور دیگرعہدیداروں کے قتل کے منصوبے کا الزام ہے۔

    میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ آصف مرچنٹ کو12 جولائی کو امریکا چھوڑنے کی تیاری کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا، آصف مرچنٹ نے سیاستدانوں کو قتل کرنے کیلئے اجرتی قاتل سے رابطہ کیا۔

    اجرتی قاتل خفیہ طور پر امریکی انٹیلی جنس اداروں کیلئے کام کررہا تھا، آصف مرچنٹ نےایک شخص کے گھر سے یو ایس بی چوری کرنے کی بات کی۔

    آصف مرچنٹ نے امریکا مخالف مظاہروں کیلئے بھی بات کی، آصف مرچنٹ نے بڑے سیاستدانوں کو قتل کرنے کی بھی بات کی۔

    میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی محکمہ انصاف کے مطابق منصوبہ بندی میں ایران بھی ملوث ہوسکتا ہے، اس بات کی تحقیقات کی جارہی ہیں کہ آصف مرچنٹ کو منصوبہ بندی کی ہدایت کس نے کی تھی؟

  • کبھی ہار نہیں مانوں گا، ڈونلڈ ٹرمپ ڈٹ گئے

    کبھی ہار نہیں مانوں گا، ڈونلڈ ٹرمپ ڈٹ گئے

    جارجیا : سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خلاف فرد جرم کو مضحکہ خیز اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں کبھی ہار نہیں مانوں گا۔

    جارجیا میں کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فرد جرم عائد کرنا ایف بی آئی اور محکمہ انصاف کی انتخاب میں مداخلت کے مترادف ہے۔

    اپنے خطاب میں انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کبھی ہار نہیں مانوں گا، اپنے مشن سے باز نہیں آؤں گا، حساس دستاویزات کو جاسوسی ایکٹ کے بجائے صدارتی ریکارڈ ایکٹ کے تحت آنا چاہیے تھا۔

    ڈونلڈ ٹرمپ پر الزام ہے کہ انہوں نے امریکا کے جوہری راز سے متعلق حساس فائلیں اپنے باتھ روم اور شاور روم میں چھپائی تھیں۔

    ایسا پہلی بار ہے کہ جب کسی موجودہ یا سابق کمانڈر انچیف کو وفاقی فرد جرم کا سامنا کرنا پڑ رہا ہو ، دوسری جانب مجرمانہ تحقیقات کے طوفان نے وائٹ ہاؤس میں دوسری مدت کے لیے ٹرمپ کی کوششوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

    واضح رہے کہ امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر گزشتہ روز دوسری بار فرد جرم عائد کی گئی تھی۔ نئی فرد جرم خفیہ دستاویزات سے متعلق لاپروائی پر عائد کی گئی، وہ منگل کو میامی کی وفاقی عدالت میں پیش ہوں گے۔

    دوسری جانب سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خود کو بے قصور اور مقدمے کو جھوٹا قرار دیدیا، انہوں نے کہا کہ مجھے فرد جرم سے آگاہ کیا گیا، مقدمہ افواہوں پر مبنی ہے۔

  • میرے پاس حرام کی کمائی ہوتی تو واپس کیوں آتا؟ شہباز شریف

    میرے پاس حرام کی کمائی ہوتی تو واپس کیوں آتا؟ شہباز شریف

    لاہورکی خصوصی عدالت میں جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت ہوئی دوران سماعت اپنے بیان میں شہباز شریف نے فدر جرم عائد ہونے سے قبل اپنا بیان ریکارڈ کروایا۔

    شہباز شریف نے عدالتی بیان میں کہا کہ میں آپ کی اجازت سے کچھ گزارشات کرنا چاہتا ہوں، مجھے دوسری بار جب گرفتار کیا گیاتو7ماہ قید رہا، ایف آئی اے کو لکھ کر تمام سوالات کے جوابات دیے۔

    شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے پلندہ آپ کے سامنے پیش کیا گیا، یہ تمام پلندہ ایف آئی اے نے این سی اے کو فراہم کیا، نیب اور ایف آئی اے ،اے آر یو نے تمام دستاویزات فراہم کیں۔

    انہوں نے کہا کہ ڈی جی نیب خود جا کر وہاں این سی اے سے ملے، میرے پاس حرام کی کمائی ہوتی تو واپس کیوں آتا؟ مجھے پتہ تھا پرویز مشرف مجھےجیل بھجوا دے گا۔

    ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ واپس جاکر میں نے کاروبار شروع کیا اور وہاں رہتے ہوئے یہ تمام اثاثے بنائے، شہزاد اکبر نےآرٹیکل چھپوایا کہ کئی ملین پاؤنڈز کی کرپشن کی، پونے2سال بعد این سی اے نے انکوائری ختم کردی۔

    شہباز شریف نے مزید کہا کہ نیب نے یہی کیس بنایا ہوا ہے جس میں تاریخیں بھگت رہا ہوں، یہ حکومت پونے 4سال میں میرے خلاف ایک دھیلے کی کرپشن سامنے نہیں لا سکی۔

    شہبازشریف کا کہنا تھا کہ مجھے صاف پانی میں بلا کر آشیانہ میں گرفتار کیا گیا ، اب تمام لوگ صاف پانی کمپنی کیس میں بری ہوچکے ہیں، بشیر میمن ایف آئی اے کا سربراہ تھا، یاد نہیں کبھی ان سے ملا ہوں۔

    انہوں نے عدالت کو بتایا کہ بشیرمیمن نے کہا کہ وزیراعظم نے انہیں کہا ہے کہ شہباز کے خلاف کیس بناؤ، شہباز گل نے الزام لگایا کہ ترکی کی کمپنی سے پیسہ کھایا۔

    اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ سلمان شہباز پر کمپنی سے ایک دھیلہ ثابت ہوجائے تو آپ سے اور قوم سے معافی مانگوں گا اورمعافی مانگ کر واپس چلا جاؤں گا۔

    شہباز شریف کے بیان کے دوران ایف آئی اے وکیل کی بولنے کی کوشش پر شہباز شریف غصے میں آگئے، شہباز شریف کے وکلاء کنے بھی ہنگامہ آرائی کی۔

    شہباز شریف نے کہا کہ میں عدالت سے بات کررہا ہوں آپ درمیان میں مت بولیں، پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ کیا عدالتوں میں ایسا رویہ اختیار کرتے ہیں؟

    بعد ازاں عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 28 فروری تک توسیع کردی، عدالت نے آئندہ سماعت پرملزمان کو فردجرم عائد کرنے کیلئے طلب کرلیا۔

  • کارسرکار میں مداخلت : اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ پر فردِ جرم عائد

    کارسرکار میں مداخلت : اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ پر فردِ جرم عائد

    گھوٹکی: میرپور ماتھیلو کورٹ نے 2019میں کارسرکارمیں مداخلت کےمقدمے میں اپوزیشن لیڈرحلیم عادل شیخ پر فرد جرم عائد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈرحلیم عادل شیخ کو کارسرکارمیں مداخلت کےمقدمے میں میرپور ماتھیلو کورٹ میں پیش کیا گیا۔

    عدالت نے 2019میں کارسرکارمیں مداخلت کےمقدمے میں حلیم عادل شیخ پر فردجرم عائد کردی تاہم اپوزیشن لیڈرسندھ اسمبلی نے صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے کہا میرےخلاف مقدمہ سیاسی بنیادوں پر بنایا گیاہے۔

    عدالت نے مدعی پولیس افسر کی عدم پیشی پرسماعت26 مئی تک ملتوی کردی۔

    یاد رہے ضمنی انتخابات کےموقع پر حلیم عادل شیخ کے خلاف مقدمہ درج کیاگیاتھا ، 2سال سے زائد عرصے تک خفیہ رکھے گئے مقدمے کو حالیہ گرفتاری کےبعدظاہرکیا گیا اور کراچی میں حلیم عادل کی گرفتاری کے دوران گھوٹکی مقدمے بھی گرفتاری ظاہر کی گئی۔

    خیال رہے رواں ماہ کے آغاز میں کراچی کی مقامی عدالت نے کار سرکار میں مداخلت اور ہنگامہ آرائی کیس میں اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کی تھی اور کمرہ عدالت میں موجود حلیم عادل شیخ اور سمیر شیخ سمیت دیگر ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا تھا۔

  • سشانت راجپوت کیس : ریا چکرورتی سمیت کئی ملزمان کے گرد گھیرا تنگ

    سشانت راجپوت کیس : ریا چکرورتی سمیت کئی ملزمان کے گرد گھیرا تنگ

    ممبئی : سشانت سنگھ راجپوت منشیات کیس میں ایک اور پیش رفت سامنے آئی ہے، اداکارہ ریا چکرورتی سمیت 33 ملزمان کے خلاف تقریباً 12 ہزار صفحات پر مشتمل فرد جرم داخل کر دی گئی ہے۔

    مرکزی انسداد منشیات ایجنسی (این سی بی) کی جانب سے آج جمعہ کے روز ممبئی کی سیشن عدالت کی خصوصی این ڈی پی ایس کورٹ میں چارج شیٹ داخل کی گئی۔

    جن ملزمان کے خلاف چارج شیٹ داخل کی گئی ہے ان میں سے 8 افراد تاحال عدالت کی تحویل میں ہیں جبکہ دیگر کی درخواست ضمانت منظور ہو چکی ہے۔ ایجنسی نے عدالت کو تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ کئی دیگر افراد کے خلاف تفتیش کا عمل جاری ہے۔

    این سی بی نے عدالت کو بتایا کہ دورانِ تفتیش ملزمان سے کئی طرح کی منشیات اور سائیکوٹراپیک سبسٹنس، الیکٹرانک آلات اور بھارت سمیت کئی ممالک کی کرنسی بھی ضبط کی گئی تھی۔

    اس کے علاوہ موبائل فون اور دوسرے آلات کے ذریعے منشیات کی خرید و فروخت، منشیات رکھنے یا استعمال کرنے کے حوالہ سے معلومات جمع کی گئیں۔ ضبط کی گئی منشیات کو معائنے کیلئے لیبارٹری بھیجا گیا ہے۔

    ایجنسی نے بتایا کہ اس نے اپنی تفتیش ملزمان کے قبضے سے ضبط کیے گئے مواد، رضاکارانہ طور پر دیئے گیے بیان اور تکنیکی ثبوتوں مثلاً کال تفصیلات، واٹس ایپ چیٹ، بینک اکاؤنٹ تفصیلات اور مالی لین دین سمیت دوسرے زبانی اور دستاویزی ثبوتوں کی بنیاد پر کی ہے۔

    خیال رہے کہ بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت گزشتہ 14 جون کو اپنی ممبئی میں واقع رہائش پر مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔ پہلے اس معاملہ کو خودکشی سے وابستہ کیا گیا اور بعد میں اس میں منشیات کا زاویہ بھی منسلک ہو گیا تھا۔

    اس کے بعد سوشانت کی پارٹنر رہی اداکارہ ریا چکرورتی پر اقتصادی جرم، ڈرگ سپلائی اور خودکشی کے لیے اکسانے کے الزامات عائد کیے گیے۔ وہ کچھ وقت جیل میں گزار چکی ہیں اور فی الحال ضمانت پر باہر ہیں۔ معاملہ میں ان کا بھائی شووک چکرورتی بھی جیل جانے کے بعد ضمانت پر رہا ہوچکا ہے۔

  • آئندہ سماعت پر حمزہ شہباز کو ہر صورت پیش کیا جائے، عدالت کا حکم

    آئندہ سماعت پر حمزہ شہباز کو ہر صورت پیش کیا جائے، عدالت کا حکم

    لاہور: رمضان شوگر مل کیس میں احتساب عدالت نے ملزمان شہبازشریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے11جون کو طلب کیا ہے، متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق رمضان شوگر ملز کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی طلبی کا تحریری فیصلہ جاری کردیا گیا، احتساب عدالت نے 3صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا ہے۔

    عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ملزمان کی عدم پیشی کے باعث فرد جرم کی کارروائی بہت عرصے سے التوا کا شکار ہے، ملزم حمزہ شہباز کو آج بھی حفاظتی اقدامات کے باعث پیش نہیں کیا گیا۔

    عدالت ٓنے حکم جاری کیا کہ سپرنٹنڈنٹ جیل اور ایس پی ہیڈ کوارٹرز آئندہ سماعت پر حمزہ شہباز کو عدالت کے روبرو ہرصورت میں پیش کریں، عدالتی احکامات پر عمل نہ کیا گیا تو متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    احتساب عدالت کے فیصلے میں متنبہ کیا گیا ہے کہ ملزم شہباز شریف بھی آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہوں، شہباز شریف فرد جرم کی کارروائی کے لیے 11 جون کو ہرصورت پیش ہوں۔

    خیال رہے کہ عدالت کی جانب سے رمضان شوگر ملز کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر پہلے بھی فرد جرم عائد کی جا چکی ہے تاہم دونوں کی جانب سے صحت جرم کے انکار پر عدالت نے گواہان کو طلب کیا تھا۔

    نیب ریفرنس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ رمضان شوگر ملز کے لیے 10 کلو میٹر طویل غیر قانونی نالہ تیار کیا گیا، شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھایا، جس کی وجہ سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے مالیت کا نقصان پہنچایا گیا۔

  • سعودی عرب: کرونا وائرس فنڈ میں خرد برد، 8 افراد گرفتار

    سعودی عرب: کرونا وائرس فنڈ میں خرد برد، 8 افراد گرفتار

    ریاض: سعودی عرب کے ادارہ انسداد کرپشن نے وزارت صحت کے 2 عہدے داروں سمیت 8 افراد کو کرپشن کے الزام میں گرفتار کرلیا، مذکورہ افراد نے قرنطینہ کے طور پر ہوٹل میں رہائش کے لیے کرائے کی رقم میں خرد برد کی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ادارہ انسداد کرپشن نے وزارت صحت کے 2 عہدے داروں سمیت 8 افراد کو کرپشن کے الزام میں گرفتار کیا ہے، ادارے کا کہنا ہے کہ وزارت صحت کے 2 اہلکاروں نے کرونا وائرس کے انسداد کے لیے حکومتی فنڈ سے ذاتی فائدہ اٹھایا ہے۔

    ادارے نے کہا ہے کہ مذکورہ افراد نے بیرون ملک سے آنے والے شہریوں کو قرنطینہ کے طور پر ہوٹل میں ٹھہرانے کے لیے کرائے کی رقم میں خرد برد کی، مذکورہ افراد نے ایک ہوٹل کی انتظامیہ کے ساتھ گٹھ جوڑ کیا اور اس سے معاہدہ کرنے کے لیے کمیشن کا مطالبہ کیا۔

    گرفتار شدگان میں 3 افراد ہوٹل کی انتظامیہ سے تعلق رکھتے ہیں جنہوں نے وزارت صحت کے اہلکاروں کے ساتھ تعاون کیا ہے، چوتھا شخص وزارت سیاحت سے تعلق رکھتا ہے جس کے تعاون سے وزارت صحت کو ہوٹل کے ساتھ معاہدہ کرنا تھا۔

    ادارے کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران ملزموں نے اپنے جرم کا اقرار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے حکومت پر اضافی بوجھ ڈالا۔

    دوسری طرف ادارہ انسداد کرپشن نے ایک عسکری شعبے سے تعلق رکھنے والے اہلکار کو بھی گرفتار کیا ہے جس نے اپنے منصب سے فائدہ اٹھا کر وزارت صحت میں کام کرنے والے اپنے ایک رشتہ دار کے تعاون سے جعلی کرفیو پاس جاری کیے۔

    ادارہ انسداد کرپشن کا کہنا تھا کہ اس کیس میں ایک غیر ملکی بھی گرفتار ہوا ہے جس کے توسط سے جعلی کرفیو پاس 93 ہزار ریال میں فروخت کیے گئے، مذکورہ کیس ابھی تفتیش کے مراحل میں ہے جس کے متعلق مزید تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔

  • غیرقانونی ٹھیکوں کا ریفرنس، یوسف رضا گیلانی پر 2 جولائی کو فرد جرم عائد کی جائے گی

    غیرقانونی ٹھیکوں کا ریفرنس، یوسف رضا گیلانی پر 2 جولائی کو فرد جرم عائد کی جائے گی

    اسلام آباد : اشتہارات کے غیرقانونی ٹھیکوں کے ریفرنس میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی پر 2 جولائی کو فرد جرم عائد کی جائے گی جبکہ ملزمان کو طلب کرتے ہوئے ریفرنس کی نقول فراہم کردی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق احتسب عدالت میں اشتہارات کے غیرقانونی ٹھیکوں کے ریفرنس پر سماعت ہوئی ، سماعت میں عدالت نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام ملزمان کو 2جولائی کو طلب کر لیا۔

    احتساب عدالت نے 2جولائی فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کردی جبکہ ملزمان کو ریفرنس کی نقول فراہم کردی گئیں ہیں، ملزمان میں یوسف رضا گیلانی سمیت 7ملزمان نامزد ہیں۔

    یاد رہے قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف اپنے دور اقتدار میں اختیارات کے غلط استعمال کا ریفرنس درج کیا تھا۔

    مزید پڑھیں : احتساب عدالت کا یوسف رضا گیلانی کو 10لاکھ کے مچلکے جمع کرانےکا حکم

    نیب حکام کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی نے یو ایس ایف (یونیورسل سروس فنڈ) سے تشہیری مہم چلانے کی ہدایت کی، سابق سیکریٹری آئی ٹی فاروق اعوان نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے تشہری مہم چلائی، ملزمان کے اقدام سے قومی خزانے کو 12 کروڑ روپے کا نقصان اُٹھانا پڑا۔

    قومی احتساب بیورو کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سابق انفارمیشن سیکریٹری فاروق اعوان، سابق پبلک انفارمیشن آفیسر سلیم، حسن شیخو، حنیف اور ریاض پر بھی سابق وزیرِ اعظم کا ساتھ دینے کا الزام ہے۔